Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: مہنگا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 3 مقدمات درج، 2 دکانیں سیل

    سیالکوٹ: مہنگا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 3 مقدمات درج، 2 دکانیں سیل

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) مہنگا گوشت اور اشیائے خورونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، مقدمات درج

    ضلعی انتظامیہ نے مہنگے داموں چکن، مٹن، بیف اور دیگر اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 3 دکانداروں پر مقدمات درج، 2 دکانیں سیل کر دیں جبکہ متعدد کو بھاری جرمانے کیے گئے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری اور اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر نے لہائی بازار، پرانی گندم منڈی اور اگوکی میں 43 دکانوں کی انسپکشن کی۔ کارروائی کے دوران 5 پولٹری شاپس، 5 مٹن و بیف شاپس، 2 دودھ فروشوں اور 2 سبزی فروشوں پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 76 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری نے کہا کہ گراں فروشی کی روک تھام کے لیے منظم کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ نے خصوصی حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر پرائس مجسٹریٹس کو سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ صارفین کو مقررہ نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی بھی دکاندار کی جانب سے ناجائز منافع خوری کی جائے تو فوری اطلاع دیں، سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • سیالکوٹ پولیس کی ماہ فروری میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں

    سیالکوٹ پولیس کی ماہ فروری میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) پولیس نے ماہ فروری 2025 کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری ملزمان، ناجائز اسلحہ، منشیات فروشوں، گداگروں اور ڈکیت گینگز کے خلاف بڑے پیمانے پر گرفتاریوں اور برآمدگیوں کو یقینی بنایا۔ ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیالکوٹ پولیس دن رات متحرک ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریوں کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔

    اشتہاری ملزمان کی گرفتاری
    جرائم کی بیخ کنی کے لیے کی جانے والی کارروائیوں میں قتل، ڈکیتی، رابری، اور اغوا برائے تاوان جیسے سنگین مقدمات میں ملوث کیٹگری A کے 439 اور کیٹگری B کے 551 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 230 ریکارڈ یافتہ ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔

    ناجائز اسلحہ کی برآمدگی

    ضلع بھر میں 206 مقدمات درج کر کے مختلف کارروائیوں میں 1 کلاشنکوف، 27 رائفلز، 186 پسٹلز، اور 797 زندہ کارتوس برآمد کیے گئے، جو کہ امن و امان کے قیام میں اہم پیش رفت ہے۔

    منشیات کے خلاف کارروائی

    منشیات فروشوں کے خلاف سخت اقدامات کے نتیجے میں 210 مقدمات درج ہوئے اور ملزمان کے قبضے سے 146 کلو 700 گرام چرس، 11 کلو 640 گرام ہیروئن، 1249 گرام آئس، 1337 لیٹر شراب اور ایک چالو بھٹی برآمد کی گئی۔

    پتنگ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن
    پولیس نے 96 ملزمان کو گرفتار کر کے 1260 پتنگیں اور 349 کیمیکل ڈوریں برآمد کیں، جبکہ ملزمان کو جوڈیشل حوالات بھجوا دیا گیا۔

    ڈکیت گینگز کی گرفتاری اور مسروقہ سامان کی برآمدگی
    سیالکوٹ پولیس نے 19 ڈکیت گینگز کے 58 ارکان گرفتار کر کے 203 مقدمات ٹریس کیے اور 13 کروڑ سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا، جس میں نقدی، ایک کیری ڈبہ، 48 موٹر سائیکلیں، 21 موبائل فون، طلائی زیورات، مویشی اور دیگر قیمتی اشیاء شامل ہیں۔

    گمشدہ بچوں کی بازیابی
    پولیس نے 10 گمشدہ یا لاوارث بچوں کو بازیاب کر کے ان کے والدین کے حوالے کیا، جو پولیس کی عوام دوست پالیسی کا ثبوت ہے۔

