Baaghi TV

Author: +9251

  • بورے والا : عوامی کی خدمت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات

    بورےوالا (نمائندہ باغی ٹی وی) اسسٹنٹ کمشنر بورےوالا رانا اورنگ زیب نے علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی اور سلاٹر ہاوس بورےوالا کا وزٹ کیا۔ انہوں نے اپنی نگرانی میں سبزی و پھلوں کی نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا اور سبزی و فروٹ کے معیار کو چیک کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر بورےوالا رانا اورنگ زیب نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو کم کرنے کے لئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کسی کو بھی ناجائز منافع خوری نہیں کرنے دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیمتوں کو ہر صورت کنٹرول کیا جائے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔ بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر بورےوالا رانا اورنگ زیب نے سلاٹر ہاوس کا بھی وزٹ کیا۔ انہوں نے اپنی نگرانی میں سلاٹر ہاوس میں جانوروں کو ذبح کرنے کے مراحل کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگ زیب نے اس موقع پر کہا کہ قصابوں کو مضر صحت گوشت فروخت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ۔ بیمار اور لاغر جانور کا گوشت بہت سی بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ صحت مند اور تندرست جانور کا گوشت عوام تک پہنچایا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سلاٹر ہاوس میں صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھا جائے تاکہ عوام کو صاف ستھرا گوشت مہیا ہو سکے ۔

  • شاہین آفریدی نے بڑے بڑوں کو پیچھے چھوڑ دیا

    شاہین آفریدی نے بڑے بڑوں کو پیچھے چھوڑ دیا

    شاہین آفریدی نے بڑے بڑوں کو پیچھے چھوڑ دیا.بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 بلے بازوں کو پوویلین کی راہ دکھائی

    تفصیلات کے مطابق فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی نے وہ ملکی ریکارڈ بنا ڈالا جو وسیم اکرم کے پاس بھی نہیں ہے۔ 19 سالہ شاہین آفریدی نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 بلے بازوں کو پوویلین کی راہ دکھائی، وہ اب تک اپنے ون ڈے کیریئر میں 19 میچز میں 21.17 کی اوسط سے 40 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جن میں 4 مرتبہ میچ میں 4 وکٹیں اور ایک مرتبہ 5 یا اس سے زیادہ شکار کرنا شامل ہیں۔

    شاہین آفریدی اپنے پہلے 19 ون ڈے میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی باﺅلر بھی بن گئے ہیں، ان سے قبل یہ ریکارڈ فاسٹ باﺅلر حسن علی کے پاس تھا جنہوں نے 19 میچز میں 36 وکٹیں اپنے نام کر رکھی تھیں، گگلی ماسٹر عبدالقادر اور ریورس سوئنگ کے موجد سرفراز نواز نے اپنے پہلے 19،19 ون ڈے میچز میں 34،34 وکٹیں لیں تھیں۔

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ پلیئر راہول ڈریوڈ نے کہا ہے کہ انڈر19ورلڈکپ کےدوران شاہین آفریدی سےبہت متاثرہواتھا،،18ماہ بعدشاہین آفریدی کوسینئرلیول پربہترین کارکردگی دکھاتےدیکھ کراچھالگا.اگرشاہین اپنی رفتارمیں مزیداضافہ کرپایا تووہ مچل اسٹارک کی طرح باؤلنگ کرسکتاہے.
    یاد رہے کہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں 30 جون 2019 سے قبل کسی بھی 20سال سے کم عمر باؤلر نے 4یا اس سے زائد وکٹیں نہیں لیں لیکن 19سالہ شاہین شاہ آفریدی نے یہ ریکارڈ تیس جون کو قائم کیا تھا۔

  • ورلڈکپ 2019: سیمی فائنل سے قبل آسٹریلوی ٹیم کو بڑا دھچکا

    ورلڈکپ 2019: سیمی فائنل سے قبل آسٹریلوی ٹیم کو بڑا دھچکا

    ورلڈکپ 2019: سیمی فائنل سے قبل آسٹریلوی ٹیم کو بڑا دھچکا

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی کوچ جسٹن لینگر نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین اب ورلڈ کپ کے بقیہ میچز نہیں کھیل سکیں گے۔عثمان خواجہ کے متبادل کھلاڑی کے طور پر میتھیو ویڈ کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ورلڈکپ: انگلینڈ کو شکست، آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی

    یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف ورلڈ کپ کے میچ میں عثمان خواجہ کے پٹھے کھنچ گئے تھے۔عثمان خواجہ نے حالیہ ورلڈ کپ کے 9 میچز میں 316 رنز اسکور کیے ہیں۔آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل 11 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

  • موٹر وے پر مریم نواز کی گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا

    موٹر وے پر مریم نواز کی گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا

    موٹر وے پر مریم نواز کی گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز جاتی امرا سے منڈی بہاء الدین کے لئے روانہ ہوئیں۔ موٹر وے پر منڈی بہاء الدین جاتے ہوئے راستے میں سکھکی کے قریب ان کی گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا۔ مریم نواز کو دوسری گاڑی میں شفٹ کردیا گیا، وہ منڈی بہاء الدین میں جلسے سے خطاب کریں گی۔

    واضح رہے کہ آج مریم نواز منڈی بہاؤالدین میں اپنا جلسہ کر رہی ہیں جس میں‌وہ حکومت کوآڑے ہاتھوں لیں گی اور سخت تنقید کا وہ سلسلہ جاری رکھیں گے جو وہ پچھلے عرصے کرتی چلی آرہی ہیں.

    اس سے قبل نون لیگ کی جانب سے حکومت اور انتظامیہ پر الزام تھا کہ وہ جلسے میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں .مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا ہے کہ مریم نوازسہ پہر 3 بجے رائیونڈ سےمنڈی بہاؤالدین جلسے کیلیے نکلیں گی. مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ عمران صاحب آپ نے تو کہا تھا موت بھی برداشت کر سکتے ہیں لیکن عمران صاحب مریم نواز کا اتنا خوف کہ جلسہ گاہ میں پانی چھوڑ دیا گیا ہے.

    مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب مریم نواز کومنڈی بہاءالدین میں جلسےکی اجازت نہیں دی گئی. واضح رہے کہ مسلم لیگ ن نے منڈی بہاؤالدین نے 15 کارکنان کی گرفتاری کا دعویٰ‌ کیا ہے. ادھر پولیس نے دوسرے شہروں سے بھی بھاری نفری طلب کر لی ہے اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں. پولیس نے جلسہ گاہ کی طرف جانےو الے تمام راستے سیل کر دیے ہیں.

  • احتساب عدالت  کے جج ارشد ملک کی پریس ریلیز پر مریم نواز کا رد عمل بھی سامنےآگیا

    احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی پریس ریلیز پر مریم نواز کا رد عمل بھی سامنےآگیا

    پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی پریس ریلیز کے ردعمل میں کہنا ہے کہ سمجھ سکتی ہوں آج بھی آپ نے فیصلے کی طرح تیار شدہ پریس ریلیز پر مجبوری میں دستخط کیے ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے گزشتہ روز پارٹی صدر شہباز شریف اور پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں مبینہ طور پر احتساب عدالت کے جج ارشد ملک ناصر بٹ نامی شخص سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں نواز شریف کو دی جانے والی سزا میں دباؤ کا ذکر کر رہے ہیں۔

    اس وڈیو کے جواب میں جج ارشد ملک نے اپنی پریس ریلیز میں‌ کہا ہے کہ ویڈیو حقائق کے برعکس ہے اور جو اس میں کی گئی گفتگو کوتو ڑ مروڑ کر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے ، اس حوالہ سے ضروری ہے کہ سچ کو سامنے لایا جائے ، میں نے انصاف کرتے ہوئے نوازشریف کو العزیزیہ میں سز ا سنائی ، مجھ پر بطور جج بالواسطہ یا بلاواسطہ کوئی دباﺅ نہیں تھا ۔ان کا کہنا ہے کہ مجھے پر جوالزامات لگائے گئے ہیں وہ سراسر بے بنیاد ہیں. میں نے اپنی جان اور مال کو اللہ کے سپر د کر دیاہے.

    واضح رہے کہ جج ارشد ملک چھٹی ہونے کے باوجود احتساب عدالت پہچے اور اپنا موقف واضح‌ کرنے کیلئے پریس ریلیز جاری کی. ایک دن قبل مریم نواز نے پریس کانفرنس کے دوران ان کی مبینہ خفیہ ویڈیو جاری کی تھی جس میں‌ الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں‌ نے یہ فیصلہ دباؤ پر کیا ہے.

