Baaghi TV

Tag: تعلیم

  • علامہ محمد اقبال اسکالرشپس کے تحت بنگلہ دیشی طلبہ کا پہلا گروپ پاکستان پہنچ گیا

    علامہ محمد اقبال اسکالرشپس کے تحت بنگلہ دیشی طلبہ کا پہلا گروپ پاکستان پہنچ گیا

    پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے تحت علامہ محمد اقبال اسکالرشپس پر منتخب بنگلہ دیشی طلبہ کا پہلا گروپ اعلیٰ تعلیم کے لیے پاکستان پہنچ گیا اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

    پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے تحت علامہ محمد اقبال اسکالرشپس پر منتخب ہونے والے بنگلہ دیشی طلبہ پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ ملک کی معروف جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کریں گے ہوائی اڈے پر ہائر ایجوکیشن کمیشن اور متعلقہ جامعات کے نمائندگان نے طلبہ کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں تعلیمی و رہائشی امور سے متعلق بریفنگ دی۔

    حکام کے مطابق اس اسکالرشپ پروگرام کا مقصد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان علمی روابط کو فروغ دینا، نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی اعتماد کو مضبوط بنانا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اگلے بیچ کے لیے انتخابی عمل جلد شروع کیا جائے گا تاکہ مزید طلبہ اس تعلیمی پروگرام سے مستفید ہو سکیں،وزارتِ خارجہ پاکستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے پاکستان آنے والے طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔

  • ملالہ یوسفزئی کا پاکستانی طالبات کیلئے آکسفورڈ میں اسکالرشپ پروگرام

    ملالہ یوسفزئی کا پاکستانی طالبات کیلئے آکسفورڈ میں اسکالرشپ پروگرام

    نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے پاکستانی طالبات کے لیے اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد ان کی خواہش تھی کہ وہ ان لڑکیوں کے لیے کچھ کریں جو تعلیم کے حق کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں اس اسکالرشپ کے تحت پاکستانی خواتین کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا، خاص طور پر ان طالبات کو ترجیح دی جائے گی جو تعلیم کے ذریعے پاکستان میں مثبت تبدیلی لانا چاہتی ہیں۔

    ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ جو پاکستانی خواتین آکسفورڈ میں ماسٹرز کرنے کا خواب رکھتی ہیں اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آ کر معاشرے کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں، یہ پروگرام ان کے لیے بہترین موقع ہے،اسکالرشپ کے لیے درخواستیں آکسفورڈ پاکستان پروگرام کی ویب سائٹ oxpakprogramme.org کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں، ملالہ نے کہا کہ وہ نئی طالبات کو آکسفورڈ میں خوش آمدید کہنے کی منتظر ہیں۔

  • کوٹلی آزاد کشمیر کے لیے دانش اسکول کی منظوری کا نوٹیفیکیشن جاری

    کوٹلی آزاد کشمیر کے لیے دانش اسکول کی منظوری کا نوٹیفیکیشن جاری

    وفاقی حکومت نے کوٹلی آزاد کشمیر میں دانش اسکول کی باضابطہ منظوری دے دی ہے جس کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    آزاد کشمیر میں دانش اسکولز کے قیام کا مقصد علاقے کے طلبا کو اعلیٰ تعلیمی معیار فراہم کرنا، علاقائی تعلیمی ترقی کو فروغ دینا اور نوجوانوں میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دلچسپی پیدا کرنا ہے کوٹلی کے لیے دانش اسکول کی منظوری میں پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر چوہدری عبدالرحمان آرائیں کا اہم کردار ہے۔

    دانش اسکول سسٹم کا آغاز پنجاب سے کیا گیا، جو ایک انقلابی تعلیمی منصوبہ ہے جو پسماندہ علاقوں کے ذہین مگر مستحق، غریب اور یتیم بچوں کو 6ویں سے 12ویں جماعت تک معیاری تعلیم، رہائش، کھانا اور دیگر سہولیات مکمل طور پر مفت فراہم کرتا ہے اس منصوبے کا مقصد غریب خاندانوں کے بچوں کو ایچی سن جیسے تعلیمی ادارے جیسی سہولیات دے کر ان کا مستقبل روشن کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھمبر، نیلم اور باغ کے لیے بھی دانش اسکولز کی منظوری دی جا چکی ہے، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بھمبر اور باغ میں اسکولوں کے سنگ بنیاد بھی رکھ چکے ہیں، جبکہ نیلم میں اسکول کے قیام کا معاملہ ابھی پراسیس میں ہے۔

