Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوکاڑہ: جنگی حالات سے نمٹنے کیلئے سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کی تربیتی مشقیں

    اوکاڑہ: جنگی حالات سے نمٹنے کیلئے سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کی تربیتی مشقیں

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر) حکومت پنجاب کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس احمد عثمان جاوید کی زیر نگرانی سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کے اشتراک سے بابا فرید شوگر مل، فیصل آباد روڈ اوکاڑہ میں شہری دفاع کی تربیتی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ مل انتظامیہ اور ورکرز کو جنگی حالات میں بچاؤ، رسپانس اور ابتدائی امداد سے متعلق عملی تربیت فراہم کی گئی۔

    سول ڈیفنس انسٹرکشنل اسٹاف نے شرکاء کو دشمن کے ہوائی حملے کی صورت میں سائرن کی شناخت و استعمال، پناہ گاہوں کی اہمیت، نقل و حرکت پر قابو پانے، تنصیبات کی مکر و تلبیس، سول ڈیفنس وارڈن سروس، خندقوں کی اقسام، بم ڈسپوزل، اور ہنگامی رابطہ کاری کے حوالے سے جامع آگاہی دی۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 کی جانب سے فرسٹ ایڈ اور فائر فائٹنگ کی عملی تربیت بھی فراہم کی گئی۔

    تربیت میں شرکاء نے ان مہارتوں کی عملی مشقوں میں بھرپور حصہ لیا۔ سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے عسکری اور سول ادارے ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی دفاع ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدام یقینی بنایا جا رہا ہے۔

  • گھوٹکی: شر، ماچھی اور میرانی گینگز کے خلاف کچے میں پولیس کا ٹارگیٹڈ آپریشن

    گھوٹکی: شر، ماچھی اور میرانی گینگز کے خلاف کچے میں پولیس کا ٹارگیٹڈ آپریشن

    میرپورماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی ہدایات پر ضلع گھوٹکی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور ٹارگیٹڈ آپریشن جاری ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی قیادت میں سب ڈویژن رونتی کے تھانہ شہید دین محمد لغاری کی حدود میں شر، ماچھی اور میرانی گینگز کے اغواکاروں و ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے۔

    پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کے ٹھکانوں کا سراغ لگا کر انہیں مسمار اور نذر آتش کر دیا ہے۔ ان مقامات سے مغویوں کے موبائل فون اور تصاویر بھی برآمد ہوئی ہیں، جن سے بازیابی کی امید مزید بڑھ گئی ہے۔

    آپریشن میں ڈی ایس پی اباوڑو عبدالقادر سومرو، ڈی ایس پی رونتی زاہد حسین میرانی، مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز، بھاری پولیس نفری، بکتر بند اور اے پی سی گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں۔ کچے کے علاقے میں مکمل گھیراؤ اور سخت سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

    ڈی آئی جی سکھر نے کہا ہے کہ جب تک تمام اغواکاروں اور ڈاکوؤں کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، ٹارگیٹڈ آپریشن بلاتعطل جاری رہے گا۔

  • سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف کی سی ایم ایچ آمد، زخمی جوانوں کی عیادت

    سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف کی سی ایم ایچ آمد، زخمی جوانوں کی عیادت

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران زخمی ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی سی ایم ایچ سیالکوٹ میں عیادت کی۔ ان کے ہمراہ جی او سی 15 ڈویژن میجر جنرل عمران خان بابر بھی موجود تھے۔ وزیر دفاع کو زیر علاج جوانوں کی صحت اور علاج کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

    خواجہ آصف نے زخمی سپاہیوں کے حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں وطن کے تحفظ کا نشان ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، "میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں ان بہادر جوانوں کے پاس آیا ہوں جو وطن کے دفاع میں زخمی ہوئے۔”

    انہوں نے بتایا کہ دشمن نے ہماری ایک چیک پوسٹ پر سو سے زائد گولے برسائے مگر ہمارے جوان ثابت قدم رہے اور آج بھی وطن کے لیے لڑنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا، "اگر بھارت نے دوبارہ کسی جارحیت کی کوشش کی تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔”

