Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف: انسپکٹر فیصل امین ایس ایچ او تعینات، امن و امان کیلئے ایکشن شروع

    اوچ شریف: انسپکٹر فیصل امین ایس ایچ او تعینات، امن و امان کیلئے ایکشن شروع

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور کی جانب سے جاری ہونے والے تبادلہ و تعیناتی کے نوٹیفکیشن کے مطابق انسپکٹر فیصل امین کو تھانہ سول لائن سے تبدیل کر کے ایس ایچ او تھانہ اوچ شریف تعینات کر دیا گیا ہے۔ فیصل امین ایک محنتی، فرض شناس اور پیشہ ور پولیس افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں جنہوں نے اپنی سابقہ تعیناتیوں کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    ان کی تعیناتی پر اوچ شریف کے عوامی و سماجی حلقوں، تاجر برادری اور معززینِ علاقہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصل امین کی آمد سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کی تعیناتی سے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔

    تعیناتی کے فوری بعد ایس ایچ او فیصل امین نے شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور ایکشن کا آغاز کر دیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد حسن اقبال کی خصوصی ہدایت پر انہوں نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ الشمس چوک اور شہر کے مختلف مقامات پر مؤثر لاء اینڈ آرڈر ڈیوٹی انجام دی۔

    ایس ایچ او فیصل امین نے اس موقع پر کہا کہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے، کسی بھی شرپسند یا قانون شکن عنصر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی شہر میں دیرپا امن ممکن ہے۔ پولیس کی جانب سے داخلی و خارجی راستوں پر ناکے قائم کر دیے گئے ہیں، مشکوک گاڑیوں اور افراد کی چیکنگ سخت کر دی گئی ہے جبکہ اہم بازاروں، تجارتی مراکز اور عبادت گاہوں کے اطراف میں گشت مزید بڑھا دیا گیا ہے۔

    شہریوں نے ایس ایچ او فیصل امین اور ان کی ٹیم کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں اوچ شریف میں جرائم کی شرح میں واضح کمی اور امن و سکون میں خاطرخواہ بہتری آئے گی۔ فیصل امین نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اوچ شریف میں قانون کی عملداری اور شہریوں کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، کسی کو بھی امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • اوچ شریف: آوارہ کتوں کی بھرمار، شہری خوف و ہراس میں مبتلا، انتظامیہ کی خاموشی پر عوام برہم

    اوچ شریف: آوارہ کتوں کی بھرمار، شہری خوف و ہراس میں مبتلا، انتظامیہ کی خاموشی پر عوام برہم

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ شہر کے گلی کوچوں، بازاروں، تعلیمی اداروں کے اطراف حتیٰ کہ میونسپل کمیٹی کے قریب بھی آوارہ کتے ٹولیوں کی صورت میں دندناتے پھر رہے ہیں، جس سے شہری شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ خواتین، بچے اور بزرگ شام ڈھلنے کے بعد گھروں سے نکلنے سے گریز کرنے لگے ہیں جبکہ کئی موٹر سائیکل سوار شہری آوارہ کتوں کے حملوں یا اچانک دوڑنے سے حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔

    شہریوں نے بتایا کہ تحصیل انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کو بارہا شکایات درج کروائی گئیں لیکن کوئی مؤثر کارروائی تاحال عمل میں نہیں لائی گئی۔ عوامی حلقوں نے انتظامیہ کی خاموشی کو مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے مہم نہ چلانا شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

    والدین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کے باہر آوارہ کتوں کی موجودگی بچوں کے لیے مستقل خطرہ بن چکی ہے اور کسی بھی وقت کوئی افسوسناک واقعہ پیش آ سکتا ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اور میونسپل حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر آوارہ کتوں کے خاتمے کی مہم شروع کی جائے تاکہ عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جا سکے۔

