Baaghi TV

Tag: بیٹنگ

  • ایشیا کپ، افغانستان نے بنگلہ دیش کو بھی شکست دے دی

    ایشیا کپ، افغانستان نے بنگلہ دیش کو بھی شکست دے دی

    ایشیا کپ 2022 میں گروپ بی کے اہم میچ میں افغانستان نے بنگلہ دیش کو بھی شکست دے کر گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔

    بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 128 رنز کا ہدف افغانستان صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں پورا کرلیا۔

    افغان بلے باز نجیب اللّٰہ زادران نے اختتامی اوورز میں مجموعی طور پر چھ چھکے لگا کر ٹیم کو جلد فتح سے ہمکنار کیا۔

    نجیب اللہ نے 17 گیندوں پر 43 جبکہ ابراہیم زادران نے 41 گیندوں پر 42 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلیں۔

    شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    افغانستان کے اسپنرز نے بنگلہ دیش کے بلے بازوں کو جکڑ لیا، جہاں ابتدائی 5 بنگلہ دیشی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی نہیں دکھا سکے۔

    مجیب الرحمان اور راشد خان کی گھومتی گیندوں کے سامنے شکیب الحسن، مشفق الرحیم، انعم الحق، محمد نعیم اور عفیف حسین جیسے تجربہ کار بلے باز بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔

    محمود اللّٰہ کے 25 اور مہدی حسن کے 14 رنز کے ساتھ مصدق حسین کی 48 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کی بدولت بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز ہی بناسکی۔

    افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان اور راشد خان نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کا کہنا تھا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، وہ اسکور بورڈ پر رنز سجانے کی کوشش کریں گے جو امید کے مطابق افغانستان کے لیے حاصل کرنا مشکل ہوگا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کے خلاف اچھی تیاری کی ہوئی ہے، حریف ٹیم بھی اچھا کھیل رہی ہے۔افغانستان کے کپتان محمد نبی نے کہا کہ وکٹ فریش ہے، مٹی بھی فریش ہے۔ تاہم امید ہے کہ ہم انہیں کم سے کم ٹوٹل تک روک پائیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس طرح ٹیم نے گزشتہ میچ کھیلا ہے وہ بہترین تھا، ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور آج ٹیم میں کوئی تبدیلی بھی نہیں کی گئی۔

    واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔دونوں گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔ سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

  • پاکستان کی پوری ٹیم 206 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی

    پاکستان کی پوری ٹیم 206 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی

    روٹرڈیم میں کھیلے جانیوالے نیدرلینڈز کے خلاف آخری ایک روزہ میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 206 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔آخری ایک روز ہ میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہوئی اور پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 206 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

    پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم 91 رنز بناکرنمایاں رہے، ان کے علاوہ محمد نواز 27، فخرزمان 26 اور آغا سلمان نے 24 رنز بنائے۔ محمد وسیم 11، زاہد محمود 9، محمد حارث 4 اور نسیم شاہ 3 رنزبنا سکے۔ پاکستان نے نیدرلینڈز کو جیت کے لیے207 رنزکا ہدف دیا ہے۔
    نیدرلینڈز کے باس ڈی لیڈا نے تین اور ویویان کنگما نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    قبل ازیں پاکستان نے نیدر لینڈز کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیاتھا.
    https://twitter.com/TheRealPCB/status/1561271549017165826/photo/1
    روٹرڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ کہ کوشش ہوگی آخری میچ جیت کر سیریز میں 0-3 کی برتری حاصل کریں۔

    سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے اسکواڈ میں چار تبدیلیاں کی ہیں، اوپنر امام الحق، نائب کپتان شاداب خان، محمد رضوان اور حارث رؤف کی جگہ عبداللہ شفیق، زاہد محمود، محمد حارث اور شاہنواز دھانی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    پاکستان کی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، عبداللّٰہ شفیق، فخر زمان، آغا سلمان، خوشدل شاہ، محمد حارث، زاہد محمود، شاہنواز دھانی، محمد نواز، وسیم جونیئر اور نسیم شاہ ٹیم کا حصہ ہیں۔

  • پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت لیا، بیٹنگ کا فیصلہ

    پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت لیا، بیٹنگ کا فیصلہ

    پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوسرے ون ڈے میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دوسرے میچ کے لیے ایک تبدیلی کی گئی ہے اور حسن علی کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

    ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پورن نے کہا کہ کوشش ہوگی میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے۔ قبل ازیں پہلے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شسکت دیدی تھی۔

