Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ننکانہ:ڈی سی کا منڈی فیض آبادکادورہ ،پولیو ٹیموں کا جائزہ، 2 لاکھ 75 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے

    ننکانہ:ڈی سی کا منڈی فیض آبادکادورہ ،پولیو ٹیموں کا جائزہ، 2 لاکھ 75 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے

    ننکانہ صاحب (نامہ نگار: احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر راؤ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر ذیشان کے ہمراہ منڈی فیض آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انسداد پولیو مہم کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

    اس موقع پر بتایا گیا کہ پہلے تین دنوں میں 2 لاکھ 75 ہزار 977 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں جبکہ بقیہ دو روز میں کیچ اپ کے مطابق مزید 18 ہزار 472 بچوں کو پولیو ویکسین فراہم کی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے ٹیموں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کرتے ہوئے مختلف دیہاتوں میں گھر گھر جا کر بچوں کے نشانات اور گھروں کے نمبر چیک کیے۔ شہریوں نے اس موقع پر پولیو ٹیموں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر ذیشان نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ضلع بھر میں یہ بات یقینی بنائی جا رہی ہے کہ کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے مزید کہا کہ ضلع میں جاری انسداد پولیو مہم کے دوران 2 لاکھ 88 ہزار 800 بچوں کو پولیو ویکسین دی جانی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کو اس معذوری سے محفوظ بنائیں۔

  • گوجرانوالہ: گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، جرمانے اور اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی

    گوجرانوالہ: گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، جرمانے اور اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، جرمانے اور اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی
    وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر گوجرانوالہ کی ضلعی انتظامیہ نے ناجائز منافع خوروں اور گراں فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ گراں فروشی پر قابو پانے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے اور سبزی و پھل منڈیوں کے ساتھ ساتھ دیگر مارکیٹوں میں بھی قیمتوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے جس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچ رہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق حالیہ کارروائیوں کے دوران چکن کی قیمت میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے جو 519 روپے فی کلو سے کم ہو کر 504 روپے فی کلو تک آگئی ہے۔ علاوہ ازیں سبزیوں کی قیمتوں میں بھی واضح کمی دیکھی گئی ہے ٹماٹر کی قیمت میں 10 روپے، لہسن میں 20 روپے، ادرک میں 37 روپے اور گاجر میں 10 روپے کی کمی کی گئی ہے۔ مزید برآں گوبھی کی قیمت 14 روپے، شملہ مرچ 39 روپے، مٹر 5 روپے اور ہری مرچ کی قیمت میں 15 روپے کمی دیکھی گئی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے رواں ماہ میں اب تک گراں فروشوں کے خلاف 2 کروڑ روپے کے قریب جرمانے عائد کیے ہیں اور 330 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ مزید برآں قیمتوں کی خلاف ورزی کرنے والے 200 کے قریب دکانوں کو سیل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق یہ کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف دیا جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ سبزی و پھل منڈیوں، کریانہ اسٹورز اور دیگر دکانوں کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ حکام نے شہریوں کو بھی ترغیب دی کہ وہ منافع خوروں کی نشاندہی کریں اور سرکاری قیمتوں کے مطابق خریداری کریں۔ انتظامیہ کی یہ کوشش ہے کہ عوام کو اشیاء خوردونوش مناسب داموں پر فراہم کی جائیں اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے گوجرانوالہ کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قیمتوں کے حوالے سے اپنی شکایات متعلقہ حکام کو درج کروائیں تاکہ انتظامیہ ان کے مسائل کا بروقت ازالہ کر سکے۔

  • کوٹ مٹھن: دورانِ ڈکیتی بی ایم پی اہلکار زخمی، موٹر سائیکل چھین لی گئی

    کوٹ مٹھن: دورانِ ڈکیتی بی ایم پی اہلکار زخمی، موٹر سائیکل چھین لی گئی

    کوٹ مٹھن (باغی ٹی وی) ڈکیتی کے دوران بی ایم پی اہلکار جواد گورچانی زخمی، موٹر سائیکل چھین لی گئی

    تفصیل کے مطابق تھانہ کوٹ مٹھن کی حدود میں بستی پھلی کے قریب گزشتہ رات دو نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے بی ایم پی اہلکار جواد گورچانی کو نشانہ بنایا۔ ڈاکوؤں نے 125 موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فائرنگ کی، جس سے اہلکار جواد گورچانی زخمی ہوگیا۔ ملزمان فائرنگ کے بعد بی ایم پی اہلکار کی سی ڈی موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔

    زخمی اہلکار کو فوری طور پر آر ایچ سی کوٹ مٹھن منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

  • گوجرانوالہ: پولیو مہم ، 30 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے، کمشنر

