Baaghi TV

Category: منڈی بہاؤالدین

  • منڈی بہاؤالدین: 2 مبینہ پولیس مقابلے، 1 ہلاک، 1 زخمی گرفتار

    منڈی بہاؤالدین: 2 مبینہ پولیس مقابلے، 1 ہلاک، 1 زخمی گرفتار

    منڈی بہاؤالدین (باغی ٹی وی، نامہ نگار افنان طالب) تھانہ میانہ گوندل اور پاہڑیانوالی میں دو الگ الگ مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران درجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب ایک خطرناک ملزم ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

    پاہڑیانوالی ناکہ پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس کے جواب میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں اورنگزیب عرف رنگو ہلاک ہو گیا۔ رنگو 28 سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

    دوسری کارروائی پنڈی راواں میں ہوئی جہاں ملزمان نے مبینہ طور پر پولیس پر سیدھی فائرنگ کی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں خضر حیات کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ خضر حیات 19 سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ نکلا۔

    پولیس کے مطابق واقعات میں فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

  • منڈی بہاؤالدین؛ڈی ایچ کیو ہسپتال کی بہتری کا واحد حل میڈیکل کالج کا قیام ہے، ملک صلاح الدین ایڈووکیٹ

    منڈی بہاؤالدین؛ڈی ایچ کیو ہسپتال کی بہتری کا واحد حل میڈیکل کالج کا قیام ہے، ملک صلاح الدین ایڈووکیٹ

    منڈی بہاءالدین (باغی ٹی وی نامہ نگار افنان طالب)سابق چیئرمین بلدیہ منڈی بہاءالدین ملک صلاح الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منڈی بہاءالدین کی کارکردگی بہتر بنانے کا واحد مؤثر راستہ یہاں میڈیکل کالج کے قیام اور موجودہ ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دینے میں ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے ضلع کے عوام کو معیاری علاج کی سہولت ان کے اپنے شہر میں ہی مہیا ہو سکے گی، جس کی دیرینہ ضرورت ہے۔

    ملک صلاح الدین ایڈووکیٹ نے بتایا کہ گزشتہ کئی ماہ سے سوشل میڈیا پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کے حوالے سے شکایات میں اضافہ ہوا ہے، عوام ڈاکٹرز کے رویے، سہولیات کی عدم دستیابی اور عملے کی کمی پر بجا اعتراض اٹھا رہے ہیں۔ تاہم ان کے مطابق صرف تنقید کے ذریعے حالات نہیں بدلیں گے؛ اصل مسائل کو سمجھ کر ان کا حل تلاش کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کا سب سے بڑا مسئلہ افرادی قوت کی شدید کمی اور ناکافی بجٹ ہے، جو براہِ راست علاج کے معیار پر اثر انداز ہو رہا ہے۔

    انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 1993 میں جب منڈی بہاءالدین کو ضلع کا درجہ دیا گیا، تو اس وقت کے پرانے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کو عارضی طور پر ڈی ایچ کیو کا درجہ دے دیا گیا، تاہم مستقل تبدیلی کے لیے آج تک کوئی بنیادی اصلاحات نہیں کی گئیں۔ نئی عمارت تو قائم کر دی گئی، مگر ہسپتال کی اسامیاں اور عملہ بدستور اسی تحصیل سطح کے مطابق ہے، جبکہ اب یہ ادارہ ساڑھے تین سو بیڈز کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا بوجھ اُسی پرانے عملے سے اٹھا رہا ہے۔

    ملک صلاح الدین ایڈووکیٹ نے یہ بھی بتایا کہ سٹی ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال کو بھی ڈی ایچ کیو انتظامیہ کے ماتحت کر دیا گیا ہے، حالانکہ ان کے لیے کوئی علیحدہ بجٹ مختص نہیں، جس سے انتظامی مسائل مزید سنگین ہو رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ اگر واقعی عوام کو ریلیف دینا مقصود ہے تو یونیورسٹی آف رسول میں میڈیکل کالج کے قیام کا فیصلہ فوری طور پر کیا جائے۔ حکومت کا حالیہ اعلان کہ سرکاری یونیورسٹیوں کی موجودہ عمارتوں میں نئے میڈیکل کالج قائم کیے جا سکتے ہیں، منڈی بہاءالدین کے لیے ایک سنہری موقع فراہم کرتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل کالج کے قیام سے نہ صرف ماہر ڈاکٹرز، پوسٹ گریجویٹ ٹرینی اور ہاؤس آفیسرز دستیاب ہوں گے بلکہ سینئر کنسلٹنٹس اور پروفیسرز کی نگرانی میں علاج کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اس سے مریضوں کو لاہور، اسلام آباد یا گجرات جیسے شہروں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا اور علاج ان کے اپنے ضلع میں میسر ہو سکے گا۔

