Baaghi TV

Category: ٹوبہ ٹیک سنگھ

  • گوجرہ: پولیس مقابلے میں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک، دو فرار

    گوجرہ: پولیس مقابلے میں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک، دو فرار

    گوجرہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) تھانہ نواں لاہور میں تعینات پولیس کانسٹیبل ابراراللہ کے ساتھ مبینہ واردات کی کوشش کرنے والے ڈاکوؤں میں سے ایک اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا، جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین مبینہ ڈاکو کانسٹیبل ابراراللہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر تھانہ صدر پولیس گوجرہ فوری طور پر متحرک ہو گئی۔ چک نمبر 415 ج ب کے قریب سیم نالہ کی طرف سے آنے والے ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی اور مکئی کی فصل میں چھپنے کی کوشش کی۔

    پولیس نے اضافی نفری طلب کر کے علاقے کو گھیرے میں لیا اور فائرنگ رکنے کے بعد سرچ آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں ملا جس نے اپنا نام عدنان ولد فقیر دین سکنہ چک نمبر 312 گ ب بتایا۔ زخمی ملزم کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا ڈاکو ضلع بھر کی پولیس کو سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔ فرار ہونے والے دو ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد انہیں بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔

  • گوجرہ: جامن کے پتوں کو آگ لگانے کے تنازع پر نوجوان قتل، ملزم کزن نکلا

    گوجرہ: جامن کے پتوں کو آگ لگانے کے تنازع پر نوجوان قتل، ملزم کزن نکلا

    گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) تھانہ صدر گوجرہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 90 ج ب میں معمولی تنازع جان لیوا ثابت ہوا، جہاں 35 سالہ نوجوان ڈاکٹر اعجاز علی کو اس کے سگے کزن محسن نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر اعجاز علی ولد احسان الحق قوم جٹ سکنہ چک نمبر 90 ج ب گوجرہ اپنے گھر کے باہر موجود تھا کہ اچانک اس کا کزن محسن ولد ریاض مسلح رپیٹر موٹر سائیکل پر آیا اور آتے ہی فائرنگ کر دی۔ فائر کے نتیجے میں تین چھرے ڈاکٹر اعجاز کے پیٹ کے بائیں جانب لگے جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ اہل خانہ نے زخمی کو اپنی مدد آپ کے تحت فوری طور پر الائیڈ ہسپتال منتقل کیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    ذرائع کے مطابق چند روز قبل دونوں فریقین کے درمیان جامن کے پتوں کو آگ لگانے کے معاملے پر تلخ کلامی اور گالم گلوچ ہوئی تھی، جس پر محسن نے رنجش رکھتے ہوئے ڈاکٹر اعجاز علی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور کارروائی جاری ہے جبکہ مقتول کی نعش ضروری قانونی کارروائی کے لیے گورنمنٹ آئی کام جنرل ہسپتال گوجرہ منتقل کر دی گئی ہے۔

  • گوجرہ:فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی، مکمل شٹر ڈاؤن، احتجاج  اورریلیاں

    گوجرہ:فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی، مکمل شٹر ڈاؤن، احتجاج اورریلیاں

    گوجرہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار ، عبد الرحمن جٹ)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی کال پر گوجرہ میں فلسطینی مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا اور اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن رہا۔مختلف تنظیموں کے قائدین ریلیوں کی صورت میں چوک ملکانوالہ پہنچے، جہاں ایک احتجاجی جلسہ منعقد ہوا۔

    جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین میں ضلعی صدر ڈاکٹر عطا اللہ حمید، ضلعی نائب امیر مولانا رحمت اللہ ارشد، مرکزی جمعیت اہلحدیث تحصیل گوجرہ کے سرپرستِ اعلیٰ مولانا عبدالقادر عثمان، مفتی افتخار الحسن، مرکزی انجمن تاجران کے صدر چوہدری منصور احمد بھنگو، جنرل سیکریٹری ملک امجد ضیاء، ٹریڈرز یونین کے سرپرست ڈاکٹر محمد ناصر چوہدری، انجمن کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر میاں عثمان زاہد، صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمد اشرف محسن، حیدر علی چوہدری، محمود عزمی، اور مرکزی مسلم لیگ کے رہنما مولانا تاج محمد گجر اور ہمایوں منظور سمیت دیگر شامل تھے۔

    مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہود و نصاریٰ ہمیشہ سے مسلمانوں کے دشمن رہے ہیں۔ قبلہ اول مسجد اقصیٰ اور انبیاء کی سرزمین فلسطین، بالخصوص غزہ کے شہریوں پر اسرائیلی ریاست کے بدترین مظالم جاری ہیں، جس پر تمام مسلم حکمرانوں پر جہاد فرض ہو چکا ہے اور انہیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔
    انہوں نے کہا کہ پوری امتِ مسلمہ کا دینی و اخلاقی فرض ہے کہ وہ متحد ہو کر فلسطینی مسلمانوں کا ہر ممکن تعاون کرے۔

