میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے پیپلز پارٹی کو موقع دیا اور اس کے نتائج شہر میں نظر آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کے ایم سی اور سندھ حکومت مل کر کام کر رہی ہیں جبکہ ٹاؤن انتظامیہ بھی اسی طرح تعاون کرے۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں بلاول بھٹو کی قیادت میں کراچی کے لیے ایک بڑا ترقیاتی پیکج متعارف کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیراتی کام مرحلہ وار مکمل کیے جا رہے ہیں۔
میئر کراچی کے مطابق شہر کی تمام اہم شاہراہوں کو مرحلہ وار بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر روڈ کی تعمیر سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور شہریوں کو سہولیات میسر آئیں گی۔ جہانگیر روڈ کی بحالی کراچی کی مجموعی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ شہر بھر میں مختلف ترقیاتی منصوبے بحال کیے جا رہے ہیں اور کراچی میں دن رات کام جاری ہے۔
Author: Aqsa Younas Rana
-

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا بڑا دعویٰ، بلاول بھٹو کراچی کے لیے جلد بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے
-

گجرات میں خاتون ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کے نیچے آ کر جاں بحق
گجرات میں ریلوے اسٹیشن پر ایک خاتون حادثاتی طور پر ٹرین کے نیچے آ کر جاں بحق ہو گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق خاتون اسٹیشن پر کھانا لینے کے لیے اتر گئی تھی اور چلتی ٹرین پر سوار ہونے کی کوشش کے دوران پاؤں پھسلنے سے ریلوے ٹریک پر گر گئی۔ اسٹیشن ماسٹر کے مطابق ایمرجنسی بریک لگانے تک خاتون ٹرین کے نیچے آ کر جاں بحق ہو گئی۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والی خاتون لاہور کی رہائشی تھی اور وہ اپنی بھانجی اور چھوٹے بھائی کے ساتھ لاہور سے راولپنڈی جا رہی تھی۔ حادثے کے بعد خاتون کے ورثاء سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔ -

اگلے سال پاکستان ریلوے کے لیے مناسب بجٹ دیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ سال پاکستان ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مناسب بجٹ مختص کیا جائے گا، کیونکہ ریلوے کی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات دہائیوں سے ناگزیر تھے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان ریلوے کی کارکردگی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں ریلوے کے موجودہ نظام، اصلاحاتی اقدامات اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورت اصلاحاتی عمل کا اہم حصہ ہے اور ریلوے کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلویز کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ ہفتے ریلوے کی بہتری اور ترقی سے متعلق جامع روڈ میپ پیش کرے۔ -

اسرائیل سے متعلق پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں، دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان فلسطین کے مسئلے پر اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور اسرائیل سے متعلق پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی بنیادی شرط ایک آزاد، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے بعد ہی اسرائیل سے کسی بھی نوعیت کے تعلقات پر غور کیا جا سکتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ابراہیمی معاہدوں میں شمولیت یا عدم شمولیت کے معاملے کو سیاسی کے بجائے قانونی تناظر میں دیکھتا ہے اور اس حوالے سے اپنا فیصلہ بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی بنیاد پر کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت جاری رکھے گا اور اس معاملے پر کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ -

ججز کی کردار کشی مہم پر غیر مناسب مواد شیئر کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری
لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی سوشل میڈیا پر کردار کشی مہم کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ غیر مناسب مواد شیئر کرنے والوں کے خلاف پولیس دیگر اداروں کی معاونت کر رہی ہے۔
جسٹس علی ضیا باجوہ نے کہا کہ پولیس یا دیگر اداروں کی کارروائی میں کسی قسم کا انتقامی پہلو نہیں ہونا چاہیے، تاہم جس نے غیر مناسب مواد شیئر کیا یا توہین عدالت کی، اسے چھوڑا نہیں جا سکتا۔
عدالت نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت غیر مناسب مواد شیئر کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور کسی کی ذاتی زندگی کے معاملات پر کردار کشی کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی۔ -