    ملک صلاح الدین ایڈووکیٹ نے چیف سیکریٹری پنجاب، صوبائی وزیر محترمہ حمیدہ وحیدالدین اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سے اپیل کی ہے کہ وہ منڈی بہاءالدین کے عوام کے اس دیرینہ مطالبے کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری پنجاب پہلے بھی ضلع کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے اہم اقدامات کر چکے ہیں، اور اگر سیاسی قیادت متحد ہو جائے تو منڈی بہاءالدین میں میڈیکل کالج کا قیام بالکل بھی مشکل نہیں۔

    آخر میں انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ڈاکٹرز اور عملے سے اپیل کی کہ وہ اپنے رویے میں بہتری لائیں، کیونکہ ڈاکٹر کا نرم لہجہ اور مناسب رویہ مریض کا آدھا علاج ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں وہ عوام آتے ہیں جو مہنگے نجی علاج کے متحمل نہیں ہوتے، لہٰذا ان کے ساتھ ہمدردی، اخلاق اور ذمہ داری کے ساتھ پیش آنا فرض ہے۔ ملک صلاح الدین ایڈووکیٹ نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ڈی ایچ کیو میں خالی اسامیوں پر فوری بھرتیاں کی جائیں، بجٹ میں اضافہ کیا جائے اور فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ یہ ادارہ حقیقی معنوں میں ضلع کے عوام کے لیے مثالی صحت گاہ ثابت ہو سکے۔

  • منڈی بہاؤالدین: عطائی ڈاکٹروں کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن، متعدد کلینکس سیل، مقدمات درج

    منڈی بہاؤالدین: عطائی ڈاکٹروں کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن، متعدد کلینکس سیل، مقدمات درج

    منڈی بہاؤالدین (باغی ٹی وی، نامہ نگار افنان طالب)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی خصوصی ہدایت پر عطائی ڈاکٹروں کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ شہریوں کی صحت اور قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے یہ مہم ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی مشترکہ کارروائیوں کے تحت انجام دی جا رہی ہے۔

    کریک ڈاؤن کی قیادت سی ای او ہیلتھ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار اور ڈپٹی ڈرگز کنٹرولر افضل ندیم پر مشتمل ٹیم کر رہی ہے۔
    کارروائی کے دوران شہر اور نواحی علاقوں میں غیر قانونی طور پر چلنے والے متعدد کلینکس کو سیل کر دیا گیا اور عطائیت میں ملوث افراد پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

    ڈرگز کنٹرولر افضل ندیم نے کہا کہ جعلی ادویات فروخت کرنے والے اور عطائی ڈاکٹروں نے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رکھی ہیں، ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
    انہوں نے واضح کیا کہ کریک ڈاؤن بلا امتیاز جاری رہے گا تاکہ عوام کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

    ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ عطائیت کا مکمل خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • منڈی بہاؤالدین: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، بیمار و مردار جانوروں کا 500 کلوگرام گوشت برآمد

    منڈی بہاؤالدین: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، بیمار و مردار جانوروں کا 500 کلوگرام گوشت برآمد

    منڈی بہاؤالدین (باغی ٹی وی، نامہ نگار افنان طالب عرف چاندی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز عدیل احمد کی زیر نگرانی فوڈ سیفٹی ٹیم نے تحصیل ملکوال کے نواحی علاقے موج دین کالونی میں بیمار اور مردار جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والے گروہ کے خلاف مؤثر کارروائی کی۔

    کارروائی کے دوران 500 کلوگرام خراب اور ناقص گوشت برآمد کیا گیا، جسے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک کی جانچ پڑتال کے بعد موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ پولیس نے مجرمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی جبکہ موقع سے دو گاڑیاں، ایک موٹر سائیکل، فریزر اور ذبح کے تمام آلات ضبط کر لیے گئے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز عدیل احمد نے کہا کہ غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک کی فروخت سنگین جرم ہے، جس کی روک تھام کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی بھرپور ایکشن میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت مند اور معیاری گوشت کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں، تاکہ عوام کو محفوظ خوراک میسر آ سکے۔

  • منڈی بہاؤالدین: محمد سعید شاکر کا برطانوی کونسل اسمبلی و سرکاری دفاتر کا دورہ

    منڈی بہاؤالدین: محمد سعید شاکر کا برطانوی کونسل اسمبلی و سرکاری دفاتر کا دورہ

    منڈی بہاؤالدین(باغی ٹی وی نامہ نگار: افنان طالب عرف چاندی) مقامی صحافی و بزنس مین محمد سعید شاکر کا برطانوی کونسل اسمبلی اور سرکاری دفاتر کا دورہ

