Baaghi TV

Tag: bol news

  • وزارت اطلاعات و ثقافت میں آج مادری زبان کا عالمی دن منایا گیا۔

    کابل:وزارت اطلاعات و ثقافت کے سیکریٹری شعبہ فن و ثقافت عتیق الرحمن عزیزی نے آج کابل میں مادری زبان کا عالمی دن منایا۔ باختر نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کے مطابق اس موقع پر منعقدہ تقریب میں وزارت اطلاعات و ثقافت کے سیکریٹریز، شعبہ امور عامہ کے سربراہ، پروفیسرز، شعراء اور ادیبوں نے شرکت کی۔

    اس پروگرام میں وزارت اطلاعات و ثقافت کے سیکریٹری ثقافت و فنون مولوی عتیق اللہ عزیزی نے کہا کہ افغانستان بہت سی قابل فخر زبانوں کا گھر ہے اور یہ زبانیں قوموں کو آپس میں جوڑتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا ہم قومی زبانوں کو اس طرح مضبوط کریں گے کہ ہمارے عقائد کو نقصان نہ پہنچے اور تعصبات پیدا نہ ہوں بلکہ یہ ہمارے قومی اتحاد کو مضبوط کرنے کا سبب بنے۔مولوی عتیق الرحمن عزیزی کے مطابق امارت اسلامیہ بالخصوص وزارت اطلاعات و ثقافت ملک کی تمام زبانوں کو مضبوط اور محفوظ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

    دریں اثنا وزارت اطلاعات و ثقافت کے سیکریٹری اشاعتی امور مولوی مہاجر فراہی نے کہا زبان برتری کا معیار نہیں ہے، دین اسلام میں یہ پہچان اور علم کی علامت ہے۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ وزارت اطلاعات و ثقافت بلا تفریق ملک کی تمام زبانوں کو مضبوط کرنے اور شہریوں تک مختلف زبانوں میں نشریات پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ پروگرام کے تسلسل میں شعبہ امور عامہ کے سربراہ شیخ نورالحق انور نے اسلام کے نقطہ نظر سے زبان کی قدر پر گفتگو کی اور زبان کو کسی معاشرے میں قوموں اور قبیلوں کی شناخت کا ذریعہ قرار دیا۔

    انہوں نے کہا کہ زبان کو نسلی گروہوں میں نفرت، تعصب اور تقسیم کا باعث نہیں بننا چاہیے، کیونکہ یہ سب کچھ اسلام کے مقدس مذہب میں رد کیا گیا ہے، زبان افغانوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کا باعث ہے۔

    دوسری جانب وزارت اطلاعات و ثقافت کے سیکریٹری عوامی ثقافت مولوی صفی اللہ رائد نے مادری زبان کی قدر کے بارے میں بات کی اور زبان کو افہام و تفہیم کا ذریعہ قرار دیا۔ کابل یونیورسٹی کے پروفیسر عطا محمد پویا نے معاشرے میں مادری زبان کے کردار پر گفتگو کی اور کہا ہر انسان کے لیے سب سے پیاری زبان اس کی مادری زبان ہے۔ انہوں نے زبان کو اللہ تعالی کی عظیم نعمت اور علم کی دریافت اور منتقلی کا ذریعہ قرار دیا اور متعلقہ اداروں سے کہا کہ وہ ملک میں زبانوں کے تحفظ اور استحکام کے لیے مزید وسیع کام کریں۔

    یاد ر ہے اقوام متحدہ کے سائنسی، تعلیمی اور ثقافتی ادارے (UNESCO) نے21 فروری کو مادری زبان کا دن قرار دیا ہے اور یہ ہر سال منایا جاتا ہے۔

  • 2 دن میں پاکستان کو بڑے رول اوور قرض کی خوشخبری ملنے والی ہے:اہم شخصیت کادعویٰ

    2 دن میں پاکستان کو بڑے رول اوور قرض کی خوشخبری ملنے والی ہے:اہم شخصیت کادعویٰ

    اسلام آباد:سیکرٹری خزانہ حمید یعقوب شیخ نے کہ ہے کہ دو دن میں پاکستان کو بڑے رول اوور قرض کی خوشخبری ملنے والی ہے اور یہ رول اوور دوست ممالک کے علاوہ ہیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری خزانہ نے آئی ایم ایف سے مذاکرات پربریفنگ دی۔