    پاکستان اسکواڈ میں کپتان بابراعظم، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، محمد حارث، خوشدل شاہ، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم اور حارث رؤف شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل کھیلے گئے پہلے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی تھی۔

  • ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دیا

    ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دیا

    ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں ٹاس جیت لیا.پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دیا ہے۔ مہمان ٹیم نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔

    ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائی ہوپ 127 اور شمارہا بروکس 70 رنز بناکر نمایاں رہے، ان کے علاوہ رومین پاؤل 32 ، روماریو شیفرڈ 25 اور کپتان نیکولس پوران نے 21 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے 2، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پورن کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز چیلنجنگ ہوگی، سیریز جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

    قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹاس جیتتا تو میں بھی پہلے بولنگ کا ہی فیصلہ کرتا، ہر سیریز اہم ہے اور آج کے میچ میں محمد حارث ون ڈے ڈیبیو کر رہے ہیں۔

    پاکستانی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، محمدر ضوان، شاداب خان، محمد حارث، خوشدل شاہ اور محمد نواز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور حسن علی بھی قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 10 اور تیسرا 12 جون کو کھیلا جائے گا۔

  • فاسٹ باؤلرز کی سرزمین سے ابھرتا ہوا ورلڈ کلاس بیٹسمین

    فاسٹ باؤلرز کی سرزمین سے ابھرتا ہوا ورلڈ کلاس بیٹسمین

    فاسٹ باؤلرز کی زرخیز سرزمین پاکستان نے کرکٹ میں ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے کے بعد دنیائے کرکٹ کو زبردست تیز ترین باؤلرز دئی۔ فضل محمود سے شروع ہونے والا سلسلہ سرفراز نواز، عمران خان، وسیم اکرم، وقار یونس، شعیب اختر، محمد سمیع، وہاب ریاض سے ہوتا ہوا 19 سالہ نوجوان شاہین شاہ آفریدی تک بِلا تعطل جاری ہے۔ شاندار اسپین باؤلنگ اور اس میں جدت لانے کا سہرا بھی پاکستانی جادوگر باؤلرز کا کارنامہ رہا۔ گگلی ماسٹر عبدالقادر، مشتاق احمد، دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق اور جادوگر سعید اجمل کے بعد شاداب خان کی صورت میں آج بھی بیٹسمینوں پر اپنا سحر طاری کیے ہوئے ہیں۔


    دوسری طرف جہاں بیٹنگ پاکستان کی ہر دور میں کمزوری رہی ہے وہیں پاکستان نے ورلڈ کلاس بیٹسمین بھی پیدا کیے ہیں۔ لٹل ماسٹر حنیف محمد، ایشین بریڈ مین ظہیر عباس، جاوید میانداد، لفٹی سعید انور، لیجنڈری انضمام الحق، محمد یوسف، یونس خان، مصباح الحق کے بعد فخر زمان، امام الحق اور رنز مشین بابر اعظم نمایاں ہیں۔
    حالیہ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنے کیریئر کے تیز ترین 3 ہزار رنز مکمل کر کے ورلڈ ریکارڈ میں ہاشم آملہ کے بعد دوسرے نمبر اور ایشیاء سے پہلے نمبر پر نام درج کروانے والے بابر اعظم موجودہ پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ میں ریڑھ کی ہڈی تصور کیے جاتے ہیں۔ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے 24 سالہ نوجوان بابر اعظم نے یہ اعزاز اپنے کیریئر کے 70 ویں میچ میں 68 اننگز کھیل کر حاصل کیا۔ شرمیلے اور دھیمے مزاج کے بابر کو بچپن سے ہی کرکٹ کا شوق خاندان سے ملا۔ پندرہ اکتوبر 1994ء کو لاہور میں پیدا ہونے والے بابر اعظم مشہور کرکٹر اکمل برادران (کامران اکمل، عمر اکمل اور عدنان اکمل) کے کزن ہیں۔