    تفصیلات کے مطابق منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے مقامی اخبار کے چیف ایڈیٹر اور چیف ایگزیکٹو ورلڈ ویزا کنسلٹنٹ محمد سعید شاکر نے برطانیہ میں برٹش کونسلر قیصر عباس گوندل کی خصوصی دعوت پر تھرک کونسل اسمبلی اور مختلف سرکاری دفاتر کا دورہ کیا۔

    دورے کے موقع پر برٹش پاکستانی مئیرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین، سرپرستِ اعلیٰ ہوپ برطانیہ اور تھرک کونسل کے 49ویں ڈپٹی مئیر، کونسلر قیصر عباس گوندل نے ٹاؤن ہال آمد پر محمد سعید شاکر کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے انہیں کونسل اسمبلی، اجلاس ہال، میئر آفس اور مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کروایا اور برطانوی بلدیاتی نظام، عوامی خدمات اور کمیونٹی ورک کے عملی طریقہ کار سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر محمد سعید شاکر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ:

    “قیصر عباس گوندل منڈی بہاؤالدین اور پاکستان کا حقیقی فخر ہیں۔ وہ جس خلوص، دیانت اور جذبے سے مقامی و پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کر رہے ہیں، وہ قابلِ تعریف ہے۔ ایسے باصلاحیت پاکستانی ہی وطنِ عزیز کا نام دنیا بھر میں روشن کر رہے ہیں۔“

    برٹش کونسلر قیصر عباس گوندل نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:

    “محمد سعید شاکر کی صحافتی اور کاروباری خدمات ہمیشہ نمایاں رہی ہیں۔ وہ نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور پاکستانی کمیونٹی کے وقار اور ترقی کے لیے ہمیشہ سرگرم رہے ہیں۔“

    دورے کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کی کمیونٹی کے درمیان تعمیری تعلقات اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

  • منڈی بہاؤالدین:شمالی وزیرستان دھماکے میں شہید زاہد عمران گوندل کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین

    منڈی بہاؤالدین:شمالی وزیرستان دھماکے میں شہید زاہد عمران گوندل کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین

    منڈی بہاؤالدین (باغی ٹی وی، نامہ نگار افنان طالب عرف چاندی) شمالی وزیرستان دھماکے میں شہید ہونے والے 13 پاک فوج کے جوانوں میں شامل زاہد عمران گوندل کو ان کے آبائی گاؤں رتووال میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ پاک فوج کے دستوں نے شہید کو سلامی دی اور مکمل پروٹوکول کے ساتھ تدفین کی گئی۔

    زاہد عمران گوندل نے 23 سال پاک فوج میں خدمات انجام دیں۔ ان کے پانچ بچے ہیں جن میں دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ نمازِ جنازہ میں ضلع بھر سے بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

    شہید کے والد اور اہل خانہ نے تدفین کے بعد زاہد عمران گوندل کی شہادت کو فخر کا مقام قرار دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی قربانی کو ملک و ملت کے لیے قبول فرمائے۔

  • منڈی بہاؤالدین: فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، ہزاروں لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ تلف

    منڈی بہاؤالدین: فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، ہزاروں لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ تلف

    منڈی بہاؤالدین (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد افنان ) ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی عدیل احمد کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی آفیسر عثمان چیمہ، اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر کرن قرت العین اور ویجیلینس اسسٹنٹ عادل خان نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں لیٹر دودھ کی کین قبضے میں لے کر سیمپل کیے۔

    لیبارٹری رپورٹ میں دودھ ملاوٹ شدہ ثابت ہونے پر تمام دودھ تلف کردیا گیا۔

    ویجیلینس اسسٹنٹ عادل خان نے کہا کہ غیر معیاری دودھ کی خرید و فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    عوام اپنی نشاندہی کے ذریعے فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔

  • منڈی بہاؤالدین: ایڈیٹر کونسل کا اجلاس، صحافت کے تقدس کو مقدم رکھنے کا عزم

    منڈی بہاؤالدین: ایڈیٹر کونسل کا اجلاس، صحافت کے تقدس کو مقدم رکھنے کا عزم

    منڈی بہاؤالدین (باغی ٹی وی، نامہ نگار افنان طالب ) ایڈیٹر کونسل منڈی بہاوالدین کا اہم اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے مقامی اخبارات کے ایڈیٹران اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئے مقامی اخبار کے چیف ایڈیٹر محمد خالد کلیمی کو پرتپاک انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔

    صدر پریس کلب رجسٹرڈ محمد ظہیر خان اور ایڈیٹر حافظ شاہد پرویز نے انہیں پھولوں کی مالا پہنائی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے جس کے تقدس کو مقدم رکھنا ہوگا۔ مقامی اخبارات کو متحد ہو کر ایک متفقہ لائحہ عمل ترتیب دینا چاہیے تاکہ عوامی مسائل اجاگر کیے جا سکیں اور سچائی کے فروغ میں صحافت اپنی اصل روح کے ساتھ پروان چڑھے۔