    سیکرٹری خزانہ حمید یعقوب شیخ نے بتایا کہ دو دن میں پاکستان کو بڑے رول اوور قرض کی خوش خبری ملنے والی ہے، یہ رول اوور دوست ممالک کے علاوہ ہیں، وزیر خزانہ آئندہ چند دن میں ایک اور رول اوور قرض کیلئے متحرک ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ 99 فیصد معاملات طے ہو گئے ہیں اور اگلے دو سے تین دن میں سیٹلمنٹ ہوجائے گی۔ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کے معاشی چیلنجز فوری طور پر ختم نہیں ہونگے تاہم اگلے دو سے تین ماہ میں حالات معمول پر آجائیں گے۔

    سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ پاور سیکٹر میں گردشی قرض کو کنٹرول کرنا ہے، یہ اضافہ ملک برداشت نہیں کر سکتا، ایف بی آر کے ٹیکس محاصل تو درست سمت میں ہیں تاہم پاور سبسڈی کو ختم کرنا ضروری ہے، ٹارگٹ سبسڈی دی جائے گی۔ان کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف نے کہا پاکستان کو 875 ارب روپے کے خسارے کا سامنا ہے، اس کو مذاکرات کے ذریعے 170 ارب روپے پر لایا گیا، بجلی اور گیس کے ریٹ بڑھائے گئے۔

    سیکرٹری خزانہ نے مزید کہا کہ دسمبر تک ٹیکس وصولی میں 82 ارب روپے کا شارٹ فال تھا، اندازہ تھا کہ رواں مالی سال 162 ارب روپے کم ٹیکس محاصل حاصل ہوں گے، آئی ایم ایف نے ڈالر ٹرم میں 23 فیصد کمی کا اندازہ کیا تھا، روپے کی قدر میں کمی کے باعث ہماری وصولی ٹارگٹ سے 2 سے 3 فیصد زیادہ رہے گی، ڈائریکٹ ٹیکسوں کی وصولی 43 فیصد بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف سے اتنا بڑا ریلیف لینا حکومت کی کامیابی ہے۔

    کمیٹی چیئرمین قیصر شیخ کا کہنا تھا کہ ہم نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے کہنے پر کمیٹی کا اجلاس تین ہفتے مؤخر کیا لیکن وہ آج بھی اجلاس میں نہیں آئے۔

  • اگلےدس دن رات کو ٹھنڈ دن کوگرمی:محکمہ موسمیات نے بتادیا

    اگلےدس دن رات کو ٹھنڈ دن کوگرمی:محکمہ موسمیات نے بتادیا

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 10 روز تک کراچی میں دن کے وقت موسم گرم اور رات میں ٹھنڈ رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو کراچی میں تیز دھوپ کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری ریکارڈ ہوا جبکہ صبح کے وقت کم سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

    ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے 3 روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے، اس دوران دن کے اوقات میں مغربی ہوائیں جبکہ شام کے وقت سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں چل سکتی ہیں۔

    چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کا ایکسپریس نیوز سے بات چیت میں کہنا تھا کہ اگلے 10 روز کے دوران مغرب کی جانب سے سندھ بشمول کراچی میں کسی نئے سلسلے کا امکان نہیں ہے، دن کے وقت قدرے گرمی جبکہ رات میں خنکی برقرار رہ سکتی ہے۔

    سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 28 فروری کو ایک سلسلہ ملک میں داخل ہوگا جوشمالی علاقہ جات پر اثرانداز ہوسکتا ہے، موسم سرما کا دورانیہ فروری کے اختتام تک ہوتا ہے، مارچ کے اوائل میں بہار کے موسم کا آغاز ہوجاتا ہے جو مارچ کے وسط تک برقرار رہتا ہے۔