  • پنجاب: اسکولوں اور کالجز میں گرمیوں کی چھٹیاں کم کرنے کا فیصلہ

    پنجاب: اسکولوں اور کالجز میں گرمیوں کی چھٹیاں کم کرنے کا فیصلہ

    پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے اسکولوں اور کالجز میں گرمیوں کی چھٹیاں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے-

    لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ کی ہدایت پر تشکیل دی گئی کمیٹی کی سفارشات کے مطابق پنجاب کے تمام اسکولوں اور کالجز کے لیے سالانہ 190 تدریسی دن مکمل کرنا لازمی ہوگا،حالیہ برسوں میں تعطیلات میں مسلسل اضافہ تعلیمی نظام پر منفی اثرات مرتب کر رہا ہے، خاص طور پر اعلیٰ کلاسوں میں جہاں نصاب بروقت مکمل نہیں ہو پاتا، جس سے طلبا کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔

    بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق حکومت نے گرمیوں کی چھٹیاں کو 36 دن کم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کے تحت تعطیلات دو ماہ 15 دن سے کم کر کے 6 ہفتے (42 دن) کردی جائیں گی،اس اقدام کا مقصد طلبا کی تعلیمی کارکردگی میں بہتری اور نصاب کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔ نجی aسکول ایسوسی ایشنز نے بھی اس تجویز کی حمایت کی ہے۔

    کمیٹی نے گزشتہ 4 ماہ کے دوران 4 میٹنگز کیں اور تیسری میٹنگ لاہور میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت سیکریٹری اسکول ایجوکیشن نے کی، نجی تعلیمی ادار وں نے سفارشات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یکساں اور متوازن تعلیمی کیلنڈر تعلیمی معیار کو بہتر بنائے گا اور طلبا کو کورس ورک مکمل کرنے میں مدد دے گا۔

    پنجاب ایجوکیشن کرِکیولم اینڈ ٹیسٹنگ اتھارٹی (پی ای سی ٹی اے) اور ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری) سفارشات کے بعد یکساں تعلیمی کیلنڈر تیار کریں گے،یہ کمیٹی لاہور ہائیکورٹ کی آئینی درخواست کی سماعت کے دوران تشکیل دی گئی تھی، جس میں تعلیمی اداروں میں تعطیلات میں اضافے پر تشویش ظاہر کی گئی تھی کمیٹی کی رپورٹ اگلی سماعت میں عدالت کے سامنے پیش ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد تعلیمی کیلنڈر پر حتمی فیصلہ متوقع ہے۔

  • نوجوان تعلیم کی مشترکہ تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، آصف زرداری

    نوجوان تعلیم کی مشترکہ تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، آصف زرداری

    صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل اس کے نوجوانوں سے وابستہ ہے،آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 25 اے مفت اور لازمی تعلیم کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

    عالمی یومِ تعلیم کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ نوجوان تعلیم کی مشترکہ تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، تعلیم محض معلومات کا حصول نہیں بلکہ تجسس، صلاحیت اور کردار کی تعمیر کا ذریعہ ہونی چاہئے، ان کا کہنا تھاکہ آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 25 اے مفت اور لازمی تعلیم کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

    صدر مملکت نے کہاکہ جدید دنیا کے تقاضوں کے مطابق تعلیم میں ڈیجیٹل خواندگی اور عملی مہارتوں کا فروغ ناگزیر ہو چکا ہے، تحقیق، جدت اور ڈیجیٹل تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں،فنی و پیشہ ورانہ تعلیم نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہے، خواتین اور پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کے لیے مساوی تعلیمی مواقع ضروری ہیں،تعلیم قومی ترجیح ہے، نوجوان شراکت دار بنائے جائیں، تعلیم امن، ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔

  • ہر شہری کو تعلیم یافتہ بنانا ریاست کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے، ملک احمد خان