    وزیر دفاع نے مزید کہا کہ حملے سے قبل سپہ سالار نے خود فجر کی نماز کی امامت کی، جو قومی جذبے اور روحانیت کا مظہر تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تینوں مسلح افواج کے سپہ سالاروں کی حب الوطنی اور قیادت لازوال ہے اور پوری قوم فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔

  • سیالکوٹ: قتل، اغوا، فائرنگ اور قحبہ خانے پر چھاپہ، شہر میں خوف و ہراس

    سیالکوٹ: قتل، اغوا، فائرنگ اور قحبہ خانے پر چھاپہ، شہر میں خوف و ہراس

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) سیالکوٹ میں ایک ہی دن کے دوران قتل، بہیمانہ تشدد، قحبہ خانے پر پولیس چھاپہ اور ڈی ایس پی دفتر کے باہر فائرنگ جیسے متعدد سنگین واقعات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ دوبرجی ملیاں میں پولیس نے قحبہ خانے پر کارروائی کرتے ہوئے تین خواتین سمیت 12 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پتوکی کی رہائشی یاسمین نامی خاتون کرائے کے مکان میں غیرقانونی دھندہ چلا رہی تھی جو مختلف شہروں سے لڑکیاں بلا کر قحبہ خانہ چلاتی تھی۔ پولیس نے سب انسپکٹر عدیل فاضل کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

    تھانہ نیکاپورہ کے علاقے میں پسند کی شادی کی رنجش پر ملزم حمزہ بٹ نے اپنے بہنوئی محمد ابرار کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا جب وہ اپنی بیوی کی وفات کے بعد قبرستان جا رہا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ڈی ایس پی سٹی طارق محمود ڈھڈی کی نگرانی میں تفتیش مکمل کی، جس پر عدالت نے قاتل کو سزائے موت سنا دی۔

    ادھر جامکے چیمہ میں گوجرانوالہ پولیس سے برخاست ہونے والے سابق انسپکٹر ملک عرفان نے موبائل چوری کے شبے میں اپنے ڈیرے پر کام کرنے والے نوجوان کاشف مسیح کو روایتی پولیس طریقے سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث نوجوان موقع پر دم توڑ گیا۔ پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا مگر مرکزی ملزم تاحال گرفتار نہ ہو سکا۔ واقعے کے خلاف مقامی مسیحی برادری نے سڑک پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔

    اسی روز ڈی ایس پی پسرور کے دفتر کے باہر دیرینہ دشمنی پر مخالف فریق نے فائرنگ کر کے چار افراد کو زخمی کر دیا، جن میں تین افراد عدالت میں پیشی کے لیے آئے تھے جبکہ ایک زخمی عرضی نویس تھا۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر سیالکوٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ان پے در پے واقعات نے سیالکوٹ میں امن و امان کی صورتحال پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں جبکہ شہری حلقے پولیس سے بھرپور کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

  • سکھر: کچے میں پولیس آپریشن، 12 مغوی بازیاب، ڈاکو فرار

    سکھر: کچے میں پولیس آپریشن، 12 مغوی بازیاب، ڈاکو فرار

    سکھر (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی ہدایت پر سکھر اور خیرپور پولیس کی جانب سے بھاگڑجی کے کچے کے علاقے میں دو روز سے جاری پولیس آپریشن میں ڈاکوؤں پر دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ تابڑ توڑ کارروائیوں سے بوکھلاہٹ کا شکار ڈاکوؤں نے گزشتہ شب جوابی کارروائی کے طور پر سکھر سے تین اور خیرپور سے نو افراد کو اغوا کر لیا تھا۔

    ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی قیادت میں پولیس نے کچے کے علاقے میں فوری ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس کے دوران مغویوں کو باحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اغوا کار مغویوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ پولیس سے آمنا سامنا ہو گیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو زخمی ہوئے۔

    ڈاکوؤں نے بھاری ہتھیاروں سے پولیس کی بکتر بند اے پی سی گاڑیوں پر فائرنگ کی، جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔ تاہم پولیس کے مؤثر ردعمل کے بعد ڈاکو مغویوں کو چھوڑ کر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جنگلات کی طرف فرار ہو گئے۔ پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے۔

