پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان جعلی خبروں اور مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ ویڈیوز کی سختی سے تردید کر دی ہے، جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وسیم اکرم دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔
افواہوں کا جواب دیتے ہوئے شنیرا اکرم نے سوشل میڈیا پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی، جس میں وسیم اکرم جم میں ورزش کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں،ویڈیو میں سابق کپتان مختلف ورزشیں کرتے دکھائی دے رہے ہیں، آخر میں وہ کیمرے کی طرف دیکھ کر مسکراتے بھی ہیں۔
شنیرا اکرم نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ یہ ریکارڈنگ میں نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جعلی خبروں اور AI ویڈیوز کے جواب میں شیئر کی ہے انہوں نے لکھا کہ جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، وہ جم میں ہیں اور بالکل خیریت سے ہیں۔
شنیرا اکرم کی اس ویڈیو کے بعد مداحوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور واضح ہو گیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہیں غلط ہیں وسیم اکرم کو کچھ نہیں ہوا ، وہ بالکل خیریت سے ہیں۔



