Baaghi TV

Tag: Pakistan cities

  • جسٹس نقوی کیخلاف جوڈیشل ریفرنس کی نقول باقی 4ممبرانِ کونسل کو بھی ارسال

    جسٹس نقوی کیخلاف جوڈیشل ریفرنس کی نقول باقی 4ممبرانِ کونسل کو بھی ارسال

    اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف جوڈیشل ریفرنس کی نقول سپریم جوڈیشل کونسل کے باقی 4ممبران کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔

    جوڈیشل ریفرنس کی یہ نقول میاں داؤد ایڈوکیٹ نے بذریعہ درخواست ارسال کی ہیں۔ سپریم جوڈیشل کونسل کے ممبران جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس سردار طارق مسعود، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی شیخ اور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ قیصر رشید خان کو ریفرنس کی نقول برائے اطلاع ارسال کی گئی ہیں۔

    درخواست میں میاں داؤد ایڈوکیٹ نے درخواست میں کہا ہے کہ معزز جج کے خلاف ریفرنس 23فروری کو بذریعہ پوسٹ دائر کیا، عدالتی روایات اور رولز کے مطابق سیکریٹری جوڈیشل کونسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی ریفرنس کی نقول متعلقہ ممبران کو فراہم کرے، تاہم مجھے معلوم ہوا ہے کہ سیکریٹری سپریم جوڈیشل کونسل نے ابھی تک ریفرنس کی نقول تمام ممبران کو فراہم نہیں کیں۔

    ممبران کے نام درخواست میں درخواست گزار میاں داؤد ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ جوڈیشل ریفرنس میں معزز جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی صاحب اور ان کی فیملی کے اثاثوں میں غیرقانونی اضافے کی بابت معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

    ریفرنس میں معزز جج کے عدالتی عہدے کے ناجائز استعمال کی بابت بھی معلومات فراہم کی گئی ہیں جبکہ معزز جج کے کاروباری، بااثر شخصیات کے ساتھ تعلقات بابت بھی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ ریفرنس میں معزز جج کےعمران خان اور پرویز الہیٰ وغیرہ کے ساتھ بالواسطہ اور بلاواسطہ خفیہ قریبی تعلقات کی بابت بھی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

  • پی ایس ایل:ملتان سلطانز کے خلاف کراچی کنگز کی شاندار فتح

    پی ایس ایل:ملتان سلطانز کے خلاف کراچی کنگز کی شاندار فتح

    کراچی:کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 66 رنز سے ہرادیا ۔کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی ۔

    کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 167 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا، جواب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 101 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    کنگز کی اننگز
    کراچی کنگز کی جانب سے جیمز ونس اور میتھیو ویڈ میدان میں اترے۔ دونوں نے 32 رنز کا اوپننگ سراکت فراہم کی۔انور علی نے اس جوڑی کو ونس کی وکٹ لے کر توڑا۔ جس کے بعد ویڈ کا ساتھ نبھانے طیب طاہر میدان میں اترے۔ویڈ اور طیب نے بہترین بلے بازی کی، طیب طاہر نے نصف سینچری بناکر اپنے پہلے میچ کو یادگار بنادیا۔ انہوں نے 33 گیندوں پر اپنی نصف سینچری اسکور کی۔

    طیب طاہر اور میتھیو ویڈ نے 109 رنز ک شراکت قائم کی، 141 رنز پر احسان اللہ نے طیب طاہر کو آؤٹ کیا تو ان کا اسکور 65 رنز تھا۔

    میتھیو ویڈ نے طیب طاہر کے بعد شعیب ملک کے ساتھ اسکور آگے بڑھانا شروع کیا۔148 رنز پر میتھیو ویڈ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 47 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان 167 رنز بنائے اور جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا۔

    ملتان سلطانز کی اننگز
    شان مسعود اور محمد رضوان نے ہدف کے تعاقب شروع کیا، ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ 41 رنز پر گری، شان مسعود کو عاکف جاوید نے آؤٹ کیا۔کراچی کنگز کو دوسری کامیابی 57 رنز پر ریلی روسو کی صورت میں ملی، 68 رنز پر ڈیوڈ ملر بھی آؤٹ ہوگئے۔صرف 2 رنز کے اضافے کے بعد محمد رضوان بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے سب سے زیادہ 29 رنز بنائے۔

