عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی نےکہا ہے کہ عراق ہمسایہ ممالک کے خلاف حملوں کے لیے لانچنگ پیڈ نہیں بنے گا۔
شامی نیوز ایجنسی سانا کے مطابق عراقی وزیراعظم نے کہا کہ عراقی سرزمین سے ہمسایہ ممالک کے خلاف کسی بھی سرگرمی کو روکا جائے گا، ہم اپنی سرزمین پڑوسی ممالک کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، عراق کی سلامتی اور قومی خودمختاری کا تحفظ اولین ترجیح ہے،ہماری سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کو ششیں عوام کے اتحاد کے سامنے ناکام ہوں گی۔
عراقی وزیراعظم نے عراق کے سکیورٹی اداروں کی حمایت اور انہیں مزید ترقی دینے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا بھی اعادہ کیا،وزیراعظم نے بتایا کہ سرحدی گزرگاہوں پر سکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں، جبکہ سعودی عرب پر حملوں کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی ہے۔
واضح رہے دو دن قبل سعودی عرب پر عراق سے ڈرون حملے کئے گئے تھے جس کے بعد حملوں میں ملوث عراقی سکیورٹی حکام کیخلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے، عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملوں میں ملوث اعلیٰ فوجی کمانڈر کو عہدے سے برطر ف کر دیا،عراقی وزیراعظم آفس کا کہنا تھا کہ برطرف کیے گئے کمانڈر جنوبی عراق کے صوبے میسان میں فوجی کارروائیوں کی سربراہی کر رہے تھے، حملوں میں ملوث دیگر ذمہ داروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب عراقی فوج کا کہنا ہے کہ میسان کے پولیس چیف اور سکیورٹی اداروں کے سربراہان کو برطرف کر دیا گیا ہے ،سعودی عرب پر حملوں میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے عدالتوں میں پیش کیا جائے گا۔