    2010ء سے زرعی ترقیاتی بنک کی ٹیم سے اپنے ڈومیسٹک کیریئر کا آغاز کرنے والے بابر نے U19 اور پاکستان اے کی نمائندگی کی۔ اپنی پر اثر بیٹنگ سے سب کے دل موہ لینے والے نوجوان نے اپنا پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ 31 مئی 2015ء کو پاکستان کے دورے پر آئی زمبابوے کی ٹیم کے خلاف قدافی اسٹیڈیم میں کھیلا۔ جہاں 60 بالز پر 54 کی اننگز کھیل کر اپنی آمد کا اعلان کیا۔ بابر نے 16ویں ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں اپنی پہلی سینچری ویسٹ انڈیز کے خلاف 30 ستمبر 2016ء کو شارجہ میں اسکور کی جب وہ 131 بالز پر 120 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ایک روزہ مقابلوں کی اس سیریز کے اگلے دو میچز میں بھی بالترتیب 123 اور 117 رنز اسکور کیے جو ایک نیا ورلڈ ریکارڈ قائم تھا۔
    اس سے پہلے 7 ستمبر 2016ء کو اولڈ ٹریفٹ کے گراؤنڈ پر انگلینڈ کے خلاف T20 کیریئر کا آغاز کرتے ہوئے 11 بالز پر *15 اسکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ جبکہ محدود اوورز کے اس کھیل میں پہلی ففٹی ویسٹ انڈیز کے خلاف ہی T20 کیریئر کے دوسرے میچ میں دبئی کرکٹ گراؤنڈ پر اسکور کی جہاں 37 بالز پر ناقابل شکست *55 رنز کی اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کے اسی دورے میں 23 اکتوبر 2016ء کو دبئی کرکٹ گراؤنڈ پر ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے بابر نے پہلی اننگز میں 69 اور دوسری اننگز میں 21 رنز اسکور کیے۔ محدود اوورز کی کرکٹ کے برعکس اپنی پہلی سینچری کے لیے بابر کو زیادہ انتظار کرنا پڑا نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی میزبانی میں کھیلے گئے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں دبئی کرکٹ گراؤنڈ پر اس فارمیٹ کی پہلی سینچری اسکور کی۔ 24 نومبر کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ناقابل شکست رہتے ہوئے 263 بالز پر *127 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جو اب تک اس فارمیٹ میں اس نوجوان کھلاڑی کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔
    بابر اعظم اب تک 21 ٹیسٹ میچز کی 40 اننگز میں 5 بار ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے ایک سینچری اور 11 ففٹیز کی مدد سے 1235 رنز اسکور کر چکے ہیں۔ جہاں ان کی اوسط 35.29 ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں 144 چوکے اور 7 چھکے لگانے والے بابر فیلڈنگ کرتے ہوئے 16 کیچز بھی پکڑ چکے ہیں۔
    ٹیسٹ کرکٹ کی نسبت محدود اوورز کے کھیل میں بابر کی شاندار مہارت خوب نکھر کر نظر آئی۔ ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں اب تک 71 میچز کی 69 اننگز میں دس بار ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 52.83 کی شاندار اوسط اور 85.97 کے مضبوط سٹرائیک ریٹ سے 3117 رنز اسکور کیے ہیں۔ جس میں 10 سینچری اور 14 ففٹیز بھی شامل ہیں۔ 268 چوکے اور 27 چھکے لگانے والے کھلاڑی کا سب سے بڑا اسکور *125 ناٹ آؤٹ ہے جو 9 اپریل 2017ء پر ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا۔ اس دوران بابر نے مخالف ٹیمیوں کے 35 کیچز بھی پکڑے۔ کرکٹ ماہرین بابر اعظم کا تقابل دنیا کے نمبر ون بیٹسمین ویراٹ کوہلی سے کرتے ہیں تیز ترین ایک ہزار، دو ہزار اور پھر تین ہزار رنز مکمل کرنے میں بابر اعظم ہندوستانی کھلاڑی ویراٹ کوہلی سے کہیں آگے ہیں۔ T20 انٹرنیشنل رینکنگ میں نمبر ون پر موجود بابر اعظم اب تک 30 میچز میں 7 بار ناقابل شکست رہتے ہوئے 54.22 کی بھاری اوسط سے 1247رنزجڑ چکے ہیں۔ اس فارمیٹ میں 128.96 کے سٹرائیک ریٹ سے کھیلنے والے بابر نے 124 چوکے اور 18 چھکے بھی لگا رکھے ہیں۔ T20 میں 10 بار 50 کا ہندسہ عبور کرنے والے بابر کا سب سے بڑا اسکور *97 ناٹ آؤٹ رہا جو پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی ویسٹ انڈیز ٹیم کے خلاف 2 اپریل 2018ء کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں بنایا گیا۔ اس طرز کی کرکٹ میں 14 کیچز بھی ان کے کھاتے میں درج ہیں۔
    نوجوان بابر اعظم واقعی ورلڈ کلاس بیٹسمین ہیں اگر وہ اسی طرح لگن اور محنت سے کھیلتے رہے تو آنے والے دنوں میں بےشمار ملکی اور بین الاقوامی بیٹنگ ریکارڈ ان کے نام ہوں گے۔