Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ننکانہ:نئے ڈپٹی کمشنر کی صحافیوں سےتعارفی ملاقات، تعاون کا یقین دلایا

    ننکانہ:نئے ڈپٹی کمشنر کی صحافیوں سےتعارفی ملاقات، تعاون کا یقین دلایا

    ننکانہ صاحب( باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی صحافیوں سے تعارفی ملاقات

    تفصیل کے مطابق ضلع ننکانہ صاحب میں نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کمیٹی روم میں ننکانہ پریس کلب کی صحافی برادری سے تعارفی ملاقات کی۔ اس موقع پر ننکانہ پریس کلب کے چیئرمین ڈاکٹر شاہنواز قادری، صدر شیخ محمد آصف، PUJ کے صدر سمیع اللہ عثمانی، جنرل سیکرٹری راؤ توقیر اسلام، ننکانہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عرفان رشید بھٹی، انفارمیشن سیکرٹری احسان اللہ ایاز نامہ نگار باغی ٹی وی ،محمد شعیب اکرم چوہان، ندیم احمد قادری، چوہدری حبیب احمد عابد، چوہدری بشارت عرفان، مشتاق احمد انصاری، محمد قمر عباس رائے، شاہنواز بھٹی، رائے قمر بھٹی اور اصفر علی چوہدری ایڈوکیٹ ہائی کورٹ سمیت دیگر پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

    نئے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے صحافی برادری کے عہدیداران سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا جدید ریاست کا چوتھا اور اہم ستون ہے اور قومی ترقی میں اس کا تاریخی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضلع ننکانہ صاحب کی ترقی کے سفر میں میڈیا کو ساتھ لے کر چلیں گے اور اس ضلع کو پھولوں کا شہر بنانے کی خواہش ظاہر کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ایک ماہ میں ننکانہ کو زیرو ویسٹ کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے صحافیوں کی شکایت پر ضلع بھر کے ہسپتالوں میں میڈیکل ریپ کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے اور اس سلسلے میں محکمہ صحت کو مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے ناجائز تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ تمام شہروں اور قصبوں کو تجاوزات سے پاک کیا جائے گا۔

    میڈیا نمائندگان نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سرکاری دفاترمیں سادگی اور کفایت شعاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واٹر فلٹریشن پلانٹس، ہسپتالوں کی طبی سہولیات، پارکس کی بحالی، سیوریج، صفائی ستھرائی اور ٹریفک کے مسائل پر فوری توجہ دینے کی درخواست کی۔

    اس ملاقات میں دونوں فریقین نے آپس میں تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے میڈیا کو یقین دلایا کہ وہ شفافیت اور احتساب کے ساتھ کام کریں گے اور عوام کی خدمت کے لیے کوشاں رہیں گے۔

  • میہڑ : موٹر سائیکل کو بس کی ٹکر، 2 بچوں سمیت4 افراد زخمی

    میہڑ : موٹر سائیکل کو بس کی ٹکر، 2 بچوں سمیت4 افراد زخمی

    میہڑ(باغی ٹی وینامہ نگار منظور علی جوئیہ کی رپورٹ)انڈس ہائی وے پر دبئی شادی ہال کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں گاؤں سوجھرومیروانی کے رہائشی 6 ماہ کا معصوم بچہ مظہر بروہی، 4 سالہ اسرار بروہی، شازیہ بروہی اور ہمت بروہی شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا ہے۔

    خاتون اور مرد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں لاڑکانہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے حادثے کا سبب بننے والی مسافر کوچ کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے جبکہ کوچ کا ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

  • پنجاب بھر میں انسداد پولیو مہم جاری، 38 لاکھ بچوں کو ویکسین

    پنجاب بھر میں انسداد پولیو مہم جاری، 38 لاکھ بچوں کو ویکسین

    گوجرانوالہ(باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی): پنجاب کے 15 اضلاع میں انسداد پولیو مہم زوروں سے جاری ہے۔ پہلے روز 38 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔

    چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ویڈیو لنک اجلاس میں صوبے میں جاری انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ مہم کی خود نگرانی کریں اور مسڈ چلڈرن کی سو فیصد کوریج یقینی بنائیں۔

    چیف سیکرٹری نے ساہیوال اور چکوال میں پولیو وائرس کے ماحولیاتی نمونے مثبت آنے پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔

    محکمہ صحت کے حکام کے مطابق، پنجاب میں ایک کروڑ 39 لاکھ بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

    لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں مہم 15 ستمبر تک جاری رہے گی جبکہ دیگر 12 اضلاع میں یہ 13 ستمبر تک جاری رہے گی۔

  • تونسہ:گناہ چھپانے کیلئے،نومولود کی لاش قبرستان میں پھینک دی گئی

    تونسہ:گناہ چھپانے کیلئے،نومولود کی لاش قبرستان میں پھینک دی گئی

    تونسہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار)گناہ چھپانے کیلئے،نومولود کی لاش قبرستان میں پھینک دی گئی

