Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • علی پور: چوری کا شبہ ، 7 سالہ بچے پر انسانیت سوز تشدد،ویڈیو وائرل

    علی پور: چوری کا شبہ ، 7 سالہ بچے پر انسانیت سوز تشدد،ویڈیو وائرل

    مظفرگڑھ(باغی ٹی وی رپورٹ)چوری کے شبہ میں 7 سالہ بچے پر انسانیت سوز تشدد، ملزمان کی ویڈیو وائرل

    مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کے علاقے لنگر واہ میں چوری کے شبہ میں 7 سالہ معصوم بچے پر انسانیت سوز تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے۔ ملزمان نے بچے کو رسیوں سے باندھ کر نہ صرف اسے تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اپنے پاؤں پکڑوا کر فخریہ انداز میں قہقہے بھی لگاتے رہے۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

    یہ واقعہ تھانہ کندائی کی حدود میں پیش آیا، جہاں معصوم بچے کو چوری کے شبہ میں بہیمانہ سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔ ویڈیو وائرل ہونے پر ڈی پی او مظفرگڑھ سید حسنین حیدر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

    اس واقعے پر انسانی حقوق کے علمبرداروں اور عوامی حلقوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے ساتھ اس قسم کا بہیمانہ سلوک ناقابل برداشت ہے، اور حکومت کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

    پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی تیز کر دی گئی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • قصور: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بھگدڑ، 4بچوں کی ماں جان سے گئی

    قصور: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بھگدڑ، 4بچوں کی ماں جان سے گئی

    قصور(باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نویدسندھوں کی رپورٹ) نواحی گاؤں منڈی عثمان والا میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پیسے لینے آئی 45 سالہ خاتون جان کی بازی ہار گئی۔ دھکم پیل، گرمی اور حبس کے باعث خاتون کی حالت بگڑ گئی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون میناں بی بی نواحی گاؤں پیال کلاں کی رہائشی اور چار بچوں کی ماں تھیں۔ یہ افسوسناک واقعہ گورنمنٹ ماڈل سکول میں اس وقت پیش آیا جب بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد لینے کے لیے خواتین کا ہجوم جمع تھا۔ انتظامی ناکامی اور ناقص انتظامات کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں میناں بی بی جاں بحق ہو گئیں۔

    یہ واقعہ حکومتی امدادی پروگراموں میں جاری غفلت اور بدانتظامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جہاں غریب خواتین امداد کے لیے جمع ہوتی ہیں، لیکن مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے ان کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں
    مظفرگڑھ: بے نظیر انکم سپورٹ سینٹر میں بھگدڑ، 50 سالہ خاتون جاں بحق

    یاد رہے کہ چھ دن قبل بھی مظفرگڑھ میں اسی طرح کے واقعے میں 50 سالہ خاتون بے نظیر انکم سپورٹ سینٹر خان گڑھ میں ناقص انتظامات کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھی تھیں۔

    عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ان واقعات کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار حکام کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

  • ملک بھر میں بارشیں،NDMA کا الرٹ جاری

    ملک بھر میں بارشیں،NDMA کا الرٹ جاری

    اسلام آباد(باغی ٹی وی رپورٹ) نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ایک بار پھر ملک بھر میں متوقع بارشوں کے حوالے سے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک ملک کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے جس سے لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ سندھ کے کچھ علاقوں میں 26 ستمبر سے 28 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ ان بارشوں کی وجہ سے شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جیسے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔

    این ڈی ایم اے نے خصوصی طور پر مری، گلیات، مانسہرہ، سوات، دیر، کوہستان، چترال، شانگلہ، بونیر، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے مکمل تیار رہیں اور ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو متحرک رکھیں۔

    این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ اور عوام کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں اور پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً پہاڑی علاقوں میں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

    مزید برآں، این ڈی ایم اے نے رابطہ سڑکوں کی ممکنہ بندش سے نمٹنے کے لیے ضروری مشینری اور وسائل کی دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ بروقت امدادی کارروائیاں ممکن ہو سکیں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایڈوائزری اور الرٹس پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔

  • گوجرہ: ڈپٹی ڈائریکٹر کی بڑی کارروائی، 10 من مردار گوشت برآمد

    گوجرہ: ڈپٹی ڈائریکٹر کی بڑی کارروائی، 10 من مردار گوشت برآمد

    گوجرہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار عبدالرحمن جٹ) ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن ٹوبہ، عدنان حیدر نے جرأت مندانہ کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 10 من مبینہ مردار گوشت برآمد کیا ہے۔ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ مزید کارروائی جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیو پلاٹ گوجرہ کے رہائشی فقیر محمد ولد محمد بوٹا نے اپنی حویلی، گلی نمبر 12 میں ذاتی سلاٹر ہاؤس قائم کیا ہوا تھا، جہاں مردہ جانوروں کا گوشت تیار کر کے اندرون شہر اور گردونواح کے علاقوں میں فروخت کیا جا رہا تھا۔

    محکمہ فوڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے 10 من مردار گوشت قبضے میں لے لیا اور ملزمان کے خلاف مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

    یاد رہے کہ ملزمان اس گھناؤنے کھیل میں ملوث ہو کر پہلے بھی کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں، مگر پھر بھی باز نہیں آئے۔

  • ننکانہ:یہ رہا انصاف!ریگولرانکوائری میں کرپشن ثابت،پھربھی کلین چٹ مل گئی

    ننکانہ:یہ رہا انصاف!ریگولرانکوائری میں کرپشن ثابت،پھربھی کلین چٹ مل گئی

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی ،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ضلعی محکمہ تعلیم میں ایک سنگین بے ضابطگی کا انکشاف ہوا ہے جہاں ریگولر انکوائری میں الزامات ثابت ہونے کے باوجود گورنمنٹ پرائمری سکول چک نمبر 14 جی بی کے ہیڈ ٹیچر نذیر احمد کو مبینہ طور پر افسران کی ملی بھگت سے کلین چٹ دے دی گئی۔ اس غیر معمولی فیصلے پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے، اور انصاف کے تقاضے پامال کیے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مقامی شہری سمیع اللہ عثمانی نے سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی احسن فرید کو تحریری درخواست دی جس میں انہوں نے ہیڈ ٹیچر نذیر احمد پر سنگین الزامات عائد کیے۔ درخواست کے مطابق ہیڈ ٹیچر نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اسکول کے لیے دیے گئے این ایس بی (Non-Salary Budget) اور ایف ٹی ایف (Federal Teachers Fund) کے فنڈز میں خردبرد کی اور اسکول کا سارا ریکارڈ بوگس تیار کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے رجسٹرڈ فرموں کی بجائے جعلی بل تیار کر کے فنڈز کا غلط استعمال کیا۔

    اس معاملے پر انکوائری آفیسر عبدالسلام طیب نے تحقیقات کیں اور ریگولر انکوائری میں نذیر احمد کے خلاف لگائے گئے الزامات کو درست قرار دیتے ہوئے ان کی نااہلی کو واضح کیا۔ انکوائری رپورٹ میں صاف الفاظ میں لکھا گیا کہ ہیڈ ٹیچر نے اسکول کے فنڈز میں خردبرد کی اور ریکارڈ کو بوگس تیار کیا، جس سے محکمہ تعلیم اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا۔

    انکوائری میں الزامات ثابت ہونے کے باوجود سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ایلیمنٹری میل، منیر احمد، نے مبینہ طور پر ہیڈ ٹیچر نذیر احمد کے ساتھ ملی بھگت کر کے انہیں کلین چٹ دے دی۔ منیر احمد کی جانب سے یہ اقدام شدید تنقید کا شکار ہو رہا ہے کیونکہ یہ انصاف کے بنیادی اصولوں کے بالکل منافی ہے۔ شہری سمیع اللہ عثمانی کے مطابق یہ ملی بھگت نہ صرف محکمہ تعلیم کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے بلکہ اس سے دیگر اسکولوں میں بھی بدعنوانی کی حوصلہ افزائی ہو سکتی ہے۔

