Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • گوجرہ: محلہ نوشاہی بیس لائن میں نوجوان کی غربت کے باعث  اقدامِ خودکشی

    گوجرہ: محلہ نوشاہی بیس لائن میں نوجوان کی غربت کے باعث اقدامِ خودکشی

    گوجرہ( باغی ٹی وی کے نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) محلہ نوشاہی بیس لائن میں نوجوان کا غربت کے باعث اقدامِ خودکشی

    تفصیل کے مطابق گوجرہ کے محلہ نوشاہی بیس لائن نیو پلاٹ کے رہائشی نوجوان عابد نصیر ولد رفیق قوم رحمانی نے مبینہ طور پر غربت اور گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر چوہے مار گولی کھا کر خودکشی کی کوشش کی۔

    اہل محلہ نے عابد کو فوری طور پر سول اسپتال گوجرہ منتقل کیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ مقامی پولیس معاملے کی تفتیش میں مصروف ہے۔

  • سیالکوٹ: تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقے میں خالی ڈیرے پر زور دار دھماکہ

    سیالکوٹ: تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقے میں خالی ڈیرے پر زور دار دھماکہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، نامہ نگار مہر مصطفیٰ) تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقے میں خالی ڈیرے پر زور دار دھماکہ، پولیس کی تفتیش جاری

    تفصیل کے مطابق تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقے صدر سرکل، پڑوپی آرائیاں میں ایک زور دار دھماکہ سننے میں آیا۔ دھماکہ گاؤں کے ایک خالی ڈیرے پر ہوا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ابھی تک دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا جا سکا، لہذا فی الحال یہ نہیں بتایا جا سکتا کہ آیا یہ دھماکہ کسی بارودی مواد کا تھا یا کسی اور چیز کا۔ واقعے کی مکمل چھان بین جاری ہے، اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ اور متعلقہ ٹیمیں بھی بروقت موقع پر پہنچ گئیں

    پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ واقعے کی ابتدائی تحقیقات جاری ہیں اور ابھی تک کسی کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے مزید معلومات تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔

  • سیالکوٹ: آئینی عدالتوں سے التوا کے شکار کیسز جلد مقرر ہوں گے، ملک شہباز احمد ایڈووکیٹ

    سیالکوٹ: آئینی عدالتوں سے التوا کے شکار کیسز جلد مقرر ہوں گے، ملک شہباز احمد ایڈووکیٹ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو ) آئینی عدالتوں سے التوا کے شکار کیسز جلد مقرر ہوں گے، ملک شہباز احمد ایڈووکیٹ

    تفصیل کے مطابق معروف قانون دان اور ایس اینڈ اے ایسوسی ایٹس کے سینئر رہنما، ملک شہباز احمد اعوان ایڈووکیٹ نے ایک میڈیا بیان میں کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد آئینی عدالتوں کے قیام سے سپریم کورٹ میں سالہاسال سے التوا کے شکار کیسز کو فوری طور پر مقرر کیا جائے گا۔ اس اقدام سے سیاسی کیسز کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی، جبکہ عام شہریوں کے مقدمات وفاقی آئینی عدالت میں مقرر ہونے سے ان کی سماعت جلد ممکن ہو سکے گی، جس سے زیر التوا کیسز کی تعداد میں کمی آئے گی اور عوام کو جلد انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

    ملک شہباز احمد نے زور دیا کہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو قومی یکجہتی کے جذبے کے ساتھ اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر کام کریں تو ملک کو آگے بڑھانے میں بڑی پیش رفت حاصل کی جا سکتی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آئینی عدالتوں کا قیام پاکستانی عدالتی نظام کے لیے ایک بڑی پیشرفت ہے، جس کے ذریعے عام آدمی کے مسائل کے حل کے لیے ایک مؤثر اور جلد انصاف فراہم کرنے والے نظام کی بنیاد رکھی جائے گی۔

  • سیالکوٹ: عمرہ کی سعادت پر مرکزی انجمن تاجران کی جانب سے عمر عابد بٹ کو مبارکباد

    سیالکوٹ: عمرہ کی سعادت پر مرکزی انجمن تاجران کی جانب سے عمر عابد بٹ کو مبارکباد

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو )عمرہ کی سعادت پر مرکزی انجمن تاجران کی جانب سے عمر عابد بٹ کو مبارکباد

    تفصیل کے مطابق مرکزی انجمن تاجران سیالکوٹ کے عہدیداران نے انجمن تاجران پکا گڑھا کے صدر عمر عابد بٹ کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ مرکزی انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری شیخ جاوید حیدر کی قیادت میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیالکوٹ کی کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

    تقریب میں سٹی صدر صرافہ ایسوسی ایشن عظیم اکرم پلا سنیارا، انجمن تاجران اڈہ پسروریاں کے جنرل سیکرٹری ناصر شمیم خان لودھی، انجمن تاجران النور و سٹی سنٹر خادم علی روڈ کے صدر نبیل بٹ، سینئر صحافی ظفر وسیم، ولید جاوید اور دیگر تاجر عہدیداران موجود تھے۔