  • کراچی میں پولیس تشدد سے اوچ شریف کا 16سالہ عرفان بلوچ جاں بحق

    کراچی میں پولیس تشدد سے اوچ شریف کا 16سالہ عرفان بلوچ جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی گاؤں بیٹ احمد کے رہائشی 16 سالہ محمد عرفان بلوچ کی کراچی میں مبینہ پولیس تشدد سے ہلاکت نے پورے علاقے کو غم و غصے میں مبتلا کر دیا۔ ذرائع کے مطابق کمسن عرفان سیر و تفریح کے لیے کراچی گیا تھا، جہاں سی آئی اے پولیس نے اسے عائشہ منزل کے قریب مشتبہ قرار دے کر حراست میں لے لیا۔ دورانِ حراست اہلکاروں نے عرفان بلوچ پر شدید تشدد کیا جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    افسوسناک واقعے کے بعد پولیس نے خود ورثا کو فون کر کے لاش حوالے کی، جس پر اہل خانہ اور مقامی افراد نے شدید احتجاج کیا۔ سوشل میڈیا پر معاملہ وائرل ہونے کے بعد پولیس حکام حرکت میں آ گئے اور تین ایس آئیز سمیت سات اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔

    پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا نے ایدھی سینٹر کے باہر احتجاج شروع کر دیا اور مطالبہ کیا کہ جب تک ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج نہیں ہوتا اور گرفتاریاں عمل میں نہیں آتیں، وہ عرفان بلوچ کی میت وصول نہیں کریں گے۔

    علاقہ مکینوں اور کراچی کے شہریوں نے کمسن عرفان کی ہلاکت کو پولیس گردی کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی پولیس اور انسانی حقوق کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اندوہناک واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور ملوث اہلکاروں کو نشانِ عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کوئی شہری پولیس کے ہاتھوں یوں نہ مارا جائے۔

  • ٹھٹھہ: صوبائی وزیر علی حسن زرداری کا پی ایس 76 کا دورہ، 30 کروڑ روپے کی سڑک منصوبے کا افتتاح

    ٹھٹھہ: صوبائی وزیر علی حسن زرداری کا پی ایس 76 کا دورہ، 30 کروڑ روپے کی سڑک منصوبے کا افتتاح

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) صوبائی وزیر برائے ورکس سروسز و جیل خانہ جات حاجی علی حسن زرداری نے اپنے حلقے پی ایس 76 میرپور ساکرو اور کیٹی بندر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نئی تعمیر شدہ سڑکوں کے منصوبوں کا افتتاح کیا اور بعد ازاں بگھان کے گاؤں کرمی سموں میں ظہرانے کی تقریب میں شرکت کی۔

    صوبائی وزیر نے لیٹ اسٹاپ ساکرو سے غلام اللہ تک مختلف دیہات کو ملانے والی 17 کلومیٹر طویل سڑک کے منصوبے کا افتتاح کیا، جو 30 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی علی حسن زرداری نے کہا کہ سڑکیں، پانی، تعلیم اور صحت عوام کی بنیادی سہولیات ہیں، جنہیں فراہم کرنا میرا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ٹھٹھہ کے عوام کے لیے کئی ترقیاتی منصوبے دیے ہیں، جن پر وہ قیادت کے شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عوام کے دکھ سکھ میں ہمیشہ شریک رہیں گے اور ٹھٹھہ نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ پیپلز پارٹی کا مضبوط قلعہ ہے۔

    صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ عوام کے کام ان کا حق ہیں، کوئی احسان نہیں۔ سوشل میڈیا پر تنقید کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جائز تنقید ہونی چاہیے مگر بغض پر مبنی تنقید قبول نہیں۔ اگر ان سے کسی کے ساتھ زیادتی ہوئی تو وہ خود کو ذمہ دار سمجھتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی ٹکٹ ایک امانت ہے، میراث نہیں۔ اگر قیادت نے دوبارہ ذمہ داری دی تو اسے احسن طریقے سے نبھائیں گے۔ ٹھٹھہ کو وہ اپنا گھر سمجھتے ہیں اور یہاں کے عوام کی خدمت گھر کے فرد کی طرح کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں، وہ ٹھٹھہ کو فتح کرنے نہیں بلکہ خدمت کرنے آئے ہیں۔

    بعد ازاں صوبائی وزیر نے بگھان کے گاؤں کرمی سموں میں ظہرانے کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں ضلع ٹھٹھہ کے چیئرمین عبدالحمید پنہور، وائس چیئرمین ممتاز جلبانی، وڈیرے احمد سموں، ترجمان محسن ہاؤس شاہنواز لوہار، یو سی چیئرمین غلام نبی شیخ، پیر سکندر شاہ، ملک سلیم شورو، عوامی پریس کلب ٹھٹھہ کے صدر بلال سموں، جنرل سیکریٹری محمد عمر سرائی، سینئر صحافی اے بی شورو سمیت پیپلز پارٹی کے رہنماؤں، کارکنوں اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔

  • گوجرانوالہ: تیز رفتار ٹرک کی کیری ڈبہ کو ٹکر، 5 افراد جاں بحق، 4 زخمی

    گوجرانوالہ: تیز رفتار ٹرک کی کیری ڈبہ کو ٹکر، 5 افراد جاں بحق، 4 زخمی

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) حافظ آباد روڈ پر نوکھر کے قریب قلعہ دیوان سنگھ کے مقام پر ایک المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹرک نے کیری ڈبہ کو زور دار ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 55 سالہ نسرین، 45 سالہ رخسانہ، 13 سالہ بچہ اذان، 60 سالہ امجد پرویز اور 25 سالہ جبران شامل ہیں۔ زخمیوں میں انجم، آمنہ، مجیداں بی بی اور شبنم شامل ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں و زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

  • ڈہرکی: قدیمی قبرستان میں گندا پانی داخل، قبروں کی بے حرمتی پر شہری برہم

    ڈہرکی: قدیمی قبرستان میں گندا پانی داخل، قبروں کی بے حرمتی پر شہری برہم

    گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈہرکی شہر کے قدیمی قبرستان میں گٹروں کا گندا پانی داخل ہونے سے قبروں کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ناقابلِ برداشت بدبو اور تعفن نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ محمد پناہ محلے سمیت مختلف آبادیوں سے بہنے والا سیوریج کا پانی قبرستان میں جمع ہو چکا ہے، جس سے قبرستان کا تقدس بری طرح پامال ہو رہا ہے۔

    علاقہ مکینوں نے بتایا کہ کئی روز سے قبرستان کے اطراف میں سیوریج لائن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، لیکن ٹاؤن کمیٹی کے متعلقہ عملے نے بارہا شکایات کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قبروں کے اردگرد کیچڑ اور گندا پانی جمع ہونے سے نہ صرف آنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ بعض قبریں مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئی ہیں، جس سے مردوں کے احترام کو سخت ٹھیس پہنچی ہے۔

    شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدیمی قبرستان ہے جہاں بزرگ، علما اور مختلف خاندانوں کے پیارے مدفون ہیں، مگر انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث اس مقدس مقام کی حالت زار دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ متعدد بار شکایات کے باوجود کسی افسر نے موقع پر آ کر حالات کا جائزہ تک نہیں لیا۔

    علاقہ مکینوں نے حکومتِ سندھ اور ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قبرستان میں جمع گندے پانی کی نکاسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، سیوریج لائن کی مرمت کی جائے اور ذمہ دار عملے کے خلاف کارروائی کی جائے۔ شہریوں نے انتباہ دیا ہے کہ اگر انتظامیہ نے فوری عملی قدم نہ اٹھایا تو احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیے جائیں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔

  • ننکانہ صاحب: تھانہ سید والا پولیس کی بڑی کارروائی، ڈکیت و مویشی چور گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار

    ننکانہ صاحب: تھانہ سید والا پولیس کی بڑی کارروائی، ڈکیت و مویشی چور گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز) تھانہ سید والا پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت و مویشی چور گینگ کے سرغنہ صغیر احمد اور اس کے ساتھی ساجد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 41 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے چوری شدہ مویشی، موٹر سائیکل اور نقدی برآمد کر لی۔

    ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے رابری اور چوری کی 8 وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈی پی او فراز احمد نے کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ شہریوں کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کے لیے پولیس دن رات سرگرمِ عمل ہے۔

  • اوکاڑہ: ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس، افغانیوں کے انخلاء اور شدت پسندی کے خاتمے پر اتفاق

    اوکاڑہ: ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس، افغانیوں کے انخلاء اور شدت پسندی کے خاتمے پر اتفاق

