Baaghi TV

Tag: ہیرے

  • پلاسٹک سے ہیرے بنائیں!!! — ڈاکٹر حفیظ الحسن

    پلاسٹک سے ہیرے بنائیں!!! — ڈاکٹر حفیظ الحسن

    کیا پلاسٹک سے ہیرے بن سکتے ہیں؟ وہ بھی اصلی ہیرے۔ اُس پلاسٹک سے جو عام پانی یا کولڈ ڈرنک کی بوتلوں میں استعمال ہوتا ہے، جسکا ایک مشکل سا نام ہے مگر اسکا مخفف آسان ہے پی ای ٹی یعنی PET ، مگر ہیرے کیسے ؟

    اسے سمجھنے کے لیے پہلے یہ سمجھتے ہیں کہ پلاسٹک دراصل ہوتا کیا ہے ۔ پلاسٹک عمومی طور پر تین عناصر کے ایٹموں سے مل کر بنتا ہے۔۔کاربن، ہائیڈروجن اور آکسیجن ۔ ان ایٹموں سے بنے پیچیدہ اور لمبے لمبے مالیکول ایک خاص ترتیب میں پلاسٹک میں زنجیروں کی طرح ایک دوسرے سے آپس میں جکڑے ہوتے ہیں (محض سمجھانے کے لیے)۔ مختلف طرح کے مالیکول اور مختلف قسم کی ترتیب کے کمبینیشن بنائیں ان میں کچھ اور عناصر ڈالیں اور طرح طرح کی خاصیت کے پلاسٹک بنائیں۔ پلاسٹک کی تاریخ دلچسپ ہے مگر اس پر بات پھر کبھی۔

    اب آتے ہیں اس پر کہ ہیرے کیا ہوتے ہیں۔ ہیرے دراصل کاربن کی ہی شکل ہوتے ہیں جس میں کاربن کے ایٹم ایک خاص ترتیب میں آپس میں جڑے ہوتے ہیں۔ کاربن کے ایٹم مختلف طرح سے جڑیں تو انکی ظاہری اور کیمیائی خاصیتیں بدل جاتی ہیں۔ اب تک کاربن کے ایٹم 8 مختلف طرح کی ترتیبوں میں قدرت اور لیبارٹریوں میں جڑے ہوئے پائے گئے ہیں۔ ہر اس طرح کی ترتیب سے پیدا ہونے والی کاربن کی صورت کو ایلوٹروپ کہتے ہیں۔ سو کاربن کا عنصر ہیرے یا ڈائمنڈ کی شکل میں، گرافائٹ کی طرح ، عام کوئلے جیسا(اس میں کاربن ایٹم بے ترتیب ہوتے ہیں)، نینو ٹیوب کیطرح وغیرہ وغیرہ میں پایا جاتا ہے۔

    سو اب اگر ہم کاربن کے ایٹموں کو لیبارٹری میں ایسے ترتیب دیں جیسے قدرت میں یہ ہیرے کے اندر موجود ہوتے ہیں تو ہم نقلی ہیرے بنا سکتے ہیں۔ قدرت میں پائے جانے والے ہیرے دراصل زمین کے اندر موجود کاربن یا کوئلے پر صدیوں پڑنے والے شدید دباؤ اور درجہ حرارت سے بنتے ہیں۔ دنیا بھر میں اسی طرح سے نقلی ہیرے بنائے جاتے ہیں۔ لیبارٹریوں میں ایک خاص عمل کے تحت کاربن کے ایٹموں کو بے حد درجہ حرارت (1400 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ) اور دباؤ (5 گیگا پاسکل یعنی زمین پر ہوا کے دباؤ سے تقریباً 49 ہزار گنا زیادہ) کے زیرِ اثر لا کر ہیروں میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ گویا ہیرے بنانے کے لئے تین اہم چیزیں درکار ہیں۔ کاربن، حرارت اور دباؤ ۔

    اب پلاسٹک میں کاربن تو موجود ہے مگر آکسیجن اور ہائڈروجن سے جڑی ہوئی۔ تو اسے کیسے شدید درجہ حرارت اور شدید دباؤ کے زیر اثر لایا جائے؟ اسکا جواب ہے انتہائی طاقتور لیزر۔ حال ہی میں کیے گئے تجربات جب پلاسٹک کے ٹکڑے پر جرمنی کے روسٹک یونیورسٹی کے محققین نے طاقتور اور انتہائی کم دورانیے کی لیزر پلسس پھینکیں تو ہوا کچھ یوں کہ پلاسٹک کے اُن حصوں پر شدید حرارت اور دباؤ پڑا ۔ اس سے ان میں موجود مالیکیولز کے اندر کاربن آکسیجن اور ہائڈروجن ایٹموں سے الگ ہوئے اور پھر ننھے ننھے ہیروں میں تبدیل ہوتے گئے۔ یہ ہیرے سائز میں نینومیٹر میں تھے یعنی ہائڈروجن ایٹم کے قطر سے تقریباً 20 گنا بڑے۔

