Baaghi TV

Category: ٹوبہ ٹیک سنگھ

  • گوجرہ: ماسٹر ہاکی ورلڈ کپ 2024ء میں الائنس انٹرنیشنل ٹیم نے سلور میڈل جیتا

    گوجرہ: ماسٹر ہاکی ورلڈ کپ 2024ء میں الائنس انٹرنیشنل ٹیم نے سلور میڈل جیتا

    گوجرہ (نامہ نگار باغی ٹی وی عبد الرحمن جٹ) ماسٹر ہاکی ورلڈ کپ 2024ء، الائنس انٹرنیشنل ٹیم کا شاندار کھیل، سلور میڈل حاصل

    نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں منعقدہ ماسٹر ہاکی ورلڈ کپ 2024ء کے فائنل میں آسٹریلیا نے الائنس انٹرنیشنل ہاکی ٹیم (مین 45 آئی ایم سی) کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا، جبکہ الائنس انٹرنیشنل ٹیم نے سلور میڈل جیت کر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    الائنس انٹرنیشنل ٹیم کے کپتان رانا محمد نواز اور دیگر کھلاڑیوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ ٹیم کی کوچنگ عالمی شہرت یافتہ سابق کپتان شہباز احمد کے ذمہ تھی۔

    رانا محمد نواز نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ماسٹر ہاکی ورلڈ کپ کے دوران ٹیم نے بھرپور محنت اور لگن کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا:
    "یہ ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ہم فائنل میں پہنچے اور سلور میڈل حاصل کیا۔ کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے، لیکن ہماری کارکردگی تسلی بخش رہی اور ہم دوسری پوزیشن پر فخر محسوس کرتے ہیں۔”

    الائنس انٹرنیشنل ٹیم کی اس کارکردگی نے نہ صرف ہاکی کے کھیل میں پاکستان کا نام روشن کیا بلکہ ثابت کیا کہ ہاکی کا جذبہ آج بھی زندہ ہے۔

  • گوجرہ کے کھلاڑیوں کی کھیلتا پنجاب میں شاندار کامیابیاں

    گوجرہ کے کھلاڑیوں کی کھیلتا پنجاب میں شاندار کامیابیاں

    گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ رانا کامران اشرف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروگرام "کھیلتا پنجاب” میں گوجرہ کے نوجوان کھلاڑیوں کی شرکت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرہ نے ہاکی کے میدان میں نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

    یہ بات انہوں نے انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں "کھیلتا پنجاب” میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے گوجرہ کے کھلاڑیوں کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شہر ہمیشہ کھیلوں کے میدان میں اپنا لوہا منواتا رہا ہے۔

    تقریب میں بتایا گیا کہ تحصیل گوجرہ سے ہاکی کھلاڑیوں نے "کھیلتا پنجاب” کے تحت ڈسٹرکٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ڈسٹرکٹ فیصل آباد دونوں میں فرسٹ پرائز حاصل کیا جبکہ وومین ہاکی ٹیم فیصل آباد ڈویژن سے رنر اپ رہی۔

    تقریب میں انٹرنیشنل کھلاڑی خاور جاوید، محمود احمد اور محمد مالک ملک سمیت دیگر کھلاڑیوں اور شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی کامیابیوں کو گوجرہ کی روایت کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ ایسے پروگرامز سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملتا ہے۔

  • گوجرہ: چوری کی کوشش ناکام، چور روشن دان میں پھنس کر ہلاک

    گوجرہ: چوری کی کوشش ناکام، چور روشن دان میں پھنس کر ہلاک

    گوجرہ ، باغی ٹی وی(نامہ نگارعبدالرحمن جٹ ): گوجرہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 160 گ ب میں ایک شخص کو چوری کی کوشش مہنگی پڑ گئی، جب وہ روشن دان میں پھنس کر مبینہ طور پر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    تفصیلات کے مطابق قمر عباس ولد عنایت علی جو کہ محلہ عباس نگر نارووال کا رہائشی تھا اور عارضی طور پر چک نمبر 160 گ ب میں مقیم تھا، نشے کا عادی ہونے کے ساتھ مبینہ طور پر چوری کی نیت سے ساجد نامی دکاندار کے ٹی اسٹال کے روشن دان کے ذریعے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ تاہم روشن دان میں پھنس گیا اور مبینہ طور پر جان کی بازی ہار گیا۔