    گوجرانوالہ: پولیو مہم ، 30 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے، کمشنر

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن کے سات اضلاع میں 28 اکتوبر سے جاری انسداد پولیو مہم کے دوران پہلے تین دن میں 30 لاکھ 79 ہزار 472 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ پانچ سال تک کی عمر کے سو فیصد بچوں کی کوریج یقینی بنانے کے لیے مہم کی مکمل مانیٹرنگ جاری ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کے ہمراہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جس کی قیادت ڈاکٹر حامد جعفری کر رہے تھے جبکہ دیگر شرکاء میں ڈاکٹر زین العابدین اور ڈاکٹر عبدی بھی شامل تھے۔

    کمشنر نے مزید کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران 32 لاکھ 63 ہزار 472 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہےاور ابتدائی تین دنوں میں 94.35 فیصد کوریج مکمل ہو چکی ہے۔ اس دوران پہلے وزٹ میں دستیاب نہ ہونے والے 2 لاکھ 50 ہزار 354 بچوں کو بھی تلاش کر کے ویکسین پلائی گئی۔ انہوں نے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق مائیکرو پلان کو مزید موثر بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس کو جلد ڈیجیٹلائز کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

    ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے وفد نے گوجرانوالہ ڈویژن میں انسداد پولیو کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور محکمہ صحت کی کاوشوں کے باعث گوجرانوالہ ڈویژن کو کم رسک والے علاقوں میں شامل کیا جا چکا ہے۔

    دریں اثناء کمشنر گوجرانوالہ اور چیئرمین ایجوکیشن بورڈ سید نوید حیدر شیرازی نے تعلیمی بورڈ کے افسران و ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں اور طلبہ و طالبات کے مسائل کے حل کے لیے بہترین خدمات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گذاروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور یقینی بنایا جائے کہ ان کے مسائل کو کم سے کم وقت میں حل کیا جائے۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ پروفیسر نعیم بٹ اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر گوہر الطاف بھی موجود تھے۔

  • اوچ شریف:نلکا اڈہ،عباسیہ لنک کینال کا خستہ حال پل، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

    اوچ شریف:نلکا اڈہ،عباسیہ لنک کینال کا خستہ حال پل، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

    اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان)نلکا اڈہ پرعباسیہ لنک کینال کا خستہ حال پل، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

    تفصیل کے مطابق اوچ شریف کے نواحی علاقے نلکا اڈہ میں واقع عباسیہ لنک کینال کا پل خستہ حالی کا شکار ہے، جس کی وجہ سے عوام کوآمدورفت میں شدید خطرات لاحق اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پل کی ٹوٹ پھوٹ اور حفاظتی جنگلوں کی عدم موجودگی کے باعث روزانہ ہزاروں افراد کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ اس پل کو روزانہ استعمال کرنے والے مقامی رہائشی عبد اللہ، عبد الستار، مظہر حسین، نادر محمد، یعقوب اور ناصر حسین نے میڈیا کو بتایا کہ "ہم روزانہ خوف کے سائے میں پل عبور کرتے ہیں، اگرخدانخواستہ کوئی حادثہ پیش آیا تو اس کی ذمہ داری کس کی ہوگی؟”

    یہ پل بچوں، بزرگوں اور مزدوروں کے لیے روزمرہ آمدورفت کا اہم راستہ ہے لیکن اس کی خستہ حالت نے یہاں کے باسیوں کو مشکلات میں ڈال رکھا ہے۔ مقامی رہنماؤں اور اہل علاقہ نے حکومت سے فوری مرمت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پل نہ صرف روزمرہ آمدورفت بلکہ مقامی معیشت کے لیے بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہیڈ پنجند اور نلکا اڈہ جیسے تاریخی مقامات کی وجہ سے سیاح بڑی تعداد میں یہاں آتے ہیں لیکن اس پل کی حالت دیکھ کر مایوس ہو جاتے ہیں۔ مقامی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومتی غفلت عوامی مایوسی کا سبب بن رہی ہے اور لوگ اب محفوظ متبادل راستے کی تلاش میں ہیں۔ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ صورتحال کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

  • سیالکوٹ: گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک ماہ میں95 گرفتار

    سیالکوٹ: گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک ماہ میں95 گرفتار

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ضلع بھر میں گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، 95 افراد گرفتار اور لاکھوں روپے کے جرمانے