  • افغان وفد اور طالبان کے درمیان قطر میں مذاکرات

    افغان وفد اور طالبان کے درمیان قطر میں مذاکرات

    افغانستان کے سیاستدانوں، سول سوسائٹی اور صحافیوں پر مشتمل 50 رکنی وفد کی طالبان سے دوحا میں ملاقات جاری جس میں قیام امن سے متعلق مختلف امور پر مذاکرات ایجنڈے میں‌شامل ہے

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سابق افغان سفیر عمر زخیلوال بھی کانفرنس میں شریک ہیں جن کا کہنا ہے کہ طالبان سے ملاقات کا مقصد امن مذاکرات کو آگے بڑھانا ہے جب کہ آج کی کانفرنس امریکا اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات کا حصہ ہے۔

    طالبان نے افغانستان کی موجودہ اشرف غنی حکومت سے براہ راست مذاکرات سے صاف انکار کر رکھا ہے تاہم طالبان کا کہنا ہے کہ حکومتی افراد ذاتی حیثیت میں کانفرنس میں شریک ہو سکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ طالبان افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حق میں نہیں اور وہ اشرف غنی حکومت کو امریکا کا کٹھ پتلی قرار دیتے براہ راست امریکا سے
    قطر اور جرمنی کے تعاون سے افغان وفد اور طالبان کے درمیان افغانستان میں جنگ کے خاتمے اور قیام امن کے لیے دو روزہ کانفرنس کا آج سے آغاز ہونے جارہا ہے۔ دوحا میں افغانستان کے سیاستدانوں، سول سوسائٹی اور صحافیوں پر مشتمل 50 افراد کا ایک وفد آج طالبان سے ملاقات کرے گا جس کے دوران قیام امن سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستان میں سابق افغان سفیر عمر زخیلوال بھی کانفرنس میں شریک ہوں گے جن کا کہنا ہے کہ طالبان سے ملاقات کا مقصد امن مذاکرات کو آگے بڑھانا ہے جب کہ آج کی کانفرنس امریکا اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات کا حصہ ہے۔

  • فیصل آباد کےسابق ایس ایچ او نے رانا ثناء اللہ  پر سنگین الزامات لگا دیے.جانیے خاص رپورٹ میں

    فیصل آباد کےسابق ایس ایچ او نے رانا ثناء اللہ پر سنگین الزامات لگا دیے.جانیے خاص رپورٹ میں

    فیصل آباد کے سابق ایس ایچ او فرخ واحید نے ایک ویڈیو پیغام میں‌رانا ثناءاللہ پر سنگین الزام لگا دے جس میں‌کہا گیا کہ وہ پولیس سے اپنےسیاسی مخالفین کو قتل کرواتا رہا ہے، چیف جسٹس مجھے اور میری فیملی کو مکمل تحفظ دیں تو میں اس کےدیگر جرائم بھی ثبوت اور دلائل کے ساتھ عیاں کروں گا.

    باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق ایک ویڈیو‌ پیغام میں‌ رانا ثناءاللہ کے بارے میں محکمہ پولیس میں‌ایس ایچ او کےعہدے پر رہنے والے فرخ وحید نے کئ انکشافات کر دیے.فیصل آباد کے مختلف تھانوں میں‌ڈیوٹی سرانجام دینے والے ایس ایچ او نے رانا ثناء اللہ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ رانا ثناءاللہ اپنے ذاتی انتقام اور سیاسی مقاصد کے لیے بے گناہ لوگوں‌کو قتل کرواتا رہا.فرخ وحید کے مطابق اس کے پاس ان الزامات کےٹھوس شواہد اور ثبوت بھی موجود ہیں.

