ایرانی مسلح افواج کے مرکزی کمانڈ خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اپنی عسکری کارروائیاں جاری رکھیں تو اسے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایرانی فوجی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران اسرائیلی افواج نے مبینہ طور پر جنوبی لبنان میں جنگ بندی کی 84 بار خلاف ورزی کی ہے اور عام شہریوں کو شہید کیا گیا جو خطے میں کشیدگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی یا کشیدگی میں کمی کے دعوؤں کے باوجود زمینی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی اور اسرائیلی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔
خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے واضح کیا کہ اگر صورتحال یہی رہی اور اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں اپنی کارروائیاں نہ روکی تو ایران کی مسلح افواج مناسب اور سخت جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، خطے میں کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کیا جائے گا اور یکطرفہ کارروائیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