    گداگری کے خلاف کارروائی
    گداگری میں ملوث 84 ملزمان گرفتار کیے گئے، جن میں 58 مرد اور 26 خواتین شامل ہیں۔

    E-Gadget ایپ کے ذریعے موبائل فونز کی برآمدگی
    پولیس نے E-Gadget موبائل ایپلیکیشن کی مدد سے 104 چوری و گمشدہ قیمتی سمارٹ فونز برآمد کر کے اصل مالکان کو واپس کیے۔

    کھلی کچہریوں کا انعقاد اور عوامی خدمت
    ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کہا کہ پولیس اوپن ڈور پالیسی کے تحت روزانہ شہریوں کے مسائل سنتی ہے اور کسی کو سفارش کی ضرورت نہیں۔ عوام کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لیے ضلع بھر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ پولیس شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اپنی جان کی پروا کیے بغیر اپنے فرائض انجام دیتی رہے گی۔

  • پنڈی بھٹیاں: ضلعی صدر پیپلز پارٹی ملک وزیر احمد اعوان کی رہنماؤں سے ملاقات اور تعزیت

    پنڈی بھٹیاں: ضلعی صدر پیپلز پارٹی ملک وزیر احمد اعوان کی رہنماؤں سے ملاقات اور تعزیت

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) پاکستان پیپلز پارٹی حافظ آباد کے ضلعی صدر ملک وزیر احمد اعوان نے پنڈی بھٹیاں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحصیل صدر چوہدری امداد مبارک لودھرا، سٹی صدر جابر ندیم چوہان، سینئر نائب صدر شیخ آصف رضا قادری اور رائے عمران علی نے ملک وزیر احمد اعوان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں پارٹی کو مزید فعال بنانے اور تنظیمی استحکام پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ ان کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی اور وہ متحد ہو کر پارٹی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

    بعد ازاں ملک وزیر احمد اعوان نے ضلعی جنرل سیکرٹری شیخ معراج الدین کی اہلیہ کے انتقال پر ان کے بیٹے ذیشان معراج اور بھائی شیخ عمران سے اظہارِ تعزیت کیا اور مرحومہ کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر کارکن بندو خان کی وفات پر بھی ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی گئی اور دعا مغفرت کی گئی۔

  • حافظ آباد: موٹروے پر تیز رفتاری کرنے والا ڈرائیور گرفتار، مقدمہ درج

    حافظ آباد: موٹروے پر تیز رفتاری کرنے والا ڈرائیور گرفتار، مقدمہ درج

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) موٹروے پولیس نے تیز رفتاری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ڈرائیور کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ملزم حسن اقبال ولد بہادر خان موٹروے M2 پر سیال موڑ کے قریب 163 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا گیا۔

    ملزم کے خلاف تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق تیز رفتاری نہ صرف ڈرائیور کی جان بلکہ دیگر مسافروں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

    ڈی پی او حافظ آباد کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں تیز رفتاری کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے، تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتی جانوں کا ضیاع ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • پنجاب میں فلیجل، ٹراماڈول اور میٹرنیڈازول پر پابندی لگا دی گئی

    پنجاب میں فلیجل، ٹراماڈول اور میٹرنیڈازول پر پابندی لگا دی گئی

    لاہور(باغی ٹی وی )پنجاب میں 8 غیرمحفوظ ادویات پر پابندی، میڈیکل اسٹورز اور فارمیسز کو فروخت سے روک دیا گیا، ڈرگ انسپکٹرز کو اسٹاک ضبط کرنے کی ہدایت
    تفصلات کے مطابق پنجاب میں 8ادویات غیر معیاری قرار دیدی گئیں، انجکشن ایمی پن ، انجکشن اکوا پی کا بیچ غیر معیاری قرار۔فلیجل انفیوژن، میٹروین انفیوژن کا بیچ بھی غیر معیاری پایا گیا، یورو فلو کینولا، روڈازول انجکشن کے 1،1 بیچ کو بھی غیر معیاری قرار دیدیا۔سیف میڈ انجکشن اور پلموویل سیرپ کا ایک ایک بیچ بھی غیر معیاری قرار

