Baaghi TV

Category: ٹوبہ ٹیک سنگھ

  • گوجرہ: سینئر صحافی اور تاجر سے مسلح ڈکیتی کا ایک سال بعد بھی سراغ نہ ملا، تاجر برادری کا شدید احتجاج

    گوجرہ: سینئر صحافی اور تاجر سے مسلح ڈکیتی کا ایک سال بعد بھی سراغ نہ ملا، تاجر برادری کا شدید احتجاج

    گوجرہ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر، محمد اجمل) سینئر صحافی اور تاجر سے مسلح ڈکیتی کا ایک سال بعد بھی سراغ نہ ملا، تاجر برادری کا شدید احتجاج،لاکھوں روپے کی واردات، پولیس کی کارکردگی پر سوال، تاجران نے آئی جی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا

    تفصیلات کے مطابق گوجرہ شہر میں ایک معروف تاجر اور سینئر صحافی شیخ محمود احمد کے ساتھ ہونے والی مسلح ڈکیتی کا سراغ نہ لگنے پر تاجر برادری نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا ہے۔ یہ واردات تقریباً ایک سال قبل محمود ٹریڈر کی دکان پر پیش آئی تھی مگر تاحال لوٹا گیا مال و زر برآمد نہیں ہو سکا۔

    شیخ محمود احمد نے نیشنل بینک والی گلی میں محمود ٹریڈر کے نام سے دکان بنا رکھی ہے۔ تقریباً ایک سال قبل، تین نامعلوم ڈاکوؤں نے دکان میں داخل ہو کر تمام افراد کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا لیا تھا اور لاکھوں روپے کی نقدی اور قیمتی موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے تھے۔

    تھانہ سٹی پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر لیا تھا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ایک ملزم کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ تاہم، پولیس دیگر ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے اور لوٹا گیا مال و زر برآمد کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔

    متاثرہ تاجر شیخ محمود احمدانصاف کے حصول کے لیے متعدد بار ڈی پی او کی کھلی کچہریوں میں بھی پیش ہو چکے ہیں، مگر انہیں تاحال کوئی خاص شنوائی یا داد رسی نہیں ملی۔

    ڈکیتی کی رقم اور ملزمان کی گرفتاری میں ناکامی پر مقامی تاجر حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور پولیس کی کارکردگی کو نااہلی قرار دیا ہے۔ تاجر برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، آر پی او فیصل آباد اور ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ فوری طور پر اس واقعے کا نوٹس لیں، ڈکیتی کرنے والے تمام ملزمان کو گرفتار کروائیں، اور لوٹا گیا مال و زر جلد از جلد برآمد کروائیں۔

  • گوجرہ: ہفتہ شانِ رحمت العالمینؐ کے سلسلے میں مقابلۂ حسنِ نعت و قرأت کا انعقاد

    گوجرہ: ہفتہ شانِ رحمت العالمینؐ کے سلسلے میں مقابلۂ حسنِ نعت و قرأت کا انعقاد

    گوجرہ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر محمد اجمل خاں) ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ہدایت پر ہفتہ شانِ رحمت العالمینؐ کے سلسلہ میں میونسپل کمیٹی گوجرہ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان اور فقدالمثال مقابلۂ حسنِ نعت و قرأت منعقد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ صدف اکبر نے کی۔

    تقریب میں چیف آفیسر سید یاسر علی، ریگولیشن آفیسر توصیف الرحمان، میونسپل آفیسر فنانس ندیم آصف، ایس ڈی او وقار احمد سمیت شہر بھر سے عاشقانِ رسولؐ اور میونسپل کمیٹی کے ملازمین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

    مقابلۂ حسنِ نعت و قرأت میں علاقہ بھر کے نامور نعت خواں، قراء حضرات اور مختلف اسکولوں کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔ نقیبِ محفل محمد احمد گجر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آمدِ سرکارؐ مسلمانوں کے لیے سب سے بڑی خوشی اور نعمت ہے، حضور اکرمؐ کی تشریف آوری سے دکھی دلوں کو قرار اور بے سہارا لوگوں کو سہارا ملا۔ انہوں نے کہا کہ محافل میلاد کا مقصد آپؐ کی ولادت باسعادت کی خوشی منانا ہے۔

