Baaghi TV

Tag: توہین مذہب کیس

  • توہین مذہب کیس: اینکر پرسن ریحان طارق کی ضمانت منظور

    توہین مذہب کیس: اینکر پرسن ریحان طارق کی ضمانت منظور

    لاہور کی سیشن عدالت نے توہین مذہب کے مقدمے میں اینکر پرسن ریحان طارق کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    منگل کو لاہور میں ایڈیشنل سیشن جج نصرت علی صدیقی نے اینکرپرسن ریحان طارق کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی،سماعت کے دوران ریحان طارق کی جانب سے ایڈووکیٹ میاں داؤد پیش ہوئے اور اپنے دلائل عدالت کے سامنے رکھے۔

    وکیل میاں داؤد نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی آر کے متن سے کسی بھی وقوعے کا ثابت ہونا ظاہر نہیں ہوتا، پاکستان کے کسی بھی قانون میں تاریخی مذ ہبی سوالات پر مبنی کسی شخص کا انٹرویو کرنا قابلِ دست اندازی جرم قرار نہیں دیا گیا اس مقدمے میں صحافی کی کوئی الیکٹرانک ڈیوائس استعمال نہیں ہوئی جب کہ تفتیش کے دوران بھی ریحان طارق کے خلاف زیرِ تنازع ویڈیو یا انٹرویو اپ لوڈ کرنے کا ایک بھی ثبوت سامنے نہیں آیا، ایف آئی آر میں عائد کی گئی تمام دفعات ضابطہ فوجداری کے تحت غیرممنوعہ نوعیت کی ہیں، جن میں ملزم کو ضمانت دینا اس کا آئینی حق ہے۔

    دلائل مکمل ہونے کے بعد ایڈیشنل سیشن جج نصرت علی صدیقی نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اینکرپرسن ریحان طارق کی بعد از گرفتاری ضمانت ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی۔

    واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ریحان طارق کے خلاف توہین مذہب کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

  • اینکر ریحان طارق توہین مذہب کیس: بعد از گرفتاری  ضمانت کی درخواست خارج

    اینکر ریحان طارق توہین مذہب کیس: بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست خارج

    لاہور: اینکر ریحان طارق کی توہینِ مذہب کے مقدمے میں بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست خارج کردی گئی۔

    ضلع کچہری لاہور میں اینکر ریحان طارق کی توہین مذہب کے مقدمے میں ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے وکلا کے دلائل کے بعد فیصلہ سنایا، اینکر ریحان طارق کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کے موقع پر عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبر کرائم ونگ این سی سی آئی اے سے کیس کا مکمل ریکارڈ طلب کر رکھا تھا، عدالتی حکم پر این سی سی آئی اے کی جانب سے متعلقہ ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا۔

    وکیل میاں داؤد ایڈووکیٹ کے مطابق مقدمے میں لگائی گئی دفعات قابل ضمانت ہیں ،سوال سے توہین ثابت نہیں ہوتی،سماعت کے دوران این سی سی آئی اے کے پراسکیوٹر نے ضمانت کی مخالفت کی، جس پر عدالت نے درخواست خارج کردی۔

    واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے توہین مذہب کا مقدمہ درج کررکھا ہےریحان طارق کو توہینِ مذہب کے سنگین الزامات کے تحت درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، جہاں ضمانت خارج ہونے کے بعد اب ان کی حراست برقرار رہے گی۔