Baaghi TV

Tag: عیدالالضحیٰ

  • حکومت کی عیدالاضحیٰ سے قبل سرکاری ملازمین اور پنشنرز  کیلئے خوشخبری

    حکومت کی عیدالاضحیٰ سے قبل سرکاری ملازمین اور پنشنرز کیلئے خوشخبری

    وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ سے قبل سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو مئی 2026 کی تنخواہیں اور پنشن پیشگی ادا کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    وزارت خزانہ نے مئی 2026 کی تنخواہوں اور پنشن کی قبل از وقت ادائیگی سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہےنوٹیفکیشن کے مطابق عیدالاضحیٰ کے پیش نظر وفاقی حکومت کے تمام سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو 22 مئی کو تنخواہیں اور پنشن ادا کی جائیں گی عیدالاضحیٰ 27 یا 28 مئی 2026 کو متوقع ہے، اسی مناسبت سے ملازمین اور پنشنرز کی سہولت کیلئے یہ اقدام کیا گیا ہے تاکہ وہ عید کی تیاری بروقت کر سکیں۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ادائیگیاں وفاقی حکومت کے ریسیپٹس اینڈ پیمنٹ رولز 2025 کے تحت کی جائیں گی، جبکہ کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کو تنخواہوں اور پنشن کی بروقت اور جلد ادائیگی یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں وزارت خزانہ نے تمام متعلقہ اداروں کو فوری عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ عید سے قبل ادائیگیوں کا عمل مکمل کیا جا سکے۔

  • وفاقی دارالحکومت میں 6 مویشی منڈیاں قائم کرنے کا فیصلہ

    وفاقی دارالحکومت میں 6 مویشی منڈیاں قائم کرنے کا فیصلہ

    عید الاضحیٰ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں 6 مویشی منڈیاں قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق مویشی منڈیاں ضیاء مسجد، آئی-12، بارہ کہو، لہتراڑ روڈ سلطانہ فاؤنڈیشن، سنگجانی اور جاپان روڈ پر قائم کی جائیں گی، جبکہ ان منڈیوں کا قیام 10 مئی سے عمل میں لایا جائے گا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے متعلقہ اداروں کو پارکنگ، صفائی ستھرائی، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے، ڈی سی اسلام آباد کے مطابق منڈیوں میں نوٹیفائیڈ ریٹ سے زائد فیس وصول کرنے کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔

    ضلعی انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ ہر مویشی منڈی میں ایک مجسٹریٹ ہمہ وقت ڈیوٹی پر موجود ہوگا تاکہ انتظامی امور کی نگرانی یقینی بنائی جاسکے ڈی سی اسلام آباد نے ٹریفک پولیس کے ساتھ خصوصی حکمت عملی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ منڈیوں سے متصل شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جاسکے،مقررہ مویشی منڈیوں کے علاوہ شہر کے کسی بھی مقام پر جانوروں کی خرید و فروخت کی سختی سے ممانعت ہوگی۔

  • کلیجی کی بد بو کیسے ختم کریں؟ چند آسان ٹپس

    کلیجی کی بد بو کیسے ختم کریں؟ چند آسان ٹپس

    بکرا عید ہو گھر میں کلیجی نہ پکے یہ کیسے ممکن ہے، بڑی عید پر جیسے قربانی کا گوشت تیار ہوتا ہے تو سب سے پہلے کلیجی چولہے پر چڑھا دی جاتی ہے لیکن کچھ خواتین یہ شکایت کرتی ہیں کہ کلیجی تیار ہونے کے بعد اس کی بُو ختم نہیں ہوئی اور ٹھیک طرح سے گلی بھی نہیں۔

    آج ہم آپ کو کلیجی کی بو ختم کرنے کا آسان طریقہ بتائیں گے، اس کے علاوہ ایک ترکیب بھی بتائیں گے جس سے کلیجی بے حد ذائقے دار اور نرم بنے گی۔

    کلیجی دھونے کا طریقہ:

    سب سے پہلے کلیجی کو باؤل میں موجود صاف پانی میں بھگوئیں اور اسے دھو لیں ، دوسرے باؤل میں تقریباً آدھا کپ دودھ اور ایک گلاس پانی شامل کرلیں (کلیجی زیادہ ہو تو دودھ اور پانی کی مقدار اس حساب سے لیں) اور پھر اسے 10 منٹ کے لیے چھوڑ دیں ، اس کے بعد دوبارہ اسے صاف پانی سے دھو لیں۔

    بو ختم کرنے کا طریقہ:

    لہسن کے کچھ جوے لیں اور انہیں چھلکے سمیت پیس لیں، ساتھ ہی اس میں حسبِ مقدار لیمو کا رس یا سرکا ملا لیں، اس آمیزے کو اچھی طرح سے کلیجی پر ڈال دیں اور مکس کردیں اب اس کلیجی کو 20 سے 25 منٹ تک رکھ دیں، پھر اسے ایسے ہی پانی سے دھو لیں اور چھان لیں تاکہ اس کا سارا پانی مکمل طور پر نکل جائے-

    کلیجی کو پکانے سے پہلے اگر تیل میں چار سے پانچ دانے میتھی کے ڈال دیے جائیں تو اس سے بھی کلیجی سے بدبو نہیں آئے گی، کلیجی کو بنا دھوئے اس میں ایک عدد لیموں نچوڑ کر ڈالیں اور پندرہ منٹ تک ایسے ہی چھوڑ دیں پھر پانی اچھی طرح دھولیں اب اس کو پکائیں تو بدبو ختم ہو چکی ہوگی –

    علازہ ازیں کلیجی کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹنے کے بعد پانی میں ڈال کر اس میں پانچ چمچ سرکہ ڈالیں اور 20منٹ کے لیے چھوڑ دیں ایسا کرنے سے بھی کلیجی بلکل صاف ہوجاتی ہے اور بدبو بھی ختم ہو جاتی ہے-

    مزیدار کلیجی بنانے کی ترکیب:

    کلیجی کا سالن:

    ایک کپ دہی میں آدھا چمچ لال پسی مرچیں، ایک چوتھائی کٹی مرچیں، تھوڑی سی ہلدی، ایک چمچ ثابت دھنیا، ایک چمچ کٹا ہوا زیرا ملا کر بوٹیوں کو آدھے گھنٹے کے لیے میرینیٹ کرکے رکھ دیں۔

    کڑھائی میں آئل ڈال کر 4 ثابت کالی مرچیں، 2 لونگ اور 2 بڑی الائچی ڈال دیں، پھر کدوکش کی ہوئی ایک پیاز اس میں شامل کریں پیاز ہلکی سی براؤن ہو جائے تو اس میں ایک سرخ ٹماٹر کاٹ کر ڈالیں، ٹماٹر گل جائے تو اس میں دہی میں میرینیٹ کی گئی کلیجی شامل کریں اور اس کو اچھی طرح بھون لیں، دہی کے پانی میں ہی کلیجی گل جائے گی۔

    کلیجی آئل چھوڑ دے تو اس میں نمک شامل کریں، 2 سے 3 منٹ پکانے کے بعد چولہا بند کردیں اور اوپر سے ہرا دھنیا، ہری مرچ اور ادرک کاٹ کر ڈال دیں۔

    ہمیشہ کلیجی میں نمک ہمیشہ پکنے کے بعد شامل کریں کیونکہ شروع میں ڈالنے سے کلیجی سخت ہو جائے گی۔