    76 رنز پر ملتان سلطانز کی آدھی ٹیم میدان بدر ہوچکی تھی۔پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی خوشدل شاہ تھے۔

    88 پر اسامہ میر اور 95 پر بریتھ ویٹ پویلین لوٹ گئے۔ 97 رنز پر ملتان کا آٹھواں کھلاڑ ی آؤٹ ہوا۔ عقیل حسین صرف 2 رنز بناسکے۔ 101 رنز پر انور علی بھی آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 12 رنز بنائے۔ ملتان سلطان کی آخری وکٹ 101 پر ہی گری۔ملتان سلطانز کے خلاف تبریز شمسی اور شعیب ملک نے 3، جب کہ عاکف جاوید اور عماد وسیم نے 2،2 کھلاڑی آؤٹ کئے۔

    اس سے پہلے ایچ بی ایل پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) کے آٹھویں ایڈیشن کے چودھویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    کراچی کے نیشنل بینک ارینا میں ہونے والے میچ میں سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیتا اور عماد وسیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ٹاس کے وقت گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے کپتان عماد وسیم نے ٹیم مٰن ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق بتایا کہ موسیٰ خان،طیب طاہر اورتبریز شمسی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔

    عماد نے بتایا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم سے عمران طاہر،حیدرعلی اور محمد عمر کو ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔کپتان کراچی کنگز کا کہنا تھا کہ ہم اس پچ پر پہلے بیٹنگ کرناچاہتے تھے،ہوم پچ پر کھیلنے کا تجربہ ہے۔

    دوسری جانب محمد رضوان کا کہنا تھا کہ پچ کا اندازہ نہیں اس لیےبولنگ کو ترجیح دی ہے، ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز نے ایونٹ میں اب تک 5،5میچز کھیلے ہیں جن میں سے کراچی کو صرف 1 جب کہ ملتان کو 4 میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت ملتان 8 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے جب کہ کراچی 2 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

  • پی ایس ایل8؛ لاہور، پنڈی میں میچز کیلئے نجم سیٹھی کا وزیراعظم کو ٹیلیفون

    پی ایس ایل8؛ لاہور، پنڈی میں میچز کیلئے نجم سیٹھی کا وزیراعظم کو ٹیلیفون

    لاہور: وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کے آٹھویں سیزن کے لاہور اور پنڈی میں میچز کیلئے رابطہ کرلیا۔اطلاعات کے مطابق نجم سیٹھی نے وزیر اعظم کو سیکیورٹی اخراجات کے معاملے پر تفصیلات سے آگاہ کیا، جس پر شہباز شریف نے مکمل تعاون اور مدد کی یقین دہانی کروائی۔

    نجم سیٹھی نے وزیر اعظم کو پی ایس ایل 8 کے میچز کی منتقلی کے معاملے اور نگران پنجاب حکومت کے رویے سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا انعقاد قومی اداروں کی ذمہ داری ہے، پیسوں کے مطالبے سے دستبردار نہ ہوئے تو میچز کراچی میں کرانے پر مجبور ہوں گے۔

    ٹیلیفونک رابطے میں وزیراعظم کی جانب سے نجم سیٹھی کو مکمل تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی گئی اور کہا گیا کہ پی ایس ایل قومی ایونٹ ہے، آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

    یاد رہے کہ پی سی بی نگران حکومت کو ایک روپیہ بھی نہ دینے پر بضد اگر نگران حکومت بات نہیں سنتی تو میچز منگل سے کراچی شفٹ کر دیے جائیں گے۔خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سکیورٹی کیلئے سرکاری خزانے سے 50 کروڑ روپے دینے سے انکار کر دیا تھا۔