بی پی ایل میچ کھلاڑیوں کی بائیکاٹ کی وجہ سے ملتوی
بنگلادیش پریمیئر لیگ (BPL) کے آج کھیلے جانے والے میچ میں کھلاڑیوں نے بائیکاٹ کر دیا، جس کی وجہ سے میرپور، ڈھاکہ میں چٹوگرام رائیلز اور ناؤخلی ایکسپریس کا میچ شروع نہیں ہو سکا۔ دونوں ٹیمیں ٹاس کے لیے میچ کے وینیو پر حاضر نہیں ہوئیں۔
رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر نظم السلام کے حالیہ بیان پر کھلاڑیوں نے بائیکاٹ کی دھمکی دی تھی۔ بنگلادیشی کھلاڑیوں نے تمام فارمیٹ کے کرکٹ کھیلوں کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نظم السلام کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس واقعے کے بعد لیگ کے میچز اور کرکٹ سرگرمیاں غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں، اور کھلاڑیوں کی جانب سے دباؤ کے تحت بورڈ انتظامیہ سے فوری جواب کی توقع کی جا رہی ہے۔ -
پاکستان میں سونا مسلسل مہنگا ہونے کے بعد سونے کی قیمت میں کمی
پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت 3,700 روپے کم ہو گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 482,462 روپے کا ہوگیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کا بھاؤ بھی 3,172 روپے کمی کے بعد 413,633 روپے پر پہنچ گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 37 ڈالر کم ہو کر 4,601 ڈالر پر پہنچ گیا ہے۔ -

سینئر براڈکاسٹر عشرت فاطمہ 45 سال بعد ریڈیو پاکستان سے رخصت
سینئر براڈکاسٹر عشرت فاطمہ نے 45 برس تک خدمات انجام دینے کے بعد ریڈیو پاکستان کو الوداع کہہ دیا ہے۔
اپنے آخری ویڈیو پیغام میں عشرت فاطمہ نے کہا کہ گزشتہ روز ریڈیو پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ انہوں نے نہایت دکھی دل کے ساتھ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ 1983 سے ریڈیو پاکستان سے وابستہ ہیں اور 1984 میں خبریں پڑھنا شروع کیں۔ عشرت فاطمہ نے کہا کہ یہ کام ان کا جنون اور محبت تھا، اور شکر ہے کہ اب تک آنکھیں، سانس، آواز اور چہرہ ان کا ساتھ دیتے رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیشہ کوشش کی کہ اپنے کام سے انصاف کیا جائے۔
ویڈیو کے اختتام پر عشرت فاطمہ نے سامعین سے دعاؤں کی بھی درخواست کی۔ -

متنازع ٹوئٹ کیس میں ایمان مزاری اور شوہر ہادی علی چٹھہ کی ضمانت منسوخ
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے متنازع ٹوئٹس کے کیس میں ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کی ضمانت منسوخ کر دی ہے۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔
سماعت کے دوران ہادی علی چٹھہ عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ ایمان مزاری خود گواہ شہروز پر جرح کرنا چاہتی ہیں۔ جسٹس افضل مجوکا نے حکم دیا کہ جرح مکمل کریں ورنہ جرح کا حق ختم کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر نعیم گجر نے عدالت میں کہا کہ پیر کی تاریخ دے دی جائے، اس کے بعد مزید التوا نہیں دیا جائے گا کیونکہ ایمان مزاری کی طبیعت خراب ہے اور وہ خود جرح کرنا چاہتی ہیں۔ تاہم پراسیکوشن کے نمائندے رانا عثمان نے التوا دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت گواہ سے حلف لے اور جرح شروع کرے۔
سماعت کے دوران بار صدر اور پراسیکیوٹر کے درمیان کمرہ عدالت میں تلخ کلامی بھی ہوئی، جس پر جج چیمبر میں چلے گئے۔ وقفے کے بعد دونوں ملزمان عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس کے باعث عدالت نے ان کی ضمانت منسوخ کر دی اور جرح کا حق بھی ختم کر دیا۔ سماعت کو کل تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ -

پاکستان اگلے 3 سال میں 2.75 ارب ڈالر مالیت کے بین الاقوامی بانڈز جاری کرے گا
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان اگلے تین سال کے دوران 2.75 ارب ڈالر مالیت کے بین الاقوامی بانڈز جاری کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ رواں ماہ کے آخر یا فروری میں 25 کروڑ ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈ کے اجرا کی تیاری ہے، جس کی مالیت بتدریج ایک ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پانڈا بانڈز کے علاوہ چینی مارکیٹ اور بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹ سے بھی سرمایہ کاری حاصل کی جائے گی۔ اگلے مالی سال تک بانڈز کا حجم بڑھ کر ایک ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔
بین الاقوامی بانڈز کے اجرا سے بیرونی کمرشل فنانسنگ میں بہتری آئے گی اور آنے والے برسوں میں مالیاتی خلا کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق عالمی ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آرہی ہے، اور میکرو اکنامک صورتحال میں مزید استحکام سے بیرونی سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے۔