    اس موقع پر عمر عابد بٹ، جو کہ ایک معروف ن لیگی رہنما بھی ہیں، نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے انہیں اپنے بچوں کے ہمراہ خانہ کعبہ اور دربارِ رسالت ﷺ کی زیارت کی سعادت حاصل ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے اور رسول اکرم ﷺ کے واسطے سے دعاؤں کے ذریعے بارگاہِ خداوندی سے رحمت اور قبولیت کی امید کی۔

    شیخ جاوید حیدر نے عمر عابد بٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خانہ کعبہ اور روضہ رسول ﷺ کی حاضری ایک عظیم سعادت ہے اور اس روحانی سفر کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کو یہ سعادت نصیب فرمائے۔

  • میرپورخاص: ڈاکٹر شاہ نواز قتل کیس میں نئی ایف آئی آر، 45 ملزمان شامل

    میرپورخاص: ڈاکٹر شاہ نواز قتل کیس میں نئی ایف آئی آر، 45 ملزمان شامل

    میرپورخاص( باغی ٹی وی ،نامہ نگارسید شاہزیب شاہ ) ڈاکٹر شاہ نواز قتل کیس میں نئی ایف آئی آر، 45 ملزمان شامل

    تفصیل کے مطابق میرپورخاص میں ڈاکٹر شاہ نواز قتل کیس میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے اس کیس کو ایف آئی اے کے حوالے کرنے کے بعد اب اس میں نئی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، جس کی کاپی دہشت گردی عدالت میں پیش کر دی گئی ہے۔

    ایف آئی اے نے اس مقدمے کو دوبارہ جانچتے ہوئے 45 ملزمان کو شاملِ تفتیش کیا ہے، جن میں ایس ایس پی عمرکوٹ، ایس ایس پی میرپورخاص اور ڈی آئی جی میرپورخاص بھی شامل ہیں۔ یہ نام شامل کر کے ایف آئی آر کی کاپی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرائی گئی ہے۔

    یہ کیس سندھ میں قانون و انصاف کے نظام پر اعتماد بحال کرنے کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

  • پاک افغان طورخم بارڈر پر حکام کی فلیگ میٹنگ، مسائل حل کرنے کے عزم کا اظہار

    پاک افغان طورخم بارڈر پر حکام کی فلیگ میٹنگ، مسائل حل کرنے کے عزم کا اظہار

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ)پاک افغان طورخم بارڈر پر حکام کی فلیگ میٹنگ، تجارت کے مسائل حل کرنے کے عزم کا اظہار

    پاک افغان طورخم بارڈر کسٹم کمپاؤنڈ میں پاکستانی اور افغان حکام کے درمیان فلیگ میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں کسٹم، ایف سی، ضلعی انتظامیہ خیبر اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ ساتھ افغان حکام نے بھی شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران، دونوں ممالک کے حکام نے تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا عزم کیا۔ افغان حکام نے درپیش مشکلات اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی، اور کہا کہ امپورٹ اور ایکسپورٹ میں اضافہ کرنے کے لیے بروقت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    حکام نے متفقہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لیے قواعد و ضوابط میں آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔ اجلاس میں تاجروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے اور یہ عہد کیا گیا کہ دونوں ممالک کے کاروباری طبقے کے مسائل کو حل کرنے کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔

  • اوچ شریف:کھمبوں پرجھولتے تاراور میٹرز، شہریوں کیلئے لٹکتی موت،کب کھلے گی واپڈا آنکھ ؟

    اوچ شریف:کھمبوں پرجھولتے تاراور میٹرز، شہریوں کیلئے لٹکتی موت،کب کھلے گی واپڈا آنکھ ؟

    اوچ شریف(باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان کی رپورٹ) کھمبوں پرجھولتے تاراور میٹرز، شہریوں کیلئے لٹکتی موت،واپڈا کی کب آنکھ کھلے گی؟

    تفصیل کے مطابق اوچ شریف میں شہر بھر میں بجلی کے کھمبوں پر بے ہنگم تاریں اور لٹکتے میٹرز خطرناک صورتحال پیدا کر رہے ہیں، جس کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ واپڈا اہلکاروں کی مبینہ عدم توجہی کے باعث یہ تاریں شہریوں کے لیے موت کا سبب بننے لگی ہیں۔

    شہریوں نے شکایت کی ہے کہ بارش یا سپارکنگ کے باعث میٹرز میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی قیمت انہیں چکانی پڑتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ متعدد بار واپڈا حکام کو صورتحال سے آگاہ کرنے کے باوجود کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واپڈا حکام فوری طور پر لٹکتے میٹرز اور بے ترتیب تاروں کو درست کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر اس مسئلے کا حل تلاش کیا جانا ضروری ہے تاکہ عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

