Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: انسانی سمگلنگ ایک گھناؤنا جرم، روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات ناگزیر . راجہ سکندر خان

    سیالکوٹ: انسانی سمگلنگ ایک گھناؤنا جرم، روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات ناگزیر . راجہ سکندر خان

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل کے چیئرمین راجہ سکندر خان نے انسانی سمگلنگ کو ایک اندوہناک اور گھناؤنا جرم قرار دیتے ہوئے اس کی روک تھام کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کے باعث نہ صرف قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں بلکہ ہر سال لاتعداد گھرانے بھی اجڑ جاتے ہیں۔

    لندن میں منعقدہ "سٹاپ دی ہیومن ٹریفکنگ اینڈ ماڈرن ڈے سلیوری” سیمینار میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے راجہ سکندر خان نے انسانی سمگلروں کو ایک ظالم مافیا قرار دیا جو غریب عوام کو جھوٹے اور سنہرے خواب دکھا کر ان سے پیسے اینٹھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اربوں ڈالر کی تجارت کو روکنے کے لیے بین الاقوامی مجرموں کے خلاف متحد ہو کر طاقت، ہمت اور دانش پیدا کرنا ہوگی۔

    راجہ سکندر خان نے انسانی سمگلنگ میں ملوث خواتین، مردوں اور بچوں سے جنسی تجارت، جبری مشقت اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کی مذمت کرتے ہوئے سٹاپ دی ہیومن ٹریفکنگ ٹیم کے منتظمین ڈاکٹر شیخ رمزی، ڈاکٹر صف بخشی اور کیپٹن علی جاوید کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کمیونٹی سے منتظمین کی بھرپور مالی اور اخلاقی مدد کرنے کی اپیل بھی کی۔

    سیمینار میں ڈاکٹر شیخ رمزی، کیپٹن علی جاوید، سابق ایم پی کیتھ بیسٹ، مارٹن ویٹ مین، نکولا گیرنگٹن، ڈاکٹر فوٹینی گوڈیلا، ایس روزن، ہرمیت شاہ سنگھ، ریو ڈاکٹر سر سمانا سری اور ٹریسی کولمین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام پر زور دیا۔

  • حافظ آباد: ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس، میاں ذیشان عباس بھٹی کو تعریفی سند

    حافظ آباد: ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس، میاں ذیشان عباس بھٹی کو تعریفی سند

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس میں ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن کمیٹی کے عہدیداران، ممبران اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں مذہبی ہم آہنگی اور انتظامیہ سے تعاون پر میاں ذیشان عباس بھٹی کو تعریفی سند سے نوازا گیا۔ ڈی سی عبدالرزاق نے اس موقع پر کہا کہ ضلع حافظ آباد کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے مذہبی رواداری کو فروغ دیا جائے گا۔

    کمیٹی ممبران سے صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے میں تعاون کی اپیل کی گئی، جبکہ علما کرام سے بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے پیغام کو عام کرنے کی درخواست کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

  • ریگی ماڈل ٹاؤن تنازعہ، کمشنر پشاور کی کوکی خیل قبیلے سے بات چیت، مشترکہ اجلاس طلب

    ریگی ماڈل ٹاؤن تنازعہ، کمشنر پشاور کی کوکی خیل قبیلے سے بات چیت، مشترکہ اجلاس طلب

    پشاور(باغی ٹی وی) ریگی ماڈل ٹاؤن کے 32 سالہ پرانے تنازعے کے حل کے لیے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے متنازعہ زونز میں کوکی خیل قبیلے سے بات چیت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) محمد نعیم، ضلعی انتظامیہ پشاور اور خیبر کے افسران بھی موجود تھے۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایات پر کمشنر پشاور نے ریگی ماڈل ٹاؤن کے دور افتادہ زون 1، زون 2 اور زون 5 کا دورہ کیا اور فریقین کا موقف سنا۔ ریاض محسود نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گفت و شنید کے ذریعے اس تنازعے کا مستقل حل نکالا جائے گا۔ اس سلسلے میں آئندہ ہفتے مشترکہ اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