    پنجاب ڈرگ کنٹرول اتھارٹی کے مطابق یہ ادویات صحت کے لیے نقصان دہ ہیں اور ان کے استعمال سے سنگین پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ ان ادویات کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کو ان کی فروخت سے روک دیا گیا ہے۔

    چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب نے تمام ڈرگ انسپکٹرز کو ان ادویات کا اسٹاک فوری طور پر قبضے میں لینے کی ہدایت کی ہے۔ حکومت کا یہ اقدام شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے، کیونکہ ان ادویات کے استعمال سے صحت کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

    شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ ان ادویات کا استعمال فوری طور پر بند کر دیں اور اگر ان کے پاس یہ ادویات موجود ہیں تو انہیں فوری طور پر قریبی ڈرگ انسپکٹر کو جمع کروا دیں۔

    یہ اقدام پنجاب حکومت کی جانب سے شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ حکومت کا عزم ہے کہ وہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ ادویات کی فراہمی یقینی بنائے۔

  • اوچ شریف:موٹر وے ایم 5 پر اوور سپیڈ گاڑی چلانے پر ڈرائیور گرفتار

    اوچ شریف:موٹر وے ایم 5 پر اوور سپیڈ گاڑی چلانے پر ڈرائیور گرفتار

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان)موٹر وے ایم 5 پر تیز رفتاری کا جنون ایک ڈرائیور کو مہنگا پڑ گیا۔ موٹروے پولیس نے بیٹ نمبر 25 پر کارروائی کرتے ہوئے بدرالدین نامی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جو 161 کلومیٹر فی گھنٹہ کی خطرناک رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔

    موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق بدرالدین کی تیز رفتاری نہ صرف قانون کی خلاف ورزی تھی بلکہ دیگر مسافروں کی زندگیوں کے لیے بھی خطرہ تھی۔ موٹروے پر لائٹ وہیکلز کی رفتار کی حد 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور اس سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔

    بدرالدین کی گاڑی کو تحویل میں لے کر تھانے میں بند کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس نے واضح کیا ہے کہ 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار پر گاڑی چلانے والوں کو بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    موٹروے پولیس کا یہ اقدام تیز رفتاری کے خلاف ایک واضح پیغام ہے جس کا مقصد سڑکوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے۔

  • کراچی میں خون کی ہولی، ڈاکو راج برقرار، 5 دنوں میں 5 جانیں ضائع

    کراچی میں خون کی ہولی، ڈاکو راج برقرار، 5 دنوں میں 5 جانیں ضائع

    کراچی،باغی ٹی وی(نمائندہ خصوصی) کراچی میں ڈاکو راج کی خوفناک داستان جاری ہے۔ بے رحم لٹیروں نے مزاحمت پر مزید دو زندگیاں چھین لیں۔ مارچ کے صرف 5 دنوں میں 5 شہری ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے جبکہ رواں سال 20 گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔

    ماہ رمضان کے دوران پی ای سی ایچ ایس میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر 45 سالہ سیکیورٹی گارڈ ساجد جیکب کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ جیکب اپنے پیچھے بوڑھی ماں، بیوہ اور 12 سالہ بیٹی کو سوگوار چھوڑ گئے۔

    دوسری جانب سہراب گوٹھ پنجاب بس اڈے پر ڈاکوؤں نے نوجوان ہاشر کو نئی موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش میں ابدی نیند سلا دیا۔ ہاشر کی شادی صرف 4 ماہ قبل ہوئی تھی۔

