راولپنڈی پولیس کی سوشل میڈیا پرسنیلٹی شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کے قتل کیس میں بڑی کامیابی، قتل کے مقدمے کا ڈراپ سین، سوشل میڈیا پرسنیلٹی کا اندھا قتل ٹریس، مقتولہ کے والد اور بھائی سمیت 5 ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا-
ایس ایس پی طارق محبوب نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں مقتولہ کا والد،حقیقی بھائی،چچا زاد بھائی،والد کا چچا اور چچا زاد بھائی کا بیٹا شامل ہیں،والد فضل،بھائی بشیر،چچا زاد بھائی احسان،والد کا چچا روزی خان اور چچا ذاد بھائی کا بیٹا یاسین پولیس حراست میں ہیں سوشل میڈیا پرسنیلٹی شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کو اس کے والد اور بھائی نے ساتھیوں کے ساتھ ملکر قتل کروایا-
ایس پی آپریشن نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر قتل کیس پر متعدد سپیشل ٹیمیں کام کر رہی تھیں،ٹیمیں سی پی او کو براہ راست لمحہ بہ لمحہ رپورٹ دیتی رہیں، 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کیا گیا،ہیومن انٹیلیجنس سمیت تمام ذرائع کو استعمال کیا گیا،پولیس نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے حالات و واقعات کے پیش نظر مقتولہ کے والد اور بھائی کو شامل تفتیش کیا-
انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے ساتھیوں کے ساتھ ملکر سوشل میڈیا پرسنیلٹی عائشہ کو قتل کروانے کا انکشاف کیا، ملزمان نے قانون کو دھوکہ دینے کے لئے ڈھونگ رچانے کی کوشش کی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل غیرت کے نام پر کروایا گیا تاہم مزید تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آ سکتے ہیں، پولیس نے شواہد اور تفتیش کی روشنی میں پانچوں ملزمان کو گرفتار کر لیا،ٹک ٹاکر پرشادی کی تقریب میں شرکت پر اعتراض ہوا، ہری پور میں حملے کی کوشش ہوئی-
ایس ایس پی طارق محبوب نے بتایا کہ ٹیکسلا پولیس نے واقعہ کے بعد سے ملزمان کی گرفتاری کے لئے مسلسل انتھک محنت کی،پولیس کی پیشہ ورانہ تفتیش سے مقدمہ میں اصل ملزمان گرفتار ہوئے، ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی-
