اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اوکاڑہ محمد شجعین وسطرو کی زیر صدارت ریونیو افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کی تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران اور محکمہ مال کے دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ ریونیو کے جاری اقدامات، افسران کی کارکردگی اور سروس ڈیلیوری سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شجعین وسطرو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریونیو سے متعلق سہولیات کی بروقت، شفاف اور مؤثر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے پلس پراجیکٹ کے تحت جاری اقدامات کی رفتار مزید تیز کرنے، سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے اور ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر خصوصی زور دیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری واجبات کی وصولی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے فیلڈ میں مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ریکوری کے عمل کو شفاف اور منظم بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ عوامی سہولت مراکز میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے، ان کے مسائل کے فوری حل اور بہتر رہنمائی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شجعین وسطرو کا کہنا تھا کہ ریونیو نظام کی بہتری، پلس پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل اور ریونیو ریکوری میں اضافہ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ عوام کو بہتر اور معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔
