Baaghi TV

Category: ٹوبہ ٹیک سنگھ

  • گوجرہ میں "الصفاء ٹریولز اینڈ ٹورز” کا شاندار افتتاح

    گوجرہ میں "الصفاء ٹریولز اینڈ ٹورز” کا شاندار افتتاح

    گوجرہ (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹر: محمد اجمل ) گوجرہ کے ریلوے اسٹیشن چوک میں "الصفاء ٹریولز اینڈ ٹورز” کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

    افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی سابق چیئرمین یونین کونسل 157 گ ب میاں امجد علی تھے، جبکہ اعزازی مہمانوں میں چوہدری یاسین (چیئرمین چیمبر آف کامرس فیصل آباد) اور چوہدری محمد نواز (ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر گوجرہ) شامل تھے۔

    تقریب میں سیاسی، سماجی، فلاحی اور مذہبی رہنماؤں کے علاوہ وکلاء، اساتذہ، اور صحافیوں نے بھی شرکت کی۔ ان میں چوہدری اختر حسین بٹر ایڈووکیٹ، میاں طاہر سلیم ایڈووکیٹ، چوہدری ایاز بسرا ایڈووکیٹ، عرفان بیگ، چوہدری محمد اقبال گورایہ، چوہدری محمد رمضان گجر (صدر پنجاب ٹیچرز یونین ٹوبہ ٹیک سنگھ)، منصور احمد مانیٹرنگ آفیسر، حافظ رضوان گجر، وقاص گجر، اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

    مہمانوں نے الصفاء ٹریولز اینڈ ٹورز کے پروپرائیٹر شبیر مانیٹرنگ آفیسر کے بیٹے شعیب شبیر اور زوہیب طارق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی کامیابی کے لیے دعا کی۔ آخر میں، ملکی سالمیت، خود مختاری اور حالیہ سیلاب زدگان کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

  • گوجرہ: طالب علم کی خودکشی کی کوشش، گھروں میں چوریاں، خاتون کی عزت لوٹنے کی کوشش

    گوجرہ: طالب علم کی خودکشی کی کوشش، گھروں میں چوریاں، خاتون کی عزت لوٹنے کی کوشش

    گوجرہ(سٹی رپورٹرمحمداجمل خان) نواحی گاؤں اور شہر میں مختلف افسوسناک اور جرائم پیشہ واقعات پیش آئے۔ چک نمبر 367 ج ب کا سیکنڈ ایئر کا طالب علم ریان، باپ کی مبینہ ڈانٹ ڈپٹ سے دل برداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھا بیٹھا جس سے اس کی حالت غیر ہوگئی۔ اسے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر منتقل کیا گیا جہاں پر طبی امداد دی جارہی ہے۔

    دوسری جانب شہر اور گردونواح میں چوری کی متعدد وارداتیں بھی رپورٹ ہوئیں۔ چک نمبر 359 ج ب کی بلقیس بی بی کے گھر نامعلوم چور دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے اور 2 لاکھ 33 ہزار روپے مالیت کے پانچ موبائل فون چرا کر فرار ہوگئے۔ اسی طرح چک نمبر 241 گ ب کا علی رضا اپنے گھر کے باہر سویا ہوا تھا کہ اس کا موبائل فون اور نقدی چوری کر لی گئی۔ محلہ رحمان پورہ کے حسین علی کے گھر کا دروازہ توڑ کر ہزاروں روپے نقدی چرا لی گئی جبکہ محلہ رحیم آباد کی ونرین زوجہ راشد کے گھر میں گھس کر قیمتی سامان اور موبائل بھی لے اڑے۔ پولیس نے ان وارداتوں کے الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں۔

    ادھر محلہ قادری دربار میں خاتون کی عزت لوٹنے کی کوشش کا بھی واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ شمائلہ اصغر نے پولیس کو بتایا کہ اس کی بھابی ثناء نے اپنے بھائی کامران کے ساتھ مل کر اسے بدنام کرنے کے لئے اوباش کے ذریعے اس کی عزت لوٹنے کی کوشش کرائی، اس دوران ملزم نے اس کے کپڑے پھاڑ دیئے تاہم شوروغل پر فرار ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • گوجرہ: چوری اور فائرنگ کی وارداتیں، شہری موٹر سائیکل سے محروم، دو بھائی شدید زخمی

    گوجرہ: چوری اور فائرنگ کی وارداتیں، شہری موٹر سائیکل سے محروم، دو بھائی شدید زخمی

    گوجرہ (سٹی رپورٹر/محمد اجمل خاں) شہر میں جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ سبزی منڈی میں موٹر سائیکل چوری جبکہ دوسری واردات میں دو بھائی شدید زخمی ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق چک نمبر 243 گ ب کا رہائشی ساجد سبزی منڈی گوجرہ سبزی کی خریداری کے لیے آیا اور اپنی موٹر سائیکل نمبر FDK-4219 کھڑی کی۔ اس دوران نامعلوم چور موٹر سائیکل لے اڑا اور فرار ہوگیا۔ واردات کی اطلاع تھانہ سٹی گوجرہ کو دے دی گئی ہے تاہم مقدمے کے اندراج کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔

    دوسری جانب محلہ طفیل کالونی میں تین مسلح افراد نے محمد عارف کے بیٹوں محمد ارسلان اور علی عثمان کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا۔ ملزمان نے فائرنگ کر کے محمد ارسلان کو زخمی کر دیا جبکہ علی عثمان کے سر پر پستول کے بٹ مارے جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • ٹوبہ ٹیک سنگھ: صوبائی وزیر صحت کا سیلابی علاقوں کا دورہ، متاثرین کو ہر ممکن ریلیف دینے کا اعلان

    ٹوبہ ٹیک سنگھ: صوبائی وزیر صحت کا سیلابی علاقوں کا دورہ، متاثرین کو ہر ممکن ریلیف دینے کا اعلان

    گوجرہ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر محمد اجمل) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے دریائے راوی میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مائی صفوراں بند، تھانہ اروتی کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ عبادت نثار اور ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے وزیر صحت کو سیلاب سے متاثرہ موضع جات اور فلڈ ریلیف کیمپس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

    وزیر صحت نے فلڈ ریلیف کیمپ مائی صفوراں بند کا معائنہ کیا، ریسکیو 1122 کے جوانوں اور پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقی ہیروز ہیں جو اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر عوام کی خدمت اور متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت متاثرہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی میڈیکل ٹیمیں ریلیف کیمپس اور فیلڈ ہسپتالوں میں موجود ہیں تاکہ متاثرہ عوام کو بروقت طبی سہولتیں مل سکیں۔ وزیر صحت نے متاثرین کو یقین دلایا کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی کو بھی اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔

  • گوجرہ: شراب فروش گرفتار، 105 پونڈشراب برآمد

    گوجرہ: شراب فروش گرفتار، 105 پونڈشراب برآمد

    گوجرہ (سٹی رپورٹر محمد اجمل) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ عبادت نثار کے حکم پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    اسی سلسلے میں تھانہ سٹی گوجرہ پولیس نے ڈی ایس پی گوجرہ اشرف تبسم کی سربراہی اور ایس ایچ او سرفراز احمد کی نگرانی میں کاروائی کرتے ہوئے ریلوے پھاٹک کے قریب شراب فروش ملزم اقبال مسیح عرف نکا ولد یوسف مسیح سکنہ کرسچین کالونی گوجرہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم کے قبضہ سے 105 پونڈا شراب برآمد ہوئی، جس پر اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

    ڈی پی او ٹوبہ عبادت نثار کا کہنا ہے کہ ٹوبہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور منشیات کے خاتمے کے لیے ہر محاذ پر برسرِ پیکار ہے۔

  • گوجرہ: جمعیت اہل حدیث کا اجلاس، سیلاب زدگان کی امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے پر زور

    گوجرہ: جمعیت اہل حدیث کا اجلاس، سیلاب زدگان کی امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے پر زور

    گوجرہ (سٹی رپورٹر/محمد اجمل) جمعیت اہل حدیث ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ماہانہ اجلاس میں سیلاب زدگان کی ریلیف سرگرمیوں کو تیز اور مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ اجلاس چک 425 واہلہ میں منعقد ہوا جس کی صدارت رابطہ سیکرٹری جمعیت اہل حدیث پاکستان مولانا شفیق الرحمن ربانی نے کی۔ اجلاس میں امیر ضلع یحییٰ محمدی اور ناظم ذوالقرنین حیدر کی نگرانی میں ضلع بھر کے ذمہ داران نے شرکت کی اور ماہانہ رپورٹس پیش کیں۔

    مولانا شفیق الرحمن تابانی نے خطاب میں کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اب تک کیے گئے اقدامات قابلِ تحسین ہیں، تاہم مزید منظم اور تیز تر انداز میں ریلیف سرگرمیوں کو آگے بڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیلاب زدگان کے لیے میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے اور امدادی کاموں کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔

    اجلاس میں افتخار احمد ظہیر، ماسٹر عمر حیات، شاہد اقبال تبسم، حمزہ سعید، چوہدری اللہ دتہ جٹ، چوہدری شہباز گادھی، فاروق طیب، میاں محمد سلیم، حافظ عثمان افضل، عبداللہ قیصر، قاری ظفر اقبال، قاری واثق محمود اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ گوجرہ کے چیف آرگنائزر فاروق طیب کی قیادت میں ایم اکرم سعید، ڈاکٹر محمد مرتضیٰ اور مولانا عبدالحنان بھی شریک ہوئے۔

    شرکائے اجلاس نے علامہ ہشام الہیٰ ظہیر کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور عہد کیا کہ جمعیت اہل حدیث کے نظم کے ساتھ مل کر گوجرہ کو تنظیمی طور پر مزید فعال اور منظم بنایا جائے گا۔ اجلاس کی میزبانی چوہدری سیف اللہ کاہلوں اور چوہدری نوید افتاب کاہلوں نے کی۔

  • گوجرہ: سنگین جرائم، قتل، زیادتی کی کوشش اور پولیس مقابلہ

    گوجرہ: سنگین جرائم، قتل، زیادتی کی کوشش اور پولیس مقابلہ

    گوجرہ (سٹی رپورٹر/محمد اجمل) گوجرہ میں پیش آنے والے متعدد سنگین واقعات میں ایک نوجوان کو قتل کر دیا گیا، ایک دوشیزہ سے زیادتی کی کوشش کی گئی اور پولیس مقابلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں پکڑا گیا۔

    کزن کا قتل، پولیس کو دھوکہ دینے کی کوشش
    چک نمبر 241 گ ب گڑھا کا رہائشی وسیم اکرم اپنے کزن عبداللہ کے ساتھ موٹر سائیکل پر واپس گاؤں جا رہا تھا کہ مونگی بنگلہ کے قریب عبداللہ نے اسے پستول سے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ وسیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    عبداللہ نے پولیس کو فون کر کے بتایا کہ ڈاکوؤں نے ان پر حملہ کیا ہے، لیکن صدر پولیس گوجرہ نے موقع پر پہنچ کر شواہد کی بنیاد پر عبداللہ کو حراست میں لے لیا اور آلہ قتل بھی برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق، قتل کی وجہ لین دین کا تنازع ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    گھر میں گھس کر زیادتی کی کوشش
    ایک اور واقعے میں، چک نمبر 338 ج ب کے رہائشی شیر محمد نے تھانہ نواں لاہور میں مقدمہ درج کروایا ہے کہ اس کی 18 سالہ بیٹی صابراں بی بی گھر میں اکیلی تھی کہ گاؤں کا ایک اوباش نوجوان آصف گھر میں گھس آیا اور اس کے ساتھ زبردستی زیادتی کی کوشش کی۔ لڑکی کے شور مچانے پر ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    پولیس مقابلہ، ایک زخمی ملزم گرفتار
    دریں اثناء، سی سی ڈی پولیس گوجرہ کی ٹیم نے چک نمبر 371 ج ب مونگی روڈ پر گشت کے دوران دو مشکوک موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے تعاقب کیا تو اینی پلی کے قریب دونوں ملزمان موٹر سائیکل سے گر گئے۔ ایک زخمی ملزم محمد آصف سکنہ چک نمبر 510 گ ب کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔ زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جو کہ مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔

  • گوجرہ: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان وسیم اکرم قتل

    گوجرہ: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان وسیم اکرم قتل

    گوجرہ (سٹی رپورٹر/محمد اجمل) گوجرہ کے تھانہ صدر کی حدود میں چک 241 گڑھا بہرام کے نوجوان وسیم اکرم کو کلیان پور کے قریب ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وسیم اکرم اپنی موٹر سائیکل پر جا رہے تھے اور ڈاکوؤں نے انہیں لوٹنے کی کوشش کی۔

    ذرائع کے مطابق وسیم اکرم اپنے گاؤں سے بستی دانش مندان کی طرف جا رہے تھے۔ جب وہ کلیان پور کے قریب پہنچے تو ناکہ لگائے ڈاکوؤں نے انہیں روکا اور موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ ڈاکو ان کی موٹر سائیکل 125 لے کر فرار ہو گئے۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صدر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس واقعہ نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور شہری اپنے تحفظ کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں۔

  • گوجرہ: جشن عید میلادالنبی ﷺ کی گہما گہمی، جلوس، نعتیہ محافل اور درود و سلام کی صدائیں

    گوجرہ: جشن عید میلادالنبی ﷺ کی گہما گہمی، جلوس، نعتیہ محافل اور درود و سلام کی صدائیں

    گوجرہ (سٹی رپورٹر محمد اجمل)گوجرہ میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر "جشن صبحِ بہاراں” کا آغاز بارگاہِ رسالت ﷺ میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا۔ اس مناسبت سے شہر بھر میں نعتیہ محافل، محفل میلاد شریف اور قصیدہ بردہ شریف کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

    جشن کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں سے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں، جبکہ درود و سلام کی صداؤں سے فضاء معطر رہی۔ مرکزی جلوس کا استقبال میونسپل کمیٹی کے مرکزی گیٹ پر اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر، چیف آفیسر سید یاسر علی شاہ اور میونسپل کمیٹی کے عملے نے کیا، جہاں شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔ اس کے علاوہ شہر بھر میں پانی کی سبیلوں کا بھی انتظام کیا گیا۔

    مرکزی جلوس جامعہ چراغیہ کے پیر سید عثمان علی شاہ کی قیادت میں نکالا گیا، دوسرا بڑا جلوس پیر سید اسرار البہار شاہ اور تیسرا بڑا جلوس پیر عتیق الرحمان گھمکول شریف کی قیادت میں برآمد ہوا، جبکہ گلی محلوں سے بھی متعدد چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے۔

    شہر بھر میں جشن ولادت کے موقع پر ہر طرف خوشی کی فضا قائم ہے اور بچے، جوان اور بوڑھے سب سرور و مسرت کا اظہار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

  • گوجرہ: چوروں نے دو موٹر سائیکلیں اُڑا لیں، پولیس،پولیس بے خبر

    گوجرہ: چوروں نے دو موٹر سائیکلیں اُڑا لیں، پولیس،پولیس بے خبر

    گوجرہ(سٹی رپورٹر،اجمل خاں) گوجرہ میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ شہر میں ایک بار پھر دو مختلف واقعات میں نامعلوم چوروں نے دو موٹر سائیکلیں چرا لیں۔ ان واقعات نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے اور وہ پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق، محلہ قادری دربار کے رہائشی زین نے اپنی موٹر سائیکل گھر کے باہر کھڑی کی ہوئی تھی کہ موقع پا کر نامعلوم چور اسے چوری کر کے فرار ہو گئے۔ اسی طرح، چک نمبر 363 ج ب میں ایک اور شہری اسرار کی موٹر سائیکل بھی اس کے گھر کے باہر سے چوری کر لی گئی۔ چور دونوں وارداتوں میں کامیاب رہے اور ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

    پولیس کو ان وارداتوں کی اطلاع دے دی گئی ہے، لیکن تاحال کسی بھی واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا۔ شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے اور چوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