    ضلع سیالکوٹ میں گراں فروشی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے بتایا کہ ماہ اکتوبر کے دوران ضلع بھر میں 95 گراں فروشوں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 1774 دکانداروں پر 98 لاکھ 34 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ضلع میں جاری پرائس چیکنگ مہم کے حوالے سے پرائس مجسٹریٹس کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے جی پی ایس بیسڈ ایپ کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے کارروائیوں کی جگہ اور وقت کا درست ریکارڈ رکھا جا سکے گا۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دکانوں پر قیمتوں کی فہرست واضح جگہ پر آویزاں کروائیں اور عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کریانہ و جنرل اسٹورز کے ساتھ ساتھ تندوروں، بیکریوں، اور چکن شاپس کی بھی باقاعدگی سے چیکنگ کی جا رہی ہے تاکہ عوام الناس کو مناسب داموں پر معیاری اشیاء فراہم ہو سکیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے صارفین پر زور دیا کہ وہ ناجائز منافع خوروں کی شکایات درج کرنے کے لیے پنجاب قیمت ایپ کا استعمال کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایپ پر موصول ہونے والی شکایات پر فوری اور بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صارفین خریداری کے دوران پرائس لسٹ چیک کریں اور مقررہ قیمتوں پر ہی خریداری کریں تاکہ منافع خوروں کے خلاف موثر اقدامات کیے جا سکیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے تمام شہریوں کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ حکومت کی جانب سے گراں فروشی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • تنگوانی: بس اور رکشے میں حادثہ، 5 زخمی، 2 کی حالت تشویشناک

    تنگوانی( باغ ٹی وی نامہ نگارمنصو بلوچ)تنگوانی کے قریب بس اور رکشے میں حادثہ، پانچ افراد زخمی، دو کی حالت تشویشناک

    تنگوانی کے قریب بلوچستان سے آنے والی ایک بس اور رکشے میں تصادم کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ یہ حادثہ تھانہ تنگوانی کی حدود میں ٹھل،کندکوٹ روڈ پر اشرف علی بجارانی کے بس اسٹاپ کے قریب پیش آیا۔

    حادثے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کندکوٹ منتقل کر دیا گیا جبکہ دو زخمیوں غالب حسین جسکانی اور ارپیلو چنا کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید طبی امداد کے لیے لاڑکانہ ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔

    پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • پسرور: شادی سے انکار یا کچھ اور؟ لڑکی کی موت پر خودکشی یا قتل کی قیاس آرائیاں

    پسرور: شادی سے انکار یا کچھ اور؟ لڑکی کی موت پر خودکشی یا قتل کی قیاس آرائیاں

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہد ریاض)پسرور میں شادی سے انکار یا کچھ اور؟ لڑکی کی موت پر خودکشی یا قتل کی قیاس آرائیاں،مبینہ طور پر شادی سے انکار پر نوجوان نے محبوبہ کو موت کی نیند سلا دیا،فسانہ یا حقیقت، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی اصل وجہ

    تفصیلات کے مطابق پسرور کے علاقے سبز کوٹ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں شادی سے انکار پر ایک نوجوان نے مبینہ طور پر اپنی محبوبہ کو زبردستی زہریلی چیز کھلا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے پہلے لڑکی کے ساتھ تعلق قائم کیا اور اس کی ویڈیو بنا لی۔ بعد میں اس نے شادی کا اصرار کیا جسے لڑکی نے مسترد کر دیا۔

    ایف آئی آر کے مطابق لڑکی کے انکار پر ملزم نے اس کے گھر پہنچ کر اسے گن پوائنٹ پر زبردستی زہریلی چیز کھلا دی جس سے لڑکی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ سبز پیر پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    اس سانحے پر علاقے میں مختلف قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ لڑکی نے خودکشی کی جبکہ کچھ کا ماننا ہے کہ اسے اہلِ خانہ نے قتل کیا۔ اصل حقیقت پوسٹ مارٹم رپورٹ اور پولیس کی میرٹ پر مبنی انکوائری کے بعد ہی سامنے آ سکے گی۔

  • سیالکوٹ: صدر اور سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار کا ایثار بلڈ بنک کا دورہ،خدمات کو سراہا

    سیالکوٹ: صدر اور سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار کا ایثار بلڈ بنک کا دورہ،خدمات کو سراہا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) سیالکوٹ کے صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ایڈووکیٹ سہیل اقبال ہرڑ اور سیکرٹری ایڈووکیٹ چوہدری راحت نذیر وینس نے ایثار بلڈ بنک کا دورہ کیا۔ ان کا استقبال ایثار ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سرپرست حاجی محمد انور، صدر محمد صدیق، نائب صدر نبیل کھوکھر اور دیگر عملے نے گرمجوشی سے کیا۔

