Baaghi TV

Tag: اظہر علی

  • حارث روف کے بعد اظہرعلی کے حوالے سے بُری خبرآگئی

    حارث روف کے بعد اظہرعلی کے حوالے سے بُری خبرآگئی

    لاہور:حارث روف کے بعد اظہرعلی کے حوالے سے بُری خبرآگئی ،اطلاعات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے پریکٹس سیشن میں گیند لگنے سے اظہر علی زخمی ہوگئے۔

    منگل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا پریکٹس سیشن جاری تھا۔ اس دوران بیٹنگ کرتےہوئے فاسٹ بالر شاہین آفریدی کی تیز گیند اظہرعلی کو لگی۔

    اظہر علی نیٹ کی وکٹ پر گرگئے۔اس دوران وہاں موجود کھلاڑی اور فیزیونے فوری طور پر اظہر علی کا اٹھایا۔ڈاکٹرز کےمطابق اظہر علی کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں لیکن وہ 24 گھنٹے آبزرویشن میں رہیں گے۔ٹیم انتظامیہ کےمطابق گیند لگنے کے بعد اظہر علی نے فیلڈنگ اور کیچنگ پریکٹس بھی کی۔

    ٹیسٹ اسکواڈ
    کپتان بابراعظم، نائب کپتان محمد رضوان، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نعمان علی، ساجد خان، سعود شکیل، شاھین شاہ آفریدی، شان مسعود، زاہد محود۔

    ریزرو پلیئرز
    سرفراز احمد، نسیم شاہ، محمد عباس، یاسر شاہ، کامران غلام

    چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں کرنے کے بجائے ایک تسلسل برقرار رکھا گیا ہے، اس سے نہ صرف کھلاڑیوں میں اعتماد بڑھے گا بلکہ یہ ان کی سال 2021 میں عمدہ کارکردگی کا صلہ بھی سمجھا جائے گا۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 27 فروری سے 6 اپریل تک پاکستان میں موجود رہے گی۔ تاریخی دورہ کا آغاز 3 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز سے ہوگا۔ پہلا ٹیسٹ میچ 4 مارچ سے راولپنڈی میں کھیلا جائےگا۔

    مہمان ٹیم دورے کے دوران 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلے گی۔

    یاد رہے کہ اس سے پہلے اس خبرنے کرکٹ شائقین کو غمگین کردیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کےمطابق حارث روف کا راولپنڈی بائیو سکیور ببل شفٹ ہونے پرکوویڈ ٹیسٹ کیا گیا جو کہ مثبت آیا۔

    قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے بقیہ کھلاڑیوں کا کوویڈ تیسٹ منفی آیا ہے۔

    حارث روف آج قومی اسکواڈ کے ہمراہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس کررہے تھے۔ آج صبح ہونے والےکوویڈ ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت رپورٹ آنے پر ٹیم ڈاکٹر نے حارث روف کو گراؤنڈ سے باہر بلوا کر آئیسولیشن میں منتقل کیا۔

    قومی اسکواڈ کے تمام کھلاڑیوں کا دوبارہ کوویڈ ٹیسٹ ہوٹل پہنچنے کے بعد کیا گیا۔

  • اسٹیو واہ کی بیٹنگ صلاحیتوں سے متاثر اظہر علی پاکستان اور آسٹریلیا کے مقابلوں کی یادیں تازہ کرنے لگے

    اسٹیو واہ کی بیٹنگ صلاحیتوں سے متاثر اظہر علی پاکستان اور آسٹریلیا کے مقابلوں کی یادیں تازہ کرنے لگے

    اسٹیو واہ کی بیٹنگ صلاحیتوں سے متاثر اظہر علی پاکستان اور آسٹریلیا کے مقابلوں کی یادیں تازہ کرنے لگے-

    باغی ٹی وی : پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان اورموجودہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے تجربہ کار بیٹر اظہر علی پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین 90 کی دہائی میں کھیلے جانے والے سنسنی خیز مقابلوں کی یادیں تازہ کرنے لگے ہیں۔ اسٹیو واہ کی بیٹنگ صلاحیتوں سے متاثر اظہر علی پاکستان کے ٹو ڈبلیوز کے آسٹریلوی بیٹرز کو تہس نہس کردینے والے اسپیلز کی یادیں تازہ کررہے ہیں۔

    اپنے لڑکپن کی یادیں تازہ کرتے ہوئے اظہر علی کہنا ہے کہ 90 کی دہائی میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں دنیا کی دو مضبوط ترین ٹیمیں شمار کی جاتی تھیں ۔ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ ان دونوں ٹیموں کے مابین کرکٹ مقابلے دیکھنے کے لیے بیتاب رہتے تھے۔

    اظہر علی کہتے ہیں انہیں یاد ہے کہ وہ آسٹریلیا اور پاکستان کے اوقات کار کے طویل فرق کے باعث راتوں کو جاگ کر ان دونوں ٹیموں کے مابین میچز دیکھا کرتے تھے۔ وہ ٹو ڈبلیوز (وسیم اکرم اور وقار یونس ) کی رکی پونٹنگ اور ایڈم گلکرسٹ کو کی جانے والے یادگار باؤلنگ اسپیلز کے مداح رہے ہیں۔ شعیب اختر اور بریٹ لی کے مابین تیز ترین گیندیں پھینکنے کی جنگ انہیں آج بھی یاد ہے۔

    اظہر علی کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کی مضبوط باؤلنگ لائن اپ کے بارے میں مشہور تھا کہ یہ 150 رنز کا کامیابی سے دفاع کرنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہیں کئی ایسے میچز یاد ہیں جہاں وسیم اکرم اور وقار یونس نے شعیب اختر کی مدد سے آسٹریلوی کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کردیا تھا۔بیٹنگ میں سعید انور اور انضمام الحق پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جاتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو واہ کی بیٹنگ سے بہت متاثر تھے۔ ان کے بارے میں عام تاثر یہی تھا کہ وہ شارٹ پچ گیندوں کو اچھا نہیں کھیلتے مگر اس کے باوجود اپنے جسم پر باؤنسر ز کھاکر بھی لمبی اننگز کھیلا کرتے تھے۔

    رائیٹ ہینڈ بیٹر 24 سال بعد آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے لیےلگائے جانے والے قومی ٹیسٹ اسکواڈکے ہمراہ 16 فروری سے کراچی میں تربیتی مشقوں کا آغاز کردیں گے۔

    91 ٹیسٹ میچز کھیلنے والے اظہر علی نے اب تک آسٹریلیا کے خلاف 11 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ان 11 ٹیسٹ میچز کی 22 اننگز میں انہوں نے 50 کی اوسط سے ایک ہزار رنز بنارکھے ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف تین سنچریاں اور پانچ نصف سنچریاں اسکور کررکھی ہیں۔اس دوران ان کی 2016 میں میلبرن میں کھیلے گئے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں ناقابل شکست 205 رنز کی اننگز نمایاں ہے۔

    اظہر علی نے کہا کہ آسٹریلیا کے سابق کپتان اور موجودہ بیٹر اسٹیو اسمتھ اور ان کے کرکٹ کیرئیر میں چند مماثلتیں ضرور ہیں مگر وہ جب بھی اسٹیو اسمتھ سے ملتے ہیں تو وہ ان سے کرکٹ پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین 4 مارچ سے راولپنڈی میں شروع ہونے والی سیریز سنسنی خیز ہوگی، جہاں دو مضبوط ٹیموں کے ٹاکرے دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ کی بھی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہوگی۔