    مقررین نے مزید کہا کہ گوجرہ کے شہریوں نے مکمل ہڑتال کرکے یہ ثابت کر دیا کہ ہم سب متحد ہیں اور مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
    انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور پوری پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    آخر میں فلسطینی مسلمانوں، ملک کی سلامتی اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

  • گوجرہ: اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر کا رات گئے ہسپتال کا دورہ، مریضوں سے ملاقات

    گوجرہ: اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر کا رات گئے ہسپتال کا دورہ، مریضوں سے ملاقات

    گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار: عبد الرحمن جٹ)اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ صدف اکبر نے چارج سنبھالتے ہی رات گئے گورنمنٹ ائی کام جنرل ہسپتال گوجرہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، لیبارٹری اور دیگر شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

    دورے کے دوران انہوں نے مریضوں سے براہ راست ملاقات کی اور ان سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ صفائی ستھرائی کی صورتحال کا بغور جائزہ لینے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر نے انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ مریضوں کو صاف ستھرا اور صحت افزا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

    اس موقع پر انہوں نے ہسپتال عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض کو پوری ذمہ داری اور خلوص سے انجام دیں۔ صدف اکبر کا کہنا تھا کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

  • گوجرخان میں ولیمہ میں مضر صحت کھانا کھانے سے 300 سینکڑوں افراد کی حالت غیر ہو گئی

    گوجرخان میں مضر صحت کھانا کھانے سے سینکڑوں افراد کی حالت ہوگئی، متاثرہ افراد کی تعداد 300 سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

    باغی ٹی وی: تفصیلات کے مطابق گوجر خان کے علاقے ڈھونگ میں شادی کی تقریب میں کھانا کھانے سے کثیر تعداد میں لوگوں کو فوڈ پوائزنگ ولیمہ کھانے والوں کے معدے میں شدید درد، متلی اور قے آنا شروع ہو گئیں، متاثرہ افراد کی تعداد 300 سے بھی تجاوز کر گئی ہے، متاثرہ افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق گوجرخان کے نواحی علاقے میں شادی کا کھانا کھانے سے درجنوں افراد کی حالت غیر ہو گئی جنہیں تشویشنا ک حالت میں ٹی ایچ کیو گوجرخان منتقل کر دیا گیا ، متاثرہ افراد میں سے بعض کو ٹی ایچ کیو سوہاوہ جبکہ بعض کو پرائیویٹ ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے ٹی ایچ کیو گوجرخان میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ، اے سی گوجر خان بھی موقع پر پہنچ گئے، محکمہ صحت اور فوڈ کی ٹیمیں بھی پہنچ گئیں۔

    قومی اسمبلی اجلاس، اسرائیلی مظالم کے خلاف قرارداد منظور

    دوستی سےانکارکیوں کیا؟ امیرزادے نے گریجویشن کی طالبہ کواغواء کرلیا

    ٹرمپ انتظامیہ نے عربی ٹی وی چینل "الحرہ” کی فنڈنگ روک دی

  • ڈیرہ غازی خان سے راولپنڈی جانیوالی بس کو حادثہ، آگ سے ڈرائیور جاں بحق، 10 زخمی

    ڈیرہ غازی خان سے راولپنڈی جانیوالی بس کو حادثہ، آگ سے ڈرائیور جاں بحق، 10 زخمی

    گوجرہ (نامہ نگار عبدالرحمن جٹ)موٹروے ایم فور پر گوجرہ کے قریب ایک المناک حادثہ پیش آیا، جہاں گاڑیوں کے تصادم کے بعد آگ لگنے سے ایک ڈرائیور جھلس کر جاں بحق ہو گیا اور دس مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں جل کر مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔

    اطلاعات کے مطابق بس نمبر 4174 سی اے سی، جس کا ڈرائیور اصغر علی سکنہ خوشاب تھا اور وہ ڈیرہ غازی خان سے 41 مسافروں کو لے کر موٹروے ایم فور کے ذریعے راولپنڈی جا رہی تھی علاقہ نواں لاہور میں موٹروے ایم فور پر انٹرچینج چراغ آباد کے قریب ایک زرعی ادویات سے لدے ہوئے مزدا ڈالے سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجے میں مزدا الٹ گیا اور فوری طور پر دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

    آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دونوں گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث بس کا ڈرائیور اصغر علی بری طرح جھلس گیا۔ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ بس میں سوار دس مسافر جن میں ثناء فاطمہ، مغیث الرحمن، محمد اشفاق، تحریم بی بی، راشدہ بی بی، اطہر حسین، ابو بکر اور دیگر خواتین و حضرات شامل ہیں، شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرہ منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بس میں سوار دیگر مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت گاڑی سے نکل کر اپنی جانیں بچائیں۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر برگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں، تاہم اس وقت تک دونوں گاڑیاں جل کر خاکستر ہو چکی تھیں۔ مزدا ڈالے کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی گوجرہ اشرف تبسم اور موٹروے پولیس کے دیگر افسران اور نواں لاہور پولیس کی نفری بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ پولیس حکام واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