    بازیاب ہونے والے مغوی افراد میں 9 کا تعلق ضلع خیرپور جبکہ 3 کا تعلق ضلع سکھر سے ہے۔ بازیاب نوجوانوں میں وہ تین افراد بھی شامل ہیں جنہیں گزشتہ شب بچل شاہ میانی کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا اور جن کا تعلق سولنگی برادری سے ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور سکھر رینج پولیس کے حوصلے بلند ہیں۔ ڈاکوؤں کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

  • احمد پور شرقیہ: کالج میں آپریشن "بنیان مرصوص” کی فتح پر ریلی

    احمد پور شرقیہ: کالج میں آپریشن "بنیان مرصوص” کی فتح پر ریلی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان)احمد پور شرقیہ میں کالج میں آپریشن "بنیان مرصوص” کی فتح پر ریلی، پاک فوج کو زبردست خراج تحسین

    گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب میں آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی اور دشمن بھارت کی شکست فاش پر ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل نے کی، جس میں کالج کے اساتذہ، طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور اپنے وطن عزیز پاکستان کی سلامتی، استحکام اور پاک فوج کی عظیم قربانیوں کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

    ریلی کے شرکاء نے "نعرہ تکبیر” اور "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں کی گونج میں فوجی قافلے کا پرتپاک استقبال کیا، پھولوں کے ہار اور گلدستے پیش کیے، جبکہ فوجی گاڑیوں پر گل پاشی بھی کی گئی۔ طلباء و طالبات نے پاک آرمی کے افسروں اور جوانوں کو آپریشن بنیان مرصوص کی فتح پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی شجاعت، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا۔

    اس موقع پر پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل اور انچارج سکیورٹی آفیسر پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی سمیت معزز اساتذہ کرام اور طلباء نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ وطن سے محبت کا والہانہ اظہار کرتے ہوئے شرکاء کا جوش و جذبہ قابل دید تھا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

  • سیالکوٹ: ڈی جی پی ایچ اے جنید تاج بھٹی کی مبینہ خودکشی کی کوشش

    سیالکوٹ: ڈی جی پی ایچ اے جنید تاج بھٹی کی مبینہ خودکشی کی کوشش

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) ڈی جی پی ایچ اے جنید تاج بھٹی کی مبینہ خودکشی کی کوشش، حالت تشویشناک

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) سیالکوٹ کے ڈائریکٹر جنرل جنید تاج بھٹی نے اپنے دفتر میں مبینہ طور پر خود کو سر میں گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی ہے۔ واقعے کے فوراً بعد انہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

    واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے، جبکہ فرانزک اور تفتیشی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد اصل حقائق منظرعام پر لائے جائیں گے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت، وجوہات اور محرکات کو سامنے لانے کے لیے مکمل شفاف تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • سیالکوٹ: چھ ماہ قبل لاپتہ ہونے والا دو سالہ بچہ مردہ حالت میں تالاب سے برآمد، تحقیقات کا آغاز

    سیالکوٹ: چھ ماہ قبل لاپتہ ہونے والا دو سالہ بچہ مردہ حالت میں تالاب سے برآمد، تحقیقات کا آغاز

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقے سے چھ ماہ قبل لاپتہ ہونے والا دو سالہ محمد ولی مردہ حالت میں ایک تالاب سے برآمد ہو گیا۔ معصوم بچہ کھیلتے کھیلتے گھر سے باہر نکلا تھا اور اس کے بعد سے لاپتہ تھا۔ اس واقعہ کی ایف آئی آر بچے کے والد غلام فرید کی مدعیت میں تھانہ کوٹلی لوہاراں میں درج کی گئی تھی۔

    اہل علاقہ کے مطابق تالاب کی صفائی کے دوران بچے کی نعش اچانک برآمد ہوئی، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں یہ طے کیا جائے گا کہ یہ قتل ہے یا کوئی حادثہ۔

  • جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی!

    جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی!

    جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی!
    تحریر: ڈاکٹر غلام مصطفےٰ بڈانی
    تاریخ گواہ ہے کہ پاک بھارت تعلقات تاریخی طور پر بھارت کی مکاری، دھوکے بازی اور بداعتمادی کی وجہ سے ایک اچھے ہمسائے کی طرح پروان نہ چڑھ سکے۔ حالیہ پاک بھارت کشیدگی نے ثابت کیا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا پاکستان مخالف ایجنڈا نہ صرف جاری ہے بلکہ خطرناک حد تک شدت اختیار کر چکا ہے۔ پہلگام کا مبینہ فالس فلیگ آپریشن، مودی کا جھوٹ بھرا قوم سے خطاب اور اس جھوٹ کی آڑ میں پاکستان کے خلاف اوچھی چالیں ایک خوفناک منصوبے کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ پاکستانی قوم کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ دشمن کی "بغل میں چھری” اب محض استعارہ نہیں بلکہ ایک واضح اور فوری خطرہ ہے۔

    سیزفائر کے پیچھے بھارت کی بوکھلاہٹ نمایاں ہے۔ 6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب بھارت نے پاکستانی سرزمین پر میزائل داغ کر اپنی جارحیت کا مظاہرہ کیا۔ پاک فضائیہ نے اس حملے کو ناکام بناتے ہوئے بھارت کے پانچ طیاروں، جن میں تین قیمتی رافیل شامل تھے اور متعدد ڈرونز کو تباہ کر دیا۔ امریکی صحافی نک رابرٹسن کے مطابق (10مئی 2025 CNN International) سیزفائر کی درخواست بھارت نے امریکا کے ذریعے کی تھی لیکن مودی نے 13 مئی 2025 کو قوم سے خطاب میں بے شرمی سے جھوٹ بولا کہ یہ درخواست پاکستان کی طرف سے تھی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں واضح کردیا تھا کہ سیزفائر بھارت کی عسکری اور سیاسی شکست کا نتیجہ تھا، جسے پاکستان نے خطے میں امن کے لیے قبول کیا۔ یہ جھوٹ مودی کی کمزوری ہی نہیں بلکہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔

    مودی کا 13 مئی کا خطاب جھوٹ اور پروپیگنڈے کا زہریلا جال تھا۔ انہوں نے پہلگام حملے کو پاکستان سے جوڑا لیکن کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہ کیا۔ بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے پارلیمنٹ میں ثبوت مانگے (14مئی Indian National Congress Press Release, 2025 ) لیکن مودی نے محض دھونس اور دھمکیوں سے کام لیا۔ ان کا دعویٰ کہ "آدھا پاکستان تباہ کر دیا” بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کی شرمناک مثال ہے، جسے بھارتی صحافی سدھارتھ روی نے مسترد کیا (The Wire 13 مئی 2025)۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز اور عالمی تجزیہ کاروں نے مودی کے جھوٹ کو بے نقاب کیا لیکن خطرہ یہ ہے کہ یہ جھوٹ بھارت میں پاکستان کے خلاف نفرت کو ہوا دے رہا ہے جو ایک بڑے ان دیکھے خطرے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

    پہلگام واقعہ بھارت کی فالس فلیگ حکمت عملی کا تسلسل ہے۔ پلوامہ، اڑی اور اب پہلگام ہر بار بھارت نے پاکستان پر الزامات لگائے لیکن ثبوت کبھی پیش نہ کیے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل رپورٹ (12 مئی 2025) کے مطابق پہلگام میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں تھا۔ پاکستان نے غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، لیکن بھارت نے اسے مسترد کر دیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ حقیقت کو چھپانا چاہتا ہے۔ مودی کی یہ اوچھی چال پاکستان کو بدنام کرنے اور بھارت کے اندرونی سیاسی بحرانوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ لیکن اصل خطرہ یہ ہے کہ بھارت اس طرح کے واقعات کو جواز بنا کر پاکستان کے خلاف بڑی عسکری کارروائی کی تیاری کر رہا ہے جو خطے کو تباہی کے دہانے پر لے جا سکتا ہے۔

    بی جے پی کا نظریہ چانکیہ کے فلسفے سے جڑا ہے، جو دھوکے، چالاکی اور طاقت کو سیاسی کامیابی کا زینہ سمجھتا ہے۔ چانکیہ کا مقولہ "دشمن کو تباہ کرنے کے لیے ہر حربہ جائز ہے” بی جے پی کی پاکستان پالیسی کا محور ہے۔ بابری مسجد کی شہادت، گجرات فسادات اور شہریت ترمیمی قانون (Human Rights Watch, 2020) کے ذریعے بی جے پی نے مسلمانوں اور پاکستان کے خلاف نفرت کو ہوا دی۔ مودی نے ہندو قوم پرستی کو پاکستان دشمنی سے جوڑ کر زہریلا بیانیہ بنایا۔ سوشل میڈیا پر "گوبھی کی کاشت” جیسے خفیہ کوڈز کے ذریعے تشدد کی کال دی جاتی ہے (Digital Hate Watch, 2025)۔ یہ بیانیہ بھارتی معاشرے کو تقسیم کر رہا ہے اور پاکستان کے خلاف بڑی سازش کا پیش خیمہ ہے۔

    سب سے بڑا خطرہ وہ ہے جو ابھی نظر نہیں آ رہا۔ بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر پاکستانیوں کے خلاف نفرت انگیز مواد میں اضافہ، سرحدوں پر بھارتی فوج کی غیر معمولی نقل و حرکت اور مودی کی خاموش سفارتی مہم پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ آر ایس ایس سے وابستہ رپورٹس (2025) میں پاکستان کو "دہشت گرد ریاست” قرار دینے کی منظم کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ سب اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ مودی ایک بڑی عسکری یا سفارتی چال کی تیاری کر رہے ہیں، جو خطے کے امن کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔ پاکستانی قوم کو اس ان دیکھے خطرے کے لیے تیار رہنا ہوگا کیونکہ مودی کا "منہ میں رام رام” ہمیشہ ایک زہریلی چھری کے ساتھ ہوتا ہے۔
    مودی اور بی جے پی کا پاکستان مخالف ایجنڈا واضح طور پر خطرے کی گھنٹی ہے۔ سیزفائر کی مسلسل خلاف ورزیاں، فالس فلیگ آپریشنز، اور چانکیہ کے نام پر رچی جانے والی سازشیں، یہ سب پاکستان کے لیے ایک سنگین چیلنج ہیں۔ یہ وقت ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہو کر اپنی مسلح افواج کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہو، اور بین الاقوامی برادری کو بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم سے آگاہ کرے۔ عالمی سطح پر بھارت کے ان مذموم ارادوں کو بے نقاب کرنا لازم ہے۔ دشمن کی ہر چال کو ناکام بنانے کے لیے ہمیں ہوشیار اور تیار رہنا ہوگا۔ یاد رکھیں یہ محض ایک انتباہ نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے کہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔

  • کشمور: قبائلی دشمنی، نوجوان کو بچوں کے سامنے گولیاں مار کر بےدردی سے قتل کر دیا گیا

    کشمور: قبائلی دشمنی، نوجوان کو بچوں کے سامنے گولیاں مار کر بےدردی سے قتل کر دیا گیا

    کشمور ( باغی ٹی وی رپورٹ) کشمور کے نواحی علاقے بڈانی کے قریب مزاری پل پر قبائلی دشمنی کے ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں بھٹو برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوان کو بچوں کے سامنے بےدردی سے قتل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بڈانی کشمور لنک روڈ پر بنگوار اور بھٹو برادری کے درمیان جاری خونی تنازعے کے نتیجے میں بنگوار برادری کے موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کر کے نوجوان اللہ جیوایو ولد امان اللہ بھٹو کو اس وقت گولیاں مار کر ہلاک کر دیا جب وہ کشمور سے اپنے بچوں کے ہمراہ بڈانی واپس جا رہا تھا۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ مقتول کے ورثاء نے لاش کو اٹھا کر قریبی تھانے پہنچایا، جہاں ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں برادریوں کے درمیان پرانا زمینی تنازعہ چلا آ رہا ہے، جو اب سنگین نوعیت اختیار کر چکا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس دل خراش واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