Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • الظفرہ ہائی سکول اینڈ گرلز کالج میں سالانہ رزلٹ کی پروقار تقریب

    الظفرہ ہائی سکول اینڈ گرلز کالج میں سالانہ رزلٹ کی پروقار تقریب

    قصور (بیورو چیف: طارق نوید سندھو)الظفرہ ہائی سکول اینڈ گرلز کالج چک نمبر 17، تحصیل چونیاں، ضلع قصور میں سالانہ رزلٹ کی ایک پروقار اور شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں لاہور سے چائنیز یونیورسٹی کے کنسلٹنٹ سر عمر بشیر اور ان کی ٹیم، میڈم کائنات، میڈم عروج اور میڈم ثمرہ نے خصوصی شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز مہمانوں نے پرنسپل و ڈائریکٹر الظفرہ ہائی سکول اینڈ گرلز کالج سر کاشف ندیم کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس انداز میں اس ادارے میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جا رہی ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ الظفرہ ہائی سکول کے تمام طلبہ کو کمپیوٹر کی تعلیم بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے، جو اس علاقے کے لیے ایک بڑی تعلیمی سہولت ہے۔

    اس موقع پر علاقے کے چیئرمین ہارون خان، علاقہ معززین، والدین اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ الظفرہ ہائی سکول اینڈ گرلز کالج علاقے کا نہ صرف خوبصورت بلکہ اعلیٰ معیار کا تعلیمی ادارہ ہے، جہاں بچوں کو بہترین تعلیمی ماحول میسر ہے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سر تصور ارشد نے کہا کہ ہم پرنسپل و ڈائریکٹر سر کاشف ندیم کی بیٹیوں کی تعلیم کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الظفرہ ہائی سکول اینڈ گرلز کالج علاقے اور گردونواح کی بچیوں کے لیے ایک مکمل، محفوظ اور معیاری تعلیمی ادارہ ہے، جہاں اعلیٰ تعلیم یافتہ فی میل اسٹاف بچیوں کی تعلیمی و اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

    تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ شرکاء نے ادارے کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے اس کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

  • کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان کا ضلع قصور کا دورہ، صفائی اور طبی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت

    کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان کا ضلع قصور کا دورہ، صفائی اور طبی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت

    قصور (باغی ٹی وی،بیوروچیف طارق نویدسندھو)کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان نے ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کے ہمراہ ضلع قصور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے انتظامات اور صحت کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    کمشنر لاہور ڈویژن نے رسول پورہ، مصطفیٰ آباد اور مان گاؤں گنڈا سنگھ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور رورل ایریاز میں صفائی ستھرائی، نالیوں کی ڈی سلٹنگ اور کوڑا کرکٹ کی بروقت نکاسی کے اقدامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دیہی علاقوں میں صفائی اور نالیوں کی ڈی سلٹنگ مقررہ شیڈول کے مطابق باقاعدگی سے کی جائے اور دیہات کے اطراف کوڑے کے ڈھیر لگنے سے ہر صورت روکا جائے۔ ون ٹائم کلیئرنس کے بعد صفائی کی صورتحال کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھا جائے اور عوامی رائے کو بھی ضرور شامل کیا جائے۔

    کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ہیلتھ فسیلیٹیز کی جامع صفائی کے سلسلے میں مریم نواز آر ایچ سی گنڈا سنگھ اور مریم نواز ہیلتھ کلینک گنڈا سنگھ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے طبی نگہداشت کے پروٹوکولز، وارڈز، ادویات کی دستیابی، ایمرجنسی سہولیات، واش رومز کی صفائی اور عملے کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے مفت ادویات کی فراہمی اور طبی سہولیات سے متعلق دریافت کیا، جس پر مریضوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مریم نواز ہیلتھ کلینک کے انچارج ڈاکٹر نے کمشنر لاہور کو سہولیات اور جاری اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا اور سی ای او ہیلتھ قصور بھی ہمراہ تھے۔

    کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان نے اس موقع پر واضح کیا کہ ہسپتالوں کی روٹین صفائی ہسپتال اوقات شروع ہونے سے قبل مکمل ہونی چاہیے، جبکہ ہیلتھ فسیلیٹیز کی ڈیپ کلیننگ کے بعد صفائی کی صورتحال کو تسلسل کے ساتھ برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی اور صحت کی سہولیات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو بہتر اور معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

  • اوکاڑہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبی سہولیات کا جائزہ

    اوکاڑہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبی سہولیات کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد سلیم چشتی نے اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل کے ہمراہ ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    دورے کے دوران انہوں نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، لیبارٹری، ادویات کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا معائنہ کیا، جبکہ مریضوں اور ان کے لواحقین سے سہولیات سے متعلق براہِ راست دریافت بھی کی۔

    اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمد سلیم چشتی نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ عوام کا بنیادی حق ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

    انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری، صفائی ستھرائی کے معیار، ادویات کی بروقت دستیابی اور ایمرجنسی سروسز کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔ دورے کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمد سلیم چشتی نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی مجموعی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