    اورنگی ٹاؤن میں بھی ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ایک خاتون کو زخمی کر دیاجبکہ مرد کو پسٹل کا بٹ مار کر لہولہان کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان افطاری کے وقت گھر میں گھسنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    یہ واقعات کراچی میں بڑھتے ہوئے جرائم کی سنگین صورتحال کو ظاہر کرتے ہیں۔ لٹیرے ہر گلی کوچے میں دندناتے پھر رہے ہیں اور پولیس ان پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔ شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

  • سیالکوٹ: پٹرولنگ پولیس کی بڑی کارروائی، کار چھیننے والے تین ڈاکو گرفتار

    سیالکوٹ: پٹرولنگ پولیس کی بڑی کارروائی، کار چھیننے والے تین ڈاکو گرفتار

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض سے) سیالکوٹ کے علاقے گلوٹیاں موڑ پر پٹرولنگ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی واردات میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی کار اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق، پٹرولنگ پولیس پوسٹ گلوٹیاں موڑ کو ہیلپ لائن 15 سے اطلاع ملی کہ تین مسلح ملزمان نے تھانہ سبز پیر کے علاقے ڈھینگے سٹاپ سے ایک شخص وجاہت سے نقدی، موبائل فون اور کرولا الٹس گرانڈی کار چھین لی ہے۔ اطلاع ملتے ہی انچارج پٹرولنگ پوسٹ گلوٹیاں موڑ سب انسپکٹر یاسر محبوب اور ان کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔

    گرفتار ملزمان کے قبضے سے ڈکیتی شدہ رقم، موبائل فون اور 50 لاکھ روپے مالیت کی کرولا الٹس گرانڈی کار برآمد کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور ان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

    ریجنل آفیسر ایس پی فاروق احمد بھٹہ نے پٹرولنگ ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ٹیم گلوٹیاں موڑ کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات کی سفارش کی ہے۔

  • سیالکوٹ ائیرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائیاں، دو مسافر گرفتار

    سیالکوٹ ائیرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائیاں، دو مسافر گرفتار

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض سے) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے سیالکوٹ ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی اور ٹیمپرڈ دستاویزات پر سفر کرنے والے دو مسافروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار مسافروں کی شناخت مزمل حسین اور محمد طیب شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، مزمل حسین نامی مسافر فلائٹ نمبر G9-552 کے ذریعے عراق سے پاکستان پہنچا، جس کے پاسپورٹ کی جانچ پڑتال کرنے پر معلوم ہوا کہ پاسپورٹ ٹیمپرڈ شدہ ہے اور اس سے متعدد صفحات غائب ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مزمل حسین سال 2020 سے عراق میں ملازمت کے سلسلے میں مقیم تھا۔

    دوسری جانب، محمد طیب شہزاد نامی مسافر فلائٹ نمبر QR630 کے ذریعے جنوبی افریقہ سے پاکستان پہنچا، جس کے پاسپورٹ پر لگا جنوبی افریقی ویزہ مشکوک پایا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر نے علی چیمہ نامی ایجنٹ سے 50 ہزار رینڈ کے عوض مذکورہ ویزہ حاصل کیا۔

    ایف آئی اے حکام نے دونوں مسافروں کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل گجرات منتقل کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • ڈیرہ غازی خان: ڈیڑھ ارب سے زائد کی ادویات کا چوری اسکینڈل، محکمہ صحت کے ذمہ دار ہی لٹیرے نکلے

    ڈیرہ غازی خان: ڈیڑھ ارب سے زائد کی ادویات کا چوری اسکینڈل، محکمہ صحت کے ذمہ دار ہی لٹیرے نکلے

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ) ڈیرہ غازی خان میں سرکاری ادویات چوری اور غیر ملکی ادویات اسمگلنگ سکینڈل میں اب تک 4 ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں۔ جن میں اکرام اللہ، پرویز اختر، بشیر احمد اور امیر تیمور شامل ہیں۔ پہلا ملزم نجی شخص ہے جبکہ باقی تینوں سرکاری اہلکار ہیں جن کا تعلق محکمہ صحت سے ہے۔