    نعت خوان حضرات کی پر سوز نعتوں پر محفل میں موجود سامعین بے ساختہ "مرحبا یا رسول اللہؐ” کے نعرے بلند کرتے رہے، جبکہ ہال خوشی اور عقیدت کے رنگوں سے معمور رہا۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر نے کہا کہ ماہِ ربیع الاول اپنی تمام تر برکات، فضائل اور خصوصیات کے ساتھ جلوہ گر ہو چکا ہے۔ اللہ کریم کا شکر ہے کہ ہمیں زندگی میں ایک بار پھر عید میلادالنبیؐ کی بہاریں دیکھنے اور برکات سمیٹنے کا موقع نصیب ہوا۔

  • ٹوبہ ٹیک سنگھ:سیلاب متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم

    ٹوبہ ٹیک سنگھ:سیلاب متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم

    گوجرہ(باغی ٹی وی سٹی رپورٹراجمل خان) ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ نعیم احمد سندھو کی ہدایت پر ضلع کی تحصیلوں پیر محل اور کمالیہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رانا کاشف نثار اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد شبیر ملک نے اپنی ٹیموں کے ساتھ فلاحی اداروں کے تعاون سے سیلاب زدگان میں کھانا اور پانی تقسیم کیا۔

    متاثرہ علاقوں میں سندھیلیاں والی، اڈا بھسی، موضع ڈھیڈھی والا، موضع درگاہ پور، مائی صفورا، موضع کوٹ کرم شاہ، موضع شاہ پور، تارا حویلی اور مل فتیانہ شامل ہیں۔ تقریباً 600 افراد میں منرل واٹر، دوپہر اور رات کا کھانا تقسیم کیا گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی مدد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

  • گوجرہ میں جماعت اسلامی کا یومِ تاسیس کنونشن: سودی نظام کے خاتمے اور خوشحال پاکستان کا عزم

    گوجرہ میں جماعت اسلامی کا یومِ تاسیس کنونشن: سودی نظام کے خاتمے اور خوشحال پاکستان کا عزم

    گوجرہ (نامہ نگار، عبدالرحمن جٹ) جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے امیر مولانا محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اگر قوم نے موقع دیا تو جماعت اسلامی اقتدار میں آکر پاکستان کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی اور ملک کو سودی نظام سے نجات دلائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرہ میں جماعت اسلامی کے زیرِ اہتمام یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ عوامی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن کی صدارت ضلعی امیر ڈاکٹر عطاء اللہ حمید نے کی۔

    مولانا جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی کی 84 سالہ جدوجہد کو محض انتخابی پیمانے پر نہیں پرکھنا چاہیے، کیونکہ اس جماعت نے بے شمار اہداف حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی تہذیب کے مقابلے میں ‘میرا جسم میری مرضی’ جیسے فتنوں کا مقابلہ حیا کلچر کو فروغ دے کر کیا گیا ہے اور آج ہماری خواتین 8 مارچ کو فخر کے ساتھ ‘حیا ڈے’ مناتی ہیں۔ انہوں نے معاشرے کی اصلاح میں جماعت اسلامی کے کردار کو سراہا۔

    انہوں نے کہا کہ سودی نظام نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کرپشن اور لاقانونیت کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور قوم کے لیے خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں دوسری سیاسی جماعتوں نے ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کی داستانیں رقم کی ہیں، وہاں جماعت اسلامی نے امانت، دیانت اور اعلیٰ اقدار کو فروغ دیا ہے، جو اس کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

    مولانا جاوید قصوری نے الخدمت فاؤنڈیشن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا کے سامنے ایک اسلامی نظریاتی تشخص رکھنے اور انسانیت کی خدمت کرنے والی الخدمت فاؤنڈیشن کا غلبہ ہے، جبکہ ادارہ آغوش بھی یتیم اور بے سہارا افراد کی کفالت میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ایک پوری نسل تیار کی ہے جسے ایک نظریہ، کردار اور اسلام پر غیر متزلزل ایمان دیا گیا ہے۔

    تقریب سے مولانا رحمت اللہ ارشد، مولانا عارف محمود، حیدر علی چوہدری اور محمود عزمی نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں، محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی اب قوم کے ساتھ اپنے رابطے کو مزید مؤثر بنائے گی اور آنے والے دنوں میں سیاسی اور انتخابی میدان میں قوم کو ساتھ لے کر آگے بڑھے گی۔