  • چوہدری پرویز الٰہی کو ق لیگ سےنکال دیا گیا

    چوہدری پرویز الٰہی کو ق لیگ سےنکال دیا گیا

    لاہور:سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو ق لیگ سے نکال دیا گیا۔مسلم لیگ ق نے چوہدری پرویز الٰہی کی پارٹی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں عہدے سے برخاست کردیا۔

    ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے 16 جنوری کو چوہدری پرویز الٰہی کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جبکہ انہیں 26 جنوری کو لاہور میں غیرآئینی اجلاس بلانے پر بھی نوٹس دیا گیا تھا۔چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے نوٹسز کا جواب نہ دینے پر ان کی پارٹی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں تمام عہدوں سے برخاست کردیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے مقرر کردہ تمام پارٹی عہدے بھی واپس لے گئے ہیں۔چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی آئندہ مسلم لیگ ق کا نام استعمال نہیں کرسکیں گے۔پارٹی ترجمان مصطفیٰ ملک نے چوہدری پرویز الٰہی کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کی تصدیق کردی۔

    دوسری جانب ق لیگ کے رہنما چوہدری شافع حسین کا کہنا تھاکہ پرویزالٰہی مسلم لیگ ق کے پلیٹ فارم سے پی ٹی آئی میں ضم نہیں ہو سکتے کیونکہ چوہدری شجاعت مسلم لیگ ق کے سربراہ ہیں، وہی فیصلہ کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ پرویزالٰہی سمیت کسی نے پی ٹی آئی میں شامل ہونا ہے تو ق لیگ سے استعفیٰ دے کر شامل ہونا ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق کے پلیٹ فارم سے پی ٹی آئی سے ڈیل کی گئی تویہ غیرقانونی اورغیراخلاقی ہو گا۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور پرویزالٰہی کے درمیان آج اہم ملاقات ہونی ہے جس میں مسلم لیگ ق کوپی ٹی آئی میں ضم کرنے کے حوالے سے فیصلے کا امکان ہے۔

  • مریم نوازچھوٹی بہن ہیں،سیاست میں آئی ہیں کام کرنے کا موقع دیا  جائے،شاہد خاقان عباسی

    مریم نوازچھوٹی بہن ہیں،سیاست میں آئی ہیں کام کرنے کا موقع دیا جائے،شاہد خاقان عباسی

    سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ مریم نوازچھوٹی بہن ہیں،سیاست میں آئی ہیں کام کرنے کا موقع دیا جائے-

    باغی ٹی وی : رہنما مسلم لیگ ن اور سابق وازیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مریم نوازچھوٹی بہن ہیں،سیاست میں آئی ہیں کام کرنے کا موقع دیا جائے مریم نواز کی اس بات سے کہ حکومت ہماری نہیں سے اتفاق نہیں کرتا حکومت ہماری ہے ،ہم اون کرتے ہیں الگ بات ہے میں اس کا حصہ نہیں ہوں۔

    شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاستدانوں کو اغوا کرنے کے حق میں بھی نہیں ،نظام میں درستگی کی ضرورت ہے۔ سیاستدانوں کو گرفتاری کی حمایت نہیں کرتا۔جیل بھرو تحریک سے مسائل کا حل نہیں ہوگا۔کیا پتہ جیل بھرو تحریک پر کوئی گرفتار ہی نہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آئین پڑھ لیں، الیکشن کی تاریخ دینا یا الیکشن کروانا صدر کا نہیں، الیکشن کمیشن کا کام ہے،لیکشن کمیشن ہی فیصلہ کرے گا الیکشن کب ہوں گے، آئین میں لکھا ہے کہ الیکشن نوے دن کے اندار کروانے ہیں، اگر وہ نہیں کروا سکیں گے تو پھر انہیں عدالت میں جواب دینا پڑے گا، حکومت بھی الیکشن نہ روک سکتی ہے نہ کروا سکتی ہے، موجودہ نظام کے پاس معاشی مسائل حل کرنے کی اہلیت ہے، نہ قابلیت اور نہ ہی نیت ہے۔