    اب تک دو ایف آئی آر درج ہو چکی ہیں اور پولیس، محکمہ صحت اور اینٹی کرپشن نے تین مختلف مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اب تک ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی ادویات برآمد ہوئی ہیں۔ دو ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں جبکہ دو ملزمان پولیس اور اینٹی کرپشن کی تحویل میں ہیں۔

    یہ سکینڈل اس وقت سامنے آیا تھا جب 29 جنوری کو چیف ڈرگ کنٹرولر فیصل محمود نے دیگر سرکاری اہلکاروں کے ساتھ لاری اڈا سے دو مشکوک افراد کو ادویات کے ساتھ پکڑا تھا۔ جن سے تفتیش جاری رہی۔ مقدمہ کی پہلے تحقیقات تھانہ گدائی کر رہا تھا بعد میں اس کیس کو اینٹی کرپشن کے حوالے سپرد کیا گیا۔

    اینٹی کرپشن نے محکمہ صحت کے ہمراہ مل کر گزشتہ روز سرور والی آر ایچ سی میں سٹور کی گئی کروڑوں روپے مالیت کی ادویات برآمد کی ہیں۔ اینٹی کرپشن اور محکمہ صحت کی کارروائی میں ایک ارب 70 کروڑ روپے مالیت کی چوری شدہ سرکاری ادویات برآمد کی گئی ہیں۔ کارروائی کے دوران تین سرکاری ملازمین سمیت متعدد ملزمان گرفتار کر لیے گئے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے مطابق ڈرگ کنٹرول ٹیم نے ڈیرہ غازی خان کے سرور والی رورل ہیلتھ سینٹر پر چھاپہ مارا، جہاں سے بڑی تعداد میں سرکاری ادویات برآمد ہوئیں، جو مبینہ طور پر چوری کرکے غیر قانونی طور پر فروخت کے لیے ذخیرہ کی گئی تھیں۔ محکمہ صحت کے مطابق ان ادویات کو سرکاری ہسپتالوں کے لیے مختص کیا گیا تھا، مگر بدعنوان عناصر نے انہیں خرد برد کر لیا۔

    محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران تین اسٹور کیپرز کو حراست میں لے لیا گیا جو اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث تھے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان بشارت نبی کی ہدایت پر اینٹی کرپشن ٹیم نے بھی اس اسکینڈل میں ملوث عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کی۔ پبلک ریلیشن آفیسر اینٹی کرپشن شمشیر خان گورمانی کے مطابق یکم مارچ 2025 کو درج مقدمہ نمبر 207/25 کے تحت اینٹی کرپشن نے ڈیرہ غازی خان میں تین مختلف مقامات پر چھاپے مارے، جہاں سے لاکھوں روپے مالیت کی گمشدہ سرکاری ادویات برآمد ہوئیں۔

    اینٹی کرپشن کی اس کارروائی کے دوران ڈرگ انسپکٹر اور سی ای او ہیلتھ بھی ٹیم کے ساتھ موجود تھے۔ برآمد شدہ ادویات کو قانون کے مطابق قبضے میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا اور متعلقہ مقامات کو سرکاری افسران کی موجودگی میں سیل کر دیا گیا۔

    اینٹی کرپشن حکام کے مطابق اس کیس کی ابتدائی تفتیش تھانہ گدائی ضلع ڈیرہ غازی خان میں درج کی گئی تھی، جسے بعد میں اینٹی کرپشن کو منتقل کر دیا گیا۔ اب تک اینٹی کرپشن کی ٹیم چار ملزمان کو گرفتار کر چکی ہے، جن میں دو سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔

    پنجاب کے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اس سنگین معاملے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری ادویات پر صرف غریب عوام کا حق ہے اور کسی کو ان کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی سطح پر بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    محکمہ صحت اور اینٹی کرپشن حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور عوام کو ان کے حق کی ادویات کی بروقت اور شفاف فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