    فرخ وحید کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ ایک سفاک اور ظالم شخص ہے اس نے مجھ سے بھی کچھ ایسے کام کراوئے جس کا مجھے بعد میں علم ہوا.فرح وحید کے مطابق رانا ثناءاللہ نے انہیں‌ بھی نوید کمانڈو کے ذریعے قتل کرانے کی کوشش کی اور نوید کمانڈو اس بات کا اعتراف نوید کمانڈو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں‌بھی کرچکا ہے.
    2 جنوری2015 کو اپنے دیرینہ ساتھی علی اصغر عرف مولا گجر کو نوید کمانڈو کے ذریعے قتل کرایا اور جس کا اعتراف نوید کمانڈو انسداد دہشت گردی میں بھی کر چکا ہے.یہ شخص ماڈل ٹاؤن میں‌بھی 14 بے گناہ شہریوں کو شہید کروا چکا ہے

    فرخ وحید کا کہنا ہے کہ میں‌جنوری 2015ء سے بیرون ملک اپنی جان بچا کر بیٹھا ہوں‌. اب میں نے فیصلہ کیا ہے کہ واپس آکر رانا ثناءاللہ کے تمام جرائم کو بے نقاب کروں.فرخ وحید کا کہنا تھا کہ میری فیملی کو اس سے اور کے لوگوں سے شدید خطرہ ہے میں‌چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں‌کہ مجھے تحفظ دیا جائے تا کہ میں وطن واپس آکر رانا ثنا ء اللہ کے تمام جرائم سے پردہ چاک کر سکوں اور ایک ظالم شخص کو اس کے جرائم کی سزا مل سکے.

  • سوڈان کے جنرل نے  سوڈانی فریڈم فورسز سے سمجھوتے کے نفاذ کا وعدہ کر دیا

    سوڈان کے جنرل نے سوڈانی فریڈم فورسز سے سمجھوتے کے نفاذ کا وعدہ کر دیا

    سوڈانی جنرل عبدالفتاح البرھان نے کہا کہ سوڈان کی فوجی عبوری کونسل اور فریڈم فورسز کے درمیان طے پائے سمجھوتے پر ہر صورت میں عمل کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق خرطوم میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں جنرل البرھان نے کہا کہ سوڈانی قوم نے تاریخ دہرا دی ہے۔ فوج اور سویلین کی شراکت اقتدار ملک میں امن وانصاف کی منزل تک پہنچنے کا اعلان ہے۔

    خیال رہے کہ سوڈان کی حکمران عبوری فوجی کونسل، اپوزیشن اتحاد اور مظاہرین گروپوں کے درمیان انتخابات سے قبل کی عبوری مدت کے لئے اختیارات کی تقسیم کا ایک معاہدہ طے پایا تھا۔

    واضح رہے کہ رواں ہفتے ایتھوپیا اور افریقی یونین کے نمائندوں کی جانب مصالحت کی کوششوں کے بعد سوڈان میں مذاکرات کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہواتھا جس میں ڈیڈ لاک کے خاتمے لئے تجاویز کا مسودہ پیش کیا گیا۔ اورایک معاہدہ طے پا گیا تھا.

    سوڈان کی فوج نے ملک گیر احتجاج کے بعد عمر البشیر کو اقتدار سے معزول کر دیا، تاہم انھوں [فوج] نے اقتدار سول انتظامیہ کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔

  • غیرت کی طغیانی ۔۔۔ محمد طلحہ سعید

    غیرت کی طغیانی ۔۔۔ محمد طلحہ سعید

    رات کی سیاہ تاریکی ہر اک جانب گھور اندھیرے گاڑے ہوئے تھی۔افق پر چاند اپنی روشنی کی وجہ سے خود کو سود مند ثابت کرنے کی کوشش کر رہا تھا مگر غلامی کی تاریکیوں کے سامنے چاند کی مرضی نہیں چلا کرتی۔غلامی کے اندھیروں کو صرف وہ چراغ ہی مٹا سکتے ہیں جو اپنے خون کو ایندھن بنا کر جلایا کرتے ہیں!