  • ننکانہ : ڈسٹرکٹ ہسپتال مریضوں کے لیے عذاب،ایماندار ایم ایس بے بس،ڈاکٹرز غائب

    ننکانہ : ڈسٹرکٹ ہسپتال مریضوں کے لیے عذاب،ایماندار ایم ایس بے بس،ڈاکٹرز غائب

    ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی کے نامہ نگار احسان اللہ ایاز کی رپورٹ) ڈسٹرکٹ ہسپتال مریضوں کے لیے عذاب،ایماندار ایم ایس بے بس،ڈاکٹرز غائب

    تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹروں کی غیر حاضری کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دیانتدار قائم مقام ایم ایس سرجن ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین کی تعیناتی کے باوجود ہسپتال میں ڈاکٹرز کا ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنا ایک معمول بنتا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے عوامی اور سماجی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ہسپتال میں آنے والے مریض اور ان کے لواحقین بے سہارا ہو کر رہ گئے ہیں۔ اگر ڈاکٹروں کی حاضری کا ریکارڈ چیک کیا جائے تو متعدد کہانیاں سامنے آئیں گی۔ گزشتہ دور میں ہسپتال مافیا نے غیر حاضر ڈاکٹرز کو بچانے میں اہم کردار ادا کیا مگر اب موجودہ صورتحال نے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا ہے۔

    عوامی حلقے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، سیکرٹری ہیلتھ، ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی اور قائم مقام ایم ایس ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کر رہے ہیں تاکہ ہسپتال کی بگڑتی صورتحال کا جلد از جلد حل نکالا جا سکے۔ مریضوں کی زندگیوں کی بہتری اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

  • اوچ شریف: اسسٹنٹ کمشنر کا سرپرائز وزٹ، گراں فروشی پردوکانیں سیل

    اوچ شریف: اسسٹنٹ کمشنر کا سرپرائز وزٹ، گراں فروشی پردوکانیں سیل

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) اسسٹنٹ کمشنر کا سرپرائز وزٹ، گراں فروشی کرنے والے تاجروں کی دوکانیں سیل

    تفصیل کےاوچ شریف میں اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ میاں عثمان امین نے اچانک دورہ کیا اور گراں فروشی کی شکایات کا فوری نوٹس لیا۔ انہوں نے شہریوں کی جانب سے آٹے کی زائد قیمت پر فروخت کی شکایت پر ایک ہول سیل کریانہ اسٹور کو سیل کیا۔

    اس کے علاوہ انہوں نے سویٹ شاپس کی چیکنگ کے دوران تین دوکانیں سیل کیں اور ایک دکاندار کو اوپن پیٹرول کی ناقص کوالٹی اور زائد قیمت وصولی پر سزا دی۔

    بہت سے دکاندار گراں فروشی کے باعث بھاگ گئےجبکہ کئی ایک کو وارننگ بھی دی گئی۔ تجاوزات مافیا کے خلاف سخت اقدامات کرتے ہوئے، اسسٹنٹ کمشنر نے ریڑھی بانوں کو صفائی ستھرائی کے لیے کوڑے دان رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی کے ملازمین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید جانفشانی سے کام کرنے کی ہدایت دی۔

  • ٹھٹھہ: سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی گاڑیوں کی چیکنگ، حفاظتی ہدایات جاری

    ٹھٹھہ: سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی گاڑیوں کی چیکنگ، حفاظتی ہدایات جاری

    ٹھٹھہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگار بلاول سموں)سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے ٹرانسپورٹ کی چیکنگ، حفاظتی ہدایات جاری

    ٹھٹھہ میں آج مسز فخر النساء لاکھیر سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، نے پبلک ٹرانسپورٹ بسوں، وینز اور دیگر گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ اس مہم کا مقصد مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانا، ٹرانسپورٹ سروسز کے معیار میں بہتری لانا اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانا تھا۔

    چیکنگ کے دوران متعدد گاڑیوں میں قانونی ضروریات کے مطابق کوتاہیاں سامنے آئیں، جن میں سیٹ بیلٹ کی عدم موجودگی، غیر معیاری سی این جی اور ایل پی جی کٹس اور مقررہ گنجائش سے زائد مسافروں کو بٹھانے جیسے مسائل شامل تھے۔ مسز فخر النساء لاکھیر نے ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ وہ اپنی گاڑیوں کی باقاعدہ چیکنگ کرائیں، تمام حفاظتی ضوابط اپنائیں اور منظور شدہ سی این جی/ایل پی جی سلینڈرز کا استعمال کریں تاکہ مسافروں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

    انہوں نے مسافروں کے لیے بھی ہدایات جاری کیں کہ اگر وہ غیر قانونی سرگرمیاں دیکھیں تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔ لاپرواہی سے ڈرائیونگ، رفتار کی حد سے تجاوز اور دیگر قواعد کی خلاف ورزی پر سخت اقدامات کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

    مسز لاکھیر نے ٹرانسپورٹرز کو خبردار کیا کہ اگر وہ ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جس میں لائسنس کی معطلی بھی شامل ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام میں شعور بیدار کرنے کی مہم جاری رہے گی تاکہ ٹھٹھہ کے لوگ محفوظ اور پُراعتماد سفر کر سکیں۔