Baaghi TV

Tag: ہاکی ورلڈکپ

  • جاپان کو شکست:ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان کی 16سال بعد پہلی کامیابی

    جاپان کو شکست:ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان کی 16سال بعد پہلی کامیابی

    نیدرلینڈ میں جاری ورلڈکپ میں پاکستان نےنویں سے 16ویں پوزیشن کےکلاسیفکیشن میچ میں جاپان کو 3کے مقابلے میں 4گول سے ہرادیا ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈکپ میں یہ پاکستان کی 16 سال بعد پہلی کامیابی ہے۔

    وگنر سٹیڈیم میں ہفتے کو کھیلے گئے نویں سے 16ویں پوزیشن کے کلاسیفکیشن میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاپان کو ہرایا،8سال کے وقفے کے بعد ورلڈ کپ میں واپسی کرنے والی پاکستانی ٹیم کا ایونٹ کے ابتدائی مرحلے میں سفر مایوس کن رہا،گرین شرٹس کو انگلینڈ اور روایتی حریف انڈیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ویلز کے خلاف 3-3 سے میچ برابر ہونے کے باعث پاکستان کو صرف ایک پوائنٹ ملا۔

    مین راؤنڈ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی نہ کرنے کے بعد پاکستان ٹیم نے ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے تحت کلاسیفکیشن میچ میں جاپان کا سامنا کیا ،جاپان نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور پہلے کوارٹر میں ہی ہاؤتا یامادا اور کائیٹو تاناکا کے گولز کی بدولت 2-0 کی برتری حاصل کرلی، پاکستان نے دو سر ے کوارٹر میں واپسی کی اور رانا وحید اشرف نے گول کرکے خسارہ کم کرتے ہوئے سکور 2-1 کر دیا۔ ہاف ٹائم تک یہی سکور برقرار رہا۔

    تیسرے کوارٹر کے آغاز کے صرف دو منٹ بعد رانا وحید اشرف نے اپنا دوسرا گول داغ کر مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا اگلے منٹ میں محمد حماد الدین نے گیند جال میں پہنچا کر پاکستان کو 3-2 کی برتری دلا دی ابوبکر انجری کے باعث میچ میں کپتانی نہیں کرسکے تھے ، ان کی جگہ معین شکیل نے کپتانی کے فرائض سر انجام دیے۔

    یہ نہ صرف نیدرلینڈ میں جاری ورلڈکپ میں 4 مرتبہ کی ریکارڈ عالمی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم کی پہلی کامیابی ہے بلکہ ہاکی ورلڈکپ کے مقابلوں میں پاکستان نے 6 ہزار 17 دنوں بعد کسی ٹیم کو شکست دی ہےاس سے قبل آخری بار پاکستان ہاکی ٹیم نے 2010 کے ہاکی ورلڈکپ میں اسپین کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی تھی، تاہم پاکستان2014 کے ورلڈکپ کے لیےکوالیفائی نہیں کرسکا تھا جب کہ 2018 کے ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم ایک میچ بھی نہ جیت سکی تھی۔ اسی طرح 2023 کے ورلڈکپ میں بھی قومی ٹیم کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