  • چنیوٹ: ڈسٹرکٹ پریس کلب کا تعارفی اجلاس، مثبت صحافت کے فروغ پر زور

    چنیوٹ: ڈسٹرکٹ پریس کلب کا تعارفی اجلاس، مثبت صحافت کے فروغ پر زور

    چنیوٹ (نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پریس کلب رجسٹرڈ چنیوٹ کی کابینہ اور اعزازی ممبران کے درمیان ایک شاندار تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مثبت اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ پر زور دیا گیا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا، جس کے بعد صحافتی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    اجلاس میں صدر پریس کلب چوہدری شاہد محمود، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل حسین، چیئرمین پروفیشنل میڈیا گروپ چوہدری اللہ رکھا سمیت صحافی برادری کے دیگر معزز اراکین نے شرکت کی۔

    صدر پریس کلب چوہدری شاہد محمود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ پریس کلب ایک رجسٹرڈ اور باوقار ادارہ ہے جہاں صحافت کو ایک مقدس امانت سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مثبت اور تعمیری صحافت کی ترویج ہی ہمارا اولین مقصد ہے، اور صحافیوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی تحریروں اور خبروں کے ذریعے عوامی مسائل کو اجاگر کریں، سچائی کو سامنے لائیں اور کسی بھی دباؤ یا ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر حقائق پر مبنی رپورٹنگ کریں۔

    جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل حسین نے کہا کہ پریس کلب میں ممبرشپ صرف ان صحافیوں کو دی جاتی ہے جو تعلیم یافتہ ہوں اور میرٹ پر پورا اترتے ہوں تاکہ غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے کا مقصد معیاری صحافت کو فروغ دینا اور صحافیوں کو ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ آزادی اور دیانت داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔

    چیئرمین پروفیشنل میڈیا گروپ چوہدری اللہ رکھا نے زرد صحافت کے مضر اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا زہر ہے جو معاشرے میں بگاڑ پیدا کرتا ہے اور عوام میں غلط فہمیاں پھیلانے کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈسٹرکٹ پریس کلب چنیوٹ ہر قسم کی منفی اور بے بنیاد خبروں کے خلاف ڈٹ کر کھڑا رہے گا اور ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دے گا۔

    اجلاس میں شامل تمام ممبران نے ادارے سے وفاداری، سچائی اور دیانت داری کے ساتھ صحافت کا حق ادا کرنے کا عہد کیا۔ اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صحافت کو عوامی خدمت کا ذریعہ بنایا جائے گا اور کسی بھی قسم کے مفاداتی ایجنڈے کو مسترد کیا جائے گا۔

    یہ اجلاس صحافتی اصولوں کی پاسداری اور مثبت صحافت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوا۔

  • گورنر پنجاب سیکرٹریٹ میں بانی اپووا ایم ایم علی کی سالگرہ کی پروقار تقریب، اہم شخصیات کی شرکت

    گورنر پنجاب سیکرٹریٹ میں بانی اپووا ایم ایم علی کی سالگرہ کی پروقار تقریب، اہم شخصیات کی شرکت

    لاہور،سیالکوٹ(باغی ٹی وی+بیوروچیف) گورنر پنجاب سیکرٹریٹ میں معروف کالم نگار، شاعر اور بانی اپووا (آل پاکستان اُردو رائٹرز ایسوسی ایشن) ایم ایم علی کی سالگرہ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر سیکرٹریٹ کے افسران، مختلف شعبوں کی نمایاں شخصیات اور صحافتی و ادبی حلقوں کے افراد نے شرکت کی۔

    سالگرہ کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد کی گئی، جہاں ایم ایم علی کی ادبی اور دفتری خدمات کو سراہا گیا۔ سیکشن آفیسر جمشید خان نے ان کی صحافتی و ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایم علی اپنی تحریروں کے ذریعے سماجی اور ادبی شعور اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایم ایم علی کی درازی عمر اور مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    تقریب میں گورنر سیکرٹریٹ کے دیگر اعلیٰ افسران اور عملے کے ارکان نے شرکت کی، جن میں بابر علی، محمد حمزہ، احسان ملک، محمد فہد نفیس، فہیم فاضل، معظم رشید، محمد اویس اور دیگر شامل تھے۔ شرکاء نے ایم ایم علی کی ادبی و دفتری خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور ان کی شخصیت کو فرض شناس، محنتی اور ملنسار قرار دیا۔

