Baaghi TV

Tag: بہتری

  • ناہید درانی کے دور میں وزارت تعلیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی،رانا تنویر

    ناہید درانی کے دور میں وزارت تعلیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی،رانا تنویر

    وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے سبکدوش ہونے والی سیکرٹری تعلیم ناہید درانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے دور میں وزارت تعلیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، ان کی تعلیم کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق سیکرٹری ایجوکیشن ناہید درانی کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزارت کے اعلیٰ افسران، چیئرمین پیرا، ڈی جی ایف ڈی ای، سیکرٹری آئی بی سی سی، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ایجوکیشن اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی نے بھی شرکت کی۔

    وفاقی وزیر تعلیم نے سابق سیکرٹری ایجوکیشن ناہید درانی کو اہم خدمات سرانجام دینے پر مبارکباد دی۔ وفاقی وزیر تعلیم نے ناہید درانی کی مستقبل کی ذمہ داریوں کے لئے نیک تمنا وں کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ وزارت کی کارکردگی پہلے سے بہت بہتر کر دی ہے جس پر ناہید درانی کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ناہید درانی کی ایجوکیشن سیکٹر میں بہت گہری انڈرسٹینڈنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کیلئے تعلیم کے شعبے کی ترقی اولین ترجیح ہے اور اس کی کامیابی میں ناہید درانی نےاہم کردار ادا کیا ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے کہا کہ ایجوکیشن ایک اہم وزارت ہے،عوام کی فلاح کیلئے اس میں بہتری لیکر آئیں گے، وزارت کے ماتحت چلنے والے تمام پراجیکٹس کو جلد مکمل کیا جائے گا.

  • لاہور ہائی کورٹ کارروائیوں کو  بہتر بنانے کے لئے ہدایت نامہ جاری

    لاہور ہائی کورٹ کارروائیوں کو بہتر بنانے کے لئے ہدایت نامہ جاری

    لاہور ہائی کورٹ کا عدالتی کارروائیوں کو مزید موثر بنانے کے لئے ہدایت نامہ جاری ہے۔
    چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد قاسم کی ہدایات پر صوبہ بھر کی ضلعی عدالتوں کی ہونے والی انسپکشنزکے دوران عدالتی کارروائیوں میں مختلف بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔جس کی روشنی میں چیف جسٹس محمد قاسم خان کی جانب سے عدالتی کارروائی کے دوران پائی جانے والی بے ضابطگیوں کو ختم کرنے اور عدالتی کارروائیوں کو مزید موثر بنانے کے لئے مختلف ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
    ڈائریکٹوریٹ آف ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی جانب صوبہ بھر کے سیشن ججز کو جاری مراسلے کے مطابق تمام جوڈیشل افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہر قسم کے عبوری حکم نامے جوڈیشل افسران خود لکھیں گے، چاہے ہاتھ سے لکھے جائیں یا متعلقہ سٹاف کو ڈکٹیٹ کئے جائیں، لیکن کوئی بھی عبوری حکم نامہ سٹاف کی جانب سے خود سے نہیں لکھا جائے گا۔ ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ حتمی دلائل کے بعد مقدمات میں غیر ضروری اور لمبی تاریخ نہیں دی جائے گی اور ضابطہ دیوانی کے تحت متعین وقت کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ عدالتیں تکنیکی بنیادوں پر بار بار نوٹسز جاری نہ کریں۔ جوڈیشل افسران مقدمات کو انکے تنازعات کے مطابق سنیں، پرکھیںاور فیصلے کریں۔ ججز شواہد کو ریکارڈ کرتے وقت سپریم کورٹ کے 2015 اور2020 کے فیصلوں کو ملحوظِ خاطر رکھیں۔
    ہدایت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ فوجداری عدالتیں ضابطہ فوجداری پر سختی سے عمل کرتے ہوئے چارج فریم کریں اور فوجداری مقدمات میں 249اے اور 265 کے کی درخواستوں کو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق متعین وقت میں نمٹایا جائے۔ فوجداری عدالتیں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 512 کی کارروائی کے دوران شہادتیں ریکارڈ کریں ۔ مزید برآں فوجداری مقدمات میں دفعہ 342 کا بیان ریکارڈ کرتے ہوئے ملزم کے خلاف دستیاب تمام شواہد اسکے سامنے رکھیں جائیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ ضلع کی تمام عدالتوں کے ریکارڈزکی انسپکشن کریں گے اور15 یوم کے اندر ڈائریکٹوریٹ آف ڈسٹرکٹ جوڈیشری کو اس حوالے سے سرٹیفیکیٹ ارسال کریں گے۔ مراسلے میں تنبیہ کی گئی ہے کہ تمام ہدایات پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے۔