    اس سنگین بے ضابطگی پر شہریوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم میں ایسی بدعنوانیوں کی روک تھام کے لیے سخت کارروائی کی جانی چاہیے اور ذمہ دار افسران کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات محکمے کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں اور بدعنوان عناصر کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

    سمیع اللہ عثمانی کی درخواست پر سی ای او ایجوکیشن احسن فرید نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ سی ای او نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سے تحریری وضاحت طلب کی ہے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر کسی قسم کی بدعنوانی ثابت ہوئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

    اس وقت کئی قسم کے سوالات جنم دے رہے کہ کیا یہ تحقیقات غیر جانبدار نہیں تھی؟کیا سیاسی دباؤ کی وجہ سے ملوث افراد کو بچایا گیا؟؟کیا سیاسی دباؤ کی وجہ سے ملوث افراد کو بچایا گیا؟کیا قانون میں کوئی ایسی کمزوری ہے جس کی وجہ سے کرپشن کے مقدمات میں سزا نہیں مل پاتی؟

    شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اس کیس کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور اگر نذیر احمد اور دیگر افسران قصوروار ثابت ہوں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

  • ٹھٹھہ: پولیس کی کامیاب کارروائیاں، چوری شدہ 20 قیمتی موبائل فونز برآمد

    ٹھٹھہ: پولیس کی کامیاب کارروائیاں، چوری شدہ 20 قیمتی موبائل فونز برآمد

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگاربلاول سموں) ٹھٹھہ پولیس کی جانب سے کامیاب کارروائیوں کے دوران لاکھوں روپے مالیت کے گمشدہ اور چوری شدہ 20 قیمتی موبائل فونز ٹریس کر کے اصل مالکان کو واپس کر دیے گئے۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات پر انچارج ڈیجیٹل انویسٹیگیشن سیل اور ٹھٹھہ پولیس کے مختلف تھانوں نے یہ کارروائیاں کیں۔

    مختلف اوقات میں چوری اور گمشدہ موبائل فونز کو برآمد کر کے ان کے اصل مالکان حسن علی جوکھیو، رمضان میمن، ذوالفقار جاکھرو، پرکاش کمار، جمعہ خان پٹھان، امجد اقبال، یوسف میرانی اور دیگر افراد کے حوالے کیا گیا۔

    اس موقع پر ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان نے ڈیجیٹل انویسٹیگیشن سیل کی کارکردگی کو سراہا اور ٹیم کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چوری اور گمشدہ موبائل فونز کی روزانہ کی بنیاد پر تلاشی جاری رکھی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ فونز اصل مالکان کو واپس کیے جا سکیں۔

    قیمتی موبائل فونز واپس ملنے پر مالکان نے ٹھٹھہ پولیس اور ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔

  • گداگری کی آڑ میں کاروبار اور جرائم

    گداگری کی آڑ میں کاروبار اور جرائم

    گداگری کی آڑ میں کاروبار اور جرائم

    ازقلم غنی محمود قصوری
    آج کل کچھ عرصے سے بڑے شہروں میں چوک چوراہوں پر ایک عجیب منظر دیکھنے کو مل رہا ہے جہاں نقاب پوش عورتیں اپنے ساتھ چھوٹے معصوم بچوں کو لیے بھیک مانگتی ہیں۔ گاڑی یا موٹر بائیک کے اشارے پر رکتے ہی یہ عورتیں درد مندانہ انداز میں اللہ رسول کے واسطے دے کر آپ سے پیسے نکلوانے کی کوشش کرتی ہیں۔ آپ نا چاہتے ہوئے بھی انکار نہیں کر پاتے کیونکہ ایک معصوم بچہ، جو عورت کی گود میں ہوتا ہے، آپ کے دل میں ہمدردی اور ترس پیدا کر دیتا ہے۔ اس کے علاوہ چھوٹے بچے اپنے پھیلے ہاتھوں کے ساتھ بھیک مانگنے پر مجبور کرتے ہیں۔