    ہر شہری کو تعلیم یافتہ بنانا ریاست کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے، ملک احمد خان

    لاہور: ملک احمد خان نے کہا کہ نجی اداروں کو چاہئے کہ تعلیمی مساوات کے لئے اپنے وسائل بروئے کار لائیں۔

    ملتان میں ٹائمز یونیورسٹی کے کانووکیشن 2025 سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ہر شہری کو تعلیم یافتہ بنانا ریاست کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے، اس وقت بھی ڈھائی کروڑ بچے اسکول سے باہر ہیں۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ آبادی کے تناسب سے پچھلی دو دہائیوں سے تعلیم سے محروم بچوں کے اعداد و شمار یہی ہیں تاہم موجودہ پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ تعلیم کے لئے ریکارڈ فنڈ مختص کئے ہیں اور تعلیم کا بجٹ 17 ارب سے بڑھا کر 46 ارب روپے کر دیا ہے۔

    مسلح افواج کی بہادری کے باعث پاکستان کا جھنڈا دنیا میں بلند ہو رہا ہے، احسن اقبال

    نجی تعلیمی ادارے اپنے طلبا پر فی کس دس سے ساٹھ ہزار روپے فی ہفتہ خرچ کرتے ہیں جبکہ سرکاری ادارے جہاں 97 فیصد بچے پڑھتے ہیں ان میں سالانہ فی کس پچیس سے تیس ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں ایسے میں سرکاری اداروں کے بچے نجی اداروں کے طلبا سے کیونکر مقابلہ کر سکتے ہیں،نجی اداروں کو چاہئے کہ تعلیمی مساوات کے لئے اپنے وسائل بروئے کار لائیں۔

    پنجاب پولیس خدمت مراکز کی کارکردگی رپورٹ جاری

    انہوں نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارا مستقبل ہیں، آج آپ اپنے اپنے شعبے کی اعلیٰ تعلیم لے کر فارغ التحصیل ہو رہے ہیں آپ کو چاہئے کہ اس ملک کی ترقی کے لئے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔

    قبل ازیں اسپیکر پنجاب اسمبلی نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا و طالبات میں ڈگریاں اور سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کئے۔

  • پنجاب میں4 سال بعد آٹھویں کے بورڈ امتحانات کا اعلان

    پنجاب میں4 سال بعد آٹھویں کے بورڈ امتحانات کا اعلان

    لاہور: پنجاب میں 4 سال بعد آٹھویں جماعت کے سالانہ بورڈ امتحانات مارچ 2026 میں ہوں گے۔

    پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیکٹا کی جانب سے سالانہ بورڈ امتحانات کا شیڈول تیار کر لیا گیا اور پیکٹا کے زیر اہتمام بورڈ امتحانات 5 مارچ سے شروع ہوں گے پیکٹا کی جانب سے امتحانات کی تیاری کے لیے کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اور پنجاب بھر میں ایک پیٹرن پر امتحان منعقد کیا جائے گا،پیکٹا حکام کے مطابق تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سے فوکل پرسنز کی نامزدگیاں منگوا لی گئی ہیں۔

    دوسری جانب پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں امتحانی نظام کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا اعلان کر دیا۔

    اوکاڑہ: کمشنر ساہیوال کا کرسمس انتظامات کا جائزہ، سہولیات پر اطمینان

    چیئرمین ٹاسک فورس برائے امتحانات پنجاب مزمل محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام تعلیمی بورڈز میں ای مارکنگ کا عمل متعارف کرایا جا رہا ہے، تاکہ امتحانی نظام میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے اس منصوبے کا پائلٹ مرحلہ 2026 میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے کمپیوٹر امتحانات سے شروع کیا جائے گا۔

    مزمل محمود نے کہا کہ صوبے بھر کے تمام امتحانی مراکز میں ڈیجیٹل حاضری کا نظام نصب کیا جائے گا اور تمام طلبا کی حاضری بائیو میٹرک کے ذریعے لی جائے گی ڈیجیٹل اصلاحات کا یہ منصوبہ آئندہ 3 برس میں مرحلہ وار مکمل طور پر نافذ کر دیا جائے گاامتحانی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام تعلیمی بورڈز کے لیے یکساں سوالات پر مشتمل مرکزی سوالیہ بینک بھی قائم کیا جائے گا جس سے امتحانی معیار میں بہتری اور یکسانیت پیدا ہو گی،ان اصلاحات کا مقصد نقل اور بے ضابطگیوں کا خاتمہ، امتحانی عمل میں شفافیت اور طلبا کو ایک منصفانہ نظام فراہم کرنا ہے۔