    بعدازاں پی سی بی نے پنجاب حکومت کو پیغام پہنچایا تھا کہ سکیورٹی اخراجات کی مد میں حکومت کو کوئی ادائیگی نہیں کی جائے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے اجلاس میں اپنے فیصلہ ہوا ہے کہ بورڈ اپنے مؤقف پر ڈٹا رہے گا۔دوسری جانب مجموعی طور پر لاہور میں 9 اور پنڈی میں پی ایس ایل کے 11 میچز طے ہیں۔

  • 130 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون لاہور ہائیکورٹ بار کی سکریٹری منتخب

    130 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون لاہور ہائیکورٹ بار کی سکریٹری منتخب

    لاہور : لاہورہائی کورٹ بار نے بھی اپنی تایخی روایات کو تبدیل کردیا ہے ، لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی 130 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون وکیل صباحت رضوی سکریٹری جنرل منتخب ہوگئی ہیں۔

    گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں ایڈوکیٹ صباحت رضوی نے چار ہزار 310 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مخالف امیدوار میاں عرفان نے 3ہزار745 اور قادر بخش چاہل نے 2ہزار 627 ووٹ حاصل کیے ، صباحت رضوی کو وکلا کے مختلف دھڑوں کی حمایت حاصل تھی۔

    صدر کی سیٹ پر حامد خان گروپ کے اشتیاق احمد خان 7ہزار 293 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ بار کی نائب صدر کی سیٹ کیلئے ایک اور خاتون وکیل ربیعہ باجوہ منتخب ہوئی ہیں جنہوں نے 3590 ووٹ حاصل کیے۔

    واضح رہے الیکشن میں چار عہدوں پر 14 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا ۔

    سینیئر وکلاء نے صباحت رضوی کو ان کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ہائی کورٹ بار میں خواتین کی شمولیت کے لیے کام کریں گی۔دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی صباحت رضوی سمیت لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ہے۔

  • اسٹیبلشمنٹ سمیت سبھی کوسیاسی معاملات حل کرانا ہونگے : شاہد خاقان عباسی

    اسٹیبلشمنٹ سمیت سبھی کوسیاسی معاملات حل کرانا ہونگے : شاہد خاقان عباسی

    لاہور:مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی نظام میں چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں، اسٹیبلشمنٹ سمیت سبھی کو سیاسی معاملات حل کرانا ہوں گے، تاخیر ملکی مفادمیں نہیں۔

    الحمرا ہال لاہور میں جاری تین روزہ لاہورلٹریچر فیسٹیول کے دوسرے دن سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے خصوصی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئین توموجود ہے لیکن اس کی بالادستی قائم کرنا بھی ضروری ہے، ملکی سیاسی تاریخ میں صرف 4 لیڈرز ذوالفقار علی بھٹو، نواز شریف، بے نظیر بھٹو اور عمران خان آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اسٹیبلشمنٹ کیلئے کرپٹ لوگ زیادہ قابل قبول ہیں، بہ نسبت ان لوگوں کے جو کردار والے ہیں، پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ مسئلے کا حل نہیں بلکہ خود ایک مسئلہ ہے۔

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ سیاسی نظام میں چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں، بیوروکریسی میں بھی متعلقہ وزارتوں کے مسائل حل کرنے کی اہلیت نہیں، وفاقی ملازمین مراعات کیلئے صوبوں میں کام کرنے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔انہوں نےمزید کہا کہ یہ عوام کی صوابدید ہے پارلیمنٹ میں کسے ہونا چاہیے مگر ایسا ہوتا نہیں ہے،ہمارے ہاں 50 فیصد سینیٹرز سیٹیں خرید کر سینیٹ میں پہنچتے ہیں۔

    سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سب کو معلوم ہے کہ پاکستانی سیاست پر عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ اثر انداز ہوتے ہیں لیکن اب سب کو مل کر آئین اورقانون کی بالادستی یقینی بناناہوگی۔ انہوں نے ملک میں 35 فیصد مہنگائی ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے خبردار کیا کہ مہنگائی کی شرح مزید بڑھے گی۔