    ایثار ویلفیئر فاؤنڈیشن کے صدر محمد صدیق حیدر نے معزز مہمانوں کو بلڈ بنک کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بلڈ بنک نے اب تک 25 ہزار سے زائد خون کے عطیات کی درخواستیں وصول کی ہیں جن میں سے ساڑھے دس ہزار پر عملدرآمد کیا جا چکا ہے۔ مزید یہ کہ بلڈ بنک میں خون کے بدلے خون حاصل کیا جاتا ہے تاکہ مستقبل میں ضرورت مند افراد کی مدد ہو سکے۔ یہ سیالکوٹ کا واحد ادارہ ہے جو 24 گھنٹے کھلا رہتا ہے، تین شفٹوں میں کام کرتا ہے اور حتیٰ کہ عید جیسے مواقع پر بھی اپنی خدمات فراہم کرتا ہے تاکہ کسی بھی مریض کو خون کی کمی کا سامنا نہ ہو۔

    صدر اور سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار نے ایثار ویلفیئر فاؤنڈیشن کی خدمات کو بے حد سراہا اور ادارے کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر حاجی انور، نبیل کھوکھر، امجد رانا ایڈووکیٹ، اور رانا اصغر سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

  • سرگودھا: سٹی سرکل میں بڑھتی چوری و ڈکیتی کی وارداتیں، 7 دن میں  41 موٹرسائیکل چوری

    سرگودھا: سٹی سرکل میں بڑھتی چوری و ڈکیتی کی وارداتیں، 7 دن میں 41 موٹرسائیکل چوری

    سرگودھا (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر،ادریس نواز چدھڑ) سٹی سرکل میں بڑھتی چوری و ڈکیتی کی وارداتیں، شہری عدم تحفظ کا شکار

    تفصیل کے مطابق سرگودھا کے سٹی سرکل میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں نے شہریوں کو عدم تحفظ میں مبتلا کر دیا ہے۔گذشتہ ایک ہفتے میں سٹی سرکل کے مختلف تھانوں کے علاقوں میں کل 41 موٹرسائیکل چوری کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ، شہریوں سے گن پوائنٹ پر پیسے چھیننے اور گھروں، دکانوں اور دیگر مقامات پر ڈکیتی و چوری کی وارداتیں بھی جاری ہیں۔ شہریوں نے پولیس کی ناکامی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    پچھلے ایک ہفتے کے دوران سرگودھا کے مختلف تھانوں میں درج کی گئی وارداتوں کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں
    تھانہ سیٹلائیٹ ٹاؤن کی حدود میں موٹرسائیکل چوری کی 5 وارداتیں، 3 چوری کے کیسز اور مویشی چوری کے 2 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہاں کے رہائشیوں نے پولیس کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    تھانہ سٹی کے علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی 12 وارداتیں سامنے آئیں۔ اس کے علاوہ ہاؤس و شاپ رابری اور گن پوائنٹ پر پیسے چھیننے کی وارداتیں بھی رپورٹ ہوئیں۔ یہاں پر شہریوں کا کہنا ہے کہ ان وارداتوں نے ان کی روزمرہ زندگی کو متاثر کیا ہے۔

    تھانہ اربن ایریا کے علاقے میں موٹرسائیکل چوری کی 8 وارداتیں اور دیگر چوری کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ اس تھانے کے علاقے میں بھی متعدد سٹور و سٹریٹ رابری کے واقعات پیش آئے ہیں۔

    تھانہ ساجد شہید میں بھی موٹرسائیکل چوری کے 7 واقعات اور اس کے علاوہ دو سنیچنگ کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں، جس نے عوام میں خوف کی فضا پیدا کر دی ہے۔

    تھانہ فیکٹری ایریا کی حدودسے بھی 4 موٹرسائیکل چوری کے کیسز اور سٹریٹ رابری کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ علاقے کے لوگوں نے پولیس پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

    اسی طرح تھانہ کینٹ کےعلاقے میں موٹرسائیکل چوری کی 5 وارداتیں سامنے آئیں۔ دیگر چوری کی وارداتیں بھی بڑھ رہی ہیں اور مقامی پولیس ان واقعات کو روکنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

    شہریوں نے پولیس کی ناکامی پر سخت غصے کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پولیس نے اگرچہ وارداتوں کی ایف آئی آر درج کی ہیں، مگر ملزمان کو گرفتار کرنے اور چوری شدہ اشیاءکی بازیابی میں ناکام رہی ہے۔ اس صورتحال میں اے ایس پی سٹی سرکل انعم شیر کی خاموشی نے بھی شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے وارداتوں پر قابو پانے اور مجرموں کو گرفتار کرنے کے اقدامات ناکافی ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ سرگودھا کے سٹی سرکل میں بڑھتی ہوئی وارداتوں نے ان کے روزمرہ کے معمولات کو متاثر کر دیا ہے۔ چوروں اور ڈاکوؤں کی دہشت کے باعث لوگ عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں۔ شہریوں نے ڈی پی او سرگودھا، آر پی او سرگودھا، آئی جی پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سرگودھا میں عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور چوری و ڈکیتی کے واقعات کو روکا جا سکے۔