    تقریب میں ایم ایم علی کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، جس کے بعد پرتکلف ہائی ٹی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے ایم ایم علی کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارے اور ان کی تحریری و تنظیمی خدمات پر تبادلہ خیال کیا۔

    علاوہ ازیں، ایم ایم علی کی سالگرہ کے موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سمیت مختلف سیاسی، سماجی اور ادبی شخصیات نے انہیں مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملک بھر کے ادبی و صحافتی حلقوں کی جانب سے بھی ایم ایم علی کو سالگرہ کی مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے۔

    تقریب کے اختتام پر ایم ایم علی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنے قلمی سفر کو جاری رکھتے ہوئے ادب و صحافت کی ترقی کے لیے مزید محنت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ادبی و صحافتی برادری کا یہ خلوص اور محبت ان کے لیے باعثِ افتخار ہے۔

    یہ تقریب ایک یادگار موقع ثابت ہوئی، جس میں ایم ایم علی کی شخصیت اور خدمات کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

  • اوکاڑہ: ریجنل یونین آف جرنلسٹس کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری، اہم شخصیات کی شرکت

    اوکاڑہ: ریجنل یونین آف جرنلسٹس کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری، اہم شخصیات کی شرکت

    اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر) ریجنل یونین آف جرنلسٹس ضلع اوکاڑہ اور ڈی یو جے کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری بلدیہ ہال اوکاڑہ میں منعقد ہوئی، جس میں آر یو جے پاکستان کے قائدین سمیت مختلف شعبوں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

    تقریب میں ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر سید طاہر احمد شاہ، سیکرٹری اطلاعات سید شہزاد نقوی، صوبائی صدر ویسٹ پنجاب رانا خالد محمود، جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب رضوان الحسن قریشی اور پیپلز پارٹی کے رہنما سید علی حسنین نقوی نے حلف لیا۔

    اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس چوہدری جبار گجر، مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری فیاض ظفر، پرنسپل کیڈٹ کالج عامر روف، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر چوہدری شفیق، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سید سلمان شاہ، ڈی ایس پی لیگل تصدق کچھی، صدر غلہ منڈی چوہدری حبیب الحق، ضلعی صدر پی ایم ایل (ق) علی عمران چوہدری، ممبر ڈسٹرکٹ امن کمیٹی قاری سعید عثمانی، عوامی پریس کلب کے بانی آصف کھوکھر اور سینئر صحافی ملک ظفر اقبال و عمر فاروق سمیت ضلع اوکاڑہ کے 21 پریس کلبز کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

    تقریب میں صحافیوں کے کردار، میڈیا کی آزادی اور درپیش چیلنجز پر بھی گفتگو کی گئی۔

  • لنڈی کوتل:آشخیل میں3 سال بعد بھی گرلز پرائمری سکول کی تعمیر مکمل نہ ہو سکی

    لنڈی کوتل:آشخیل میں3 سال بعد بھی گرلز پرائمری سکول کی تعمیر مکمل نہ ہو سکی

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی) تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے آشخیل میں جنوری 2022 میں سالانہ ترقیاتی فنڈ (ADP) سے منظور شدہ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی تعمیر تاحال مکمل نہ ہو سکی۔ اس منصوبے پر تقریباً 2 کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت آئی تھی، تاہم تین سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود سکول کی عمارت نامکمل ہے، جس سے علاقے کی بچیوں کی تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔

    سکول کا افتتاح جنوری 2022 میں ایک پروقار تقریب میں کیا گیا تھا، جسے اہلیانِ آشخیل کے لیے ایک تاریخی دن قرار دیا گیا تھا۔ یہ تعلیمی ادارہ علاقے کی بچیوں کو گھر کی دہلیز پر معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا، لیکن تین سال گزرنے کے باوجود تعمیراتی کام مکمل نہ ہو سکا، جس سے مقامی افراد میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔

    آشخیل یوتھ فورم نے حکام بالا بشمول ایم این اے، ایم پی اے، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سکول کی تعمیر جلد از جلد مکمل ہو سکے اور علاقے کی بچیوں کو تعلیمی مواقع میسر آ سکیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس تاخیر کے باعث سینکڑوں طالبات تعلیم سے محروم ہو رہی ہیں، لہٰذا متعلقہ ادارے فوری اقدامات اٹھائیں۔

  • سیالکوٹ: رمضان میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر سخت نگرانی کا اعلان

    سیالکوٹ: رمضان میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر سخت نگرانی کا اعلان

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق ماہ صیام میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر صارفین کو فراہمی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے پرائس مجسٹریٹس کو مؤثر انداز میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ اس ضمن میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد بھی لی جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پرائس کمیٹی برائے اشیائے خوردونوش کے ممبران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    اجلاس میں وائس چیئرمین ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی خالد بٹ، سیکرٹری/ ڈی او انڈسٹریز تنویر احمد، ممبران ملک تاج، اشفاق نذر گھمن، عقیل کپور، حافظ نصیر، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی، لائیو اسٹاک اور فوڈ کنٹرولر کے مقامی حکام نے شرکت کی۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران تاجر برادری اپنے منافع کی شرح کو کم سے کم رکھیں اور گراں فروشی سے گریز کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پرائس لسٹ کو دکانوں پر نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے تاکہ صارفین آسانی سے قیمتوں سے آگاہ ہو سکیں۔ مزید برآں، پرائس مجسٹریٹس مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش کی طلب و رسد پر نظر رکھیں گے اور ذخیرہ اندوزوں و مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • سیالکوٹ: اشیائے خوردونوش کی نئی سرکاری قیمتیں جاری

    سیالکوٹ: اشیائے خوردونوش کی نئی سرکاری قیمتیں جاری

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر جنرل پرائسز سیالکوٹ، محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے اشیائے خوردونوش کی نئی سرکاری قیمتوں کی فہرست جاری کر دی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، ضلع سیالکوٹ کی حدود میں مختلف اشیاء کی قیمتیں مقرر کر دی گئی ہیں تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق 20 کلوگرام وزنی تھیلا 1720 روپے جبکہ 10 کلوگرام وزنی تھیلا 855 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔ چاول سپر باسمتی نیا 245 روپے فی کلو گرام، دال چنا موٹی 275 روپے فی کلو گرام، دال چنا باریک 260 روپے فی کلو گرام، دال مسور موٹی 275 روپے فی کلو گرام، دال ماش دھلی ہوئی 420 روپے فی کلو گرام، دال ماش بغیر دھلی ہوئی 385 روپے فی کلو گرام، کالے چنے موٹے 265 روپے فی کلو گرام، سفید چنے (5-6 ایم ایم سائز) 250 روپے فی کلو گرام جبکہ بیسن 300 روپے فی کلو گرام میں دستیاب ہوگا۔

    فی تندوری روٹی (100 گرام وزنی) 14 روپے، مٹن 1800 روپے فی کلو گرام اور بیف 900 روپے فی کلو گرام میں فروخت کیا جائے گا۔ کھلا دودھ 170 روپے فی لیٹر جبکہ دہی 180 روپے فی کلو گرام میں فروخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بناسپتی گھی (پیکٹ/کھلا) اور چینی کی قیمتیں سرکاری پالیسی کے مطابق مقرر کی جائیں گی۔ برائلر، انڈے، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ مارکیٹ کمیٹی کے نرخ نامہ کے مطابق ہوں گی۔

    ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے تمام دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری نرخوں پر عمل کریں۔ کسی بھی قسم کی گراں فروشی یا زائد قیمت وصول کرنے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مقررہ قیمتوں پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ حکام کو شکایات درج کرائیں۔