  • بلوچستان نیشنل پارٹی نےپی ڈی ایم چھوڑنے کی دھمکی دے دی

    بلوچستان نیشنل پارٹی نےپی ڈی ایم چھوڑنے کی دھمکی دے دی

    کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل گروپ) نے دھمکی دی ہے کہ اگر وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے لاپتا افراد کے معاملے اور اس کے دیگر مطالبات کو فوری طور پر حل نہ کیا تو وہ حکمران پی ڈی ایم اتحاد سے علیحدگی پر غور کرے گی۔ بی این پی ایم کے سینئر نائب صدر عبدالولی کاکڑ اور سیکریٹری جنرل واجہ جہانزیب بلوچ نے یہ انتباہ کوئٹہ پریس کلب کے باہر پارٹی کی جانب سے جبری گمشدگیوں اور انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے خلاف لگائے گئے ٹوکن بھوک ہڑتالی کیمپ میں شرکت کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔

     

    مسنگ پرسنز

    وزیر مملکت ہاشم نوتیزئی، رکن صوبائی اسمبلی نصیر احمد شاہوانی، اختر حسین لانگو، ثنا بلوچ، میر اکبر مینگل، احمد نواز اور شکیلہ دہوار نے ٹوکن بھوک ہڑتال کی۔بی این پی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پارٹی کے وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران انہیں صوبے کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بی این پی-ایم کے سربراہ سردار اختر مینگل کو یقین دلایا تھا کہ وہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کوئٹہ کا دورہ کریں گے۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایک صوبائی وزیر پر دو افراد کو قتل کرنے کا الزام ہے جبکہ فورسز مبینہ طور پر سیاسی کارکنوں کو غائب کر رہی ہیں اور یہاں تک کہ خواتین کو بھی ان کے گھروں سے اٹھایا جا رہا ہے۔

    عبدالولی کاکڑ نے کہا کہ ’اگر یہ صورت حال جاری رہی تو پارٹی اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے بعد اپنے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرے گی‘۔انہوں نے کہا کہ پارٹی حکومت کو ہٹانے کے لیے بلوچستان اسمبلی میں عدم اعتماد کی قرارداد پیش کرنے میں تاخیر نہیں کرے گی۔انہوں نے ماحل بلوچ کے بارے میں حکومتی دعوؤں کو مسترد کر دیا جسے سی ٹی ڈی نے چند روز قبل گرفتار کیا تھا۔جہانزیب بلوچ نے کہا کہ بی این پی انتخابات میں تاخیر کے حق میں نہیں ہے۔

  • توانائی بحران:درآمدی تیل کی قیمت کا بوجھ لوگوں کو اٹھانا ہوگا:چیئرمین نیپرا

    لاہور: پاکستان میں توانائی بحران بڑھتا ہی جارہا ہے اور یہ بھی اطلاعات ہیں کہ حکومت نے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، اس سلسلے میں نیپرا کے چیئرمین توصیف ایچ فاروقی نے کہا ہے کہ زیادہ تر بجلی درآمدی فیول سے پیدا کی جارہی ہے لہٰذا لوگوں کو اس کا بوجھ اٹھانا ہوگا۔

    نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے چیئرمین توصیف ایچ فاروقی نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب میں کہا ہے کہ ایم ڈی آئی فکسڈ چارجز ختم نہیں کرسکتے کیونکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پر قابو پانے کے لیے ان کی وصولی ضروری ہے، زیادہ تر بجلی درآمدی فیول سے پیدا کی جارہی ہے، لوگوں کو اس کا بوجھ اٹھانا ہوگا، سیزنل بزنسز کنکشن منقطع اور دوبارہ لگواسکتے ہیں، کولڈ سٹوریج سیزنل بزنس نہیں ہے۔

    لاہور چیمبر کے صدر کاشف انوراور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ڈیمانڈ انڈیکیٹر چارجز کے تحت ان سے ان کے منظور شدہ لوڈ کا 50 فیصد وصول کیا جاتا ہے۔
    انھوں نے کہا کہ بجلی کا بل یونٹ استعمال کیے بغیر ادا کرنا پڑتا ہے، اگر وہ اپنے الاٹ کردہ لوڈ کے 50فیصد سے زیادہ بجلی استعمال کرتے ہیں تو وہ ایم ڈی آئی چارجز کے بجائے استعمال شدہ یونٹس کے مطابق بل ادا کریں گے۔ اس فیصلے سے وہ تاجر بری طرح متاثر ہورہے ہیں ۔