    90 سالہ شخص کی 25 سالہ لڑکی سے شادی، ویڈیو

  • دنیا کی ٹاپ 10 بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست جاری

    دنیا کی ٹاپ 10 بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست جاری

    QS World University Rankings 2026 جاری کر دی گئی ہیں جن میں دنیا کی بہترین 10 جامعات کا تعین کیا گیا ہے۔

    فہرست،کےمطابق،یہ ادارے نہ صرف تعلیم میں اعلیٰ معیار رکھتے ہیں بلکہ تحقیق اور عالمی سطح پر اختراعات میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں،یہ رینکنگ طلبہ، اساتذہ اور پالیسی سازوں کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہے کہ کون سی یونیورسٹیاں عالمی معیار کے مطابق تعلیم اور تحقیق میں قیادت کر رہی ہیں،ٹاپ 10 جامعات کی فہرست درج ذیل ہے۔

    میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (MIT) – امریکہ،ایک بار پھر دنیا کی نمبر ون یونیورسٹی قرار دی گئی یہ مسلسل 14 ویں سال پہلی پوزیشن پر ہے ٹیکنالوجی، سائنس اور انوویشن میں اس کا کوئی مقابل نہیں۔

    امپیریل کالج لندن – برطانیہدوسری پوزیشن پر، یہ یونیورسٹی سائنس، انجینئرنگ، میڈیسن اور بزنس کے لیے مشہور ہے۔

    اسٹینفورڈ یونیورسٹی – امریکہ نے اپنی پوزیشن بہتر کر کے تیسرے نمبر پر جگہ بنائی سلیکون ویلی کے دل میں واقع، یہ ادارہ انٹرپرینیورشپ اور انوویشن کے لیے مشہور ہے۔

    یونیورسٹی آف آکسفورڈ – برطانیہدنیا کی قدیم ترین یونیورسٹیوں میں سے ایک، آکسفورڈ اپنی ہزار سالہ تعلیمی روایت اور ریسرچ میں قیادت کے باعث ٹاپ 5 میں شامل ہے۔

    چھٹےنبرپرہارورڈ یونیورسٹی – امریکہامریکہ کی سب سے پرانی یونیورسٹی، دنیا بھر میں تعلیمی وقار اور وسیع ترین فنڈز کے باعث منفرد مقام رکھتی ہے-

    یونیورسٹی آف کیمبرج – برطانیہآئزک نیوٹن اور ڈارون جیسے عظیم سائنسدانوں کی مادر علمی، کیمبرج بھی مسلسل دنیا کی بہترین جامعات میں شمار ہوتی ہے۔

    ای ٹی ایچ زیورخ – سوئٹزرلینڈ،یورپ کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی یونیورسٹی، روبوٹکس اور اے آئی سمیت جدید سائنسی شعبوں میں نمایاں،ہے-

    نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور (NUS) – سنگاپورایشیا کی سب سے نمایاں یونیورسٹی جو عالمی سطح پر مغرب اور مشرق کو جوڑنے والی ایک پل سمجھی جاتی ہے۔

    یونیورسٹی کالج لندن (UCL) – برطانیہاپنی شمولیتی پالیسی اور عالمی معیار کی تحقیق کی وجہ سے ممتاز مقام رکھتی ہے۔

    کلیفورنیا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (Caltech) – امریکہچھوٹی مگر طاقتور یونیورسٹی، خلائی سائنس اور نوبل انعام یافتہ سائنسدانوں کے باعث دنیا میں الگ پہچان رکھتی ہے۔

    جبکہ،کیو ایس کی جانب سے 2026 کے لیے جاری کردہ نئی رینکنگ میں پاکستان کی 18 جامعات نے جگہ بنائی ہیں،جاری کر دہ رینکنگ کے مطابق پاکستان کی قائداعظم یونیورسٹی، اسلام آباد عالمی سطح پر 354 ویں جبکہ پاکستان بھر میں پہلے نمبر پر ہےاس کے بعد نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) کا نمبر 371 ہےجبکہ پاکستان کی درجہ بندی میں اس کا دوسرا نمبر ہے۔