    اجلاس میں چوہدری خالد پرویز سندھو، صدر ایڈیٹر کونسل، چوہدری آورش ندیم، ڈاکٹر طحہٰ، نوید شاکر، خاور محمود قریشی اور دیگر نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی اور صحافت کے فروغ و باہمی اتحاد پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ صحافی برادری سچائی اور دیانتداری پر کاربند رہتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرے گی۔

  • منڈی بہاولدین: سعودی عرب میں وفات پانے والے اعجاز احمد کا دسویں کا ختم پڑھا گیا

    منڈی بہاولدین: سعودی عرب میں وفات پانے والے اعجاز احمد کا دسویں کا ختم پڑھا گیا

    منڈی بہاولدین (باغی ٹی وی نامہ ،نگار افنان طالب ) ضلع منڈی بہاولدین کے گاؤں سیویا کے رہائشی اعجاز احمد ولد حاجی محمد اسلم، جو گزشتہ دنوں سعودی عرب میں انتقال کر گئے تھے، کے ایصالِ ثواب کے لیے ختم دسواں شریف مرحوم کی رہائش گاہ پر نہایت عقیدت و احترام سے منعقد ہوا۔

    ختم کی محفل کا آغاز حافظ زاہد مظہر عطاری، خطیب امام مسجد عمر فاروق نے تلاوتِ قرآنِ مجید سے کیا۔ بعد ازاں قاری علامہ مولانا عابد ریاض سیالوی اور سید تنویر حیدر شاہ (سیالکوٹ) نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ خصوصی خطاب ممتاز مذہبی سکالر، بانی جامعۃ الحسنین رتالہ شریف اور خطیب اعظم سیالکوٹ حضرت علامہ مولانا زاہد ندیم سلطانی نے کیا۔

    محفل میں مرحوم کے عزیز و اقارب اور دوست احباب کی بڑی تعداد شریک ہوئی جن میں ماموں یاسر اقبال رحمانی، بھائی حاجی ریاض احمد، بھتیجا عمر فاروق رحمانی، مرحوم کے بیٹے عبدالہادی، محمد موسیٰ رحمانی، زوہیب طالب، اصغر علی رحمانی، چوہدری قیصر محمود کھرل، چوہدری قیصر ڈورا، چوہدری عمران بھٹی ڈورا، چوہدری فیض رسول بھٹی، چوہدری سیرت علی بلہا، چوہدری شمشیر حیدر بھٹی، چوہدری عامر فاروق بھٹی، چوہدری اصغر ڈورا، چوہدری قیصر بلھا اور چوہدری فیصل کریم بھٹی شامل تھے۔

    شرکاء نے مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی اور مغفرت کی دعا کی۔ بیرونِ ملک مقیم دوستوں جنید طالب رحمانی، علی عباس خالد (کویت)، دانش رضا بھٹی اور بھتیجا کاشی فیاض نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

  • منڈی بہاؤالدین: اینٹوں کے بھٹے پر افسوسناک حادثہ، 13 سالہ مزدور بچہ جاں بحق

    منڈی بہاؤالدین: اینٹوں کے بھٹے پر افسوسناک حادثہ، 13 سالہ مزدور بچہ جاں بحق

    منڈی بہاؤالدین (نامہ نگارافنان طالب)منڈی بہاؤالدین کی تحصیل پھالیہ میں واقع گاؤں پاہڑیانوالی میں اینٹوں کے ایک بھٹے پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں 13 سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا۔ یہ واقعہ چائلڈ لیبر کے خطرات کو ایک بار پھر سامنے لے آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 13 سالہ محمد ریحان اینٹوں کی تیاری کے لیے مٹی کو مشین میں ڈال رہا تھا کہ اچانک مشین رک گئی۔ ڈرائیور کی ہدایت پر ریحان مشین کے اندر رکاوٹ دیکھنے کے لیے گیا، مگر اسی دوران ڈرائیور نے بغیر اطلاع کے مشین دوبارہ چلا دی۔ مشین میں آنے سے ریحان شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس تھانہ پاہڑیانوالی نے ضروری کارروائی کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا۔

    مقتول کے والد مقصود احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اندوہناک حادثے نے پورے علاقے میں سوگ کی فضا قائم کر دی ہے۔

    اس واقعے پر مقامی شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بھٹوں اور فیکٹریوں میں حفاظتی اقدامات انتہائی غیر تسلی بخش ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے چائلڈ لیبر کی روک تھام کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جاتے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ اس نوعیت کے حادثات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے تاکہ آئندہ ایسے کسی سانحے سے بچا جا سکے۔