Baaghi TV

Tag: ذدگان

  • برطانیہ سیلاب زدگان کیلئے مزید ڈیڑھ کروڑ پاؤنڈ امداد دے گا

    برطانیہ سیلاب زدگان کیلئے مزید ڈیڑھ کروڑ پاؤنڈ امداد دے گا

    برطانیہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے 1 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈز (تقریباً سات ارب پاکستانی روپے ) کی مالی مدد کا اعلان کر دیا۔

    سیکرٹری خارجہ لز ٹرس نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاکستان کو تباہ کن سیلاب کے بعد زندگی بچانے کے لیے امداد فراہم کر رہا ہے، ملک کا ایک تہائی حصہ پانی کے اندر ڈوبا ہوا ہے۔

    برطانوی حکومت کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق برطانیہ کی طرف سے 15 ملین پاؤنڈز کی امداد سے ملک بھر کے لوگوں کو پناہ گاہ اور ضروری سامان فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ سیلاب سے 33 ملین سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں، 1,100 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، سکریٹری خارجہ کی طرف سے اعلان کردہ تازہ ترین فنڈنگ گزشتہ ہفتے کے آخر میں برطانیہ کی جانب سے تباہی کے لیے 1.5 ملین پاؤنڈ فراہم کرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔

    برطانیہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان کو 15 ملین پاؤنڈ کی مالی مدد کرے گا.5 ملین پاؤنڈ اقوام متحدہ کی فلیش اپیل کے بعد پاکستان کو دیے جا رہے ہیں۔10 ملین پاؤنڈ متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والی عالمی ایجنسیوں کے ذریعہ دیے جائیں گے۔ 10 ملین پاؤنڈ کی رقم پینے کے صاف پانی شیلٹر اور خواتین و بچیوں کی امداد پر خرچ کی جائے گی۔

    برطانوی سیکرٹری خارجہ لز ٹرس نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ لاکھوں لوگوں کو تباہ کن سیلابوں کا سامنا ہے جس نے ملک کا ایک تہائی حصہ متاثر کیا ہے جو تقریباً برطانیہ کے حجم کے برابر ہے، ایک بڑے انسانی ہمدردی کے عطیہ دہندگان کے طور پر ہم سب سے زیادہ کمزور لوگوں تک زندگی بچانے والی امداد حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے

    وزیر مملکت برائے جنوبی اور وسطی ایشیائی لارڈ طارق احمد آف ومبلڈن نے کہا کہ ہم موسمیاتی تبدیلی کے المناک اثرات اور لاکھوں لوگوں پر پڑنے والے اثرات کو پہلے سے دیکھ رہے ہیں۔ برطانیہ پاکستانی حکام کے ساتھ 24 گھنٹے کام کر رہا ہے تاکہ اس بات کا تعین کیا جا سکے کہ قلیل مدتی اور طویل مدتی میں کس مدد کی ضرورت ہے۔

  • سیلاب زدگان کیلئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کریں گے، مراد راس

    سیلاب زدگان کیلئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کریں گے، مراد راس

    صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب مراد راس کی سیلاب سے ہونے والے نقصان و تباہی کا جائزہ لینے کے لئے پنجاب کے ضلع راجن پور پہنچ گئے۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کا کہنا تھا کہ سیلاب کی بدولت لوگوں کا بہت نقصان ہوا ہے۔ یہاں راجن پور میں لوگوں کی فصلیں تباہ اور بہت سی عمارتیں سیلاب سے متاثر ہوئیں ہیں۔

    مراد راس نے بتایا کہ راجن پور میں بہت سے سکول بھی سیلاب کی تباہی کی بدولت متاثر ہوئے اور آج ہم نے کئی ایسے سکولوں کا دورہ کیا جن میں پانی کھڑا ہے۔ وزیر تعلیم پنجاب نے یقین دہانی کرائی کہ حکومتِ پنجاب سیلاب سے متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے دن رات کام کر رہی ہے۔ سیلاب زدگان کیلئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کریں گے۔ مراد راس نے یہ بھی کہا کہ موجودہ صورتحال میں لوگوں کو اشد ضرورت خوراک اور ٹینٹوں کی ہے۔ متاثرین جب تک چاہیں حکومتِ پنجاب کے قائم کردہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں رہ سکتے ہیں۔

