Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: سوشل سکیورٹی ہسپتال کو 100 بیڈ کا جدید ہسپتال بنایا جائے گا،محمدعلی

    سیالکوٹ: سوشل سکیورٹی ہسپتال کو 100 بیڈ کا جدید ہسپتال بنایا جائے گا،محمدعلی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض): کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی نے سیالکوٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور سوشل سکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ کو 50 سے بڑھا کر 100 بیڈ کا جدید ہسپتال بنانے کا اعلان کیا ہے۔

    اپنے دورے کے دوران، کمشنر نے نئے آئی سی یو وارڈ اور اپ گریڈڈ نرسری وارڈ کا افتتاح کیا۔ نرسری وارڈ میں 6 نئے انکیوبیٹرز بھی نصب کیے گئے ہیں۔ انہوں نے ہسپتال کی مختلف سہولیات کا معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی کے معیار کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹروں اور سٹاف کی حاضری اور ریکارڈ کو بھی چیک کیا گیا۔

    کمشنر نے مقامی فیکٹریوں کا دورہ بھی کیا اور مزدور رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ مزدوروں نے ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ کمشنر نے فوری طور پر ایک مقامی فیکٹری میں قائم سوشل سکیورٹی ڈسپنسری میں لیڈی ڈاکٹر کی تعیناتی کے احکامات جاری کیے۔

    کمشنر نے سیالکوٹ ڈائریکٹوریٹ کو کنٹری بیوشن ٹارگٹس کی سو فیصد ریکوری یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ نادہندہ یونٹس سے ریکوری اور ماہانہ کنٹری بیوشن ٹارگٹس کو سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

  • گوجرانوالہ : 8 سالہ بچے کا قتل، سنگدل باپ گرفتار

    گوجرانوالہ : 8 سالہ بچے کا قتل، سنگدل باپ گرفتار

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی): تھانہ کینٹ کے علاقے میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں ایک سنگدل باپ نے اپنے 8 سالہ بیٹے کو تشدد کر کے قتل کردیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم حامد نے گھریلو جھگڑے کے دوران اپنے بیٹے کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے قتل کر دیا اور اس کی لاش کو رات کے اندھیرے میں دفنا دیا۔

    پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور اس سے مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ مقتول بچے کی لاش کو قبر سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

    اس واقعے نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی ہے اور لوگ اس سنگدل باپ کی حرکت پر شدید غم و غصہ کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • تنگوانی : بدامنی کے خلاف شدید احتجاج، شہر بند

    تنگوانی : بدامنی کے خلاف شدید احتجاج، شہر بند

    تنگوانی (باغی ٹی وی نامہ نگارمنصوربلوچ) تنگوانی میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور اغوا برائے تاوان کے واقعات کے خلاف شہر میں مکمل طور پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں نے مشترکہ طور پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دے کر روڈ کو بلاک کر دیا۔

    احتجاجی مظاہرین نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں بدامنی کا راج ہے اور پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر کارروائی کرکے علاقے میں امن و امان کی بحالی کرے۔

    مظاہرے میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے ضلعی صدر اکرم باجکانی، جدون سبزوئی، مہتاب ملک، ایس یو پی جے کے رہنماؤں تعقلہ صدر عبدرزاق نندوانی، رحمدل لاشاری، جسقم کے صدر دیشی اعجاز ملک، وقار ملک، دیشی صادق نندوانی، راہ حق کے رہنماشہمور بکرانی، دکاندار ایسوسی ایشن کے صدر لال باجکانی اورشہر کے دیگر سیاسی،سماجی اور مذہبی حلقوں نے شرکت کی۔

  • سیالکوٹ:  حضرت قائداعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ کے یوم وفات پر دعائیہ تقاریب

    سیالکوٹ: حضرت قائداعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ کے یوم وفات پر دعائیہ تقاریب

    سیالکوٹ (رپورٹ باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض سے) آج 11 ستمبر کو بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ کا یوم وفات منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مختلف دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا جہاں قائداعظم کے درجات کی بلندی، ان کی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلی مقام کے لیے دعا کی گئی۔