    اسی طرح ٹاپ 600 میں شامل دیگر جامعات میں پنجاب یونیورسٹی 542 اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS) 555 ویں نمبر پر ہے،کیو ایس کی نئی جاری کر دہ درجہ بندی میں نمایاں پاکستانی یونیورسٹیوں کی مکمل فہرست یہ ہے:

    354 : قائداعظم یونیورسٹی

    371 : نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST)

    542 : پنجاب یونیورسٹی

    555 : لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS)

    654 : یونیورسٹی آف ایگریکلچر، فیصل آباد

    664 : کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد

    721–730 : پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (PIEAS)

    761–770 : گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، فیصل آباد

    801-850 : یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (UET) لاہور

    901-950 : یونیورسٹی آف پشاور

    951-1000 : یونیورسٹی آف لاہور

    1001-1200 : آغا خان یونیورسٹی

    1001-1200 : جامعہ کراچی

    1201-1400 : بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی

    1201-1400 : بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد

    1201-1400 : رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی

    1201-1400 : یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی

    1401+ : اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور

    درجہ بندی پاکستان کے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی مسلسل ترقی اور اس کی بڑھتی ہوئی عالمی تعلیمی موجودگی کی نشاندہی کرتی ہے۔

    QS درجہ بندی کئی اشارے پر یونیورسٹیوں کی جانچ کرتی ہے، جن میں تعلیمی ساکھ، فیکلٹی سے طالب علم کا تناسب، فی فیکلٹی کے حوالے، بین الاقوامی طالب علم اور فیکلٹی کی موجودگی، اور پائیداری کارکردگی شامل ہیں۔

  • یقینی بنائیں تعلیم آنے والی نسلوں کے لیے امید کی کرن بنی رہے۔وزیراعظم

    یقینی بنائیں تعلیم آنے والی نسلوں کے لیے امید کی کرن بنی رہے۔وزیراعظم

    تعلیم کے بین الاقوامی دن کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج تعلیم کے بین الاقوامی دن کے موقع پر، ہم ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ قدم سے قدم ملاتے ہوئے افراد اور کمیونٹیز کو بااختیار بنانے میں تعلیم کے اہم کردار کو تسلیم کر رہے ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس سال کے تعلیم کے بین الاقوامی دن کا موضوع "مصنوعی ذہانت اور تعلیم: خودکاری کی دنیا میں انسانی عوامل کا تحفظ،” کے تحت ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ مصنوعی ذہانت میں پیش رفت ہماری انسانیت کی خدمت کے لئے ہماری مشترکہ کوششوں میں ہماری مدد کرے۔جیسے جیسے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے نظام تیزی سے ہماری زندگیوں میں ضم ہو رہے ہیں، انسانی مداخلت اور مشین سے چلنے والے اعمال کے درمیان کی سرحدیں دھندلا رہی ہیں۔ یہ صورتحال ہماری لئے مواقع اور چیلنجز دونوں فراہم کر رہی ہے۔ یہاں یہ اہم سوال انتہائی اہم ہے کہ آٹومیشن کی بڑھتی ہوئی لہر کے درمیان ہم انسانی عوامل کو کیسے برقرار رکھ اور بڑھا سکتے ہیں؟ہم سب تسلیم کرتے ہیں کہ تعلیم کی تبدیلی کا اصل محرک ہے طاقت کو جو نوجوانوں کو ترقی پذیر تکنیکی منظر نامے میں ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے تیار کرتی ہے۔ تنقیدی سوچ، اختراع، اور اخلاقی ذمہ داری کو فروغ دے کر، ہم اپنے شہریوں کو نہ صرف تکنیکی تبدیلیوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے آلات سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں بلکہ انھیں ایسے طریقے تشکیل دینا چاہتے ہیں جو ہماری اقدار کو برقرار رکھیں، ہماری آزادیوں کی حفاظت کریں، اور ہمارے معاشرے کو آگے بڑھائیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے تعلیمی اداروں کو تکنیکی ترقی کو قبول کرنے کے لیے تیار کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔ ان اقدامات میں انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کی تعلیم دینے والے کالجوں میں ہائی-امپیکٹ آئی ٹی لیبز کا قیام، دیہات میں موجود آئی سی ٹی اسکولوں میں ڈیجیٹل ہب، گوگل سینٹر آف ایکسی لینس، اسمارٹ کلاس رومز، اور ای۔ -تعلیم پورٹل وغیرہ شامل ہیں،مزید برآں، ہم نے اختراع کو فروغ دینے کے لیے ایک روزگار مراکز، سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارکس ، روبوٹکس اینڈ مائینڈ گیمز، اور اسٹیم لیبز جیسے منصوبے شروع کئے ہیں ۔ یہ ضروری ہے کہ ہمارے اسکول ہمارے بچوں کو مطلوبہ مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہوں۔آج کے دن جب کہ ہم ایک ایسے تعلیمی نظام کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں جو انسانی تخلیقی صلاحیتوں، ہمدردی اور مقصد کے جوہر کی حفاظت کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت کے نظام کو اپنا رہا ہے ، میں اپنے معلمین اور شراکت داروں کی محنت کا اعتراف کرنا چاہوں گا جو کہ اپنی کوششوں سے ہماری زندگیوں کو منور کر رہے ہیں۔آئیے ہم سب مل کر علم کی روشنی کے اس نیک مقصد کو آگے بڑھاتے رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تعلیم آنے والی نسلوں کے لیے امید کی کرن بنی رہے۔