    رات کی تاریکی چھٹنے لگی۔سورج کی حسین کرنیں مشرق سے نمودار تو ہوئیں مگر چاند ہی کی طرح سورج بھی غلامی کے اندھیروں کو نہ بھگا سکا۔نجانے ان اندھیروں کو ختم کرنے کیلیے کتنے چاند نمودار ہوئے اور ناکام روپوش ہوگئے۔نجانے کتنی بار سورج نے کاوشیں کیں مگر نامراد لوٹا۔مگر اس صبح والا سورج کچھ الگ ہی اہمیت رکھتا تھا۔اس جبر و استبداد سے محو جنگ وادی میں مائیں اپنے جگر گوشوں کو جہاں ایک طرف آہنی زرہ پہنایا کرتیں اور سعد و خالد اور ابو عبیدہ رضی اللہ تعالی عنھم کے قصے سنایا کرتیں وہیں وہ اپنے بیٹوں کو بستہ تھما کر قلم جیسی عظیم تلوار پکڑنے کو سکول بھیجا کرتیں۔اس صبح بھی ایک جگر گوشہ اپنا بستہ تھامے سکول کی جانب رواں دواں تھا۔وہ تتلیوں کو دیکھتا اور انہیں پکڑنے کی آرزو کرتا۔وہ بلند و بالا پہاڑ دیکھتا اور ان میں کھو جانا چاہتا۔اس عالم میں اس کے سامنے کچھ ڈراؤنی شکلوں والے لوگ نمودار ہوئے جنہوں نے ہاتھوں میں بندوقیں پکڑی ہوئی تھیں۔لڑکا ان سب کو دیکھتا جا رہا تھا اور آگے بڑھتا جا رہا تھا۔دیکھتے دیکھتے اس کے سامنے ان لوگوں نے بندوقیں تان لیں اور اس سے اسکا بستہ چھین لیا۔لڑکا محو حیرت تھا۔وہ سمجھ نہ پا رہا تھا کہ ابھی تو وہ تتلیاں پکڑنے کی آرزو کر رہا تھا اور یکایک اس سے اسکا بستہ چھین لیا گیا۔لڑکا ان لوگوں سے مخاطب ہوا:

    "انکل مجھے سکول جانا ہے میرا بستہ لوٹا دیجیے۔”

    ان الفاظ میں وہی بچوں جیسی معصومیت تھی۔
    جواب میں ان میں سے ایک آدمی نے بڑے طنزیہ انداز میں کہا

    "مسلمان اب یہاں پڑھیں گے؟جا نکل جا یہاں سے۔۔۔تجھے ہم نے سکول نہیں جانے دینا۔”

    لڑکا دوبارہ حیرت کی کیفیت میں لوٹ گیا کیونکہ ابھی تک اس سے کسی نے اتنے سخت لہجے میں بات نہیں کی تھی۔ وہ رونا چاہتا تھا مگر غیرت نے یہ گوارا نہ کیا۔

    وہ واپس پلٹا۔ یہ سوچ کر کہ ابا سے انکی شکایت کروں گا۔ وہ راستے میں تھا کہ اسی جگہ پر جہاں اس نے ابھی تتلیاں دیکھی تھی، آگ بھڑک رہی تھی۔ وہ حیرت کے مارے وہاں کھڑا ہوگیا اور یہ سوچنے لگا کہ ابھی تو یہاں دلفریب مناظر تھے مگر اب_______ وہ دیکھ رہا تھا کہ ہر سو بھگدڑ مچی ہوئی تھی۔اسی بھگدڑ میں ایک آدمی سے لڑکے نے پوچھا”چچا یہ کیا ہوا ہے”۔آدمی نے جواب دیا "بیٹا یہاں سے انڈین آرمی کا گزر ہوا تھا۔انہوں نے ہم سے پیسوں کی طلب ذلت آمیز انداز میں کی۔ہم نے انکار کردیا کہ خود ہم معاشی پریشانیوں سے دو چار ہیں،ہم پیسے نہیں لاکر دے سکتے۔جواب میں انہوں نے ایک ضعیف شخص کو پیٹا جس کا قصور یہ تھا کہ اس نے ہی ہماری نمائندگی کی تھی،اس شخص کے دو بیٹوں کو اٹھا کر لے گئے اور جاتے جاتے ہمارے مکانوں اور کھیتوں کو آگ لگا گئے۔”
    یہ سن کر لڑکے کو شدید جھٹکا لگا۔اس سے اس کے دل نے رونے کی اجازت مانگی مگر غیرت نے انکار کردیا کہ آنسو انسانوں کے سامنے نہیں بہائے گا۔