    یہ ایک عام منظر بن چکا ہے کہ اکثر ان عورتوں کا حلیہ، لباس اور بات کرنے کا انداز بتاتا ہے کہ وہ پیشہ ور بھکاری ہیں، اور بعض تو فل میک اپ میں بھی نظر آتی ہیں۔ ان کی چپل، عبایا اور دیگر لوازمات برانڈڈ ہوتے ہیں، جو اس بات کی علامت ہیں کہ یہ مجبوری کے تحت بھیک مانگنے والی نہیں بلکہ منظم بھکاری ہیں۔ بیشتر عورتوں کی عمر 25 سال سے بھی کم ہوتی ہے، جو ایک منظم نیٹ ورک کا حصہ معلوم ہوتی ہیں۔

    اسلام نے جہاں نماز، روزہ اور دیگر فرائض کی ادائیگی پر زور دیا ہے، وہاں صدقہ و خیرات کا بھی خاص حکم دیا ہے۔ اسلام نے اہل و مستحقین کو صدقہ و خیرات کا اصل حقدار قرار دیا ہے، اور پہلا حق آپ کے قریبی رشتہ داروں، گلی محلے کے لوگوں اور خاندان والوں کا ہے۔ اگر آپ ان لوگوں کو ان کا حق ادا نہیں کرتے اور دوسروں کو صدقہ دیتے ہیں تو آپ اللہ کی رحمت کے طلبگار نہیں بن سکتے۔

    آج کے دور میں گداگری نہ صرف ایک پیشہ بن چکی ہے بلکہ یہ جرائم کے ساتھ جڑ چکی ہے۔ بھکاریوں کے پیچھے موجود مافیا ان عورتوں اور بچوں کا استعمال کرتا ہے اور ان سے بھیک منگواتا ہے۔ بھیک مانگنے کے بہانے بعض عورتیں جسم فروشی جیسے غیر قانونی کاموں میں بھی ملوث پائی گئی ہیں۔ ڈکیت گینگز بھی ان عورتوں کو جاسوسی اور سہولت کاری کے لیے استعمال کرتے ہیں، جو معاشرے میں بگاڑ کا سبب بنتی ہیں۔

    یہ سچ ہے کہ کچھ عورتیں مجبوری میں یہ کام کر رہی ہوں گی، مگر بہت سی خواتین کو ان کے نشے کے عادی شوہر یا والدین اس کام پر مجبور کرتے ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ اس مسئلے کا حل کیا ہے؟

    پنجاب حکومت نے اس مسئلے کے حل کے لیے حال ہی میں The Punjab Vagrancy Ordinance 1958 میں ترامیم کی ہیں۔ ان ترامیم کے مطابق بچوں سے بھیک منگوانے والے مافیا کے سرغنہ کو 5 سے 7 سال قید اور 5 لاکھ سے 7 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہوگی۔ یہ قانون سازی ایک بہترین قدم ہے اور اس پر فوری عملدرآمد کی ضرورت ہے تاکہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کی جائے اور اصل مستحقین کو ان کا حق پہنچایا جائے۔

    اس کے علاوہ، چوراہوں میں بھیک مانگنے والی عورتوں کو دارالامان بھیج کر تفتیش کی جائے کہ آیا ان کے ساتھ موجود بچے ان کے اپنے ہیں یا کہیں وہ اغوا شدہ تو نہیں؟ ایک عرصے سے یہ انکشاف ہو رہا ہے کہ شیر خوار بچے اغوا ہو کر بیرون ملک فروخت کیے جا رہے ہیں۔ اس مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے اور ان عورتوں کو ہنر سکھا کر معاشرے کا کارآمد فرد بنایا جائے، جو کہ اسلامی ریاست کی اہم ذمہ داری ہے۔

  • میرپورخاص:مقابلہ حسن قرات و نعت ،پروقار تقریب منعقد ہوئی

    میرپورخاص:مقابلہ حسن قرات و نعت ،پروقار تقریب منعقد ہوئی

    میرپورخاص (باغی ٹی وی ،نامہ نگار سید شاہزیب شاہ )مقابلہ حسن قرات و نعت ،پروقار تقریب منعقد ہوئی

    تفصیل کے مطابق میرپورخاص ریلوے اسٹیشن کے سامنے واقع ریلوے پرائمری اسکول میں ہر سال کی طرح اس سال بھی جشن آمد رسول ﷺ کے حوالے سے مقابلہ حسن قرات و نعت کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس سادہ مگر پروقار تقریب میں طلبہ و طالبات کے مابین مقابلہ ہوا، جس میں کامیاب طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔

    تقریب میں دعوت اسلامی کے سید ریحان باپو، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اتحاد عباسیہ پاکستان عثمان عامر عباسی، ماسٹر شمش الدین پنھور، فضل عطاری، سید کامران عطاری، مولانا محمد بخش قادری، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نبی بخش گرگیز، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر خمیسو خان سموں، اسکول کے ہیڈ ماسٹر ساجد راؤ، جمن علی لغاری اور سابق اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر محمد رمضان ظھار الحق مغل (ریٹائرڈ) نے شرکت کی۔

    تقریب کے دوران قرات و نعت کے مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔ شرکاء نے اس تقریب کو دینی و روحانی لحاظ سے نہایت اہم قرار دیا اور بچوں کی صلاحیتوں کو سراہا۔

  • ادویات بے اثر،کیا پاکستان ٹائیفائیڈ لا علاج  ہو چکا ؟

    ادویات بے اثر،کیا پاکستان ٹائیفائیڈ لا علاج ہو چکا ؟

    اسلام آباد(باغی ٹی وی رپورٹ) پاکستان میں ادویات کو بے اثر کرنے والے ایکس ڈی آر ٹائیفائیڈ کے کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

    مصباح خان کی بیورو آف انویسٹی گیٹو جرنلزم کے اشتراک سے شائع کردہ رپورٹ کے مطابق2016 میں پاکستان میں پہلا ایکس ڈی آر ٹائیفائیڈ کیس سامنے آیا اور اب تک ملک میں 15 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں ٹائیفائیڈ کی شرح سب سے زیادہ ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اینٹی بائیوٹکس کے غیر ضروری اور زیادہ استعمال سے بیکٹیریا کی ادویات کے خلاف مزاحمت میں اضافہ ہو رہا ہے، جو ٹائیفائیڈ جیسے امراض کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ادویات کی افادیت ختم ہو گئی تو مستقبل میں ٹائیفائیڈ ایک خطرناک عالمی وبا کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ ہر سال دنیا بھر میں تقریباً 90 لاکھ افراد ٹائیفائیڈ کا شکار ہوتے ہیں، جن میں سے اکثریت ان افراد کی ہوتی ہے جو اینٹی بائیوٹکس کے خلاف مزاحمت کرنے والے بیکٹیریا سے متاثر ہوتے ہیں۔

  • سیالکوٹ: ریلوے روڈ پر Realme کی نئی آؤٹ لیٹ کا شاندار افتتاح

    سیالکوٹ: ریلوے روڈ پر Realme کی نئی آؤٹ لیٹ کا شاندار افتتاح

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض)ریلوے روڈ پر Realme کی نئی آؤٹ لیٹ کا شاندار افتتاح کیا گیا۔ اس تقریب کا انعقاد چیئرمین موبائل ایسوسی ایشن ملک ارسلان کی جانب سے کیا گیا جن کی یہ دکان ہے۔ افتتاحی تقریب میں شہر کے نامور تاجر نمائندوں اور کاروباری شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

    تقریب میں سابق صدر محمد عظیم راجپوت، مہر منصور شیرو جی (سینیئر نائب صدر مرکزی انجمن تاجران)، شبیر خان، محمد عرفان لطیف میر (صدر سیٹھی پلازہ بیسمنٹ)، محمد الیاس بھٹی (صدر کمپیوٹر ایسوسی ایشن)، علی شاہ (وائس چیئرمین موبائل ایسوسی ایشن)، ملک صابر (صدر ریلوے روڈ)، مرزا عاطف (جنرل سیکرٹری ریلوے روڈ)، ملک اصف (صدر سپر سپورٹس مارکیٹ)، ملک بہادر (صدر ڈرامہ والا چوک)، عارف بٹ (صدر تحصیل بازار)، بابر (صدر ٹریڈ سینٹر) اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

    اس موقع پر Realme کے منیجر اور سٹاف بھی موجود تھے، جنہوں نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ چیئرمین ملک ارسلان نے اپنے تمام دوستوں، تاجروں اور شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