Baaghi TV

Tag: غزہ کانفرنس

  • کراچی :اسرائیل کے خلاف بیک وقت سینکڑوں مقامات پر احتجاج

    کراچی :اسرائیل کے خلاف بیک وقت سینکڑوں مقامات پر احتجاج

    امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر غزہ پر اسرائیل کی بمباری ، حالیہ جارحیت و دہشت گردی کے ایک سال پورے ہونے پر’’ ملک گیر یوم یکجہتی فلسطین ‘‘ کے سلسلے میں کراچی میں بیک وقت سینکڑوں مقامات پر شہر کی اہم شاہرائوں اور سڑکوں پر اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا گیا اور نہتے و مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔
    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے شہریوں ، تاجروں ، وکلاء ، ڈاکٹرز ، انجینئرز ، علماء کرام ، اساتذہ و طلبہ ، نجی و سرکاری اداروں کے ملازمین اپنے دفتروں ، دکانوں ، تعلیمی اداروں اور گھروں سے نکل کر اور فلسطین کے جھنڈے اُٹھا کر سڑک کے کنارے کھڑے ہوگئے اور امریکہ و اسرائیل اور اس کی سرپرستی کرنے والے مغربی ممالک ، اقوام متحدہ کی ناکامی و دہرے معیار کے خلاف اور اہل غزہ و حماس کے مجاہدین کے حق میں پُر جوش نعرے لگائے ، شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز بھی اُٹھائے ہوئے تھے ، احتجاج میں خواتین بھی شامل تھیں ، خواتین نے مختلف سڑکوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی ۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر قیادت پاور ہائوس چورنگی ، نارتھ کراچی میں مرکزی احتجاج کیا گیا ، جس میں عام شہریوں سمیت اسکولوں کے طلبہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمیٰ سیف الدین ایڈوکیٹ نے کے ایم سی بلڈنگ کے سامنے سٹی کونسل کے ارکان کے احتجاج اور سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی نے نیو ایم اے جناح روڈ پر ہونے والے احتجاج کی قیادت کی اور خطاب کیا ۔
    شہر میں دوپہر کے وقت جگہ جگہ احتجاج کے باوجود ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوئی اور گاڑیاں چلتی رہیں ، اس دوران مسافروں اور گاڑیوں میں سوار لوگوں نے بھی احتجاجی مظاہرین سے یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف نفرت کا اظہار کیا ۔ احتجاج کے دوران متعدد مقامات پر کیمپ لگائے گئے ۔ کیمپوں اور سڑکوں پر بھی فلسطینی ترانے ، القدس ہمارا ہے ، لبیک یا اقصیٰ ، لبیک یا غزہ چلائے اور فلسطینی پرچم لہرائے جاتے رہے ، منعم ظفر خان نے پاور ہائوس چورنگی پر احتجاج کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل غزہ نے اسرائیل کی حالیہ دہشت گردی کے 365دن مسلسل مزاحمت و جدو جہد اور قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کی ہے ، بچوں ، بزرگوں اور خواتین نے جذبہ ٴ ایمانی اور ثابت قدمی کا بے مثال مظاہرہ کیا ہے ، اہل غزہ و فلسطین نے اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہمیں شہادتیں اور قربانیاں تو قبول ہیں لیکن انبیائؑ کی سرزمین فلسطین اور قبلہ ِ اوّل کی آزادی سے کم کوئی سمجھوتہ اور معاہدہ قبول نہیں کریں گے ۔
    اہل غزہ و فلسطین کا لہو پوری امت اور حکمرانوں کو پکار رہا ہے کہ وہ کب جاگیں گے اور حکمرانوں نے اپنی گردنوں میں غلامی کا قلاوہ کیوں ڈال رکھا ہے ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ اسرائیل کی دہشت گردی ، مظلوم و نہتے فلسطینیوں پر بمباری اور حماس کے مجاہدین اور اہل غزہ کی مسلسل مزاحمت کو ایک سال پورا ہو گیا ہے ، آج اہل کراچی سمیت پورے ملک کے عوام نے سڑکوں پر نکل کر حماس کی اپیل پر’’ عالمی یوم ِ مزاحمت ‘‘ سے یکجہتی کرتے ہوئے’’ یوم یکجہتی فلسطین ‘‘ منایا ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ قبلہ ِ اوّل کی آزادی کی جدو جہد میں پوری امت حماس کے مجاہدین اور اہل غزہ و فلسطین کے ساتھ ہے ،یہ احتجاج حکمرانوں کے لیے بھی یہ پیغام ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف اُٹھیں ۔
    خواب ِ غفلت سے بیدار ہوں اور حکمران خواہ اپنی ذمہ داری پوری کریں نہ کریں عوام اسرائیل کے خلاف اور اہل غزہ کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے ۔ سڑکوں پر بھی نکلیں گے اور یہ آواز دبنے نہیں دیں گے ۔ عوام یک جان اور منظم ہیں ۔ اسرائیل کے خلاف مزاحمت اور جدو جہد جاری رہے گی ۔ قبلہ اوّل بیت المقدس ضرور آزاد ہوگا اور مسلمان مسجد اقصیٰ میں نماز ضرور ادا کریں گے ۔
    منعم ظفر خان نے کہا کہ اہل فلسطین سے ہمارا ایمان اور عقیدے کا رشتہ ہے ، وہاں قبلہ اوّل ہے وہ انبیاء ؑ کی سرزمین ہے اور وہیں معراج کے موقع پر نبی کریم ؐ نے انبیائؑ کی امامت کی ۔ قبلہ اوّل پر یہودیو ں کا قبضہ اور اسرائیل کی ناجائز ریاست کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔ 7اکتوبر 2023کو اسرائیل حماس کے طوفان الاقصیٰ اور القسام برگیڈ کے ہاتھوں شکست کھا چکا ہے اور یہ ثابت ہو چکا ہے کہ اسرائیل کوئی ناقابل شکست ریاست نہیں ، اسرائیل اپنی اس شکست کا بدلہ لینے کے لیے غزہ کی شہری آبادیوں ، اسکولوں ، ہسپتالوں پر بمباری کر رہا ہے اور نہتے بچوں اور خواتین کو شہید کر رہا ہے ۔
    ایک سال کے دوران 45ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ۔ ان شہادتوں اور بڑھتے جذبوں نے دنیا بھر میں باضمیر انسانوں کو بیدار کیا ہے ، امریکہ اور یورپ کے ممالک میں بھی عوام اپنے حکمرانوں کے بر خلاف اسرائیل کی مذمت اور فلسطینیوں سے یکجہتی کر رہے ہیں ۔ پاور ہائوس چورنگی پر احتجاج سے امیر ضلع شمالی و ٹائون چیئر مین نیو کراچی محمد یوسف ، عثمان پبلک اسکول سسٹم کے ڈائریکٹر معین الدین نیئر ، پرنسپل کیمپس 2کے خالد زمان نے بھی خطاب کیا ۔

    وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اہم اجلاس

    کراچی: سمندری ہوائیں جزوی معطل ، حبس کی کیفیت

  • فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے آل پارٹیز کانفرنس کل منعقد ہوگی

    فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے آل پارٹیز کانفرنس کل منعقد ہوگی

    فلسطین اور غزہ کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے آل پارٹی کانفرنس کل ایوان صدر میں ہوگی۔

    باغی ٹی وی کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹی کانفرنس کل سہہ پہر 3 بجے ایوان صدر میں منعقد ہوگی۔واضح رہے کہ 4 اکتوبر کو وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کے بعد 7 اکتوبر کو فلسطینیوں کےساتھ یوم یکجہتی منانے اور آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کیا تھا۔ملاقات میں غزہ اور فلسطین میں نہتے فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے اور فلسطینی بہن بھائیوں کے حق میں آواز اٹھانے کے لیے وزیرِ اعظم کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ملاقات کے بعد یوم یکجہتیِ فلسطین اور آل پارٹیز کانفرنس کے لیے کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی تھی،کمیٹی میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، شیری رحمٰن، خواجہ سعد رفیق اور نیئر بخاری شامل ہوں گے۔

    قبل ازیں حکومتی وفد نے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں اسلام آباد میں جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔حکومتی وفد میں خواجہ سعدرفیق، نئیر بخاری، نوید قمر اور شیری رحمان شامل تھے جبکہ جے یو آئی (ف) کی جانب سے مولاناعبدالغفورحیدری، مولاناصلاح الدین ایوبی، محمداسلم غوری بھی ملاقات میں شریک تھے۔اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی اور سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن کو کل ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔

    بلوائیوں کے تشدد سے 50 اہلکار زخمی ہوئے، اٹک پولیس

  • ہزاروں فلسطینی خواتین اور بچوں کو شہید کیا گیا، حافظ نعیم الرحمٰن

    ہزاروں فلسطینی خواتین اور بچوں کو شہید کیا گیا، حافظ نعیم الرحمٰن

    امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ یہ ملین مارچ کسی جماعت کا نہیں بلکہ اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیلیے ہے۔

    باغی ٹٰی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں غزہ ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملین مارچ کے شرکاء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یہ ملین مارچ کسی پارٹی کا نہیں بلکہ اہل غزہ اور فلسطین کی مزاحمتی تحریک سے اظہار یکجہتی کا ملین مارچ ہے۔ اسرائیل کے پاس بہت بڑی فوجی طاقت بھی ہے اور اس کی پشت پناہی کرنے والا ملک امریکا ہے، اسرائیل دہشت گردی کرکے بچوں کو بھی شہید کررہاہے، غزہ میں ہزاروں خواتین اور بچوں کو شہید کیاگیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس دہشت گردی کے پیچھے امریکا، اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، اقوام متحدہ کے حالیہ اجلاس میں نیتن یاہو نے گریٹر اسرائیل کا نقشہ پیش کیا، اسرائیلی وزیراعظم کی تقریر کے دوران واک آؤٹ کرنے والے ممالک کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

    حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہمارا المیہ یہ ہے کہ مسلمان ممالک اپنا کردار ادا نہیں کررہے، مسلم ممالک کے پاس بہترین افواج ہونے کے باوجود اسرائیل نہتے لوگوں پر بمباری کررہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ غزہ کے بچوں، عورتوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو اسرائیل کے مظالم کے اگے جھک اور دب نہیں رہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وہ ملین مارچ کے توسط سے پورے پاکستان کے تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو کل بارہ بجے سڑکوں پر نکل کر غزہ سے اظہار یکجہتی کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔

    دبئی حکومت کا غیرمعمولی ٹیچرز کو گولڈن ویزہ دینے کا اعلان

  • مرکزی مسلم لیگ کراچی کے تحت بچوں کی غزہ کانفرنس 7 اکتوبر کو ہوگی

    مرکزی مسلم لیگ کراچی کے تحت بچوں کی غزہ کانفرنس 7 اکتوبر کو ہوگی

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے تحت فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بچوں کا غزہ کانفرنس بروز پیر کو منعقد کی جائے گی۔

    باغی ٹی وی کی یہ کانفرنس 7 اکتوبر کو صبح 10 بجے شاہراہ قائدین پر ہوگی، جہاں شہر بھر سے ہزاروں بچے غزہ کے معصوموں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کریں گے۔اس سلسلے میں کراچی کے تمام ٹانز میں ذمہ داران نجی و سرکاری اسکولوں سے رابطے کر رہے ہیں۔اسکولوں کے منتظمین اور پرنسپل حضرات سے ملاقاتیں کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں مرکزی مسلم لیگ کراچی کی جانب سے دعوت نامے پیش کیے جا سکیں۔ اسکولوں کی انتظامیہ نے مارچ کا خیر مقدم کیا ہے اور یقین دلایا ہے کہ طلبہ اپنے اساتذہ کے ساتھ بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔

    اس حوالے سے کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا کہ ایک سال کے دوران اسرائیل کی بمباری اور دہشت گردی کے نتیجے میں تقریبا 40 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔ اسرائیل اسکولوں، اسپتالوں اور رہائشی علاقوں پر بمباری کر رہا ہے جبکہ امریکا، برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک اس کی حمایت کر رہے ہیں۔ عالم اسلام کے حکمران بھی عملی طور پر کچھ کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں، لیکن عوام فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور ان کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔

    احمد ندیم اعوان نے کراچی کے شہریوں سے درخواست کی کہ اپنے بچوں کو غزہ کانفرنس میں شریک کر کے غزہ کے معصوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔ پوری دنیا کے باضمیر انسان فلسطین کے بچوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اور اس کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں بچے اور بچیاں شریک ہوں گی۔

    ہنگامی صورتحال، وفاق کی درخواست پر سندھ پولیس کی بھاری نفری اسلام آباد روانہ