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیرِ صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایم پی اے چوہدری جاوید علاؤالدین، ضلعی انتظامیہ و پولیس افسران اور کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں قیامِ امن، باہمی اتحاد اور اتحادِ بین المسلمین کے فروغ پر زور دیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام امن، رواداری اور احترامِ انسانیت کا درس دیتا ہے، کسی کو بھی ریاست مخالف سرگرمیوں یا اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی و مذہبی جماعت نے امن تباہ کرنے کی کوشش کی اور حکومتی مذاکرات کی پیش کش کے باوجود تشدد کا راستہ اپنایا، جس کی ہر سطح پر مذمت کی جاتی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ معاشرے سے شدت پسندی کے خاتمے کے لیے تمام مکاتبِ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں مقیم افغانیوں کے بارے میں حکومت کی پالیسی دوٹوک ہے، کیونکہ بعض افغانی باشندے بدامنی اور دہشت گردی کے واقعات میں ملوث پائے گئے ہیں، اس لیے ان کے انخلاء کے لیے عوامی تعاون ضروری ہے۔

    ایم پی اے چوہدری جاوید علاؤالدین نے کہا کہ کوئی بھی جماعت مذہب کے نام پر سیاست نہ کرے، حالیہ پرتشدد واقعات نے متعلقہ جماعت کے سیاسی عزائم کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن عامہ کے قیام کے لیے ہر شہری کو ذمہ داری نبھانی ہوگی۔

    علمائے کرام نے اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ وہ ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی شدت پسند تنظیم کے ساتھ نہ کبھی تھے، نہ ہوں گے۔ انہوں نے انتہا پسندی کے خاتمے اور افغانیوں کے انخلاء کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

  • سیالکوٹ: خواتین کیلئے پِنک موبائل پولیس اسٹیشن کا آغاز

    سیالکوٹ: خواتین کیلئے پِنک موبائل پولیس اسٹیشن کا آغاز

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر محمد جمال) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کے خواتین کے تحفظ و خودمختاری کے عزم کے تحت سیالکوٹ پولیس نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی نگرانی میں خواتین کے لیے ایک منفرد اور جدید سہولت پِنک موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنس یونٹ کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سہولت کا افتتاح گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی سیالکوٹ میں ہوا جہاں طالبات اور اساتذہ نے اس اقدام کو خواتین کی بااختیاری کی جانب ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔

    ڈی ایس پی مدثر صدیق نے تقریب میں شرکاء کو موبائل یونٹ کی افادیت، خدمات اور دائرہ کار سے آگاہ کیا۔ جدید پِنک موبائل پولیس اسٹیشن میں خواتین کو ایف آئی آر کے اندراج، ڈرائیونگ لائسنس (لرنر، تجدید، ڈپلیکیٹ، انٹرنیشنل)، کریکٹر سرٹیفیکیٹ، گاڑی کی تصدیق، گمشدگی رپورٹ اور پولیس خدمت مرکز کی 14 سے زائد دیگر خدمات موقع پر فراہم کی جائیں گی۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ سیالکوٹ پولیس خواتین کے تحفظ، خودمختاری اور باوقار سروس ڈیلیوری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ پِنک موبائل پولیس اسٹیشن کا آغاز خواتین کو محفوظ، بااعتماد اور باسہولت پولیس خدمات فراہم کرنے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق سیالکوٹ میں اس سروس کا کامیاب آغاز پنجاب پولیس کے اس عزم کی تجدید ہے کہ وہ ہر شہری تک جدید، شفاف اور عوام دوست پولیس خدمات پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔

  • بہاولنگر: فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، جعلی کیچپ اور مضرِ صحت گوشت پکڑا گیا

    بہاولنگر: فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، جعلی کیچپ اور مضرِ صحت گوشت پکڑا گیا

    بہاولنگر (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدعرفان) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد خان مگسی کی سربراہی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی کیچپ تیار کرنے والے یونٹ اور غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ مارا۔

    رحمان نگر میں کیچپ یونٹ سے 1700 کلو گرام ناقص کیچپ برآمد کر کے تلف کر دیا گیا جبکہ یونٹ کو اصلاح تک بند کر دیا گیا۔

    ماڑی شوق الہی میں واقع غیر قانونی سلاٹر ہاؤس سے 150 کلو مضر صحت گوشت پکڑا گیا، مالک کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2011 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی، خوراک کے ہر شعبے میں معیار کی جانچ یقینی بنائی جا رہی ہے۔