Baaghi TV

Category: ٹوبہ ٹیک سنگھ

  • گوجرہ: ستارہ سٹی میں ڈکیتی، مزاحمت پر خاتون سمیت دو افراد شدید زخمی

    گوجرہ: ستارہ سٹی میں ڈکیتی، مزاحمت پر خاتون سمیت دو افراد شدید زخمی

    گوجرہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارعبدالرحمان جٹ) ستارہ سٹی میں ڈکیتی، مزاحمت پر خاتون سمیت دو افراد شدید زخمی

    تفصیل کے مطابق ستارہ سٹی گوجرہ میں رات گئے ایک گھر میں ڈکیتی کی واردات پیش آئی جس میں ڈاکوؤں نے گھر والوں کو یرغمال بنا کر نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    ڈکیتی کے دوران گھر کے افراد نے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، جس سے خاتون سمیت دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 50 سالہ حاجی عبدالغفار، 66 سالہ محمد صدیق اور 60 سالہ پروین زوجہ عبدالغفار شامل ہیں۔ اس دوران ایک شخص کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

    زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ابتدائی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

  • گوجرہ: محلہ نوشاہی بیس لائن میں نوجوان کی غربت کے باعث  اقدامِ خودکشی

    گوجرہ: محلہ نوشاہی بیس لائن میں نوجوان کی غربت کے باعث اقدامِ خودکشی

    گوجرہ( باغی ٹی وی کے نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) محلہ نوشاہی بیس لائن میں نوجوان کا غربت کے باعث اقدامِ خودکشی

    تفصیل کے مطابق گوجرہ کے محلہ نوشاہی بیس لائن نیو پلاٹ کے رہائشی نوجوان عابد نصیر ولد رفیق قوم رحمانی نے مبینہ طور پر غربت اور گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر چوہے مار گولی کھا کر خودکشی کی کوشش کی۔

    اہل محلہ نے عابد کو فوری طور پر سول اسپتال گوجرہ منتقل کیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ مقامی پولیس معاملے کی تفتیش میں مصروف ہے۔

  • گوجرہ: تھانہ نواں لاہور کی حدود میں ڈکیتی،، خواتین سمیت کئی افراد سے موبائل چھین لیے گئے

    گوجرہ: تھانہ نواں لاہور کی حدود میں ڈکیتی،، خواتین سمیت کئی افراد سے موبائل چھین لیے گئے

    گوجرہ(باغی ٹی وی،نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) تھانہ نواں لاہور کے نواح میں ڈکیتی کی واردات، خواتین سمیت کئی افراد سے موبائل چھین لیے گئے

    تفصیل کے مطابق تھانہ نواں لاہور کے نواحی گاؤں چک نمبر 336 ج ب کے قریب دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔ واقعے کے مطابق محکمہ صحت RHC نواں لاہور کی ملازم سحرش زوجہ عمران، لبنی اکرم زوجہ اکرم، نسیمہ زوجہ اسلام اور سعدیہ زوجہ عرفان جو چراغ آباد سے پیدل چک 336 کی طرف جا رہی تھیں راستے میں تین مسلح افراد نے موٹر سائیکل 125 نمبر 1669 پر سوار ہو کر ان کا راستہ روک لیا۔

    مسلح ملزمان نے اسلحہ کے زور پر چاروں خواتین سے موبائل فونز اور تقریباً 1 لاکھ روپے مالیت کا سامان چھین لیا۔ واردات کے دوران وہاں سے گزرنے والے راہگیر محمد اکرم ولد محمد یوسف، جو اپنی اہلیہ عدیلہ دختر اکرم کے ساتھ جا رہے تھے کو بھی ملزمان نے لوٹ لیا اور ان سے موبائل فون چھین لیا۔

    ڈاکوؤں نے اس کے بعد ناصر دراز ولد عمر درازسکنہ 337 ج ب اور زاہد ولد غلام نبی سکنہ 436 ج ب سے بھی ان کے موبائل فون چھین لیے اور موقع سے فرار ہو گئے۔