    اس تحقیق سے سائنسدانوں کو یہ جاننے میں بھی مدد ملے گی کہ نظامِ شمسی کے سیارے نیپچون اور یورینس پر ہیروں کی بارش کیسے ہوتی ہے۔کیونکہ وہاں بھی ہائڈروجن، آکسیجن اور کاربن کے کئی طرح کے کیمیائی مرکبات اُنکی فضا میں موجود ہیں اور وہاں بھی سیاروں کے اندر شدید درجہ حرارت اور دباؤ کاربن کو ہیروں میں بدل سکتا ہے۔

    اوپر کے بیان کردہ تجربات سے بننے والے یہ ننھے منے ہیرے اس عمل سے کیسے نکالے جائیں یہ ابھی معلوم نہیں ۔ مگر نینو ڈائمنڈ کے جدید ٹیکنالوجی میں کئی مصرف ہیں جیسا کہ کوانٹم کمپیوٹر اور کوانٹم کمیونکیشن میں استعمال ہونے والے آلات کی تیاری میں یا نینو بیٹریوں میں۔

    فطرت کے اُصولوں کوجاننے اور سمجھنے کے لیے ضروری نہیں کہ آپ ہر جگہ خود جا کر یا دیدے پھاڑ کر دیکھیں۔ اگر آپ لیبارٹریوں میں بگ بینگ کے حالات پیدا کر سکتے ہیں یا سورج میں ہونے والے کروڑوں میل دور کے فیوژن کے عمل کو زمین پر پیدا کر سکتے ہیں تو آپ فطرت کو یہیں زمین پر بھی جان سکتے ہیں۔ ایک گیند دیوار پر مارنے پر جب واپس آتی ہے تو یہی اایکشن ری ایکشن کا اُصول کائنات کے کسی بھی کونے میں لاگو ہو گا۔ چاند پر بھی، سورج پر بھی، سیاروں پر بھی اور ہم سے لاکھوں نوری سال دور کسی ستارے پر بھی۔

    Reference:

    Z. He et al. Diamond formation kinetics in shock-compressed C-H-O samples recorded by small-angle X-ray scattering and X-ray diffraction. Science Advances. Published online September 2, 2022. doi: 10.1126/sciadv.abo0617.

  • انگوٹھی پر 24 ہزار سے زائد  ہیرے جڑکرایک نیا عالمی ریکارڈ

    انگوٹھی پر 24 ہزار سے زائد ہیرے جڑکرایک نیا عالمی ریکارڈ

    نئی دہلی: بھارتی کمپنی نے ایک انگوٹھی پر 24 ہزار سے زائد ہیرے جڑکرایک نیا ریکارڈ بنایا ہے سب سے زیادہ ہیروں والی انگوٹھی کا وزن ایک پاؤ سے بھی زیادہ ہے۔

    باغی ٹی وی :ہیرے کی انگوٹھی میں کتنے ہیرے لگائے جا سکتے ہیں؟ زیادہ سے زیادہ 10 لیکن آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ کیرالہ کے ضلع ملاپورم میں تیار ہونے والی ’ٹچ آف ایمی‘ نامی انگوٹھی نے انگوٹھیوں میں قائم ہیروں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس انگوٹھی پر 24 ہزار 679 ہیرے نصب کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے اس کا نام گنیز بک میں شامل کیا گیا ہے۔

    انگوٹھی کیوں خاص ہے جس نے گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا؟

    بھارتی میڈیا کے مطابق گلابی اوئسٹرمشروم کی شکل کی یہ انگوٹھی تھری ڈی پرنٹر سے ڈیزائن کی گئی تھی جسے 5 مئی 2022 تک مکمل کیا گیا تھا اسے تیار کرنے میں کل 90 دن لگے اور اب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اس کی باقاعدہ تصدیق کرتے ہوئے سند عطا کی ہے۔

    انگوٹھی میں ابتدائی طور پر 12,638 ہیرے تھے۔ لیکن مکمل کرنے اور دوبارہ ٹچ کرنے کے بعد، اسے 24,679 ہیروز کے ساتھ مکمل کیا گیا۔ کمپنی نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ یہ کامیابی بیلجیئم کے بجائے کیرالہ میں حاصل ہوئی ہے۔ بیلجیم ہیروں کے زیورات کی پیداوار میں پہلے نمبر پر ہے۔