    مقامی شہریوں اور مختلف تنظیموں نے قائداعظم کے عظیم کارناموں اور ان کی پاکستان کے لیے دی گئی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ دعا کے دوران اللہ رب العزت سے پاکستان کی تاقیامت قائم دائم رہنے کی دعا کی گئی اور اس بات کا عہد کیا گیا کہ موجودہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ کے اصولوں اور نظریات پر قائم رکھا جائے گا۔

    شرکاء نے کہا کہ ہمیں نئے یا پرانے پاکستان کی نہیں، بلکہ الحمدللہ موجودہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خواہش ہے، جو کہ بانی پاکستان کی قربانیوں اور وژن کا عکاس ہے۔

    اجلاس میں ملک کی سلامتی، استحکام اور فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

  • سیالکوٹ: عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ اجلاس

    سیالکوٹ: عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ اجلاس

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا عمر فاروق کی زیر صدارت ضلع امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں عید میلادالنبی ﷺ کے جلوسوں اور محافل کی سیکیورٹی، انتظامی امور اور ٹریفک کی مینجمنٹ کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے یقین دلایا کہ عید میلادالنبی ﷺ کے جلوسوں اور محافل کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چاروں تحصیلوں میں مرکزی جلوسوں کے روٹس پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے، اور ٹریفک کی مینجمنٹ کے لیے اسپیشل ٹریفک پلان بھی تشکیل دیئے جائیں گے جن پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے ضلع سیالکوٹ میں قیام امن کے لیے ضلعی امن کمیٹی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ تمام ممبران کا احساس ذمہ داری اور باہمی احترام قابل تحسین ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عید میلادالنبی ﷺ کی تقریب کو تمام مکاتب فکر اپنے اپنے عقیدت کے مطابق مناتے ہیں، اور اس مبارک دن کو مناتے ہوئے باہمی احترام، برداشت، اخوت اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چاروں تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنر اور ایس ڈی پی او امن کمیٹی کے ممبران سے میٹنگ کریں گے اور ایک متفقہ لائحہ عمل مرتب کریں گے۔

    اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید اسد رضا کاظمی، کوآرڈینیٹر ضلع امن کمیٹی حافظ اصغر علی چیمہ، مفتی کفایت اللہ شاکر، ماسٹر فیض، اعجاز حسین نقوی، حافظ احمد مصدق قاسمی، مولانا ایوب ثاقب خان، اقبال حسن زیدی، ظفر عباس، احسان اللہ دیال، پیر غلام حسین سلطانی، سید نسیم ثقلین، سید علی نجم گیلانی، حافظ محمد آصف شیخ، صاحبزادہ محمد اعظم صابر، حافظ عبدالغفار، سید نسیم عباس نقوی، پیرمحل ظہور واصف، حافظ نیاز احمد الازہری، صاحبزادہ طیںب عقیل، ملک ذاکراعوان، اشفاق نذر گھمن، ڈی ایس پی ٹریفک بابر حسین، سول ڈیفنس آفیسر عبداللہ شاکر، ایم او ریگولیشن سید اسد حسین اور ایکسین ضلع کونسل محمد ریاض نے بھی شرکت کی۔

    اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

  • گوجرہ :10 سالہ طالب علم رکشے سے گرکرجاں بحق

    گوجرہ :10 سالہ طالب علم رکشے سے گرکرجاں بحق

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالرحمن) گوجرہ کے نواحی علاقے میں ایک دل دہلا دینے والے حادثے میں چوتھی کلاس کا طالب علم اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    تفصیلات کے مطابق، تھانہ صدر گوجرہ کے علاقے چکنمبر 434 ج ب کا رہائشی حمزہ ولد وقاص، جو کہ صرف دس سال کا تھا اور ایک پرائیویٹ سکول میں چوتھی کلاس کا طالب علم تھا، سکول سے گھر واپس جاتے ہوئے رکشے سے گر گیا۔ اس حادثے میں وہ شدید زخمی ہو گیا اور طبی امداد کے دوران دم توڑ گیا۔

    مقامی لوگوں نے زخمی طالب علم کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا لیکن افسوسناک طور پر وہ اپنی جان نہیں بچا سکے۔ پولیس کو اطلاع ملنے پر وہ موقع پر پہنچ گئی اور مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: ایم پی اے حنیف پتافی کے ٹاؤٹس کی دہشت گردی، قانون کا راج ختم