    تفصیل کے مطابق تونسہ شہر میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم افرادنے کسی کنواری ماں یا ناجائز تعلقات میں اپنا گناہ چھپانے کے لیے 2 دن کے نومولود بچے کی لاش قبرستان میں پھینک دی۔اس واقعہ سے پورے علاقے میں سنسنی پھیلی ہوئی ہے۔

    مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ظالموں کو چاہیے تھا کہ وہ بچے کو مارنے کی بجائے کسی محفوظ جگہ پر چھوڑ دیتے جہاں کوئی اللہ والا اسے اپنا لیتا اور اسے نئی زندگی کا موقع فراہم کرتالیکن ان سفاک درندوں نے معصوم کی جان ہی لے لی ،جس کااپنا کوئی گناہ یا جرم نہیں تھا

    یاد ر ہے کہ تونسہ شہر کے قبرستان سے اس طرح مردہ بچے کی لاش ملنے کا یہ چوتھا واقعہ ہے ،جن ملزمان کو تلاش کرنے کی اب تک پولیس نے کوئی کوشش ہی نہیں کی

    شہریوں کا الزام ہے کہ اس گھناؤنے جرم میں مقامی طور پرگلی محلوں میں غیرقانونی میٹرنٹی ہوم اوراتائی ڈاکٹربھی ملوث ہوسکتے ہیں اورپولیس سے مطالبہ کیاے کہ وہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد تلاش کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لاکرسخت سے سخت سزا دلوائے۔

  • یزمان: پٹرولنگ پولیس نے کھوتے کا گوشت پکڑلیا،ملزم گرفتار،ہوٹلوں کے نام  بھی آگئے

    یزمان: پٹرولنگ پولیس نے کھوتے کا گوشت پکڑلیا،ملزم گرفتار،ہوٹلوں کے نام بھی آگئے

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگارحبیب خان )ضلع بہاولپورکی تحصیل یزمان میں پٹرولنگ پولیس نے کھوتے کے گوشت سپلائی کی کوشش ناکام بنادی،ملزم گرفتار
    تفصیل کے مطابق یزمان منڈی کے علاقے کڈ والا میں پولیس نے حرام گوشت کی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ پٹرولنگ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ مروٹ سے یزمان منڈی کھوتے کا گوشت سمگل کیا جا رہا ہے۔ اس اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے کڈ والا کے قریب ایک ناکہ بندی کی اور ایک مشکوک گاڑی کو روک کر تلاشی لی۔

    تلاشی کے دوران گاڑی سے بھاری مقدار میں کھوتے کا گوشت برآمد ہوا۔ پولیس نے گاڑی سوار کو حراست میں لے لیا اور گوشت سے بھری گاڑی کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا۔ملزم نے مختلف ہوٹلوں کو گوشت سپلائی کا انکشاف کیا ہے اس کے علاوہ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

  • ڈیرہ غازیخان: سیوریج کا نظام تباہ،افسران فوٹوسیشن تک محدود، شہری پریشان

    ڈیرہ غازیخان: سیوریج کا نظام تباہ،افسران فوٹوسیشن تک محدود، شہری پریشان

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی ،نامہ نگار شہزاد خان): وزیراعلیٰ کا صاف ستھرا پنجاب پروگرام انتظامیہ کی نااہلی کے باعث ناکام ہو چکا ہے۔ گلشن آباد کالونی میں سیوریج کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا ہے جس کی وجہ سے گندا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہونے لگا ہے۔

    خدا بخش چوک کے عقب میں واقع گلشن آباد کالونی کے مکینوں کے مطابق، سیوریج لائنیں بند ہونے کی وجہ سے گندا پانی گلیوں اور گھروں میں جمع ہو رہا ہے۔ اس سے بدبو اور مچھروں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے لوگ سانس لینے میں دشواری محسوس کر رہے ہیں۔

    علاقہ مکین بشیر احمد خان، رب نواز، رحیم بخش، غلام فرید، حاجی جندو خان، منظور حسین، راشد حسین، نادر حسین اور قاری احمد سعیدی نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان اور کمشنر ڈیرہ غازیخان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر گلشن آباد کالونی میں سیوریج کے مسئلے کا حل نکالیں اور پانی کی نکاسی کا بندوبست کریں۔

  • میہڑ : جائیداد کے تنازع پر خونریز جھگڑا، 7 افراد زخمی

    میہڑ : جائیداد کے تنازع پر خونریز جھگڑا، 7 افراد زخمی

    میہڑ (باغی ٹی وی نامہ نگارمنظورعلی جوئیہ)جائیداد کے تنازع پر خونریز جھگڑا، 7 افراد زخمی

    تفصیل کے مطابق میہڑکے نواحی گاؤں یوسف تیونو میں جائیداد کے تنازع پر تیونہ برادری کے دو گروہوں میں شدید جھگڑا ہو گیا۔ اس دوران دونوں گروہوں کے درمیان ڈنڈے اور کلہاڑیوں سے حملہ آور ہوئے جس کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں آندل تیونو، جاوید تیونو، کفایت تیونو، عبدالطیف تیونو، عبدالستار تیونو، محمد یعقوب تیونو اور غلام رضا تیونو شامل ہیں۔

    زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا۔ تاہم، تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اس واقعے کے بعد بی سیکشن تھانے میں دونوں گروہوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: بڑے پیمانے پر پرائس چیکنگ کا عمل جاری

    ڈیرہ غازی خان: بڑے پیمانے پر پرائس چیکنگ کا عمل جاری

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ)حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں پرائس چیکنگ کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیر نگرانی ضلع بھر میں 31 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گزشتہ روز 1394 دکانوں کی چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔

    اس دوران 38 گراں فروشوں کو 125,000 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 9 کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

    ضلع انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اگر کسی دکاندار کی جانب سے قیمت بڑھانے کی شکایت معلوم ہو تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔

  • جمرود:ضلعی ریٹرننگ آفیسر کا ضمنی الیکشن کے حوالے سے اجلاس

    جمرود:ضلعی ریٹرننگ آفیسر کا ضمنی الیکشن کے حوالے سے اجلاس

    جمرود(باغی ٹی وی رپورٹ)ضلعی ریٹرننگ آفیسر/ڈپٹی کمشنر خیبر، کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کی زیر صدارت تحصیل جمرود ضمنی الیکشن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

    اس اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کے مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، ریجنل و ضلعی الیکشن کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر جمرود، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، محکمہ تعلیم، محکمہ بلدیات اور سیکورٹی اداروں کے ضلعی افسران شامل تھے۔

    اجلاس میں ضمنی انتخابات 2024 کے حوالے سے انتظامات، پولنگ اسٹیشنز کی صورتحال، درپیش چیلنجز، عملے کی تربیت اور دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    اس اجلاس کا مقصد ضمنی انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ اور شفاف طریقے سے کروانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنا تھا۔ ضلعی انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ وہ انتخابات کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

  • ٹھٹھہ: رضوان سموں کے قتل پر احتجاج، پولیس نے مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا

    ٹھٹھہ: رضوان سموں کے قتل پر احتجاج، پولیس نے مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگاربلاول سموں) ضلع ٹھٹھہ کے مکلی کے قریب گذشتہ رات دیر سے موٹرسائیکل پر سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے برانچ موری کے گاؤں خمیسو خان سموں کا رہائشی رضوان سموں شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی نوجوان کو سول اسپتال مکلی منتقل کیا گیا، جہاں سے اسے تشویشناک حالت میں کراچی بھیجا گیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں انتقال کر گیا۔

    رضوان سموں کے قتل کے بعد اس کے ورثاء نے مکلی بائی پاس ٹھٹھہ/کراچی قومی شاہراہ پر دھرنا دے کر روڈ بند کر دیا اور قاتل ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

    پولیس کے اعلیٰ افسران، بشمول ڈی ایس پی ٹھٹھہ، ایس ایچ او ٹھٹھہ اطہر چنا، اور ایس ایچ او مکلی منیر ہکڑو، مقتول کے ورثاء کے پاس پہنچے اور انصاف کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد احتجاج ختم کروا کر روڈ کھول دیا گیا۔ مقتول کی لاش سول اسپتال مکلی سے پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ لاش ٹھٹھہ کے قریب سموں گاؤں میں پہنچنے پر گھر میں کہرام مچ گیا۔

    ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ڈاکٹرز نے مقتول کے سینے میں دل کی جانب دو گولیاں لگنے کی وجہ سے موت کی تصدیق کی ہے۔ ایم ایل او ڈاکٹر مزمل میمن کے مطابق، گولیاں قریب سے لگنے کی وجہ سے مقتول کا دل اور پھیپھڑے بھی متاثر ہوئے، اور زیادہ خون بہنے کے باعث نوجوان کی موت واقع ہوئی۔

    ٹھٹھہ میں صورتحال کشیدہ ہے، اور پولیس نے چھاپے مار کر کچھ مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ رضوان سموں اپنے دوست عبداللہ میمن کے ساتھ مویشی فروخت کر کے سوزوکی میں ٹھٹھہ واپس آ رہا تھا، جب دو موٹرسائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے رات دیر سے مکلی تھانے کے قریب بخاری چڑھائی پر ان کی سوزوکی کو روک کر سیدھی فائرنگ کی، جس سے رضوان سموں جاں بحق ہوگیا۔

    ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر عمران خان نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ رضوان سموں کے قتل کے واقعے کے بعد ٹھٹھہ میں سموں برادری کے نوجوانوں میں غم و غصہ برقرار ہے۔ رضوان سموں کی نماز جنازہ ٹھٹھہ کے قریب گاؤں خمیسو سموں میں ادا کی گئی، اور انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی سمیت سموں برادری کے سیکڑوں افراد اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

    مقتول کے کزن نواز سموں نے کہا کہ رضوان سموں کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا ہے۔ پولیس ہماری نشاندہی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان تک پہنچ چکی ہے، لیکن فی الحال نام ظاہر نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