انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف احتجاج کیس میں چالان جمع نہ کرانے پر ڈی آئی جی اسلام آباد کو ایک ماہ قید کی سزا سنا دی گئی-
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی دوران سماعت انہوں نے ڈی آئی جی اسلام آباد جواد طارق کو ایک ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرما نے کی سزا سنا دی،عدالت کی جانب سے متعدد نوٹسز جاری کیے جانے کے باوجود مقدمے کا چالان جمع نہیں کروایا جا رہا تھا، جس پر عدالت نے کارروائی کی، سماعت کے دوران جج طاہر عباس سپرا نے زبانی حکم سناتے ہوئے کہا کہ تحریری حکم نامہ تھوڑی دیر میں جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف یہ مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج ہے، یہ کیس 4 اکتوبر کو ہونے والے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران پولیس اہلکار کی شہادت سے متعلق تھا، کیس میں عدم حاضری پر سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، عامر مغل اور حفیظ الرحمان سمیت دیگر ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے-
