Baaghi TV

Category: ٹوبہ ٹیک سنگھ

  • گوجرہ :دو موٹر سائیکلیں چوری، دو بجلی چور گرفتار

    گوجرہ :دو موٹر سائیکلیں چوری، دو بجلی چور گرفتار

    گوجرہ(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرمحمداجمل خان)شہر میں چوری کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں دو الگ الگ واقعات میں شہریوں کی دو موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں۔ اس کے علاوہ، فیسکو ٹاسک فورس نے دو افراد کو بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ہے۔ پولیس نے تمام واقعات کا مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔

    پہلے واقعے میں، محلہ شریف پورہ کا رہائشی محمد اکبر اپنی موٹر سائیکل (نمبر FDK-5224) لے کر غلہ منڈی میں ایک دکان پر آیا۔ وہ موٹر سائیکل باہر کھڑی کر کے دکان کے اندر گیا اور جب واپس آیا تو موٹر سائیکل غائب تھی۔

    دوسرا واقعہ چک نمبر 279 ج ب میں پیش آیا، جہاں محمد علی نے اپنی موٹر سائیکل (نمبر ALP-6849) اپنے کلینک کے باہر کھڑی کی جو نامعلوم چور چرا کر لے گئے۔ تھانہ سٹی اور نواں لاہور پولیس نے دونوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کر کے چوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    اسی دوران، فیسکو ٹاسک فورس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو بجلی چوروں کو گرفتار کر لیا۔ محلہ شہسوار ٹاؤن کے غلام عباس اور چک نمبر 373 ج ب کے ناصر علی میٹر سے براہ راست تاریں لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے۔ فیسکو اہلکاروں نے موقع پر چھاپہ مار کر انہیں بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا اور ان کے میٹر اتار لیے۔ دونوں ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • گوجرہ:جنگلی حیات کا تحفظ ،محکمہ وائلڈ لائف نے غیر قانونی کاروبار کرنے والے گرفتار کر لیے

    گوجرہ:جنگلی حیات کا تحفظ ،محکمہ وائلڈ لائف نے غیر قانونی کاروبار کرنے والے گرفتار کر لیے

    گوجرہ(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرمحمداجمل خان)محکمہ وائلڈ لائف نے گوجرہ میں پرندوں کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے تین افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔ گرفتار ملزمان کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے جبکہ ان کے قبضے سے برآمد ہونے والے پرندوں کو دوبارہ قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا گیا ہے۔

    محکمہ وائلڈ لائف رینجر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ٹیم نے اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر عبدالرشید کی قیادت میں گوجرہ شہر میں پرندوں کی غیر قانونی خرید و فروخت کے اڈوں پر چھاپے مارے۔ اس دوران قمر مسیح، جارج مسیح، اور محمد رضوان نامی افراد کو غیر قانونی طور پر پرندوں کا کاروبار کرتے ہوئے پایا گیا۔ ان کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کی گئی۔

    ملزمان کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت کے حکم پر انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ محکمہ وائلڈ لائف نے کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے مختلف پرندے، جن میں تیتر، بٹیر، فینسی طوطے، اور دیگر اقسام شامل تھیں، کو واپس فطرت میں آزاد کر دیا۔ یہ کارروائی جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے محکمہ وائلڈ لائف کی سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہے۔

  • گوجرہ انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں نمائشی میچز کا انعقاد، آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز مہمان خصوصی

    گوجرہ انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں نمائشی میچز کا انعقاد، آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز مہمان خصوصی

    گوجرہ(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرمحمداجمل خان ) آسٹریلیا کے ہائی کمشنر برائے پاکستان نیل ہاکنز نے گوجرہ کا دورہ کیا، جہاں ان کے اعزاز میں ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن ٹوبہ ٹیک سنگھ کے زیر اہتمام مردوں اور خواتین کے نمائشی ہاکی میچ کھیلے گئے۔ یہ میچز گوجرہ انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئے، جس کی نگرانی پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور اولمپیئن طاہر زمان نے کی۔

    تفصیلات کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے گوجرہ آکر خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ خود بھی ہاکی کے کھلاڑی رہے ہیں، اگرچہ زیادہ اچھے نہیں تھے۔ انہوں نے مزاحاً کہا کہ "گوجرہ کا پانی پی لیا ہے، ہوسکتا ہے اس سے اچھا ہاکی کھلاڑی بن جاؤں۔”

    ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے گوجرہ کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں میں ہاکی کا حیران کن ٹیلنٹ موجود ہونے کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت پاکستان کو قومی کھیل ہاکی کے مستقبل کے لیے سپورٹ کرنی چاہیے۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ گھل مل کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔

    اس پروگرام کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نمائشی میچوں کو دیکھنے کے لیے شائقین ہاکی کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔

  • ٹوبہ ٹیک سنگھ:سروائیکل کینسر ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے، عوام افواہوں سے گریز کریں. ڈی ایچ او فیضان ارشد

