Baaghi TV

Tag: اراہیم انور

  • بھارتی صحافی کے اسرار کے باوجود ملائیشین وزیراعظم کا پاکستان پر دہشتگردی کا الزام ماننے سے صاف انکار

    بھارتی صحافی کے اسرار کے باوجود ملائیشین وزیراعظم کا پاکستان پر دہشتگردی کا الزام ماننے سے صاف انکار

    ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے بھارتی صحافی کے بار بار اسرار کے باوجود پاکستان پر دہشتگردی کی سرپرستی کے بھارتی الزامات کی تائید کرنے سے دو ٹوک انکار کیا ہے۔

    بھارت میں برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر بھارت کے دورے پر موجود ملائیشین وزیراعظم نے ایک بھارتی نیوز چینل ’این ڈی ٹی وی ‘ کو خصوصی انٹرویو دیا،اس دوران انہوں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کے انتہائی نپے تلے اور واضح جوابا ت دیے۔

    انور ابراہیم نے فلسطین پر اسرائیلی قبضے اور نہتے عوام پر جاری بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ان کا کہنا تھا کہ حماس تو محض 20 سال پرانی تنظیم ہے، مگر فلسطین پر اسرائیلی تسلط اور نوآبادیاتی نظام 70 برسوں سے جاری ہے،ملائیشین وزیراعظم نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ غزہ میں مسلسل بمباری اور قتل و غارت گری صریحاً ‘ریاستی دہشتگردی’ ہے، ملائیشیا اور بھارت دونوں نوآبادیاتی نظام کے دکھ کو بخوبی سمجھتے ہیں، اس لیے اسرائیل کا فلسطین پر قبضہ کسی صو رت قابلِ قبول نہیں ہو سکتا۔

    انٹرویو کے دوران جب بھارتی میزبان نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں گزشتہ سال ہونے والے واقعے کا حوالہ دے کر پاکستان پر ‘ریاستی دہشتگرد ی’ کا الزام لگوانا چاہا، تو انور ابراہیم نے ایسا کرنے سے صاف اور دو ٹوک انکار کر دیا،انہوں نے کہا کہ وہ اس حد تک نہیں جائیں گے، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ بھارت میں یہ ایک انتہائی حساس معاملہ ہے انور ابراہیم نے واضح کیا کہ اگرچہ وہ بھارتی وزیراعظم کے قریبی دوست ہیں، لیکن ان کا ملک پاکستان کے ساتھ بھی معمول کے سفارتی اور ریاستی روابط رکھتا ہے۔

    بھارتی صحافی کی جانب سے مبینہ اعداد و شمار پیش کرنے اور بار بار اصرار پر ملائیشین وزیراعظم نے حقائق پر مبنی مؤقف اپنایا انہوں نے کہا کہ وہ یہ نہیں کہہ رہے کہ دہشتگردی کے واقعات نہیں ہوئے، لیکن ملائیشیا کے انٹیلی جنس اداروں نے کبھی ایسی کوئی رپورٹ نہیں دی جس میں ثابت ہو کہ پاکستان بھار ت میں کسی ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہےبحیثیت وزیراعظم وہ صرف ان حقائق پر بات کر سکتے ہیں جو ان کے ریاستی اداروں نے تصدیق کیے ہوں انہوں نے بھارت کی شاندار تاریخ اور ثقافت کی تعریف کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود تنازعات جلد حل ہو جائیں گے۔