  • اوکاڑہ پولیس کی بڑی کارروائی، مبارکی ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ پولیس کی بڑی کارروائی، مبارکی ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)اوکاڑہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مبارکی ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ڈھلیانہ نوید نزیر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مبارکی گینگ کے چار ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت مبارک عرف مبارکی (سرغنہ)، عمران، منظور اور رستم کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 4 لاکھ 60 ہزار روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا، جس میں ایک لاکھ روپے نقدی بھی شامل ہے۔ برآمد ہونے والے سامان میں 13 بوریاں کھاد، 3 جنریٹر ٹینکس، ایک سپرے ٹینک، ایک گریس گن، 2 بالٹیاں گریس، 3 کراس روٹاویٹر، 895 بوریاں باردانہ و سیبہ، 2 سنگل، 4 بیگ پوٹاش اور ناجائز اسلحہ شامل ہے۔

    ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اوکاڑہ اور گردونواح میں درجنوں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ مزید انکشافات اور برآمدگیوں کی توقع ہے۔

  • اوکاڑہ: ریونیو افسران کا اجلاس، عوامی سہولت اور شفافیت پر زور

    اوکاڑہ: ریونیو افسران کا اجلاس، عوامی سہولت اور شفافیت پر زور

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اوکاڑہ محمد شجعین وسطرو کی زیر صدارت ریونیو افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کی تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران اور محکمہ مال کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ ریونیو کے جاری اقدامات، افسران کی کارکردگی اور سروس ڈیلیوری سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شجعین وسطرو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریونیو سے متعلق سہولیات کی بروقت، شفاف اور مؤثر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    انہوں نے پلس پراجیکٹ کے تحت جاری اقدامات کی رفتار مزید تیز کرنے، سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے اور ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر خصوصی زور دیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری واجبات کی وصولی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے فیلڈ میں مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ریکوری کے عمل کو شفاف اور منظم بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ عوامی سہولت مراکز میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے، ان کے مسائل کے فوری حل اور بہتر رہنمائی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شجعین وسطرو کا کہنا تھا کہ ریونیو نظام کی بہتری، پلس پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل اور ریونیو ریکوری میں اضافہ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ عوام کو بہتر اور معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔

  • میرپورماتھیلو:کچے کے جرائم پیشہ عناصر کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم

    میرپورماتھیلو:کچے کے جرائم پیشہ عناصر کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار: مشتاق علی لغاری)ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران نے کچے کے علاقے میں سرگرم جرائم پیشہ عناصر کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ مقررہ وقت کے اندر تمام مغویوں کو رہا کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت اور فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران نے کہا کہ کچے کے جرائم پیشہ عناصر پولیس اور دیگر ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر کی گئی تمام پوسٹس فوری طور پر ڈیلیٹ کریں، ورنہ قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور قانون شکن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

    ایس ایس پی انور کھیتران کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جلد فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی تاکہ عوام کو تحفظ کا احساس دلایا جا سکے۔

  • باغی ٹی وی کی 14ویں سالگرہ، سیالکوٹ میں پروقار تقریب

    باغی ٹی وی کی 14ویں سالگرہ، سیالکوٹ میں پروقار تقریب

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیورورپورٹ)باغی ٹی وی کی 14ویں سالگرہ کے موقع پر سیالکوٹ میں ایک شاندار، پروقار اور یادگار تقریب منعقد ہوئی، جس کی میزبانی باغی ٹی وی کے سیالکوٹ بیورو چیف مدثر رتو نے ایک مقامی ہوٹل میں کی۔ تقریب میں باغی ٹی وی کے ایڈیٹر ممتاز حیدر اعوان، انچارج نمائندگان ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی اور طارق نوید سندھو (بیورو چیف باغی ٹی وی قصور) نے خصوصی شرکت کی۔

    تقریب کے آغاز میں میزبان مدثر رتو نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور انہیں گلدستے پیش کیے، جس کے بعد باغی ٹی وی کی 14ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر شہر سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے تقریب کی اہمیت اور وقار میں مزید اضافہ ہوا۔

    تقریب میں شریک صحافیوں اور مہمانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باغی ٹی وی آئندہ بھی ذمہ دار، مثبت اور تعمیری صحافت کے فروغ کے لیے اپنا کردار پوری دیانت داری سے ادا کرتا رہے گا اور عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔

    اس موقع پر باغی ٹی وی کی جانب سے اہم تنظیمی فیصلوں کا اعلان بھی کیا گیا، جن کے تحت مدثر رتو کو باضابطہ طور پر سیالکوٹ کا بیورو چیف مقرر کیا گیا، جبکہ محمد جمال کو سٹی رپورٹر اور وقاص اسلم کو تحصیل پسرور کا نمائندہ مقرر کیا گیا۔ بعد ازاں محمد جمال اور وقاص اسلم کو نمائندگی کے کارڈ بھی دیے گئے۔ اس موقع پر مدثر رتو کو بیورو چیف مقرر ہونے پر باغی ٹی وی کی جانب سے اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا گیا۔

    تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے اعزاز میں پُرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مدثر رتو نے باغی ٹی وی کی مرکزی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ صحافتی اقدار کی پاسداری، عوامی مسائل کے بروقت اور مؤثر اجاگر کرنے اور حق و سچ کی آواز بننے کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔




  • ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان سینٹرل پنجاب، نو منتخب عہدیداران کا نوٹیفکیشن جاری

    ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان سینٹرل پنجاب، نو منتخب عہدیداران کا نوٹیفکیشن جاری

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار، احسان اللہ ایاز)ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان (RUJ) سینٹرل پنجاب کے انتخابات کے نتائج کے بعد نو منتخب عہدیداران کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ صوبائی الیکشن بورڈ کی زیر نگرانی منعقد ہونے والے انتخابات میں مرزا قیصر فاروق صدر اور میاں تنویر شہزاد ساحل جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔

    صوبائی الیکشن 2026/27 میں سینٹرل پنجاب کے دیگر منتخب عہدیداران میں سینئر نائب صدر حاجی رمضان (قصور)، نائب صدر شیخ آصف اقبال (ننکانہ صاحب)، جوائنٹ سیکرٹری رانا خضر حیات (شخوپوہ) اور سیکرٹری خواتین ونگ آمنہ اقبال (لاہور) شامل ہیں۔

    چیئرمین الیکشن بورڈ محمد ارشد گولڈن نے پانچ رکنی الیکشن بورڈ کی نگرانی میں منتخب عہدیداران 2026/2027 کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

  • اوکاڑہ: ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج کا چرچ روڈ سیوریج سکیم اور ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ

    اوکاڑہ: ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج کا چرچ روڈ سیوریج سکیم اور ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے ایم ڈی واسا عبدالوحید کے ہمراہ چرچ روڈ سیوریج سکیم کی سائٹ اور ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سائٹ کا معائنہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد شروع کرنے کے سلسلے میں ایکسین میونسپل کمیٹی مہر مبارک کو ہدایات جاری کیں۔

    چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ سیوریج سکیم کی تعمیر سے شہر کی مرکزی سڑک کے رہائشیوں کو ریلیف ملے گا اور عوام کے سیوریج کے مسائل کا حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈسپوزل اسٹیشنز کی مؤثر کارکردگی سیوریج سسٹم کی کامیابی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

    ایم ڈی واسا عبدالوحید نے ڈسپوزل اسٹیشنز کی ورکنگ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سولرائزیشن کے ذریعے بلا تعطل بجلی کی فراہمی سے ڈسپوزل اسٹیشن کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے اور اس منصوبے سے سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بارشی پانی کی نکاسی کے لیے سکاڈا پراجیکٹ کی تکمیل سے شہر کے وسط سے 5 کیوسک بارشی پانی کی نکاسی کا منصوبہ مئی تک مکمل کر دیا جائے گا۔ ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے ڈسپوزل اسٹیشنز کی ورکنگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

  • رزق کا حقیقی رازق صرف اللہ ہے، دنیاوی انحصار بے چینی پیدا کرتا ہے: سید سرفراز احمد شاہ

    رزق کا حقیقی رازق صرف اللہ ہے، دنیاوی انحصار بے چینی پیدا کرتا ہے: سید سرفراز احمد شاہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)معروف اسکالر سید سرفراز احمد شاہ نے کہا ہے کہ رزق کا حقیقی رازق صرف اللہ تعالیٰ ہے اور دنیاوی وسائل پر حد سے زیادہ انحصار انسان میں بے چینی اور حرص کو جنم دیتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ روحانیت کا راستہ نیکی اور عبادت کے امتزاج سے طے ہوتا ہے، جبکہ رب سے براہِ راست تعلق ہی حقیقی سکون کی بنیاد ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ سوال و جواب کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں صاحبزادگان سید شیراز احمد شاہ، سید سہیل احمد شاہ سمیت عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    اپنی گفتگو میں سید سرفراز احمد شاہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر جاندار کے رزق کی ضمانت دے رکھی ہے، مگر انسان کی بے چینی کی اصل وجہ رب پر مکمل بھروسے کے بجائے دنیاوی ذرائع پر انحصار ہے۔ انہوں نے حضرت علیؓ کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رزق کی دو قسمیں ہیں، ایک وہ جسے انسان تلاش کرتا ہے اور دوسرا وہ جو انسان کو خود تلاش کرتا ہے۔

    انہوں نے زور دیا کہ روحانیت محض ذکر و اذکار کا نام نہیں بلکہ نیکی، عبادت اور عملی زندگی میں اخلاقی قدروں کو اپنانے سے حاصل ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شکر گزاری اور اللہ سے براہِ راست تعلق روحانی سکون کی بنیاد ہے، جبکہ روحانیت کا سفر کسی تکلیف کے بجائے ایک طالب علم کی محنت کی مانند ہے، جس میں قربِ الٰہی کے لیے قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔

    اس موقع پر صاحبزادہ سید شیراز احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سنتوں پر عمل پیرا ہو کر زندگی کو آسان اور بامقصد بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدین کی خدمت اور ان سے محبت کو عبادت سمجھ کر انجام دینا چاہیے، کیونکہ اس میں دنیا اور آخرت دونوں کی بھلائی پوشیدہ ہے۔