    صوبائی وزیر تعلیم نے مخیر خضرات سے درخواست کی کہ مصیبت کی اس مشکل گھڑی میں عوام کی مدد کیلئے اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔مراد راس کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے کبھی کسی بھی مشکل لمحے میں ملک کے لوگوں کو اکیلا نہیں چھوڑا۔ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے ضلع راجن پور کے دورے کے موقع پر حکومتِ پنجاب کی جانب سے سیلاب زدگان کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے قائم کردہ فلڈ رلیف کیمپوں کا دورہ کیا اور اس موقع پر کیمپوں میں مقیم افراد سے ان کو درپیش مسائل کے حوالے بھی دریافت کیا۔

    وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کی ضلع راجن پور آمد پر سردار بیرسٹر علی رضا خان دریشک، سردار محمد اویس خان دریشک، سی ای او ایجوکیشن راجن پور و دیگر نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔

  • ہمیں مل کر سیلاب زدگان کی مدد کیلئے نکلنا ہو گا، طاہر محمود اشرفی

    ہمیں مل کر سیلاب زدگان کی مدد کیلئے نکلنا ہو گا، طاہر محمود اشرفی

    وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی اورچیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ آج ہمارے سیلاب زدگان سخت مشکل میں ہیں اور یہ ایسا وقت ہے کہ ہم نے بغیر کسی تعصب کے ایک دوسرے کی مدد کرنی ہے۔پیغام پاکستان یہی درس دیتا ہے کہ مصیبت میں دوسروں کی مدد کرو، ہمیں مل کر سیلاب زدگان کی مدد کیلئے نکلنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں ”پیغام پاکستان علماء کانفرنس” سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کانفرنس کا انعقاد حکومت پنجاب اور اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے کیا۔

    حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہمارا فخر ہیں۔آج ملک میں سیلابی صورتحال ہے، پاک فوج کے جوان اور مذہبی جماعتوں کے رضاکار سیلاب زدگان کی مدد کیلئے میدان میں ہیں۔موجودہ صورتحال میں تمام سیاسی جماعتیں تین ماہ کیلئے سیاسی سرگرمیاں معطل کر کے سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کیلئے مصروف ہو جائیں۔

    حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پیغام پاکستان ایک دستاویز ہے جس پر ملک کے پندرہ ہزار علماء کرام کے دستخط ہیں اور یہ ایک ضابطہ اخلاق اور زندگی گزارنے کا اصول ہے۔پیغام پاکستان میں اپنے مسلک اور عقیدے پر رہتے ہوئے دوسروں کے مسلک اور عقیدے کا احترام سکھایا گیا ہے۔پیغام پاکستان آئین پاکستان کے بعد سب سے بڑی دستاویز ہے جس میں اقلیتوں کے حقوق متعین کئے گئے ہیں۔اس میں کہا گیا ہے کہ ہماری عبادت گاہیں ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور احترام کیلئے استعمال ہونی چاہئے نہ کہ نفرت اور تعصب کیلئے، آئین پاکستان نے اقلیتوں کو مکمل حقوق دیئے ہیں، پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پیغام پاکستان کا سب سے بڑا نقطہ امن کا ہے، سال 2000 کے بعد ہمارے ملک پر دہشت گردی مسلط کی گئی۔

    پاکستانی فوج اور قوم نے مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور فتح حاصل کی، ہم نے مل کر اس ملک کو مضبوط بنانا ہے اور اس کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مشترکہ کاوشیں کرنی ہیں۔دشمن اس ملک کو کمزور کرنا چاہتا ہے، ہم نے مل کر ملک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ موجودہ سیلابی صورتحال میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کو لوگوں کی مجبوری سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہیے۔ منافع خور اور ذخیرہ اندوز اللہ کے قہر سے ڈریں

    ۔شوکت ترین کی مبینہ آڈیو ویڈیو کے حوالے سے سوال پر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان سب کا ہے۔ اگر پاکستان پر مشکل وقت آئے گا تو پوری پاکستانی عوام مشکل میں آ جائے گی۔ سب کو پاکستان کی بہتری کیلئے مل کر سوچنا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الحق نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ پیغام پاکستان علماء کانفرنس میں بڑی تعداد میں علماء کرام اور مشائخ نے شرکت کی