Baaghi TV

Tag: جیو نیوز

  • جیو نیوز کی معطلی ختم، ایک کروڑ جرمانہ عائد، پیمرا کا فیصلہ جاری

    جیو نیوز کی معطلی ختم، ایک کروڑ جرمانہ عائد، پیمرا کا فیصلہ جاری

    مذہبی تصویر کشی – جیو نیوز بندش کیس پیمرا اتھارٹی نے جیو نیوز کی بابت حتمی فیصلہ جاری کر دیا –

    معاملہ جیو نیوز کے پروگرام “سفر عشق” کی 10 محرم الحرام کی نشریات میں مذہبی تصویری کشی سے متعلق تھ،اتھارٹی نے 11 جولائی کو ہونے والے اپنے 191ویں اجلاس میں معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا،اجلاس میں کونسل آف کمپلینٹس لاہور کی سفارشات، کارروائی کے ریکارڈ، لائسنس ہولڈر کے تحریری و زبانی مؤقف اور پیمرا آرڈیننس 2002، متعلقہ قواعد اور الیکٹرانک میڈیا (پروگرامز اینڈ ایڈورٹائزمنٹس) کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کی متعلقہ شقوں کو مدنظر رکھا گیا

    کونسل نے اس معاملے پر بالترتیب 30 جون، 2 جولائی اور 10 جولائی 2026 کو منعقد ہونے والے اپنے 127ویں، 128ویں اور 129ویں اجلاسوں میں غور کیا،لائسنس ہولڈر کے نمائندگان کا مؤقف سننے، ریکارڈ کا جائزہ لینے اور اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کو مدنظر رکھنے کے بعد کونسل نے اپنی سفارشات اتھار ٹی کو پیش کیں-

    فیصلے میں کہا گیا کہ جیو نیوز اور اس کے نمائندگان کو وضاحت کا مناسب موقع فراہم کیا گیا، اتھارٹی نے قرار دیا کہ مذکورہ خلاف ورزی سنگین نوعیت کی ہے جو ذمہ دارانہ نشریات کے تقاضوں اور پیمرا قوانین کے تحت لائسنس ہولڈر کی ذمہ داریوں کے منافی ہے-

    پیمرا نے جیو نیوز کی جانب سے غفلت تسلیم کرنے، اظہار ندامت اور تمام میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر مشروط معذرت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں تخفیفی عوامل قرار دیا تاہم واضح کیا کہ یہ عوامل خلاف ورزی یا اس کے قانونی نتائج کو ختم نہیں کرتے-

    فیصلے کے مطابق 27 جون 2026 کو جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کرنے کا حکم صحیح قرار دیامعطلی آج رات 12 بجے تک برقرار رہے گی چینل کی نشریات معطلی کی مدت مکمل ہونے اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی بحال کی جا سکیں گی-

    پیمرا نے ہدایت کی کہ جیو نیوز انتظامیہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکامی پر متعلقہ افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی مکمل کر کے ان کو بر طرف کرے، کارروائی کے نتیجے میں ملازمت سے فارغ کیے جانے والے افراد پیمرا کے زیر نگرانی کسی بھی لائسنس یافتہ، رجسٹرڈ یا مجاز سروس سے براہ راست یا بالواسطہ کسی حیثیت میں دوبارہ منسلک نہیں ہو سکیں گے جیو نیوز کو مطلع کیا جاتا ہے کہ اگر آئندہ ایسی غفلت برتی گئی تو ان کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا-

    پیمرا نے ہدایت کی کہ جیو نیوز سمیت تمام لائسنس یافتگان غیر جانبدار اور باصلاحیت ان ہاؤس مانیٹرنگ کمیٹی یا ایڈیٹوریل بورڈ تشکیل دیں تمام چینلز یہ تفصیلا ت پیمرا کو فراہم کریں اور ہر نشریاتی مواد کی پیشگی ادارتی جانچ یقینی بنائیں،تمام لائسنس یافتگان کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے ازخود نوٹس کیس نمبر 28 آف 2018 (PLD 2019 SC 1) کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کے لیے علیحدہ ہدایت نامہ جاری کیا جائے گا-

    پیمرا نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے-

  • مذہبی و عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل کا خدشہ،جیو نیوز نےخود اپنی نشریات معطل کرنے کی درخواست کی