    ن لیگی رہنما نے کہا کہ الیکشن ہونے چاہییں ،نتیجہ جو بھی ہوگا دیکھا جائے گا۔بدقسمتی ہے الیکشن بھی قومی مسائل کا حل نہیں۔ملکی مسائل کا واحد حل ملکر بیٹھنے میں ہیں،نئی جماعت بنانے کا کوئی منصوبہ نہیں نہ ہی مقصد ہے۔

    انہوں نے چیئر مین نیب کے مستعفی ہونے پر کہا ہے کہ آفتاب سلطان بہت محنتی اور ایماندار انسان ہیں، جو وجوہات ہوں گی وہ درست ہی ہوں گی میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ نیب کو ختم کر دینا چاہیےیہ ادارہ اتنا خراب اور کرپٹ ہو چکا ہے کہ اپنی خرابیوں کو چھپانے کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہے۔

    سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اگر انہوں نے کام میں مداخلت کا کہا ہے تو بتائیں کہ کس نے اور کیا مداخلت کی ہے۔ میں بھی حکومتی جماعت کا رکن ہوں، میرے خلاف دو کیس چل رہے ہیں جن کا نہ سر ہے نا پاوں ہے، اگر مداخلت ہوتی تو یہ ختم ہو چکے ہوتے مداخلت اسٹیبلشمنٹ اور عدالتوں کی طرف سے بھی ہو سکتی ہےنیب کو جڑ سے اکھاڑنے کی ضرورت ہےملک میں معاشی بدحالی کی بڑی وجہ نیب ہے۔

  • شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

    باغی ٹی وی : اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

    احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی کو آج طلب کیا تھا لیکن ان کی جانب سے ان کے وکیل بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے احتساب عدالت کے جج نے ناصر جاوید نے کیس میں عدم حاضری اور استثنیٰ کی درخواست دائر نہ کرنے پر وارنٹ جاری کیے ہیں۔

    عدالت نے شریک ملزمہ عظمیٰ عادل کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

  • ملک میں انتخابات نہیں ہوئے تو خانہ جنگی ہوگی،شیخ رشید

    اسلام آباد: عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ ملک میں انتخابات نہیں ہوئے تو خانہ جنگی ہوگی۔

    باغی ٹی وی: اسلام آباد کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آبپارہ پولیس منشیات فروشی کے لیے مشہور ہے، پولیس نے میرے گھر پر ڈاکا ڈالا اور قیمتی اشیا بھی چوری کیں، میں نے فون کے پاسورڈ پولیس کو دے دیے ہیں، امید ہے لائسنس شدہ اسلحہ اور گھڑیاں واپس مل جائیں گی۔


    انہوں نے کہا کہ آبپارہ پولیس منشیات فروشی کے لیے مشہور ہے تاہم 23 فروری کو مری جاوں گا امید ہے لائیسنس شدہ اسلحہ اور گھڑیاں واپس مل جائیں گی پولیس سابق منسٹرز کے گھرپرڈکیتی کرتی ہے اور کوئی تھانہ پرچہ لینے کو تیار نہیں ہے لیکن یہ انتقام کی سیاست اپنے انجام کو پہنچے گی اور 30 اپریل سے پہلے نتیجہ آئے گا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز نے کہا ان کی حکومت نہیں، تو کون آپ کو لے کر آیا؟ معلوم نہیں انتخابات ہوتے ہیں یا نہیں لیکن ڈھول حکومت کے گلے میں لٹکا رہےگا۔


    صدر کی جانب سے الیکشن کے اعلان پر شیخ رشید نے کہا کہ صدر نے ٹھیک آئینی و قانونی اعلان کیا ہے جو سیاسی جماعت انتخابات سے بھاگتی ہے وہ مافیا ہے، صدر عارف علوی نے اپنا حق ادا کردیا ہے، ملک میں انتخابات نہیں ہوئے تو خانہ جنگی ہوگی۔


    اپنے ایک ٹوئٹ میں بھی انہوں نے کہا ہےکہ صدر عارف علوی کا فیصلہ آئینی اور قانونی ہے اگر صدر کی بات نہیں مانی گئی تو ملک میں آئینی بحران پیدا ہوجائے گا اور ملک بند گلی میں داخل ہوجائے گادونوں صوبوں میں 9 اپریل کوالیکشن کرانےہوں گےورنہ گھمبیراور سنگین حالات پیدا ہوجائیں گے ملک جسکا متحمل نہیں ہوسکتا اور آخری فیصلہ سپریم کورٹ کے کندھوں پر آجائے گا-

    شیخ رشید نے کہا کہ جس تیزی سے حالات بگڑ رہے ہیں اور ملک آئینی بحران کی طرف جارہا ہے اس میں خاموشی گناہ ہے، بحران کے وقت ملک کے وزیر خارجہ اور خزانہ دونوں ہی لاپتہ ہیں۔

  • توشہ خانہ ریفرنس:عمران خان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی

    توشہ خانہ ریفرنس:عمران خان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی

    اناسلام آباد: توشہ خانہ ریفرنس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی-

    باغی ٹی وی : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کے کیس کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نےکی۔

    عمران خان کے وکیل گوہر علی خان اور الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے جب کہ عمران خان آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے، وکلاء کی جانب سے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی گئی-

    الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے اعتراض کیا، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کل لاہور ہائیکورٹ اپنے پاؤں پرکھڑے ہوکرگئے۔

    عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان زمان پارک سے لاہور ہائیکورٹ گئے، سکیورٹی کے باعث وقت لگا، اسلام آباد کچہری میں پیشی تھوڑی مشکل ہے، عمران خان کو ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا ہے، ڈاکٹروں کی ہدایت اور سکیورٹی وجوہات کے باعث عمران خان نہیں آئے، ان پر انسداد دہشت گردی اور دیگر عدالتوں میں بھی کیسز ہیں، 28 فروری کو عمران خان کا ایکسرے ہو جائےگا۔

    عدالت نے کہا کہ 28 فروری کو بھی ایکسرے ہونے ہیں؟ 9 سے 21 تاریخ تک عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں آرہی ہیں، ایسے رہا تو ٹرائل لمبا ہوتا چلا جائےگا۔

    جج نے ریمارکس دیئےکہ عمران خان کی پمز سے طبی رپورٹ بنوا لیتے ہیں، عمران خان کی میڈیکو لیگل رپورٹ دکھا دیں تاکہ انجری کی نوعیت دیکھ لیں، قانون کے مطابق کیس کی کاپیاں ملزم کو دی جاتی ہیں، عمران خان کو آج بھی ذاتی حیثیت میں عدالت نے طلب کر رکھا تھا، عمران خان کو ہر تاریخ پر حاضری سے استثنیٰ دیا جارہا ہے ہم مسلسل آپ لوگوں کی مان ہی رہے ہیں، صرف کاپیاں فراہم کرکے فرد جرم عائدکرنی ہے۔

    عدالت نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کے وکلاء کو کاپیاں فراہم کرنےکی ہدایت کردی۔

    وکیل الیکشن کمیشن نےکہا کہ عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ پر آج اعتراض نہیں کریں گے، اگلی سماعت پر عمران خان کی حاضری یقینی بنائیں عدالت نےکہا کہ28 فروری کی تاریخ دے دیتے ہیں، عمران خان کی حاضری یقینی بنائیں۔

    ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نےکیس کی سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی۔

    واضح رہےکہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بھجوایا تھا، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرکا کہنا تھا کہ ٹرائل کورٹ عمران خان پرکرپٹ پریکٹس کا ٹرائل کرے.

