ایس ایچ او تھانہ رومبور عبد الوکیل کا تبادلہ، ایک سالہ کارکردگی پر شاندار خراجِ تحسین
رومبور ( فتح اللہ) چترال کی مشہور و معروف سیاحتی مقام وادی کالاش کے علاقے رومبور میں تعینات ایس ایچ او تھانہ رومبور عبد الوکیل کا تبادلہ تھانہ ارکاری کر دیا گیا ہے۔ وہ تقریباً ایک سال تک رومبور میں خدمات انجام دیتے رہے، جہاں انہوں نے بطور پولیس افسر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔تبادلے کے موقع پر مقامی پولیس اور علاقہ عمائدین کی جانب سے ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں ایس ایچ او عبد الوکیل کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں خصوصاً منشیات کے خلاف مؤثر اقدامات کیے گئے، ایس ایج او صاحب کی ایک سالہ دورانیے میں علاقے میں امن و امان کی صورتحال بھی بہتر ہوئی۔
تقریب کے دوران مقامی روایات کے مطابق انہیں شومن کا ہار پہنا کر عزت افزائی کی گئی۔ اس موقع پر مولانا محمد اسحاق، برزنگی کالاش سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے۔ویلج کونسل رومبور کے چیئرمین سلطان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عبد الوکیل ایک فرض شناس، دیانتدار اور عوام دوست پولیس افسر کے طور پر اپنی پہچان بنانے میں کامیاب رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کا تبادلہ علاقے کے لیے باعثِ افسوس ہے، تاہم سرکاری ملازمت میں تبادلے ایک معمول کا حصہ ہوتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ایس ایچ او عبد الوکیل کے لیے نئی ذمہ داریوں میں کامیابی کی دعا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اسی پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
Tag: #PublicService

رومبور: ایس ایچ او عبد الوکیل کا تبادلہ، ایک سالہ شاندار خدمات پر پروقار خراجِ تحسین

ایسٹر 2026: ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ڈیرہ غازی خان میں مسیحی برادری کے لیے خصوصی صفائی انتظامات مکمل
ڈیرہ غازی خان میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت ایسٹر 2026 کے موقع پر مسیحی برادری کے لیے خصوصی صفائی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر عثمان خالد کی واضح اور سخت ہدایات کی روشنی میں متعلقہ ادارے متحرک ہیں تاکہ شہر بھر میں صاف، ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران اور ورکرز فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں۔بالخصوص سینٹ اینتھونی یونائیٹڈ چرچ اور اس سے ملحقہ راستوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ چرچ آنے جانے والے راستوں کو بھی مکمل طور پر صاف رکھا جا رہا ہے تاکہ عبادت کے لیے آنے والے افراد کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریجنل منیجر ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ منصور ناگرہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ایسٹر کے موقع پر صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔ڈویژنل کوآرڈی نیٹر عبداللہ عباسی نے کہا کہ مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کے پیش نظر خصوصی صفائی پلان ترتیب دیا گیا ہے، جس کے تحت چرچ کے اطراف اور اہم شاہراہوں کی صفائی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔شہریوں نے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے ایک مثبت قدم قرار دیا۔

