Baaghi TV

Tag: صدر ٹرمپ س

  • اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس:وزیراعظم کی صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات طے

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس:وزیراعظم کی صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات طے

    وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت متعدد عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جہاں وہ پاکستان کے مؤقف کو عالمی برادری کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کرنے کے ساتھ خطے کی سلامتی، مسئلہ کشمیر، سندھ طاس معاہدے اور دہشتگردی سمیت اہم امور پر بھی بات کریں گے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق اعلیٰ سطح کے ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف 23 ستمبر کو نیویارک میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گےاسی روز صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک سربراہان مملکت و حکومت کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائے گا، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف سمیت متعدد عالمی رہنما شرکت کریں گے۔

    وزیر اعظم کو عشائیے میں شرکت کی دعوت موصول ہوچکی ہے، جبکہ یہ موقع انہیں دیگر سربراہان مملکت و حکومت سے ملاقات اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کا بھی موقع فراہم کرے گا،شہباز شریف اور ڈونلڈ ٹرمپ کی یہ ملاقات 7 ماہ بعد ہونے والی پہلی بالمشافہ ملاقات ہوگی، وزیر اعظم 23 ستمبر کی تقریب سے ایک روز قبل لندن سے نیویارک پہنچیں گے، جبکہ 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

    اپنے خطاب میں وزیر اعظم کی جانب سے بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا معاملہ بھرپور انداز میں اٹھائے جانے کا امکان ہے وہ مستقل ثالثی عدالت کے حالیہ فیصلے کا حوالہ بھی دیں گے، جس میں بھارت کے مؤقف کو مسترد کیا گیا ہے پاکستان کے روایتی اتحادیوں کے علاوہ متعدد دیگر ممالک نے بھی اس معاملے پر اسلام آباد کے مؤقف کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    شہباز شریف مسئلہ کشمیر کو بھی عالمی فورم پر اجاگر کریں گے اور اسے خطے اور عالمی امن کے لیے مسلسل خطرہ قرار دیتے ہوئے پاکستان کی علاقائی امن کے لیے کوششوں سے آگاہ کریں گے،وزیر اعظم مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان گزشتہ ماہ مکہ مکرمہ میں طے پانے والے سہ فریقی اجتماعی سلامتی کے انتظام اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کارروائیوں پر بھی عا لمی برادری کو اعتماد میں لیں گے۔

    جنرل اسمبلی کا اعلیٰ سطحی عمومی مباحثہ 22 سے 26 ستمبر تک نیویارک میں جاری رہے گا اور شہباز شریف 25 ستمبر کو دوسرے ہاف کے اجلاس میں چوتھے مقرر کی حیثیت سے خطاب کریں گے،بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی مسلسل دوسری مرتبہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، جبکہ اسرا ئیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو 24 ستمبر کو خطاب کریں گے، افغانستان اجلاس کے آخری روز مقررین میں شامل ہوگا۔