    لڑکا فوراََ تیز رفتار میں گھر کی سمت بھاگا۔اب اب کی بار بھی اسکا سامنا دل دہلا دینے والے مناظر سے ہوا۔سڑک پر ایک ادھیڑ عمر کا شخص سر پہ ہاتھ رکھ کر بیٹھا ہوا تھا۔اس کی آنکھوں سے آنسو جاری تھے لڑکے نے اس سے پوچھا کہ چچا کیا ہوا ہے؟
    آدمی نے جواب دیا "بیٹا کچھ بھارتی فوجی آئے تھے۔میرے بیوی اور بیٹے کو مار کر چلے گئے” اور______”میری دو بیٹیوں کو اپنے ساتھ اٹھا کر لے گئے۔”یہ کہتے ہی وہ پھر دھاڑیں مار مار کر رونے لگا۔لڑکے نے اس کاروائی کی وجہ پوچھی تو آدمی نے جواب دیا کہ "وہ دیکھو ہمارے گھر کی چھت پر پاکستان کا خوبصورت سبز ہلالی پرچم لہرا رہا ہے۔انہوں نے ہم سے کہا کہ اس ہرچم کو اتارو اور ہمارے قدموں میں لاکر رکھو۔مگر یہ پرچم ہمیں جان سے زیادہ پیارا ہے۔ہم نے فوراََ انکار کردیا۔اس پر انہوں نے مجھے پیٹنا شروع کیا۔میرا بیٹا اور بیوی آگے بڑھے۔اسی اثنا میں دو فائر ہوئے اور میری بیوی اور بیٹے کی لاشیں زمین پر گریں اور پھر وہ______”
    لڑکا افسوس و انتقام کے جذبات سے بھر چکا تھا۔اسے اذان کی آواز سنائی دی اور وہ مسجد کی جانب روانہ ہوا۔نماز کے بعد اس نے دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے تو نہ اسکے دل نے اجازت لی نہ غیرت نے انکار کیا۔اسکے آنسو بہہ نکلے اور ایسے بہے کہ اسکا چہرا تر ہوگیا۔
    وہ گھر پہنچا۔ماں کو سارا واقعہ سنایا اور ماں کے سامنے اپنا ارادہ ظاہر کیا کہ ”مجھے اب ان ظالموں کے خلاف لڑنا ہے۔مجھے انکے تعاقب میں تب تک بندوق تھامے رکھنی یے جب تک میں اپنی آخری سانس کو پورا نہ کر لوں۔”
    ماں نے مسرت آمیز مسکراہٹ چہرے پر سجائی اور اپنے جگر گوشے کی طرف دیکھا۔آج اس کے بیٹے کے چہرے پر اسے محمد بن قاسم اور سلطان ٹیپو کی جھلک دکھائی دی۔ماں کو اب معلوم ہوا کہ آج کے سورج میں خاص بات کیا تھی۔اس نے خوشی کے ساتھ بیٹے کو اجازت دی اور اس کے لیے بندوق کا بندوبست کیا۔
    اگلے روز لڑکا گھر سے نکلا اور آذادی کے راہیوں کے کیمپ میں انہیں پہاڑوں کی آغوش میں پہنچ گیا جہاں اس نے گزشتہ دن جانے کی خواہش کی تھی۔وہاں سے تربیت پائی اور پھر دشمنوں کے سامنے صف آرا ہوا۔اب وہ جان گیا تھا کہ اسے تتلیوں کو نہیں درندوں کو پکڑنا ہے!

    دن ہفتے اور ہفتے مہینوں میں تبدیل ہوتے گئے۔مگر اب اس وادی کے حالات علحیدہ تھے۔وہ درندے جو کھلم کھلا پھرا کرتے تھے اب اپنی پناہ گاہوں سے نکلنے کو ڈرتے تھے۔آزادی کی کوششیشیں اب تیز ہوچکی تھیں ۔انڈین فوج نے اس لڑکے پر بھاری انعام مقرر کیا اور اسے پکڑنے کی کاوشیں تیز کردیں جس سے انہیں اب ڈر لگنے لگا تھا۔مگر وہ لڑکا بھی ڈٹا رہا۔اور اپنی غیرت کی طغیانی سے ظلم کو ڈبوتا رہا۔اب وہ ہر بہن کا بھائی،ہر بھائی کا ہمدم، ہر ماں کا لال اور ہر باپ کا سہارا بن چکا تھا۔

