Baaghi TV

Tag: پریسیژن اسٹرائیک میزائل

  • امریکا نے ایرانی شہریوں پر  پریسیژن اسٹرائیک میزائل کا استعمال کیا،ایران

    امریکا نے ایرانی شہریوں پر پریسیژن اسٹرائیک میزائل کا استعمال کیا،ایران

    ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے جنگ کے دوران ایرانی شہریوں پر طویل فاصلے تک درست ہدف کو نشانہ بنانے والے پریسیژن اسٹرائیک میزائل کا استعمال کیا۔

    عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے 28 فروری کو ہونے والے ایک امریکی میزائل سسٹم کی تفصیلات جاری کی ہیں یہ حملہ کھیلوں کے ایک ہال (اسپورٹس ہال) پر کیا گیا تھا جو امریکا اور اسرائیل کے ایران کے خلاف جنگ کے پہلے روز کا واقعہ بتایا گیا ہے۔

    اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ اس حملے میں 24 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں دو سالہ بچی بھی شامل تھی، اس حملے میں ایک نئے ہتھیار کے نظام کا استعمال کیا گیا جس میں ایئر برسٹ میزائلز شامل تھے ان میزائلوں سے تیز رفتار ٹنگسٹن پیلٹس خارج ہوئے تھے جو پورے علاقے میں ہر سمت انتہائی تباہ کن طاقت کے ساتھ پھیل گئے تھے۔

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے الزام عائد کیا کہ یہ واقعہ غلطی نہیں تھا بلکہ ایک سوچا سمجھا فیصلہ تھا جس کے تحت ایک نئے ہتھیار کی تباہ کن صلا حیت کو ایرانی شہریوں پر آزمایا گیا۔ انہوں نے اسے ایک واضح اور قابلِ مذمت جنگی جرم قرار دیا یہ حملہ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کے ز مرے میں آتا ہے، جبکہ امریکا کی جانب سے اس دعوے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

    امریکی ریاست میری لینڈ میں قائم دفاعی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کے مطابق یہ طویل فاصلے تک درست ہدف کو نشانہ بنانے والا پریسیژن اسٹرائیک میزائلز سسٹم ہے کمپنی نے دسمبر 2023 میں امریکی فوج کو پہلے پریسیژن اسٹرائیک میزائلز فراہم کیے تھے یہ میزائل 60 کلومیٹر (37 میل) سے لے کر 499 کلومیٹر (310 میل) سے زائد فاصلے تک اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق ان جدید میزائلوں ایم ایل آر ایس ایم 270 اور ہائی موبیلیٹی آرٹلری راکٹ سسٹم کو فیملی آف لانچرز کے ساتھ ہم آہنگ بنایا گیا ہے، جو دونوں بھی لاک ہیڈ مارٹن کے تیار کردہ ہیں اور برطانیہ اور امریکا کی افواج استعمال کرتی ہیں۔

    ایم ایل آر ایس ایم کا مطلب ملٹی پل لانچ راکٹ سسٹمز ہے، جو میزائل فائر کرنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں، اور برطانیہ نے 2022 میں اس کے متعدد سسٹمز یوکرین کو بھیجے تھے۔ HIMARS کا مطلب ہائی موبیلیٹی آرٹلری راکٹ سسٹم ہے، اور اسی سال امریکا نے بھی اس کے کئی یونٹس یوکرین کو فراہم کیے تھے۔

    ہائی موبیلیٹی آرٹلری راکٹ سسٹم کا ایم – 142 ایک ہائی ٹیک، ہلکا اور پہیوں پر نصب راکٹ لانچر ہے جو میدانِ جنگ میں زیادہ تیزی اور نقل و حرکت کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔ ہر یونٹ میں چھ جی پی ایس گائیڈڈ راکٹ یا بڑے میزائل جیسے آرمی ٹیکٹیکل میزائل سسٹمز اور پریسیژن اسٹرائیک میزائل شامل کیے جا سکتے ہیں، اور انہیں صرف ایک چھوٹے عملے کے ذریعے تقریباً ایک منٹ میں دوبارہ لوڈ کیا جا سکتا ہے، پریسیژن اسٹرائیک میزائل کو تیزی سے تیار کیا جا سکتا ہے، اور کمپنی امریکی فوج کے طویل فاصلے تک درست نشانے والے اسلحہ کے تیز تر منصوبے کے مطابق پیداوار اور ترسیل کے لیے تیار ہے۔