    صبح جب دکاندار نے دکان کھولنے کی کوشش کی تو اس واقعے کا انکشاف ہوا۔ دکاندار نے فوری طور پر 1122 کو اطلاع دی، جنہوں نے قمر عباس کی لاش کو روشن دان سے نکال کر ضروری قانونی کارروائی کے لیے گورنمنٹ اے آئی کام جنرل ہسپتال گوجرہ منتقل کیا۔

    پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • گوجرہ: مردہ مرغیوں کا سپلائر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی گرفت میں آگیا

    گوجرہ: مردہ مرغیوں کا سپلائر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی گرفت میں آگیا

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبدالرحمن جٹ) گوجرہ میں مردہ مرغیوں کی سپلائی کرنے والا مکروہ کاروبار پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ہاتھوں بے نقاب ہوگیا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایات پر مردہ مرغیوں کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔

    فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر (آپریشنز) کی سربراہی میں لائیو سٹاک آفیشلز کے ہمراہ گوجرہ کے نواحی علاقے 283 ج ب اڈا دواکھڑی پر ایک بڑی کارروائی کی۔ اس کارروائی کے دوران میاں چکن سیل سینٹر سے بڑی تعداد میں مردہ مرغیاں برآمد ہوئیں، جنہیں نیلے ڈرموں اور سفید تھیلوں میں چھپایا گیا تھا۔ مردہ مرغیوں کا گوشت مختلف فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا۔

    تمام برآمد شدہ مردہ مرغیاں موقع پر ہی تلف کر دی گئیں اور ملزمان کے خلاف تھانہ صدر گوجرہ میں مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ اس کے علاوہ مردہ مرغیوں کے مکروہ دھندے میں ملوث چکن شاپ کو بھی سیل کر دیا گیا۔

    اس موقع پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ مردہ گوشت کا کاروبار کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور عوام الناس کو ایسے عناصر کے بارے میں فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کو مطلع کرنے کی ہدایت دی۔

  • گوجرہ: ایم این اے اسامہ حمزہ کے چچا کی فیکٹری میں آگ گئی

    گوجرہ: ایم این اے اسامہ حمزہ کے چچا کی فیکٹری میں آگ گئی

    گوجرہ، باغی ٹی وی (نامہ نگار عبد الرحمن جٹ)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسامہ حمزہ کے چچا باؤ راشد کی جھنگ روڈ پر قائم کاٹن فیکٹری اور کولڈ اسٹوریج میں آگ لگنے سے کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔

    آگ ویلڈنگ کے دوران شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جس نے کولڈ اسٹوریج کی لکڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع پر ریسکیو 1122 اور ضلع بھر کی فائربریگیڈ ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ تین گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔

    آتشزدگی کے نتیجے میں کولڈ اسٹوریج کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور شہر میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔

  • گوجرہ: یوسف رضا گیلانی کی مقامی قیادت سے ملاقات، این ایف سی ملازمین کی بحالی کی یقین دہانی

    گوجرہ: یوسف رضا گیلانی کی مقامی قیادت سے ملاقات، این ایف سی ملازمین کی بحالی کی یقین دہانی

    گوجرہ (باغی ٹی وی عبد الرحمن جٹ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نواں لاہور کے نجی دورے کے دوران ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت ملک شیر طارق کے ڈیرے پر پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں تحصیل صدر سرشار چیمہ اور جنرل سیکرٹری ظفر عالم چوہدری پر مشتمل وفد نے تنظیم سازی پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس دوران پیپلز پارٹی قیادت نے این ایف سی کے ان ملازمین کی بحالی کا مطالبہ کیا، جنہیں مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں ملازمت سے برطرف کیا گیا تھا۔

    سید یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ قومی اسمبلی پہلے ہی ان ملازمین کی بحالی کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے، تاہم اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پیپلز پارٹی اس معاملے کو دوبارہ قومی سطح پر اجاگر کرے گی اور ملازمین کی بحالی کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔

  • گوجرہ: چوری و ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں پر تاجروں کا ایس ایچ او کے تبادلے کا مطالبہ

    گوجرہ: چوری و ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں پر تاجروں کا ایس ایچ او کے تبادلے کا مطالبہ