    پھر ایک روز ۸ جولائی کو وہ لڑکا بھارتی فوجوں سے لڑتا ہوا شہادت نوش کرگیا۔مگر یہ چراغ بجھ کے بھی نہ بجھا کہ وہ اک عجب نور کا حامل تھا۔اس کی شہادت نے بھارتی فوج پر ایسا طوفان برپا کیا کہ جس کی تیز ہوائیں ابھی بھی چل رہی ہیں اور عدو پر اپنی تباہ کاریاں مچا رہی ہیں۔اسی حوالے سے شاعر سلیم اللہ صفدر نے کیا خوب کہا ہے:

    وہ چراغ بجھ کہ بھی کیا بھجا
    کہ وہ نور اتنا عجیب تھا
    سر عرش سے تہہ خاک تک
    سبھی روشنی میں نہا گئے

    قارئیں کرام! جس لڑکے کا ہم نے ذکر کیا وہ بلاشبہ برہان مظفر وانی ہے۔اس سے کچھ واقعات منسوب کرکے ہم نے یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ ایک کشمیری کے مجاہد بننے میں کیا کیا اسباب چھپے ہوتے ہیں۔ یہ ہلکہانی وادئ جنت نظیر کے عالم شباب میں داخل ہونے والے ہر جوان کی ہے۔ اب ذمہ داری ہماری بھی ہے کہ ہر محاذ پر کشمیریوں کی آواز بنے رہیں۔اور کم از کم انہیں اپنی دعاؤں میں لازمی یاد رکھیں۔
    اللہ پاکستان اور کشمیر کا حامی و ناصر۔
    کشمیر بنے گا پاکستان ان شاء اللہ

  • مریم نواز منڈی بہاؤالدین کی جانب روانہ

    مریم نواز منڈی بہاؤالدین کی جانب روانہ

    مریم نواز جاتی عمرا سے منڈی بہاؤالدین کے لیے روانہ ہو گئی ہیں، ان کے ساتھ 200 سے زائد گاڑیوں کا قافلہ بھی موجود ہے .ن لیگ کے کارکنان کی بڑی تعداد ان کے ساتھ قافلے کے ساتھ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مریم نواز منڈی بہاؤالدین کیطرف روانہ ہو گئیں .روانگی سے قبل انہوں نے کارکنوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ منڈی بہاؤالدین کے لیے نکل آئی ہیں، وہ دھمکیوں سے نہیں ڈرتیں، جلسے کی اجازت ملے یا نہ ملے، وہ عوام سے لازمی ملیں گی۔
    آج مریم نواز نے ٹویٹ کے ذریعے شاعرانہ انداز اختیار کیا اور کہا

    مانگے تانگے کی کرسی پر مرتے کیوں ہو؟
    عمل نہیں توجھوٹی باتیں کرتے کیوں ہو؟
    کہتے تھے آؤ میں کنٹینر دوں گا
    میں جو نکلی ہوں تو ڈرتے کیوں ہو؟

    اس سے پہلے ن لیگ کی طرف سے کہا جا رہا تھا کہ جلسہ کرنے سے روکا جارہا ہےاور جلسہ گاہ میں پان چھوڑ دیا گیا ہے ادھر مسلم لیگ ن کی قیادت قائداعظم گراؤنڈ میں ہی جلسہ کرنے پر اصرار کر رہی ہے. انتظامیہ نےقائداعظم گراؤنڈ کے تینوں دروازوں کو تالے لگا دیے ہیں. دریں‌ اثناء مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا ہے کہ مریم نوازسہ پہر 3 بجے رائیونڈ سےمنڈی بہاؤالدین جلسے کیلیے نکلیں گی. مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ عمران صاحب آپ نے تو کہا تھا موت بھی برداشت کر سکتے ہیں لیکن عمران صاحب مریم نواز کا اتنا خوف کہ جلسہ گاہ میں پانی چھوڑ دیا گیا ہے.

    مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب مریم نواز کومنڈی بہاءالدین میں جلسےکی اجازت نہیں دی گئی. واضح رہے کہ مسلم لیگ ن نے منڈی بہاؤالدین نے 15 کارکنان کی گرفتاری کا دعویٰ‌ کیا ہے. ادھر پولیس نے دوسرے شہروں سے بھی بھاری نفری طلب کر لی ہے اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں. پولیس نے جلسہ گاہ کی طرف جانےو الے تمام راستے سیل کر دیے ہیں.