کینیڈا کے مونٹریال ایئرپورٹ پر ایک مسافر طیارے کی ٹکر سے ایئرپورٹ کا گراؤنڈ ورکر ہلاک ہوگیا-افسوسناک واقعہ طیارے کی روانگی سے قبل گراؤنڈ آپریشنز کے دوران پیش آیا-
عالمی میڈیا کے مطابق واقعہ پیر کے روز کیوبیک کے یول مونٹریال-ٹرودو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آیا کینیڈا کے ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے مطابق حادثے میں فرانسیسی فضائی کمپنی ’فرینچ بی‘ کا ایئربس اے 350 طیارہ ملوث تھا، ہلاک ہونے والا ملازم گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی ’سامسک‘ کے لیے کام کرتا تھا، حکام نے تاحال اس کی شناخت ظاہر نہیں کی۔
فرینچ بی کے مطابق حادثہ پیرس کے اورلی ایئرپورٹ جانے والی پرواز BF5761 کی روانگی سے قبل طیارے کو پارکنگ پوزیشن سے پیچھے ہٹانے کے عمل، جسے پش بیک کہا جاتا ہے، کے دوران پیش آیا،ایئرلائن کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل صورتحال اور وجوہات ابھی طے ہونا باقی ہیں۔
فرینچ بی نے ہلاک ہونے والے ملازم کے اہل خانہ اور عزیزوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس واقعے سے متاثر ہونے والے ساتھی ملازمین اور تمام متعلقہ ٹیموں کے ساتھ بھی مکمل تعاون کر رہی ہے،وہ کینیڈا کے متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے اور جاری تحقیقات میں معاونت کے لیے تمام ضروری معلومات اور مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
مونٹریال ایئرپورٹ کے انتظامی ادارے ایروپورٹس ڈی مونٹریال نے بھی واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ادارے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو یویس بیوشام نے کہا کہ ایئرپورٹ کمیونٹی کے ایک رکن کی موت نے سب کو شدید متاثر کیا ہے انہوں نے متاثرہ ملازم کے اہل خانہ، عزیزوں اور ساتھیوں سے دلی تعزیت کی۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق حادثے کے عینی شاہد ملازمین اور مسافروں کو بھی مدد اور معاونت فراہم کی گئی۔ انتظامیہ نے کہا کہ وہ تحقیقات کرنے والے حکام کے ساتھ واقعے کے آغاز ہی سے تعاون کر رہی ہے۔
کیوبیک کے کورونر کے دفتر کو بھی ہلاکت سے آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ موت کی وجوہات اور حادثے کے حالات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، ایئرپورٹ انتظامیہ نے متاثرہ خاندان کے احترام میں مزید تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کرتے ہوئے میڈیا کو تحقیقات کرنے والے متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔








