Baaghi TV

Tag: GhaniMehmood kasuri

  • تیز آندھی ،بارش،بجلی کی تاحال بندش،سڑکوں پر پانی ہی پانی

    تیز آندھی ،بارش،بجلی کی تاحال بندش،سڑکوں پر پانی ہی پانی

    قصور میں گزشتہ رات کی شدید آندھی اور بارش کے بعد بجلی کی فراہمی معطل، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہری مشکلات کا شکار

    تفصیلات کے مطابق قصور و گردونواح میں گزشتہ رات آنے والی تیز آندھی اور موسلا دھار بارش کے باعث ضلع قصور کے مختلف علاقوں میں بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا، جبکہ متعدد دیہاتی علاقوں میں کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہو سکی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
    تفصیلات کے مطابق رات گئے آنے والی تیز آندھی کے باعث متعدد مقامات پر بجلی کی تاروں اور کھمبوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں قصور اور گردونواح کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ پینے کے پانی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے۔
    دوسری جانب شدید بارش کے باعث شہر قصور کی متعدد اہم سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ مختلف شاہراہوں، بازاروں اور گلی محلوں میں بارش کا پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر رہی۔ کئی مقامات پر گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پانی میں پھنس گئیں جبکہ شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
    شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور شہر سے بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے تاکہ معمولات زندگی جلد بحال ہو سکیں۔
    عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ہر بار بارش کے بعد نکاسی آب کا مسئلہ شدت اختیار کر لیتا ہے، جس سے شہریوں کو پریشانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، واسا اور واپڈا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں ایسے مسائل سے بچنے کے لیے مؤثر اور دیرپا اقدامات کیے جائیں