Baaghi TV

Tag: پرنس ہیری

  • شہزادہ ہیری کی فیملی سمیت شاہی محل میں واپسی

    شہزادہ ہیری کی فیملی سمیت شاہی محل میں واپسی

    برطانیہ کے شاہی خاندان میں تعلقات کی بحالی کے آثار ایک بار پھر نمایاں ہو گئے ہیں، جب شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے اگلے ماہ برطانیہ دورے کی تیاریاں سامنے آئی ہیں-

    برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے اگلے ماہ اپنے بچوں کے ہمراہ برطانیہ کے دورے کے دوران شاہ چارلس سوم کی جانب سے شاہی رہائش گاہ میں قیام کی دعوت قبول کر لی ہے 2022 کے بعد پہلی مرتبہ شہزادہ ہیری ڈیوک آف سسیکس، اور میگھن ڈچس آف سسیکس اپنے دونوں بچوں پرنس آرچی اور شہزادی للی بیٹ کے ہمراہ برطانیہ پہنچیں گے جبکہ 4 سال بعد بچوں کی بھی یہ پہلی آمد ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق شاہی خاندان کی جانب سے سسیکس خاندان کو ماضی میں بھی شاہی اسٹیٹ میں قیام کی پیشکش کی جاتی رہی تاہم پہلی بار ہیری اور میگھن نے یہ دعوت قبول کی ہے، وہ اپنے دورے کے دوران کچھ وقت شاہی رہائش گاہ اور کچھ وقت نجی رہائش گاہ میں گزاریں گے، اس پیش رفت کو شاہی خاندان میں ممکنہ مفاہمت کی اہم علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن نے 2020 میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے امریکا کی ریاست کیلیفورنیا منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تھا اس فیصلے کے بعد دونوں نے متعدد انٹرویوز اور ہیری کی خودنوشت میں شاہی خاندان، برطانوی ٹیبلوئڈ میڈیا اور بعض اداروں پر شدید تنقید کی تھی اور شاہی خاندان میں اختلافات کھل کر سامنے آئے تھے۔

    میگھن مارکل آخری بار 2022 میں ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے برطانیہ آئی تھیں جبکہ شہزادہ ہیری اپنے والد شاہ چارلس سوم کی 2023 کی تاج پوشی میں اکیلے شریک ہوئے تھے گزشتہ برس ستمبر میں شہزادہ ہیری اور شاہ چارلس کے درمیان تقریباً 19 ماہ بعد کلیرنس ہاؤس میں نجی ملاقات ہوئی تھی یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب شاہ چارلس کینسر سے جنگ لڑ رہے ہیں،حالیہ برسوں میں شاہ چارلس اور شہزادہ ہیری کے درمیان محدود رابطے اور نجی ملاقاتوں نے تعلقات میں بہتری کی امیدیں پیدا کی ہیں، جبکہ شہز ا دہ ولیم کے ساتھ اختلافات اب بھی برقرار بتائے جاتے ہیں، ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران شاہی سیکیورٹی فراہم کیے جانے کا امکان ہے، تاہم انتظامات کی تفصیلا ت سامنے نہیں آئیں۔

    شہزادہ ہیری نے امریکا کی سابق اداکارہ میگھن مارکل سے 19 مئی 2018 کو ونڈسر کیسل کے تاریخی سینٹ جارج چیپل میں شاہی طرز کی تقریب میں شادی کی تھی جس میں دنیا بھر کی معروف شخصیات نے شرکت کی اگرچہ ملکہ الزبتھ دوم نے اس شادی کی باقاعدہ منظوری دی تھی اور میگھن کو شاہی خاندان میں خوش آمدید بھی کہا تھا تاہم ان کے تعلقات بہت زیادہ خوشگوار نہیں تھے۔

    بعد ازاں ہیری اور میگھن کے شاہی ذمہ داریوں سے علیحدگی اختیار کرکے امریکا منتقل ہونے اور ٹی وی انٹرویوز و ہیری کی کتاب میں شاہی خاندان پر تنقید کے باعث تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے میڈیا میں یہ تاثر ضرور رہا کہ ملکہ الزبتھ ان معاملات سے ناخوش تھیں لیکن انہوں نے کبھی عوامی سطح پر میگھن کے خلاف ذاتی ناراضی کا اظہار نہیں کیا،ملکہ برطانیہ نے 2020 میں شہزادہ ہیری اور میگھن کے شاہی فرائض چھوڑنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دونوں اور ان کے خاندان کے بدستور بہت عزیز ہیں۔