    ڈیرہ غازی خان: ایم پی اے حنیف پتافی کے ٹاؤٹس کی دہشت گردی، قانون کا راج ختم

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) ایم پی اے کے ٹاؤٹس قانون سے بالاتر، قانون کا راج ختم، ایم پی اے کے ٹاؤٹس کی دہشت گردی،حنیف پتافی کے پی اے کی نگرانی میں پانی کی پائپ لائن میں غیر قانونی تبدیلی،پانی کی لائن کاٹنے سے روکنے پر شہریوں کوسنگین نتائج کی دھمکیاں

    تفصیلات کے مطابق شہر میں قانون کی پامالی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں مقامی ایم پی اے حنیف پتافی کے ٹاؤٹس نے شہر میں دہشت گردی کی صورت حال پیدا کر رکھی ہے۔ ایم پی اے حنیف پتافی کے پی اے کے سامنے ضلعی انتظامیہ، سی ای او کارپوریشن، اور کمشنر ڈیرہ غازی خان بے بس دکھائی دیتے ہیں، اور ان کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔

    گزشتہ چند دنوں میں جاوید ساقی، ناصر شاہ اور دیگر افراد نے غیر قانونی طور پر مین لائن واٹرسپلائی کو کاٹ کر اسے دوسری لائن میں منتقل کر دیا۔ اس غیر قانونی عمل کے خلاف شہری شکیل احمد نے سی ای او کارپوریشن کو درخواست دی اور واٹرسپلائی انچارج کو فون کرکے صورتحال سے آگاہ کیا۔ انچارج نے غیر قانونی کنکشن کاٹ دیا، لیکن کنکشن لگانے والوں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔

    کچھ دن کے بعد جاوید ساقی نے کمشنر ڈیرہ غازی خان کے پاس شہری شکیل احمد کے خلاف درخواست دی اور سپلائی لائن کو دوبارہ بحال کرنے کی درخواست کی۔ شہری شکیل احمد نے کمشنر ڈیرہ غازی خان سے ملاقات کی اور آسان رسائی میں درخواست بھی دی،کمشنر کی طرف سے کارروائی کی یقین دہانی کے بعدشہری شکیل احمد کا واپس آ گیا، مگر اس پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔

    رکن آباد کالونی میں سیوریج اور واٹرسپلائی کے مسائل کئی ماہ سے جاری ہیں، جس کی وجہ سے علاقے میں سیوریج کی حالت خراب رہتی ہے اور کوئی مستقل انتظام نہیں کیا جا سکا۔ جن علاقوں میں سیوریج اور واٹرسپلائی ٹھیک کام کر رہی ہے، وہاں ایم پی اے حنیف پتافی کے پی اے آئے روز خود ہی گڑھے کھود کر اور لائنیں کاٹ کر غیر قانونی کنکشن لگوارہے ہیں، جس کی وجہ سے اہل محلہ میں لڑائی جھگڑا جاری رہتا ہے۔

    آج، 11 ستمبر 2024 کو، 30 سے 35 افراد جن میں جاوید ساقی، ناصر شاہ اور ایم پی اے حنیف پتافی کا پی اے باقر راجپوت شامل ہیں، نے ایک بار پھر مین واٹرسپلائی لائن کو کاٹ کر دوسری لائن میں منتقل کر دیا۔ اہل محلہ نے احتجاج کیا، جس کے دوران درخواست گزار شہری شکیل احمد کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں اور زبردستی کنکشن لگایا گیا۔ اہل محلہ نے اعلیٰ حکام سے فوری طور پر نوٹس لینے اور اس غیر قانونی عمل کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • اوباڑو:پولیس کی ظالمانہ کارروائی، شادی شدہ جوڑے کو اغوا کرنے کی کوشش،مزاحمت پرتشدد

    اوباڑو:پولیس کی ظالمانہ کارروائی، شادی شدہ جوڑے کو اغوا کرنے کی کوشش،مزاحمت پرتشدد

    میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری)اوباڑو میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں، اوباڑو پولیس نے گاؤں سونو سیال میں نئےشادی شدہ جوڑے ثناء سیال اور ظفر سیال کو اغوا کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ پولیس اہلکاروں نے تین گاڑیوں پر سوار ہو کر جوڑے کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔

    گاؤں والوں نے جب پولیس کی اس حرکت پر مزاحمت کی تو پولیس نے ان پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔ شادی شدہ خاتون ثناء سیال کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے والدین کی مرضی سے ظفر سیال کے ساتھ شادی کی ہے اور بااثر پولیس افسر امداد مہر کی مدد سے انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی ہے۔

    ویڈیو دیکھنے کیلئے دی گئی لنک پر کلک کریں

    https://x.com/BaaghiTV/status/1833574414245589294

    اس واقعے کے بعد سیال برادری نے ایس ایس پی گھوٹکی کے دفتر کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے پولیس کی زیادتیوں کے خلاف آواز اٹھائی۔

    ایس ایس پی گھوٹکی نے احتجاج کرنے والوں سے بات چیت کر کے انصاف کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد احتجاج ختم ہوا۔ تاہم، اس واقعے نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

  • وہاڑی:ڈپٹی کمشنر  کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ

    وہاڑی:ڈپٹی کمشنر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ

    وہاڑی (باغی ٹی وی رپورٹ): ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف وارڈز اور شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور ایم ایس سے بریفنگ لی۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف سے معلومات لینے کے ساتھ ساتھ مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی طبی سہولیات اور دیگر امور کے بارے میں بات چیت کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کو معیاری علاج معالجہ کے حوالے سے ماڈل بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہسپتال میں ڈیوٹی روسٹر کے مطابق حاضری، صفائی اور قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ نامناسب رویہ کی شکایات پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ ہسپتالوں اور دیگر اداروں کے اچانک معائنوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں میں عوام کو بہتر سہولات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔

  • ڈیرہ غازیخان:بلین ٹری منصوبہ میں کرپشن ،اب 15 فیصد کا ہدف،  کرپشن  کے سونامی کا شکار نہیں ہوگا؟

    ڈیرہ غازیخان:بلین ٹری منصوبہ میں کرپشن ،اب 15 فیصد کا ہدف، کرپشن کے سونامی کا شکار نہیں ہوگا؟

    ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی رپورٹ)بلین ٹری منصوبے کی ناکامی کے بعد، 15 فیصد کا ہدف، کیا یہ بھی کرپشن کے سونامی کا شکار ہوگا؟

    تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت نے 2035 تک جنگلات کی تعداد میں 15 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل پی ٹی آئی کے دورحکومت میں بلین ٹری پلانٹیشن کی مہم زوروشور سے چلائی گئی ، بلین ٹری پلانٹیشن منصوبہ میں ہونے والی کرپشن کی داستانیں مسلسل منظرعام پر آرہی ہیں

    ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں بلین ٹری پلانٹیشن کے نام پر بڑے پیمانے پر کرپشن ہوئی ہے۔ محکمہ جنگلات کے ذمہ داروں نے اس منصوبے میں کروڑوں روپے کاغبن کیا ہے، جس کے نتیجے میں لگائے گئے درخت خشک ہو چکے ہیں اور جنگلات کی حالت زار انتہائی خراب ہے۔

    2000 سے 2001 کے دوران محکمہ جنگلات نے بڑے پیمانے پر درخت لگانے کا دعوی کیا تھا، لیکن ناقص دیکھ بھال اور انتظام کی کمی نے ان جنگلات کو اجاڑ دیا ہے

    اس دوران جنگلات کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی گئی، نرسریاں تباہ ہو گئیں، اور درخت کاٹے جانے لگے۔ کھالہ جات سسٹم بھی ختم ہو گیا، اور تالاب مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے۔

    مقامی لوگوں نے اس اسکینڈل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان سے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرپٹ افسران نے بلین ٹری پلانٹیشن کے نام پر کروڑوں روپے ضائع کیے، جبکہ جنگلات کی حالت دگرگوں ہو گئی۔

    عوام نے جنگلات کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔محکمہ جنگلات کے حکام نے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ جواب نہیں دیا، جس سے عوام کی تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔

    اس سیکنڈل کے بارے میں اگر محکمہ جنگلات کے ارباب اختیار اپنا کوئی مؤقف یا وضاحت دینا چاہیں تو باغی ٹی وی ان کا مؤقف شائع کرے گا۔