    مذہبی و عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل کا خدشہ،جیو نیوز نےخود اپنی نشریات معطل کرنے کی درخواست کی

    جیو نیوز کے پروگرام "سفرِ عشق” سے متعلق تنازع کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف دعوے سامنے آ رہے ہیں بعض حلقوں کا مؤقف ہے کہ اگر پروگرام میں نشر ہونے والا مواد قانون، پیمرا ضابطۂ اخلاق یا مذہبی حساسیت کے منافی تھا تو پہلے شوکاز نوٹس جاری کیا جانا چاہیے تھا، پھر مکمل تحقیقات اور متعلقہ فریق کا مؤقف سننے کے بعد کارروائی عمل میں لائی جاتی۔

    باغی ٹی وی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جیو نیوز نے خود ہی اپنی نشریات 15 روز کے لیے معطل کرنے کی درخواست کی، ذرائع کے مطابق خدشہ تھا کہ اگر معاملہ معمول کے قانونی طریقہ کار کے تحت چلتا تو تحقیقات میں وقت لگ سکتا تھا، جبکہ اس دوران مذہبی و عوامی حلقوں کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج اور جیو نیوز کے دفاتر کے باہر کشیدگی پیدا ہونے کا امکان موجود تھا، اسی تناظر میں مبینہ طور پر چینل نے رضاکارانہ طور پر 15 روزہ معطلی کی درخواست دی۔

    ادھر سوشل میڈیا پر متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ پروگرام میں نشر کیے گئے مواد سے عوامی و مذہبی جذبات شدید مجروح ہوئے، اسی لیے عوامی ردعمل سامنے آیا ان حلقوں کا کہنا ہے کہ جیو نیوز کو 15 روز کے لیے بند کرنا اس کی گستاخی یا غلطی کی نوعیت کے مقابلے میں سزا بہت ہلکی ہے۔

  • پیمرا نے جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کر دیا

    پیمرا نے جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کر دیا

    پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جیو نیوز کی نشریات 15 روز کے لیے معطل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے چینل کو نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔

    پیمرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جیو نیوز پر 10 محرم الحرام، 26 جون 2026 کو پروگرام "سفرِ عشق” میں نا قابل قبول مذہبی تصویر کشی کی گئی ایسی تصویر کشی اور تصوراتی عکاسی نا صرف لائسنس کی خلاف ورزی ہے بلکہ مذہبی، معاشرتی اور ثقافتی اقدار اور اصولوں کے منافی ہے ایسی تصویر کشی قانون اور پیمرا کی کئی شقوں کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ اس سے مذہبی جذبات مجروح ہوئے اور ہونے کا خدشہ ہے، جس کی بنیاد پر جیو نیوز کا لائسنس معطل کیا جا رہا ہے۔

    پیمرا نے کہا کہ مذہبی جذبات مجروح ہونے کے نتیجے میں اور مذہبی ہم آہنگی کو نقصان کے پیشِ نظر یہ احکامات جاری کیے جا رہے ہیں،جیو نیوز پر یہ لازم تھا کہ مذہبی پروگرام نشر کرتے ہوئے، احتیاط سے کام لیا جائے اور ان کی اندرونی کمیٹی ایسے معاملات کو خود دیکھے جس میں وہ ناکام رہے،لہٰذا جیو نیوز کا لائسنس فی الفور 15 دن کے لیے معطل کیا جاتا ہے،یہ تمام احکامات پیمرا قوانین کے تحت جاری کیے جا رہے ہیں-

    پیمرا نے اعلامیے میں کہا کہ جیو نیوز کی نشریات سیٹلائٹ اور تمام نشریاتی نیٹ ورکس پر معطل رہیں گی، تمام ڈسٹریبیوٹرز اور آپریٹرس کو ہدایت کی جاری ہے، کہ ان احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں،اس معاملے پر پیمرا کی شکایات کونسل بھی مزید کارروائی کے لیے سماعت کرے گی اور مزید ریگولیٹری ایکشن کی سفارشات مرتب کرے گی،جیو نیوز کو یہ احکامات جاری کیے جاتے ہیں کہ وہ اپنے ادارے کے اندر بھی انکوائری کرے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مستقبل میں ایسی خلاف ورزی نہ ہو۔