    گوجرہ (نامہ نگار ،عبدالرحمن جٹ کی رپورٹ) جنرل سیکرٹری انجمن تاجران شیخ امجد ضیا نے پولیس کی کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے تھانہ سٹی گوجرہ کے ایس ایچ او کے فوری تبادلے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی گوجرہ کی حدود میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مونگی روڈ پر فارمیسی میں فائرنگ کے بعد ملزمان قتل کر کے فرار ہو گئے، جبکہ پولیس ملزمان کو ٹریس کرنے میں ناکام رہی۔

    شیخ امجد ضیا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر جمعہ تک ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو مرکزی انجمن تاجران ہفتے کے روز پولیس کے خلاف احتجاج کرے گی۔ انہوں نے پولیس کی نااہلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ شہریوں کی جان و مال غیر محفوظ ہو چکے ہیں، جبکہ پولیس خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے۔

    اہلیان گوجرہ نے بھی اعلیٰ افسران سے فوری نوٹس لینے اور ایس ایچ او سٹی گوجرہ کے تبادلے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں نے پولیس کی موجودہ کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عوامی تحفظ یقینی بنایا جائے اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔

  • گوجرہ:گھریلو جھگڑے پر نوجوان کی خودکشی کی کوشش، حالت تشویشناک

    گوجرہ:گھریلو جھگڑے پر نوجوان کی خودکشی کی کوشش، حالت تشویشناک

    گوجرہ (نامہ نگارعبدالرحمن جٹ) تھانہ سٹی گوجرہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 298 ج ب میں گھریلو تنازعے پر نوجوان شہزاد علی ولد احمد علی نے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھا لیں۔ زہر کے اثرات کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہو گئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر گورنمنٹ اے آئی کام جنرل ہسپتال گوجرہ منتقل کیا گیا۔

    ابتدائی طبی امداد کے بعد شہزاد علی کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے اور واقعے کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    گھریلو تنازعات کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شہریوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے اور مسائل کے حل کے لیے بہتر رویوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

  • گوجرہ: صرافہ ایسوسی ایشن ٹوبہ ٹیک سنگھ کی حلف وفاداری کی شاندار تقریب

    گوجرہ: صرافہ ایسوسی ایشن ٹوبہ ٹیک سنگھ کی حلف وفاداری کی شاندار تقریب

    گوجرہ (نامہ نگار ، عبد الرحمٰن) صرافہ ایسوسی ایشن ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تقریب حلف وفاداری مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں گوجرہ کے رہنماؤں نے حاجی محمد اشرف محسن اور جنرل سیکرٹری رانا محمد طارق کی قیادت میں خصوصی شرکت کی۔

    تقریب میں نومنتخب عہدیداروں نے اپنے عہدوں کا حلف لیا۔ حاجی محمد اشرف محسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صرافہ برادری کو متحد ہو کر اپنے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے اور کاروبار کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔

    جنرل سیکرٹری رانا محمد طارق نے صرافہ برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں اور تنظیم کے اتحاد کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔

    تقریب میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کی صرافہ برادری کے اہم رہنماؤں اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عہدیداروں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ برادری کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے لیے عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

  • گوجرہ:تیز رفتاربس کی موٹرسائیکل کوٹکر،دو نوجوان جاں بحق

    گوجرہ:تیز رفتاربس کی موٹرسائیکل کوٹکر،دو نوجوان جاں بحق

    گوجرہ (نامہ نگار ، عبد الرحمن جٹ) گوجرہ ٹوبہ ٹیک سنگھ روڈ پر المناک حادثے میں دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ حادثہ مریم فلنگ اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار منٹھار بس (BSC-688) نے مخالف سمت سے آنے والی موٹر سائیکل (TSM-6291) کو ٹکر مار دی۔

    موٹر سائیکل پر 327 ج ب بھیلر کے رہائشی ماجد علی ولد بابو خان اور برہان ولد نذیر سوار تھے جو ٹوبہ سے گوجرہ آ رہے تھے۔ دونوں نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    ریسکیو 1122 نے جاں بحق افراد کی لاشیں سول ہسپتال گوجرہ منتقل کر دی ہیں۔ حادثے کے بعد بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