    ٹوبہ ٹیک سنگھ:سروائیکل کینسر ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے، عوام افواہوں سے گریز کریں. ڈی ایچ او فیضان ارشد

    گوجرہ (سٹی رپورٹر،محمد اجمل) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیضان ارشد نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین کے حوالے سے پھیلائی جانے والی منفی ویڈیوز اور افواہیں بے بنیاد ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ ایسی جھوٹی خبروں پر کان نہ دھریں بلکہ صرف مستند طبی ماہرین کی رہنمائی پر اعتماد کریں۔

    انہوں نے بتایا کہ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی مہم 15 سے 27 ستمبر تک ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جاری ہے، جس کے دوران 9 سے 14 سال کی بچیوں کو عالمی ادارہ صحت (WHO) اور یونیسیف سے منظور شدہ ویکسین فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے اور مستقبل میں بچیوں کو مہلک بیماری سے تحفظ دے گی۔

    ڈاکٹر فیضان ارشد نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی بچیوں کو بروقت ویکسین لگوائیں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ ہو سکے اور وہ منفی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں۔

  • گوجرہ: آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی ہاکی اسٹیڈیم آمد، شاندار استقبال

    گوجرہ: آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی ہاکی اسٹیڈیم آمد، شاندار استقبال

    گوجرہ (سٹی رپورٹر محمد اجمل) پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ایکسیلنسی نیل ہاکنز نے گوجرہ ہاکی اسٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر انٹرنیشنل اور اولمپین کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مہمانِ خصوصی کے ساتھ ملاقات پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ چیف کوچ پاکستان ہاکی ٹیم اولمپین طاہر زمان اور کوچ شیخ محمد عثمان نے بھی پرتپاک خیر مقدم کیا۔

    نیل ہاکنز نے اپنے پیغام میں کہا کہ گوجرہ کو ہاکی کے حوالے سے منفرد مقام حاصل ہے اور اس شہر کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گوجرہ آ کر بے حد خوشی ہوئی، خصوصاً بچوں اور بچیوں کا کھیل دیکھ کر وہ بہت متاثر ہوئے ہیں۔

    تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی کو استاد اسلم روڈا کے نام سے منسوب ہاکی اسٹک کا سووینئر اور 1994 ورلڈ کپ کی چیمپئن ٹیم کے دستخطوں والی خصوصی ہاکی اسٹک پیش کی گئی، جبکہ انٹرنیشنل اور اولمپین کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

  • گوجرہ: طالبعلموں کا بس پر دھاوا، ڈرائیور و کنڈکٹر تشدد کا نشانہ

    گوجرہ: طالبعلموں کا بس پر دھاوا، ڈرائیور و کنڈکٹر تشدد کا نشانہ

    گوجرہ (سٹی رپورٹر محمد اجمل) تھانہ سٹی کی حدود چوک تکیہ پھمن سائیں میں فیصل آباد سے بہاولپور جانے والی بس پر تقریباً 30 طالبعلموں نے دھاوا بول دیا۔ مشتعل طالبعلموں نے بس ڈرائیور اور کنڈکٹر کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، لاتوں، گھونسوں، ڈنڈوں اور پتھروں سے مارا جبکہ بس کی اسکرین اور شیشے توڑ کر لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ واقعے کی فوٹیج وائرل ہو گئی ہے جس میں واضح طور پر توڑ پھوڑ اور تشدد کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔

    کنڈکٹر کے مطابق طالبعلم اس کی جیب سے 55 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون بھی چھین کر لے گئے۔ اطلاع ملنے پر تھانہ سٹی پولیس نے نامعلوم طالبعلموں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیج کی مدد سے ملوث افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

  • گوجرہ: قاری حافظ محمد ریاض کی پی ایچ ڈی کی تکمیل پر پُرتکلف تقریب

    گوجرہ: قاری حافظ محمد ریاض کی پی ایچ ڈی کی تکمیل پر پُرتکلف تقریب

    گوجرہ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر محمد اجمل) قاری حافظ محمد ریاض نے عربی زبان و ادب میں "پی ایچ ڈی غیر منقوط نعت رسول مقبول ﷺ” کا مرحلہ مکمل کر لیا، جس کی خوشی میں محمد رمضان گجر نے پُرتکلف دعوت کا اہتمام کیا۔

    تقریب میں پنجاب ٹیچر یونین کے اساتذہ سمیت محمد اقبال گورایہ، ظہیر اکبر، چوہدری محمد الیاس، محمد ارشاد، ظہور احمد کنوینئر ای ایس ٹی عریبک ٹیچرز ایسوسی ایشن ٹوبہ ٹیک سنگھ، پیش امام مولوی محمد بشیر، ملک آصف اور میڈیا نمائندگان ڈاکٹر محمد اجمل و عبدالرحمن جٹ نے خصوصی شرکت کی۔

    شرکاء نے قاری حافظ محمد ریاض کو پھولوں کے ہار پہنائے، گلدستے پیش کیے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ قاری صاحب کی یہ کامیابی علاقہ چک نمبر 297 ج ب گوجرہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔ تقریب کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعا بھی کی گئی۔