    انضمام الحق کے بیٹے ابتسام الحق کا نکاح

    انجینئرنگ یونیورسٹی،ملازمین کی تنخواہوں سے ٹیکس کاٹا لیکن جمع نہ کروایا

  • خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ  اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ وزیراعظم

    خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بنیں، جو کہ ایک تاریخی کامیابی ہے، اور خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ معاشی و سماجی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

    وزیراعظم نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی تعلیم اور ترقی میں شمولیت نہ صرف ان کے حقوق کا تحفظ ہے بلکہ پورے معاشرے کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ مسلم دنیا بشمول پاکستان کو لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لڑکیوں کی تعلیم ایک بڑا چیلنج ہے اور مسلم ممالک کو اس مسئلے کے حل کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کی حکومت لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے تمام ضروری اقدامات اور وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے تمام طبقات بشمول خواتین کو علم حاصل کرنے کی اہمیت بتائی ہے اور اس پر عملدرآمد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

    وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملالہ یوسفزئی بھی اس کانفرنس میں شریک ہیں، جنہیں خوش آمدید کہا گیا۔ انہوں نے ملالہ کو بہادری اور ہمت کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ فاطمہ جناح اپنے بھائی قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھ کھڑی تھیں، اور بے نظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں۔ انہوں نے ارفع کریم کا ذکر بھی کیا، جو ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان کی پہلی خاتون مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ انجینئر بنیں، اور آج مریم نواز کی صورت میں پاکستان کو پہلی خاتون وزیراعلیٰ بھی ملی ہے۔

    وزیراعظم نے اس موقع پر ایک اور اہم مسئلہ بھی اٹھایا کہ پاکستان میں تقریباً 22.8 ملین بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جن میں زیادہ تر لڑکیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس تعداد کو کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر اپنی آواز بلند کرنی ہوگی اور اس کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔شہباز شریف نے اعلان کیا کہ اسلام آباد اعلامیہ کو اقوام متحدہ اور سیکیورٹی کونسل میں پیش کیا جائے گا تاکہ عالمی برادری میں لڑکیوں کی تعلیم کے اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے اور اس مسئلے کے حل کے لیے عالمی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ کانفرنس کا انعقاد پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے اور وہ شاہ سلمان اور محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس کانفرنس میں تعاون فراہم کیا۔

    اسرائیل کی یمن میں پاور اسٹیشن اور فوجی تنصیبات پر بمباری

    جنوبی کوریا طیارہ حادثہ "بلیک باکس” میں‌چار منٹ قبل ریکارڈنگ رک گئی تھی،انکشاف