    توشہ خانہ ریفرنس الیکشن ایکٹ کےسیکشن 137 ،170 ،167 کے تحت بھجوایا گیا ہے، ریفرنس میں استدعا کی گئی ہےکہ عدالت شکایت منظور کرکے عمران خان کو سیکشن 167 اور 173 کے تحت سزا دے، ریفرنس میں 3 سال جیل اور جرمانےکی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

  • عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور

    عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور

    عمران خان کی حفاظتی ضمانت عدالت نے منظور کر لی

    عمران خان عدالت مین پیش ہوئے۔ روسٹرم پر آ کر عمران خان کا کہنا تھا کہ میرا عدالتون پر اعتماد ہے۔ عدالت تین مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور کرے۔ ڈاکٹرز نے مجھے چلنے کی اجازت نہین دی

    عمران خان دس منٹ عدالت میں رہے جبکہ پانچ منٹ کی سماعت ہوئی۔ پیشی سے قبل دو گھنٹے عمران خان گاڑی میں بیٹھے رہے۔ جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم عام طور پر دس روز کی اجازت دیتے ہین ۔ عدالت نے عمران خان کی 3 مارچ تک ضمانت منظور کر لی

    چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے جبکہ ان کے ہمراہ کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی اور کچھ کارکنوں نے عدالت عالیہ کے گیٹ پر چڑھنے کی بھی کوشش کی. خیال رہےلاہور ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت پر دستخط کی تصدیق کے متعلق معاملے میں تحریک انصاف کے چیئرمیں عمران خان کو 5 بجے تک پیش ہونے کا آخری موقع دیا تھا دیا۔

    عدالت عالیہ کے حکم پر سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان قافلے کی صورت میں لاہور ہائیکورٹ پہنچے، ان کے ہمراہ کارکنوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔

    پی ٹی آئی کارکنوں نے عدالت کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی جبکہ ایک کارکن نے دروازے پر ڈنڈے بھی برسادیئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گاڑی لاہور ہائیکورٹ کے گیٹ کے اندر چلی گئی، جس کے بعد کارکنان پیچھے رہ گئے، اس موقع پر انتظامیہ اور کارکنان میں دھکم پیل بھی ہوئی۔

    لاہور ہائی کورٹ کے فاضل جج جسٹس طارق سلیم شیخ نے حفاظتی ضمانت کی درخواست اور وکالت نامے پر دستخط میں فرق کی وضاحت کیلئے عمران خان کی پیشی کیلئے سماعت ہوئی۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیئے کہ قانون کے سامنے سب برابر ہیں۔ عمران خان کے وکیل خواجہ طارق رحیم نے کہا کہ ہائی کورٹ سب کے لیے معزز اور قابل عزت ہے، عدالت ہمیں موقع فراہم کرے ہم عمران خان کو پیش کردیں گے۔

    خواجہ طارق رحیم نے کہا کہ عدالت نے درخواست اوربیان حلف پردستخط کےفرق کی نشاندہی کی،عمران خان نے یہ حفاظتی ضمانت دائر نہیں کی۔ جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ پھر یہ درخواست کس نے فائل کی۔ جواب میں خواجہ طارق رحیم نے کہا کہ یہ بات تو اظہرصدیق آکر بہتر بتائیں گے۔

    جسٹس طارق شیخ ںے ریمارکس دیئے کہ ہم عمران خان کوشوکازنوٹس جاری کرتے ہیں، آپ شوکاز کا جواب دیں اگرعدالت مطمئن ہوئی تو پھر ہم نمٹادیں گے۔ جس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عدالت ایسا نہ کرے ہم عمران خان کو پیش کرنے کے لئے تیار ہیں۔ عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عدالت ہمیں مہلت فراہم کرے، ہم 5 بجے تک عمران خان کوپیش کردیتے ہیں، جس پر عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔

    لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کیلئے عمران خان ایلیٹ فورس کی جیمر کی گاڑی میں پہنچیں گے۔ پیر کی صبح تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے سلسلے میں عمران خان کے وکلاء نے گاڑی کو احاطہ عدالت میں لانے کے لیے انتظامی سطح پر ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔جبکہ جسٹس عابد عزیز شیخ نے بطور انتظامی جج عمران خان کی گاڑی کوہائیکورٹ کےاحاطےمیں داخلے کی اجازت مسترد کر دی۔ اور ہائی کورٹ میں پیشی کے حوالے سے عمران خان سے ان کی قانونی ٹیم دوبارہ مشاورت کرے گی۔
    مزید یہ بھی پڑھیں؛
    طالبان کا امریکی فوجی اڈوں کو اکنامک زونز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ
    چیٹ جی پی ٹی نے نریندر مودی کودنیا کی متنازع ترین شخصیات میں سے ایک قرار دیا
    کھمبے سے باندھ کر لوہے کی راڈ گرم کرکے جسم کے مختلف حصوں میں لگانے کی ویڈیو وائرل
    یاد رہے کہ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نے الیکشن کمیشن کے باہر مظاہرہ کرنے اور رکن قومی اسمبلی پر حملےکےکیس عمران خان کی درخواست مسترد کردی تھی۔ جس کے بعد عمران خان نے حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا لیکن عدالت نے حلف نامے اور وکالت نامے پر عمران خان کے مختلف دستخط کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں آج (پیر20 فروری ) طلب کیا تھا۔

    تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بتایا تھا کہ عمران خان آج عدالت ضرور پیش ہوں گے۔ عمران خان نے الیکشن کمیشن کے باہر مظاہرہ کرنے اور رکن قومی اسمبلی پر حملے کے کیس میں حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

  • لایور ہائی کورٹ میں عمران خان کیخلاف گھڑی چور کے نعرے

    لایور ہائی کورٹ میں عمران خان کیخلاف گھڑی چور کے نعرے

    لایور ہائی کورٹ میں عمران خان کیخلاف گھڑی چور کے نعرے
    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں وکلاء اور لوگوں کے عمران خان کے خلاف گھڑی چور گھڑی چور کے نعرے لگ گئے ہیں کیونکہ آج عمران خان عدالت میں پیش ہورہے اس لیئے لوگوں نے ان کی پیشی پر نعرے لگائے ہیں.

    صحافی ملک رمضان اسراء نے ویڈیو ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان کے خلاف احاطہ عدالت میں گھڑی چور گھڑی چور کے نعرے لگ گئے ہیں . جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ اس چور کے خلاف ایسے ہی نعرے لگنے چاہئے کیونکہ یہ ایک جھوٹا اور ذانی انسان ہے جس نے ملک کا بیڑا غرق کیا ہے.


    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی عمران خان کے خلاف کئی بار ایسے نعرے لگ چکے ہیں اور اس کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے صارف نے کہا کہ "یہ دن بھی دیکھنا پڑنا تھا ۔۔۔۔تمام سیاسی جماعتوں کو کرپٹ اور چور کہنے والے عمران خان کیخلاف بھی گھڑی چور گھڑی چور کے نعرے.


    مزید یہ بھی پڑھیں؛
    طالبان کا امریکی فوجی اڈوں کو اکنامک زونز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ
    چیٹ جی پی ٹی نے نریندر مودی کودنیا کی متنازع ترین شخصیات میں سے ایک قرار دیا
    کھمبے سے باندھ کر لوہے کی راڈ گرم کرکے جسم کے مختلف حصوں میں لگانے کی ویڈیو وائرل
    علاوہ ازیں گزشتہ سال کو لاہور کے جیلانی پارک میں پنجاب حکومت کے ونٹر فیملی فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں بھی شہریوں نے عمران خان کے خلاف نعرے لگائے تھے جبکہ خواتین اور بچے ’’گھڑی چور‘‘ کے نعرے لگاتے رہے . لاہور کے جیلانی پارک میں پی ایچ اے کے زیر اہتمام ونٹر فیملی فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے اس وقت کے سینئرصوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کے خطاب کے دوران عمران خان کے خلاف نعرے بازی کی گئی تھی. جبکہ عمران خان کے خلاف نعرے بازی کرنے والوں نے اسٹیج کی طرف بڑھنے کی کوشش کی توسکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روک دیا تھا.