دیر لوئر میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 6 مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور ایک کانسٹیبل کی شہادت میں ملوث تھے، کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے 6 کلاشنکوف اور 3 دستی بم بھی برآمد ہوئے واقعے کے بعد انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب آپریشن پر فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک صوبے بھر میں کارروائیاں جاری رہیں گی، علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا خاتمہ کیا جا سکے۔
دریں اثناء وزیر داخلہ محسن نقوی نے لوئر دیر میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر خیبرپختونخوا سی ٹی ڈی اور پولیس کو سراہا ہے محسن نقوی نے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت اور جرات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی اور پولیس کے بہادر اہلکاروں نے خوارجی عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا قوم کو اپنے ان بہادر جوانوں پر فخر ہے جنہوں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے علاقے کو بڑے نقصان سے بچایا۔