  • گوجرہ: دوشیزہ نے زہر کھالیا، تین وارداتوں میں موٹر سائیکلیں و زیورات چوری

    گوجرہ: دوشیزہ نے زہر کھالیا، تین وارداتوں میں موٹر سائیکلیں و زیورات چوری

    گوجرہ (سٹی رپورٹر/محمد اجمل) گوجرہ میں گھریلو جھگڑے اور بڑھتی جرائم پیشہ وارداتوں نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ چک نمبر 278 ج ب کی رہائشی صوبیہ نے گھریلو تنازع پر دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھالیں، جس کے نتیجے میں اس کی حالت غیر ہو گئی۔ اہل خانہ نے فوری طور پر اسے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا جہاں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    دوسری جانب گوجرہ میں چوری کی تین مختلف وارداتوں نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ حسنیہ کالونی کے خالد محمود کی موٹر سائیکل نامعلوم چور چرا کر لے گئے، جبکہ چک نمبر 354 ج ب کے اعجاز احمد کی موٹر سائیکل بھی نجی ہسپتال کے باہر سے چرا لی گئی۔ اسی دوران چک نمبر 367 ج ب میں نامعلوم چور فرزانہ کوثر کے گھر میں داخل ہوئے اور ہزاروں روپے نقدی، طلائی زیورات اور قیمتی پارچات لے اڑے۔

    وارداتوں کی اطلاع تھانہ سٹی اور صدر پولیس کو دے دی گئی ہے، تاہم تاحال مقدمات کے اندراج کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی چوریوں پر فوری قابو پایا جائے اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔

  • گوجرہ: کتے کو بچاتے ہوئے موٹر سائیکل حادثہ، ایک جاں بحق، دوسرا زخمی

    گوجرہ: کتے کو بچاتے ہوئے موٹر سائیکل حادثہ، ایک جاں بحق، دوسرا زخمی

    گوجرہ (سٹی رپورٹر/محمد اجمل) چک نمبر 367 ج ب کا 45 سالہ طارق محمود موٹر سائیکل پر اپنے دوست عثمان کے ہمراہ شہر سے گاؤں واپس جا رہا تھا کہ راستے میں اچانک سامنے آنے والے کتے کو بچاتے ہوئے موٹر سائیکل بے قابو ہو کر ٹکرا گیا۔

    حادثے میں طارق محمود موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ عثمان شدید زخمی ہو کر ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں طبی امداد جاری ہے۔

    اطلاع ملنے پر تھانہ سٹی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔

  • گوجرہ: ترقی یافتہ ممالک میں اساتذہ کو بلند مقام، مگر ہم اپنی روایت سے غافل. محمد رمضان

    گوجرہ: ترقی یافتہ ممالک میں اساتذہ کو بلند مقام، مگر ہم اپنی روایت سے غافل. محمد رمضان

    گوجرہ (سٹی رپورٹر/محمد اجمل) ترقی یافتہ ممالک میں معذور افراد، سائنسدانوں اور اساتذہ کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ پنجاب ٹیچر یونین کے رہنما محمد رمضان کے مطابق وہاں اساتذہ کو معاشرے کا معزز ترین رکن مانا جاتا ہے، مگر افسوس کہ ہم اپنی روایت اور اقدار سے غافل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فرانس کی عدالتوں میں اساتذہ کے علاوہ کسی اور کو نہ کرسی پیش کی جاتی ہے اور نہ پروٹوکول دیا جاتا ہے۔ جاپان میں اگر کسی استاد کو گرفتار کرنا پڑ جائے تو پولیس کو عدالت سے اجازت لینا لازمی ہے۔ اسی طرح کوریا میں استاد اپنے سروس کارڈ کی بنیاد پر وہ تمام سہولتیں حاصل کر لیتا ہے جو وزراء اور اراکین پارلیمنٹ کو میسر ہیں۔

    محمد رمضان نے مزید کہا کہ یہ تو ترقی یافتہ ممالک کی مثالیں ہیں، لیکن اگر ہم چودہ سو سال پیچھے جائیں تو حضرت علیؓ کا قول واضح ملتا ہے کہ "جس نے مجھے ایک لفظ سکھایا وہ مجھے مدینہ کی کسی بھی منڈی میں فروخت کر سکتا ہے”۔ اس کے ساتھ ہی نبی آخرالزماں ﷺ کا ارشاد ہے کہ "میں معلم بنا کر بھیجا گیا ہوں”۔ یہی قول معلمانہ پیشے کو پیغمبری پیشے سے منسوب کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بچہ اپنی پہلی درسگاہ ماں کی گود سے حاصل کرتا ہے، لیکن ماحول، تہذیب، اقدار، مذہب سے اپنائیت، حب الوطنی، سماجی میل جول، غورو فکر کی عادت اور برے بھلے کی پہچان جیسی تمام خوبیاں ایک استاد ہی اپنے شاگرد میں پیدا کرتا ہے۔ یہی وہ کردار ہے جس کی بنیاد پر استاد کو معاشرے کی تعمیر اور قوم کی رہنمائی میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیا جاتا ہے۔