Baaghi TV

Tag: جنوبی لبنان

  • اسرائیل کے جنوبی لبنان میں فضائی حملے،31 افراد جاں بحق

    اسرائیل کے جنوبی لبنان میں فضائی حملے،31 افراد جاں بحق

    جنوبی لبنان میں اسرائیلی افواج کے مختلف علاقوں میں فضائی حملوں کے نتیجے میں 31 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جن میں 4 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں۔

    لبنانی وزارت صحت کے مطابق حالیہ حملوں میں کم از کم 31 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 40 افراد زخمی ہوئے ہیں،ہلاکتوں کی اطلاعات جنوبی شہر صور کے قریب برج الشمالی، کوتھریات الرز، حباش، معرکہ اور صلا سمیت مختلف علاقوں سے موصول ہوئی ہیں عینی شاہد ین اور مقامی صحافیوں کے مطابق شہر نبطیہ میں متعدد مقامات پر دھماکوں کے بعد دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے جبکہ فضائی حملوں کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک حملہ ایک عوامی اسپتال کے قریب بھی ہوا جس سے اسپتال کے بعض حصوں کو نقصان پہنچا ہے، اسرائیلی فوج کی جانب سے 50 سے زائد جنوبی اور مشرقی قصبوں اور دیہات کے لیے انخلا کے انتباہات جاری کیے گئے ہیں جن میں نبطیہ شہر بھی شامل ہے، اسرائیلی دستے اس نام نہاد یلو لائن سے آگے بھی کارروائیاں کر رہے ہیں جو تقریباً 10 کلومیٹر اندر لبنانی حدود میں واقع ہے۔

    دوسری جانب حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے جنوبی علاقے زوطر الشرقیہ میں اسرائیلی افواج کی پیش قدمی کو روکا اور متعدد حملوں کا جواب دیا تنظیم نے ڈرون اور راکٹ حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے مشرق لبنان میں وادی بیکا کے علاقے میں بھی حملوں کی اطلا عات ہیں جہاں وزارت صحت کے مطابق مشغارہ کے مقام پر حملے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں۔

  • اسرائیل کی جنوبی لبنان میں فضائی بمباری، 41 افراد شہید

    اسرائیل کی جنوبی لبنان میں فضائی بمباری، 41 افراد شہید

    لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کے باوجود اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 41 افراد شہید ہو گئے۔

    لبنان کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں مزید 41 افراد شہید ہوئے ہیں یہ حملے ایسے وقت میں جاری ہیں جب 17 اپریل کو جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا، مارچ سے جاری کشیدگی کے بعد مجموعی شہادتوں کی تعداد 2,659 جبکہ 8,183 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی افواج نے متعدد فضائی حملے کیے، جن میں نبطیہ، بنت جبیل، شوکین، کفر دجال اور دیگر علاقے شامل ہیں ان حملوں میں رہائشی مکانات اور گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

    لبنانی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق نبطیہ کے علاقے شوکین پر حملے میں 3 افراد، جبکہ کفر دجال پر گاڑی کو نشانہ بنانے سے 2 افراد شہید ہوئے اسی طرح لوازیہ میں ایک گھر پر حملے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے اسرائیلی فضائیہ نے نبطیہ کے قریب القدس چوک اور ضلع ٹائر کے علاقے صدیقین کے گرد بھی حملے کیے، جس کے نتیجے میں مزید جانی نقصان ہوا۔

    دوسری جانب اسرائیل کا مؤقف ہے کہ اس کے حملے حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے ہیں، تاہم مقامی رپورٹس کے مطابق زیادہ تر ہلاک ہونے والوں میں عام شہری شامل ہیں ادھر حزب اللہ نے بھی اسرائیلی افواج پر جوابی حملوں کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں مختلف مقامات پر اسرائیلی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