    یہ انگوٹھی ایس ڈبلیو اے ڈائمنڈ نامی فرم نے بنائی ہے جس کے مینیجر عبدالغفور انادیان نے بتایا کہ اس کا نام ’ایمی‘ رکھا گیا ہے ۔ سنسکرت کے اس لفظ کا مطلب لافانیت ہے جس کی خوبصورتی دیکھ کر دنیا بھر کے ڈیزائنر اور زیورات کے ماہرین نے اسے سراہا ہے۔

    ایس ڈبلیو اے کے مطابق اس انگوٹھی پر مہارت سے ہزاروں چھوٹے بڑے ہیرے لگائے گئے ہیں جن کا مقصد کمپنی کے برانڈ کو فروغ دینا تھا۔ تاہم ہیرے اسطرح لگائے گئے ہیں کہ واضح دکھائی دیں اور خوبصورتی میں اضافہ کریں۔ اس کی ڈیزائننگ سے قبل ایک نمونہ (پروٹوٹائپ) پلاسٹک کے سانچے میں ڈھالا گیا تھا۔ لیکن کمپیوٹر کی مدد سے اس کی ڈیزائننگ کی گئی ہے اور کئی ماہرین نے اسے تین مہینے میں خواب سے حقیقت بنایا ہے۔

    جب تھری ڈی پرنٹر سے خام سانچہ بنایا گیا تو اس پر مائع سونا انڈیلا گیا اور سرد ہونے پر مشروم کی اطراف 41 پتیاں نمودار ہوگئیں۔ تاہم گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے قبل غیرجانبدار ماہرین نے اسے دیکھا، تجرباتی مشاہدہ کیا اور اسے سب سے زیادہ ہیرے والی انگوٹھی کا اعزاز دیا اس انگوٹھی کا وزن 340 گرام ہے اور قیمت 95 ہزار ڈالر سے کچھ زائد ہے۔

    یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ہیرے کی انگوٹھی نے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہو۔ اس سے پہلے بھی سال 2020 میں اتر پردیش کے میرٹھ میں رہنے والے جیولری ڈیزائنر ہرشیت بنسل نے 12638 ہیروں سے جڑی انگوٹھی بنائی تھی جس کی وجہ سے ان کا نام گنیز بک میں درج کیا گیا تھا۔ ہرشیت سٹی بلین میں مقیم میسرز رینانی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیں۔

    بنسل نے انگوٹھی کا نام ‘دی میریگولڈ’ رکھا کیونکہ اسے میریگولڈ کے پھول کی طرح ڈیزائن کیا گیا تھا۔ انگوٹھی کا وزن 165 گرام ہے جس میں 38.08 قیراط ہیرے جڑے تھے۔ اسے تیار کرنے میں ہرشیت کو تین سال لگے۔ ہرشیت سے پہلے حیدرآباد کے سریکانت نے ’کروی تجریدی‘ ڈیزائن میں 7801 ہیروں کی انگوٹھی بنائی تھی اور ہرشیت نے اس سے زیادہ ہیرے لگا کر یہ نیا ریکارڈ بنایا تھا۔

    کہا جاتا ہے کہ کوہ نور دنیا کا سب سے مہنگا ہیرا ہے۔ کوہ نور 105.6 قیراط کا ہیرا ہے، جس کی شکل بیضوی ہے اور اس کا شمار مہنگے ترین ہیروں میں ہوتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ ہندوستان میں 1300 میں پایا گیا تھا برطانیہ نے اسے 1850 میں لیا تھا اور اسے 1852 میں شہزادہ البرٹ نے تبدیل کیا تھا اور 186 قیراط کے ہیرے کو 105 کیرٹ میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ اس خاص قسم کے ہیرے کو ماؤنٹین آف لائٹ اور ڈائمنڈ آف بابر بھی کہا جاتا ہے۔

    دو ماہ قبل جنیوا میں دنیا کے سب سے بڑے سفید ہیرے ‘دی راک’ کی نیلامی ہوئی تھی۔ یہ نایاب سفید ہیرا جنوبی افریقہ کی ایک کان سے نکالا گیا تھا۔ جس کا وزن 228.31 کیرٹس تھا۔ اس نیلامی میں دی راک کے علاوہ ریڈ کراس ڈائمنڈ بھی نیلام ہوا۔ 205.7 قیراط کے اس پیلے رنگ کے ہیرے کو ’دی ریڈ کراس ڈائمنڈ‘ کا نام دیا گیا۔ اس کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم کا کچھ حصہ ریڈ کراس سوسائٹی کو دیا گیا۔

    بلیو ڈائمنڈ، دنیا کا اب تک کا سب سے مہنگا ہیرا، آج ہانگ کانگ میں سوتھبیز کمپنی کے تحت نیلام ہوا۔ De Beers Cullinan Blue Diamond 15.10 کیرٹس کا ہے۔ اسے £39 ملین میں فروخت کیا گیا ہے، امریکی ڈالر میں اس کی قیمت 57.5 ملین ڈالر ہے۔

  • ابھی تو ہیرے کی سٹوری ملی ہےبہت کچھ باقی ہے،مسلم لیگ ن

    ابھی تو ہیرے کی سٹوری ملی ہےبہت کچھ باقی ہے،مسلم لیگ ن

    پنجاب حکومت کے ترجمان عطا تارڑ پاکستان کے چوٹی کے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور ان بیٹی کی مبینہ آڈیو سامنے لے آئے۔لاہور میں ن لیگ پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں عطا تارڑ نے مبینہ آڈیو پیش کردی۔

    عطا تارڑ کی پیش کردہ مبینہ آڈیو میں ملک ریاض کی بیٹی اپنے والد کو بتا رہی ہیں کہ فرح کا فون آیا تھا، خاتون اول نے ہیرے کی 3 کیرٹ کی انگوٹھی قبول کرنے سے منع کردیا ہے۔مبینہ آڈیو میں عنبر فرح خان کا نام لیے بغیر کہتی ہے کہ ہفتے کو اُس سے ملاقات ہے، انگوٹھی اُس سے پہلے ہی ارینج کرلیں، اس پر ملک ریاض اپنی صاحبزادی سے کہتے ہیں کہ تم انگوٹھی منگوالو۔

    پریس کانفرنس میں عطا تارڑ نے کہا کہ فرح گوگی نے پنجاب میں بیٹھ کر پورے پاکستان پر حکومت کی، اس خاتون نے کرپشن کے نام پر لیے کروڑوں روپے کے ہیرے دبئی میں بیچے۔
    انہوں نے کہا کہ سابقہ دور میں فرح گوگی نے اربوں روپے کے اثاثے بنائے، پیسے لے کر افسران کی تعیناتیاں کیں، جب ان تمام اسکینڈلز کی تحقیقات ہوں گی تو یہ جنوبی ایشیاء کا سب سے بڑا منی لانڈرنگ کا اسکینڈل ہوگا۔

    صوبائی وزیر عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم عوام کے سامنے وہ حقائق لائیں گے ملک میں کس طرح عمران خان اور اہلخانہ نے کرپشن کا بازار گرم کیا ، ماڈل ٹاون لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطااللہ تارڑنے کہا کہ فرح شہزادی گوگی نے بشری مانیکا سے دوستی کو استعمال کرتے ہوئے ٹھیکوں، ٹرانسفر پوسٹنگ اور اشیاء خورونوش کی قلت پیدا کرکے اربوں روپے کمائے.

    عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایمنسٹی انٹر نیشنل سے احسن جمیل گجر اور فرح گوگی کو 32 ارب روپے کی چھوٹ دی،انکے کے پاس منی ٹریل کا کوئی ثبوت نہیں تھا،
    عمران نیازی رسیدیں پوچھتے پوچھتے خود رسیدیں دینا بھول گئے، بورڈ آف ریونیو کا چئیرمین لگاکر ٹیکس ایمنسٹئ سے چھوٹ دی

    عظمی بخاری نی کہا کہ پنکی ،گوگی اور کپتان، یہ تھا نیا پاکستان، یہ ہے پی ٹی آئی کا کچا چٹھا،عمران خان کا گھر چلانے اور غربت مٹانے میں گوگی اور فرح کا ہاتھ ہے،گوگی کے شور کے بعد پنکی کی ڈیمانڈ سامنے آُگئی ہے،ابھی تو ہیرے کی سٹوری ملی ہےبہت کچھ باقی ہے.

    عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ہیرے مل رہے ہیں ، بنی گالہ میں تالے کھولنے والے بیٹھے رہے، کسی سیکریٹری کا غیر قانون کام یا غیر قانونی سوسائٹی ہوتو اسے فرح کررہی تھی،تین قیراط واپس بھجوا کر گوگی نے پانچ قیراط بجھوائے.

    عظمی بخاری نے کہا کہ وہی پاکستان جہاں روٹی چینی نہیں تھی زکوتہ کھاکر وزیراعظم بنا اس کی اصل شکل سامنے آ گئی ہے،عظمی بخاری نے کہا کہ پونے چار سال میں فرح گوگی اور احسن گجر کے آٹھ سے دس ارب روپے کے اثاثے بنے،پنکی، گوگی اور کپتان یہ تھا نیا پاکستان، یہ ہے پی ٹی آئی کا کچا چٹھا، انہوں نے کہا کہ فرنٹ مین گوگی ،عمران خان کا گھر چلانے اور غربت مٹانے میں گوگی کا ہاتھ ہے، گوگی کے شور کے بعد پنکی کی ڈیمانڈ سامنے آُگئی ہے،ابھی تو ہیرے کی سٹوری ملی ہےبہت کچھ باقی ہے.