  • قصور: باغی ٹی وی کی خبر پر ایکشن، کھلے نالے پر حفاظتی جنگلا لگا دیا گیا

    قصور: باغی ٹی وی کی خبر پر ایکشن، کھلے نالے پر حفاظتی جنگلا لگا دیا گیا

    قصور،باغی ٹی وی (ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نویدسندھو کی رپورٹ) باغی ٹی وی کی خبر پر ایکشن، کھلے نالے پر حفاظتی جنگلا لگا دیا گیا

    تفصیل کے مطابق باغی ٹی وی کی عوامی مفاد میں شائع کردہ خبر پر قصور کی ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی، شہباز خاں روڈ پر کھلے نالے پر حفاظتی جنگلا لگا دیا گیا۔ شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے مین ہولز اور دیگر کھلے نالوں کو بھی بند کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ باغی ٹی وی کو شہریوں اور سماجی حلقوں کی جانب سے اس عوامی مسئلے کو اجاگر کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

    چھ روز قبل باغی ٹی وی نے شہباز خاں روڈ پر ایک 15 سے 20 فٹ گہرے کھلے نالے کی خبر شائع کی تھی، جو ایک خطرناک صورتحال اختیار کر چکا تھا۔ مذکورہ نالہ قصور کے ایم پی اے اور ایم این اے کے ڈیرے سے محض 100 میٹر کے فاصلے پر واقع تھا، مگر انتظامیہ کی مسلسل غفلت کے باعث یہاں حادثات کا خطرہ بڑھتا جا رہا تھا۔ شہریوں نے اس مسئلے کو کئی بار اٹھایامگر کوئی کارروائی عمل میں نہ آ سکی تھی۔ باغی ٹی وی نے جب یہ خبر اجاگر کی تو عوامی دباؤ کے نتیجے میں بالآخر ضلعی انتظامیہ نے ایکشن لے لیا۔

    ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر کھلے نالے پر لوہے کا حفاظتی جنگلا نصب کر دیا تاکہ شہریوں کو کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچایا جا سکے۔ مزید برآں دیگر خطرناک مقامات کی نشاندہی کر کے وہاں بھی حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    یہ خبر بھی پڑھیں
    قصور :کھلے نالے، بے حس حکمران،موت کا رقص کب رکے گا؟

    یہ امر قابل ذکر ہے کہ قصور میں کھلے نالوں اور ناقص انفراسٹرکچر کی وجہ سے متعدد جان لیوا حادثات رونما ہو چکے ہیں۔ حالیہ دنوں میں رائے ونڈ روڈ پر ایک المناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں ایک وین بے قابو ہو کر نالے میں جا گری، جس کے نتیجے میں آٹھ قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں اور دو افراد شدید زخمی ہوئے۔ اس سے قبل بھی اسی مقام پر کئی حادثات پیش آ چکے ہیں، جن میں درجنوں لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ ان تمام حادثات کی بنیادی وجہ انتظامیہ کی لاپرواہی اور سڑکوں پر حفاظتی اقدامات کا نہ ہونا تھا۔

    باغی ٹی وی کی اس خبر کے بعد انتظامیہ کی فوری کارروائی پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور باغی ٹی وی کی صحافتی خدمات کو سراہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر میڈیا اسی طرح عوامی مسائل اجاگر کرتا رہے اور انتظامیہ فوری ردعمل دے تو کئی قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔

    اگرچہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی جنگلا لگایا جانا ایک مثبت قدم ہے، تاہم یہ مسئلے کا مستقل حل نہیں۔ قصور میں کھلے نالوں کو مکمل طور پر ڈھانپنے، سڑکوں کی مرمت اور ٹریفک قوانین کے مؤثر نفاذ کی اشد ضرورت ہے۔ جب تک یہ بنیادی مسائل حل نہیں کیے جاتے حادثات کا خطرہ برقرار رہے گا۔

    قصور کے عوام کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ شہر میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔ کھلے نالوں کو مکمل طور پر بند کیا جائے، سڑکوں پر حفاظتی رکاوٹیں لگائی جائیں اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ ہر روز موت کے سائے میں نہیں جینا چاہتے۔ حکومت کی اولین ذمہ داری عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

    باغی ٹی وی عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا اور قصور سمیت دیگر شہروں میں انتظامیہ کی کارکردگی پر نظر رکھے گا۔