Baaghi TV

Tag: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

  • معرکہ حق پاکستانی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے، سیدال خان ناصر

    معرکہ حق پاکستانی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے، سیدال خان ناصر

    ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے ’معرکہ حق‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پوری قوم کو دشمن ملک بھارت کے خلاف شاندار فتح اور تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

    ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ معرکہ حق پاکستانی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے، جس میں افواجِ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا نہایت پیشہ ورانہ، مؤثر اور بھرپور جواب دیابھارت کو نہ صرف پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا بلکہ عالمی سطح پر بھی اسے سبکی اور رسوائی اٹھانا پڑی۔

    انہوں نے کہاکہ جب بھارت نے جھوٹے پروپیگنڈے اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو افواجِ پاکستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی ایسی مثال قائم کی جسے دنیا بھر میں سراہا گیا،اس معرکے نے نہ صرف پاکستان کی عسکری صلاحیتوں کو اجاگر کیا بلکہ پاک فوج کو ایک عظیم، منظم اور بہادر فوج کے طور پر عالمی سطح پر مزید پہچان دلائی۔

    انہوں نے کہاکہ افواجِ پاکستان آج پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں اور دنیا بھر میں انہیں مزید عزت و تکریم کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے انہوں نے اس اعزاز کا سہرا عسکری قیادت، بالخصوص سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت کو دیا اور کہاکہ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    انہوں نے ’معرکہ حق‘ کو قومی اتحاد کی ایک روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس موقع پر پاکستانی قوم، افواج، حکومت اور علما کرام ایک پلیٹ فارم پر متحد نظر آئے، جو کہ ’واعتصموا بحبل اللہ جمیعاً‘ کی عملی تفسیر ہے، یہ معرکہ اس بات کا واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم کسی بھی چیلنج کے سامنے جھکنے والی نہیں۔

    سیدال خان ناصر نے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کی بہادری، قربانیوں اور جرات کے باعث نہ صرف ملک کا دفاع مضبوط ہوا بلکہ پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند ہوا یہ ہم سب کے لیے باعثِ فخر ہے کہ ہماری افواج کو دنیا میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اگر بھارت نے مستقبل میں کسی بھی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو اسے ایک بار پھر منہ توڑ اور سبق آموز جواب دیا جائے گا انہوں نے مودی حکو مت کو خبردار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دشمن کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