  • راجن پور: این اے 193 میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری

    راجن پور: این اے 193 میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری

    راجن پور:راجن پور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
    حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کیلئے صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا،3 لاکھ 79 ہزار 204 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    ضمنی الیکشن میں 11 امیدوار میدان میں ہیں تاہم اصل مقابلہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان ہوگا، پی ٹی آئی کے محسن لغاری اور ن لیگ کے عمار لغاری میں زور کا جوڑ پڑے گا، پیپلزپارٹی کے اختر حسن گورچانی بھی امیدوار ہیں۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں ووٹنگ کیلئے 237 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 68 کو حساس قرار دیا گیاہے۔کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے 2 ہزار 650 پولیس اہلکار تعینات ہونگے، رینجرز اور آرمی کے جوان بھی گشت کریں گے۔

    راجن پور کے حلقہ این اے 193 کی نشست پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار جعفر لغاری کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے این اے 193 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

  • بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سب سے زیادہ قابل فخر ہے، بلاول بھٹو

    بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سب سے زیادہ قابل فخر ہے، بلاول بھٹو

    کراچی:پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں جمہوریت پسند یا اسٹیبلشمنٹ مخالف سمجھا جاتا ہے جو ایک اصول لیکن ہماری تین نسلوں کی جدوجہد میں سب سے زیادہ قابل فخر کام بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہے۔کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی تین نسلوں کی جدوجہد کے دوران اگر ایک ایسا کام ہے جس پر ہم سب سے زیادہ فخر کرتے ہیں تو وہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ انقلابی پروگرام شہید بینظیر بھٹو کے وژن، نظریہ اور منشور کا حصہ تھا، اپنے آخری دنوں میں جب وہ پاکستان واپسی کی تیاری کر رہی تھی تو ساتھ ساتھ پیپلزپارٹی کے 2007 کے منشور پر کام کر رہی تھی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پیپلزپارٹی نے حکومت سنبھالی تو صدر آصف زرداری نے ایوان صدر میں بیٹھ کر پورے نظام سے لڑ کر بینظیرانکم سپورٹ پروگرام شروع کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت سے عوام کے مفاد کے لیے پیسا نکالنا بڑی بات اور بڑا مشکل کام ہے مگر خاص طور پر غریب عوام اور غریب ترین عورتوں کو دلوانا بہت ہی مشکل کام تھا۔

    انہوں نے کہا کہ اس ملک کا ہر بابو اور ہر بیوروکریٹ اس کے خلاف تھے، اس ملک کے خود کو دانش ور کہلاوانے والے جو ٹی وی پر باتیں کرتے ہیں وہ آج بینظیر انکم سپورٹ کی بڑی تعریف کرتے ہیں لیکن اس وقت اس کے خلاف تھے اور اس کی مخالفت کرتے تھے، پاکستان کی ساری سیاسی جماعتیں اور خاص طور پر جو ہمارے مخالفین ہیں، انہوں نے تو ڈٹ کر اس پروگرام کی مخالفت کی۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اوپر تنقید ہوئی کہ اس سے کرپشن ہوگی لیکن بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم نے بینظیر انکم سپورٹ کو نہ صرف پاکستان کا شفاف ترین پروگرام بنایا بلکہ پوری اقوام متحدہ سے لے کر عالمی بینک مانتے ہیں کہ یہ شفاف ترین ادارہ ہے۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم نے دیکھا ہے کہ امیر آدمی کنجوس ہوتا ہے اور وہ بینکوں میں اپنے پیسے رکھتے ہیں اور بینک میں رکھا ہوا پیسا انہیں مزید پیسا کما کر دیتا ہے اور یہ غلط سوچ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم سمیت دیگر اداروں کا مشکور ہوں کہ اس معاشی بحران کے دوران بھی فیصلہ کیا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں 25 فیصد اضافہ ہوگا اور اس سے مستفید ہونے والے پر شہری کو 25 فیصد اضافی رقم ملے گی تاکہ وہ ان حالات کا مقابلہ کرسکیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے بارے میں کہا جاتا ہے اسٹیبلمشنٹ مخالف ہے، جمہوریت پسند اور صوبے کے حقوق کے لیے ہے، پاکستان پیپلزپارٹی نے سیاست کی تو روٹی، کپڑا اور مکان ہمارا نعرہ تھا، غریب عوام کو مواشی فائدہ اور انصاف پہنچانا ہے ہمارا مقصد تھا اسی وجہ سے پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی۔

    چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ جب ہمارا یہ سیاسی انقلاب شروع ہوا تھا تو وہ سارے طاقت ور طبقے جو پاکستان کے عوام کو اپنے حقوق سے محروم رکھنا چاہتے ہیں وہ لڑ پڑے اور ان کی وجہ اور ہماری تاریخ کی وجہ سے یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ان چیزوں کے لیے سیاست میں ہے لیکن نہیں ہم یہ چیزیں کرتےہیں اور یہ ہمارے اصول ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی ہمارا تو کوئی سیاسی مخالف نہیں ہے، ہمارا مخالف کوئی کٹھ پتلی جماعت نہیں ہے اور ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے الیکشن کے میدان میں نہیں ہے بلکہ ہمارا مقابلہ غربت، بے روزگاری سے ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کے پیچھے ایک ڈاکٹرائن تھا اور اس کا ایک حصہ یہ تھا کہ اگر ہم نے کٹوتی کرنا ہے تو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے شروع کرنا ہے، جس نے بینظیر انکم سپورٹ کی مخالفت کی، اس کا نام تبدیل کرنے اور غریبوں کو نکالنے اور اس کا نام ختم کرنے کی کوشش کی ہے وہ ناکام رہا۔

  • 16 سال سے قابض اسلام آباد پولیس کو سی ڈی اے فلیٹس خالی کرنے کا حکم

    16 سال سے قابض اسلام آباد پولیس کو سی ڈی اے فلیٹس خالی کرنے کا حکم

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی ڈی اے فلیٹس پر اسلام آباد پولیس کا قبضہ غیر قانونی قرار دیتے ہوئے 16 سال تک فلیٹس پر قابض پولیس حکام کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔اسلام آباد سے ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کے فلیٹس پر قبضے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے فیصلہ سنادیا جس میں جسٹس محسن اختر اور جسٹس طارق محمود جہانگیری شامل تھے۔ ہائی کورٹ نے سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے فلیٹس خالی کرانے کے لیے سی ڈی اے کی اپیلیں منظور کرلیں۔

    ہائی کورٹ نے لال مسجد آپریشن کے وقت سے سی ڈی اے فلیٹس پر اسلام آباد پولیس کا قبضہ غیر قانونی قرار دیا ہے جو کہ 16 برس بنتے ہیں جبکہ عدالت نے سی ڈی اے کے دوسو فلیٹس پر قابض پولیس کو قبضہ ایک ماہ میں ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے کہا کہ فلیٹس خالی نہ ہوئے تو آئی جی اور سیکریٹری داخلہ کے ساتھ قانون سختی سے نمٹے گا، فلیٹس پر قبضہ پولیس کی جانب سے کھلی ہٹ دھرمی ہے۔

    واضح رہے کہ فلیٹس پر قبضے کے خلاف سی ڈی اے کی اپیلیں 2011ء سے زیر التوا تھیں۔ پولیس نے 2007ء میں لال مسجد آپریشن کے لیے عارضی طور پر 200 فلیٹس لیے تھے۔

    دوسری جانب ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا ہے کہ پولیس عدالت کے حکم کی تعمیل کرے گی، اسلام آباد پولیس کے پاس رہائشی سہولتیں بہت کم ہیں خاص طور پر کانسٹیبل سے لے کر انسپکٹر تک کے افسران کے لیے رہائشی سہولتوں کا فقدان ہے، وزارت داخلہ کو درخواست کی جائے گی کہ عدالتی حکم کی تعمیل کے ساتھ پولیس اہل کاروں کی رہائشوں کو باضابطہ کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