    مقامی پولیس نے واردات کے بعد فوری طور پر کارروائی شروع کر دی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ اہل علاقہ میں خوف و ہراس پھیل چکا ہے اور شہریوں نے پولیس سے ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

  • گوجرہ: سی ای او ایجوکیشن ٹوبہ میڈم عقیلہ خان کا پرتپاک استقبال

    گوجرہ: سی ای او ایجوکیشن ٹوبہ میڈم عقیلہ خان کا پرتپاک استقبال

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) نئی تعینات ہونے والی سی ای او ایجوکیشن ٹوبہ، میڈم عقیلہ خان یوسفزئی نے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور یونینز کے عہدیداروں کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا، اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

    تقریب میں ضلع بھر کے ہیڈ ماسٹرز، ہیڈ مسٹریس، اور دیگر تعلیمی شخصیات نے شرکت کی۔ سابق سی ای او ایجوکیشن طاہر منصور، ڈی او سیکنڈری محمد طاہر، ڈپٹی ڈی او میاں محمد زاہد، اور ہیڈ مسٹریس ایسوسی ایشن کی صدر مسز طاہرہ جبیں کے علاوہ جنرل سیکرٹری مسز ناصرہ انوار، میڈم صائمہ خالد اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

    ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید اور ان کے ساتھی عہدیداران نے میڈم عقیلہ خان یوسفزئی کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور نئی ذمہ داری سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی۔ تمام شرکاء نے میڈم عقیلہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں تعلیمی میدان میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔

    تقریب کے دوران تعلیمی اداروں کے افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مل کر ضلع میں تعلیم کے معیار کو مزید بلند کرنے کے لیے تعاون کریں گے۔ میڈم عقیلہ خان یوسفزئی کی تعیناتی کو تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے ایک خوش آئند قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

  • گوجرہ: موٹر سائیکل اور گدھا ریڑھی میں تصادم، ایک جاں بحق، دوسرا زخمی

    گوجرہ: موٹر سائیکل اور گدھا ریڑھی میں تصادم، ایک جاں بحق، دوسرا زخمی

    گوجرہ (نامہ نگار باغی ٹی وی عبدالرحمٰن جٹ)گوجرہ میں موچی والا روڈ پر موٹر سائیکل اور گدھا ریڑھی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب چک 418 ج۔ب کا رہائشی 17 سالہ غلام رضا اپنے 13 سالہ بھائی محمد رحمن کے ساتھ موٹر سائیکل نمبر TDL_2036 پر شہر سے واپس گاؤں جا رہا تھا۔ راستے میں اچانک سامنے سے آنے والی گدھا ریڑھی سے ٹکرا گئے۔

    حادثے کے نتیجے میں غلام رضا موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ اس کا بھائی محمد رحمن شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو 1122 نے زخمی اور جاں بحق نوجوان کو سول ہسپتال منتقل کیا۔ محمد رحمن کی حالت تشویشناک ہونے پر ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اہل علاقہ نے اس افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

  • گوجرہ: جعلی انتقالات میں ملوث تحصیلدار اور پٹواری کے خلاف انٹی کرپشن میں مقدمہ درج

    گوجرہ: جعلی انتقالات میں ملوث تحصیلدار اور پٹواری کے خلاف انٹی کرپشن میں مقدمہ درج

    گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) چک 301 ج ب کی اراضی کے جعلی اور فرضی انتقالات کرنے میں ملوث سابق تحصیلدار ثناءاللہ ہنجراء اور موجودہ پٹواری خلیق الزمان انٹی کرپشن کے شکنجے میں آ گئے۔ انٹی کرپشن فیصل آباد نے کرپشن اور جعلسازی کے الزامات پر دونوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    مدینہ کالونی والٹن روڈ لاہور کینٹ کے رہائشی طیب صدیق نے انٹی کرپشن لاہور کو درخواست دی کہ اس کا ملکیتی رقبہ چک 301 ج ب میں ارشاد احمد اور بشیر احمد نامی دو بھائیوں کے پاس ٹھیکے پر تھا۔ تاہم ان بھائیوں نے مبینہ طور پر سابق تحصیلدار ثناءاللہ ہنجراء (موجودہ اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ، ضلع لیہ) اور حلقہ پٹواری خلیق الزمان کے ساتھ ملی بھگت کر کے اراضی کے جعلی انتقالات کروا کر ریکارڈ میں رد و بدل کر دیا۔

    جس پرانٹی کرپشن فیصل آباد نے تحقیقات کے بعد دونوں ملزمان کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال، دھوکہ دہی اور جعلسازی کے تحت دفعہ 420، 468، 471 ت پ اور 5/2/47 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تاہم تاحال دونوں ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

    گوجرہ کے شہریوں نے محکمہ ریونیو میں ہونے والی اس سنگین کرپشن اور جعلسازی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سابق تحصیلدار ثناءاللہ ہنجراء اور موجودہ پٹواری خلیق الزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

  • گوجرہ: عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے عبداللہ ٹریول اینڈ ٹورز کا افتتاح

    گوجرہ: عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے عبداللہ ٹریول اینڈ ٹورز کا افتتاح

    گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے عبداللہ ٹریول اینڈ ٹورز کا افتتاح

    چوہدری غلام رسول گجر نے عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے "عبداللہ ٹریول اینڈ ٹورز” کے دفتر کا افتتاح تحصیل آفس روڈ پر کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید اور نعت شریف سے ہوا۔

    افتتاحی تقریب میں پاکستان مسلم لیگ گوجرہ کے امیر چوہدری تاج محمد گجر نے دفتر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہی رزق دینے والا ہے، اور حلال روزی کمانا عین عبادت ہے انہوں نے غلام رسول گجر کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے رزق میں برکت عطا کرے اور انہیں عوام کی خدمت کا موقع دے۔

    تقریب میں شہر کے معززین، سیاسی و مذہبی رہنماؤں اور پراپرٹی ڈیلرز سمیت بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔ اختتام پر مہمانوں کی پرتکلف کھانے سے تواضع کی گئی۔

  • گوجرہ: سڑک پر کھڈے نے فرسٹ ایئر کی طالبہ کی جان لے لی

    گوجرہ: سڑک پر کھڈے نے فرسٹ ایئر کی طالبہ کی جان لے لی

    گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) گوجرہ میں سڑک پر موجود کھڈے کے باعث افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں فرسٹ ایئر کی طالبہ سدرہ یوسف جاں بحق ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیو پلاٹ گلی نمبر 14 کے رہائشی محمد یوسف کی بیٹی سدرہ یوسف اپنے بھائی کے ساتھ موٹر سائیکل پر کالج جا رہی تھی۔ اسسٹنٹ کمشنر ہاؤس کے قریب سڑک پر ایک گہرے کھڈے سے موٹر سائیکل کا توازن بگڑ گیا، جس سے طالبہ گر کر پیچھے سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آگئی۔

    سدرہ کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کیا گی لیکن حالت نازک ہونے کے باعث اسے الائیڈ اسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی۔

    حادثے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور محمد سلیم (رہائشی چک نمبر 171 ج ب) موقع سے فرار ہو گیا۔ تھانہ سٹی پولیس نے طالبہ کی لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیاسدرہ یوسف کی میت گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا اور علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

    اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ سڑک پر پڑے یہ کھڈے انتہائی خطرناک ہو چکے ہیں اور حادثات روز کا معمول بن گئے ہیں۔ عوام نے متعلقہ حکام سے فوری اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکوں کی حالت بہتر نہ کی گئی تو مزید قیمتی جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔

  • پنجاب بار کونسل کا انتہائی متنازع فیصلہ، قادیانی وکیل کے لیے گوجرہ بار کے مسلم صدر کو برطرف کر دیا گیا

    پنجاب بار کونسل کا انتہائی متنازع فیصلہ، قادیانی وکیل کے لیے گوجرہ بار کے مسلم صدر کو برطرف کر دیا گیا

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبدالرحمن جٹ) پنجاب بار کونسل لاہور کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین راؤ فضل کی جانب سے گوجرہ بار کے صدر چوہدری محمد اعجاز اختر کو معطل کرتے ہوئے ان کا وکالت کا لائسنس بھی منسوخ کر دیا گیا۔ یہ اقدام قادیانی وکیل طاہر نعمان کے گوجرہ بار میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کرنے کی پاداش میں کیا گیا، جس پر بار اور مختلف تنظیمات نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    چوہدری محمد اعجاز جو تیسری بار بھاری اکثریت سے گوجرہ بار کے صدر منتخب ہوئے، ختم نبوت کے پرجوش حامی اور "مجاہد ختم نبوت” کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب وہ پنجاب بار کونسل کی کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے۔ کمیٹی کی جانب سے دو صفحات پر مشتمل آرڈر جاری کرتے ہوئے نہ صرف انہیں صدارت کے منصب سے ہٹایا گیا بلکہ ان کا وکالت کا لائسنس بھی معطل کر دیا گیا۔

    چوہدری محمد اعجاز اختر نے کمیٹی کے فیصلے کو "مرزائیت زدہ” اور بیرونی دباؤ کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کریں گے اور تحفظ ختم نبوت کے لیے کسی بھی قربانی کے لیے تیار ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ وہ قادیانی لابی کے دباؤ کے آگے کبھی سر تسلیم خم نہیں کریں گے۔

    مقامی وکلاء اور تحفظ ختم نبوت کی تنظیمات نے راؤ فضل کے اس اقدام کو "مذہبی منافرت پر مبنی، ظالمانہ، غیر اسلامی اور غیر آئینی” قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ قادیانی لابی کو خوش کرنے کے لیے کیا گیا ہے اور اس سے قانونی برادری میں انتشار پھیلنے کا خطرہ ہے۔

    مقامی تنظیموں اور وکلاء نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف ملک گیر احتجاج منظم کریں گے اور راؤ فضل کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کریں گے۔ وکلاء برادری میں یہ معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے اور آئندہ دنوں میں بڑے پیمانے پر مظاہروں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

  • گوجرہ:مردہ مرغیاں سپلائی کرنے والے گروہ کے خلاف کریک ڈاؤن، سینکڑوں کلو گوشت تلف

    گوجرہ:مردہ مرغیاں سپلائی کرنے والے گروہ کے خلاف کریک ڈاؤن، سینکڑوں کلو گوشت تلف

    گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبدالرحمن جٹ) گوجرہ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے عوام کو مضر صحت مرغیوں سے بچانے کے لیے بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی ہدایات پر مردہ مرغیاں سپلائی کرنے والے گروہوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں پولیس اور لائیو سٹاک آفیشلز کے ہمراہ رات گئے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے مردہ مرغیاں لے جانے والے ملزمان کو بائی پاس کے قریب رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ملزمان لوڈر رکشہ میں مردہ مرغیوں کو نیلے ڈرموں میں چھپا کر لے جا رہے تھے، جن کا وزن 325 کلو سے زائد تھا۔ یہ گوشت مختلف فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا۔

    برآمد شدہ مردہ مرغیوں کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا جبکہ ملزمان کے خلاف تھانہ صدر گوجرہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران لوڈر رکشہ اور دیگر سامان کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔

    ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کسی قسم کا کھلواڑ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور فوراً فوڈ اتھارٹی کو مطلع کریں تاکہ انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