  • غربت ، ایک کے بعد دوسرا دوست بھی زہر کھا کر جاں بحق

    غربت ، ایک کے بعد دوسرا دوست بھی زہر کھا کر جاں بحق

    ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تھانہ رجانہ کی حدود کشی بستی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 21 سالہ نوجوان عباس نے زہر کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر اس کا قریبی دوست 19 سالہ ساجد بھی دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھا بیٹھا۔

    پولیس کے مطابق دونوں نوجوانوں میں گہری دوستی تھی اور ان کا تعلق غریب گھرانوں سے تھا۔ واقعے کے فوراً بعد دونوں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق عباس نے مبینہ طور پر غربت سے تنگ آ کر خودکشی کی، جبکہ ساجد نے عباس کی خودکشی کی خبر سنتے ہی موقع پر پہنچ کر خود بھی زہر کھا لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والے دونوں نوجوانوں کے لواحقین نے کسی قسم کی قانونی کارروائی سے انکار کر دیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    2 لاکھ روپے نقد جمع کرانے پر ٹیکس کٹوتی نہیں ہوگی،ایف بی آر کی تاجروں کو یقین دہانی

    وزیراعظم کی آصف زرداری سے ملاقات، معیشت اور سیکیورٹی پر تبادلہ خیال

  • گوجرہ: تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے باپ بیٹا جاں بحق، علاقہ سوگ میں ڈوب گیا

    گوجرہ: تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے باپ بیٹا جاں بحق، علاقہ سوگ میں ڈوب گیا

    گوجرہ (باغی ٹی وی، عبد الرحمن جٹ)چک نمبر 178 گ ب کے رہائشی موٹر سائیکل سوار باپ بیٹا تیز رفتار ڈمپر کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے، حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضاء سوگوار ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق 17 سالہ شہریار اپنے والد بابر کے ہمراہ موٹر سائیکل پر شہر سے گاؤں واپس جا رہے تھے کہ راستے میں چک نمبر 369 ج ب، سرجا چوک کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر سے ٹکرا گئے۔ حادثے کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہو گئے۔ شہریار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ بابر کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرہ منتقل کیا گیا، جہاں سے حالت تشویشناک ہونے پر انہیں الائیڈ اسپتال فیصل آباد ریفر کیا گیا، لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

    حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس تھانہ صدر گوجرہ نے لاشیں قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں، اور ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

    نعشیں گاؤں پہنچنے پر ہر آنکھ اشکبار ہو گئی، اور باپ بیٹے کی اچانک موت سے گاؤں کی فضا رنج و الم میں ڈوب گئی۔ اہل علاقہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو فوری گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔

  • گوجرہ:  منشیات فروشی ،پولیس کی مبینہ سرپرستی کا انکشاف ،آڈیو وائرل، تاجران کا آئی جی سے نوٹس کا مطالبہ

    گوجرہ: منشیات فروشی ،پولیس کی مبینہ سرپرستی کا انکشاف ،آڈیو وائرل، تاجران کا آئی جی سے نوٹس کا مطالبہ

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبد الرحمن جٹ)گوجرہ میں منشیات فروشی کے سنگین معاملے پر پولیس کی مبینہ سرپرستی کا انکشاف سامنے آ گیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل اور عوامی غصے کی لہر دوڑ گئی۔ معاملہ اس وقت مزید سنگین ہو گیا جب پولیس اور منشیات فروشوں کے گٹھ جوڑ کی ایک مبینہ آڈیو کلپ وائرل ہو گئی۔

    انجمن تاجران گوجرہ کے سیکرٹری جنرل شیخ امجد ضیاء نے اس حوالے سے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انجمن تاجران متعدد بار پولیس حکام سے اپیل کر چکی ہے کہ گوجرہ کو منشیات فروشی سے پاک کیا جائے، مگر بدقسمتی سے پولیس کی خاموشی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ منشیات فروشی کے اس مکروہ دھندے میں متعلقہ اہلکاروں کی ملی بھگت بھی شامل ہے۔

    شیخ امجد ضیاء نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گوجرہ میں مبینہ طور پر پولیس کی سرپرستی میں جاری منشیات فروشی کی غیر جانبدار تحقیقات کروائیں، اور اس جرم میں ملوث تمام کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر نشانِ عبرت بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات نے گوجرہ کی نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، اور کئی ماؤں کے لختِ جگر نشے کے باعث اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔


    انہوں نے حکومت اور اعلیٰ پولیس حکام سے اپیل کی ہے کہ گوجرہ کو منشیات سے پاک شہر بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں اور نوجوان نسل محفوظ ہو۔

  • گوجرہ: سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک، ایک فرار

    گوجرہ: سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک، ایک فرار

    گوجرہ، (نامہ نگار باغی ٹی وی عبد الرحمن جٹ)گوجرہ میں پنجاب پولیس کے نئے قائم شدہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران دو ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت علی حیدر سکنہ کمالیہ اور یاسین سکنہ ساہیوال کے نام سے ہوئی ہے، جو پولیس ریکارڈ یافتہ بتائے جاتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق، تھانہ صدر گوجرہ کے علاقہ 158 گ ب کے قریب سی سی ڈی پولیس نے ناکہ بندی کر رکھی تھی۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار تین افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے موٹر سائیکل پھینک کر فصلوں میں چھپنے کی کوشش کی اور مبینہ طور پر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی اپنی حفاظت میں جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ رکنے کے بعد سرچ آپریشن کیا گیا تو دو افراد شدید زخمی حالت میں پائے گئے، جو بظاہر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔ ان کا تیسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    شدید زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گوجرہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس نے موقع سے آتشیں اسلحہ اور ایک چوری شدہ موٹر سائیکل قبضے میں لے لی ہے۔ سی سی ڈی پولیس فرار ہونے والے تیسرے ملزم کی تلاش کر رہی ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

  • گوجرہ: دیور کے ہاتھوں بھابی قتل، مبینہ زیادتی اور بلیک میلنگ کا الزام، ملزم گرفتار

    گوجرہ: دیور کے ہاتھوں بھابی قتل، مبینہ زیادتی اور بلیک میلنگ کا الزام، ملزم گرفتار

    گوجرہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی علاقے میں لرزہ خیز واقعہ، جہاں دیور نے مبینہ طور پر اپنی بھابی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا، جبکہ مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ منتقل کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، چک نمبر 250 گ ب کے رہائشی ابو سفیان، جو لاہور میں ملازمت کرتا ہے، کی اہلیہ سونیا بی بی کو اس کے دیور کاشف رحمان نے اپنے گاؤں چک نمبر 159 گ ب بلایا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، وہاں کاشف نے مبینہ طور پر سونیا بی بی کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں چھری کے پے درپے وار کر کے قتل کر دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ صدر گوجرہ کی پولیس موقع پر پہنچی، ملزم کو حراست میں لے کر آلہ قتل برآمد کر لیا اور نعش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔

    ابتدائی تفتیش میں ملزم نے پولیس کو بتایا کہ مقتولہ کے پاس اس کی نازیبا تصاویر موجود تھیں، جن کی بنیاد پر وہ اسے بلیک میل کر رہی تھی اور رقم کا مطالبہ کرتی تھی۔ پولیس نے اس دعوے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔

    تھانہ صدر گوجرہ کی پولیس نے واقعے کی مکمل تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ مقتولہ کے ورثاء کی جانب سے بھی قانونی چارہ جوئی متوقع ہے۔ واقعہ نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی ہے اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مجرم کو سخت سزا دی جائے تاکہ ایسے سنگین جرائم کی روک تھام ہو سکے۔

  • گوجرہ: بھارت کی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلی، پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار

    گوجرہ: بھارت کی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلی، پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار

    گوجرہ ( باغی ٹی وی،نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) بھارت کی حالیہ جارحیت کے خلاف گوجرہ میں ایک زبردست احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گوجرہ سید یاسر علی شاہ، انجمن تاجران کے صدر چوہدری منصور بھنگو، جنرل سیکرٹری ملک امجد ضیاء اور صدر بار ایسوسی ایشن مرزا محمد طارق نے کی۔

    ریلی میونسپل کمیٹی گوجرہ سے شروع ہو کر شہر کے مختلف علاقوں سے گزری، جس میں وکلاء، تاجر، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، بھارت مخالف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی جارحیت کے خلاف شدید مذمتی کلمات درج تھے۔

    فضا "قدم بڑھاؤ پاک فوج، قوم تمہارے ساتھ ہے” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ ریلی کے شرکاء نے وطن عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے پاک فوج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارت کی کسی بھی بزدلانہ کارروائی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے متحد اور تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی اشتعال انگیزیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں بلکہ ہمارے جذبے اور عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