  • گوجرہ:زمین کا تنازعہ ،35 سالہ شخص قتل، ملزمان فرار

    گوجرہ:زمین کا تنازعہ ،35 سالہ شخص قتل، ملزمان فرار

    گوجرہ (عبد الرحمن جٹ) زمین کے تنازعہ نے ایک اور جان لے لی، چک نمبر 281 ج ب کے رہائشی 35 سالہ راشد سلیم کو ٹوکے اور کسی تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    اطلاعات کے مطابق راشد سلیم اپنے کھیتوں میں مکئی کی فصل کی دیکھ بھال کے لیے گیا تھا جہاں شہباز، بلال اور غفران وغیرہ نے اس پر حملہ کر دیا۔ ملزمان نے راشد سلیم پر ٹوکے اور کسی دوسرے ہتھیار سے پے در پے وار کیے جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ صدر پولیس گوجرہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقتول کی نعش کو اپنی تحویل میں لے کر تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال گوجرہ منتقل کیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے اور پولیس نے مفرور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملزمان مقتول کے قریبی رشتہ دار بتائے جاتے ہیں جن کے درمیان زمین کا تنازعہ چل رہا تھا۔ آخری اطلاعات تک کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

  • گوجرہ: گھریلو جھگڑے پر شوہر نے بیوی کو گلا دبا کر قتل کر دیا، ملزم فرار

    گوجرہ: گھریلو جھگڑے پر شوہر نے بیوی کو گلا دبا کر قتل کر دیا، ملزم فرار

    گوجرہ (نامہ نگار عبد الرحمن جٹ)تھانہ صدر گوجرہ کی حدود میں افسوسناک واقعہ، نواحی گاؤں چک نمبر 351 ج ب میں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو گلا دبا کر قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حق نواز نامی شخص نے گھریلو تنازع پر طیش میں آ کر اپنی 3 بچوں کی ماں نسرین بی بی کو گلا گھونٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی گوجرہ محمد اشرف تبسم پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔

    پولیس کے مطابق واردات کے بعد ملزم حق نواز موقع سے فرار ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    پولیس نے مقتولہ کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے گورنمنٹ آئی کام جنرل ہسپتال گوجرہ منتقل کر دی جبکہ ابتدائی قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

  • گوجرہ :کچہری کے باہر کتوں کا راج،وکیل زخمی، انتظامیہ بے بس!

    گوجرہ :کچہری کے باہر کتوں کا راج،وکیل زخمی، انتظامیہ بے بس!

    گوجرہ ،باغی ٹی وی (نامہ نگارعبدالرحمن جٹ)کچہری کے باہر کتوں کا راج،وکیل زخمی، انتظامیہ بے بس!

    گوجرہ کے اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر کے باہر آوارہ کتوں کی موجودگی نے شہریوں کے لیے خطرہ پیدا کر دیا ہے۔ باغی ٹی وی کے نامہ نگار عبد الرحمن جٹ کے مطابق، یہ آوارہ کتے دفتر کے باہر موجود رہتے ہیں اور آنے جانے والے لوگوں پر حملہ آور ہوتے ہیں۔ حال ہی میں، ایک وکیل میاں شرجیل اشرف اس وقت آوارہ کتوں کا نشانہ بنے جب وہ اپنی موٹر سائیکل پر دفتر جا رہے تھے۔ کتوں کے حملے کی وجہ سے وہ خوفزدہ ہو کر اپنی موٹر سائیکل سے گر گئے، جس سے ان کے کندھے کی ہڈی ٹوٹ گئی اور انہیں دیگر چوٹیں بھی آئیں۔

    شہریوں نے انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی گوجرہ کی آوارہ کتوں کو تلف کرنے میں ناکامی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تھوڑے دن پہلے، گوجرہ میں ایک شخص کتے کے کاٹنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔ شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر گوجرہ کچہری اور شہر کے پارکوں سے آوارہ کتوں کو تلف کریں تاکہ ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔

  • گوجرہ: بھیک مانگنے کے بہانے بچی اغوا کرنے والی خواتین گرفتار

    گوجرہ: بھیک مانگنے کے بہانے بچی اغوا کرنے والی خواتین گرفتار

    گوجرہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) بھیک مانگنے کے بہانے بچوں کو اغوا کرنے والی دو خواتین کو محلہ شاہ آباد کالونی میں رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان نے نعمان نامی شخص کی چار سالہ بیٹی کو اس وقت اغوا کیا جب وہ گھر میں سو رہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ملزم خواتین جن کی شناخت گڑیا اور فیروزہ کے نام سے ہوئی ہے، بچی کو اغوا کر کے فرار ہو رہی تھیں کہ محلے والوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں پکڑ لیا۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او سٹی سرفراز احمد موقع پر پہنچے اور بچی کو بازیاب کروا کر ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس نے ملزم خواتین کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