Baaghi TV

Tag: اسرائیلی بحریہ

  • اسرائیلی بحریہ نے غزہ کیلئے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روک لیا

    اسرائیلی بحریہ نے غزہ کیلئے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روک لیا

    اسرائیلی بحریہ نے غزہ کیلئے امداد لے جانے والے صمود فلوٹیلا کو روک لیا۔

    انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق غزہ تک امداد پہنچانے کے لیے روانہ ہونے والے ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ کے جہازوں کو اسرائیلی افواج نے بین الاقوامی پانیوں میں روک کر کارروائی شروع کر دی، جبکہ متعدد کشتیوں سے رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے ڈرونز، کمیونیکیشن جیمنگ ٹیکنالوجی اور مسلح اہلکاروں کے ذریعے بحیرہ روم میں فلوٹیلا کو گھیر لیا۔ اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ 58 میں سے 7 کشتیوں کو یونان کے جزیرے کریٹ کے قریب تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

    فلوٹیلا منتظمین کے مطابق اسرائیلی بحریہ نے کشتیوں کو گھیر کر شرکا کو ہتھیاروں کے زور پر قابو میں لیا اور متعدد جہازوں سے رابطہ منقطع کر دیا۔ ان کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے کیونکہ واقعہ بین الاقوامی پانیوں میں پیش آیا۔

    اسرائیل کے اقوام متحدہ میں سفیر ڈینی ڈینن نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ فلوٹیلا کو اسرائیلی حدود تک پہنچنے سے پہلے ہی روک دیا گیا، جبکہ فوج پُرعزم انداز میں کارروائی کر رہی ہے۔

    فلوٹیلا کے ترجمان نے اس اقدام کو غیر مسلح شہری کشتیوں پر براہِ راست حملہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے مطابق 400 سے زائد افراد ان جہازوں پر سوار ہیں جن کی سلامتی خطرے میں ہے۔

    رپورٹس کے مطابق فلوٹیلا اٹلی سے روانہ ہو کر غزہ کی جانب جا رہا تھا اور اسرائیلی کارروائی کے وقت یہ غزہ سے قریباً 600 ناٹیکل میل دور تھا، جو ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ فاصلے پر کی جانے والی کارروائی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اسرائیل غزہ کے لیے جانے والے امدادی فلوٹیلا کو روک چکا ہے اور متعدد کارکنان کو حراست میں لے کر بعد ازاں ملک بدر کر دیا گیا تھا۔

  • برطانیہ :اسرائیلی نیوی کے یونٹ کے خلاف جنگی جرائم کی شکایت دائر

    برطانیہ :اسرائیلی نیوی کے یونٹ کے خلاف جنگی جرائم کی شکایت دائر

    بیلجیم میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ہند رجب فاؤنڈیشن (HRF) نے برطانیہ میں اسرائیلی بحریہ کی اسپیشل فورس "شیطیت 13” اور اس کے کمانڈر وائس ایڈمرل ڈیوڈ سعار سلامہ کے خلاف جنگی جرائم کی شکایت دائر کر دی ہے۔

    تنظیم کے مطابق شکایت کل اسرائیلی فورسز کے ذریعے برطانوی پرچم بردار کشتی "مدلین” پر حملے کے بعد دائر کی گئی ہےمدلین کشتی، جو فریڈم فلوٹیلا کولیشن کا حصہ تھی، غزہ کے شہریوں کے لیے طبی سامان، خوراک اور بچوں کے دودھ جیسی امدادی اشیاء لے جا رہی تھی، یہ کشتی جب اسرائیلی نیوی کے شیطیت 13 کمانڈوز نے روکی، تب وہ سمندر میں 60 ناٹیکل میل (111 کلومیٹر) کے فاصلے پر بین الاقوامی پانیوں میں موجود تھی، اور قانونی طور پر برطانوی سرزمین شمار ہوتی ہے۔

    فریڈم فلوٹیلا کے بحری جہاز پر اسرائیلی فوج کا حملہ، جہاز پر سوار 12 افراد کو یرغمال بنا لیا

    واضح رہے کہ ہند رجب فاؤنڈیشن اس فلسطینی بچی کے نام پر قائم کی گئی ہے جو غزہ میں اسرائیلی حملے میں ہلاک ہوئی تھی تنظیم پہلے بھی ہزار سے زائد اسرائیلیوں کے خلاف جنگی جرائم کے ثبوت عالمی فوجداری عدالت (ICC) میں جمع کروا چکی ہے۔