Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ڈیرہ غازی خان: سموگ اور آلودگی کے خلاف کریک ڈاؤن، ڈپٹی کمشنر کی سخت ہدایات

    ڈیرہ غازی خان: سموگ اور آلودگی کے خلاف کریک ڈاؤن، ڈپٹی کمشنر کی سخت ہدایات

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ستھرا پنجاب پروگرام اور انسدادِ سموگ مہم کے تحت جاری سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران، اینٹی سموگ اسکواڈز، ماحولیاتی تحفظ، ٹریفک پولیس، زراعت، لوکل گورنمنٹ اور انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام محکمے مؤثر اور مربوط انداز میں کام کریں۔ انہوں نے واضح ہدایت کی کہ سموگ کا باعث بننے والے صنعتی اداروں، اینٹوں کے بھٹوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر سخت کارروائیاں کی جائیں اور ان کی رپورٹ باقاعدگی سے جمع کرائی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ دو ماہ سموگ کے حوالے سے نہایت اہم ہیں، لہٰذا تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کریں تاکہ شہریوں کو آلودہ فضا کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف کارروائیاں کافی نہیں، بلکہ عوامی آگاہی مہم بھی یکساں اہمیت رکھتی ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ فصلوں کی باقیات نہ جلائیں، گاڑیوں کی بروقت ٹیو ننگ کروائیں، دھواں چھوڑنے والے ذرائع سے اجتناب کریں، ماسک پہنیں اور سانس و آنکھوں کے امراض سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    ڈپٹی کمشنر نے محکموں کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر اینٹوں کے بھٹوں، صنعتی یونٹس اور ٹریفک کے دھوئیں کی مانیٹرنگ کی جائے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس غیر قانونی طور پر چلنے والے بھٹوں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے، کوڑا کرکٹ بروقت اٹھایا جائے، نالیوں کی صفائی کی جائے اور غیر قانونی فضلہ جلانے کے خلاف اقدامات کو تیز کیا جائے تاکہ ماحول کو صحت مند اور صاف رکھا جا سکے۔

    محمد عثمان خالد نے تمام اداروں پر زور دیا کہ وہ سموگ سے بچاؤ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مربوط پلان تیار کریں اور عوام کو روزانہ کی بنیاد پر آگاہی فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ صاف ماحول ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اس کے لیے حکومتِ پنجاب تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، کیونکہ عوامی شمولیت کے بغیر یہ مہم کامیاب نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا، “ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ڈیرہ غازی خان کو ایک صاف، محفوظ اور صحت مند شہر بنایا جا سکے۔”

  • ننکانہ صاحب: وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترقیاتی ویژن کے تحت ضلع بھر میں انقلابی اقدامات

    ننکانہ صاحب: وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترقیاتی ویژن کے تحت ضلع بھر میں انقلابی اقدامات

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف پڈھیار نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن کے تحت ترقیاتی پروگراموں میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ضلع بھر میں نئے کالجز، ٹراما سنٹرز، جیمنیزیم، سڑکات، سیوریج سمیت بے شمار ترقیاتی سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

    یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی رانا محمد ارشد، سابق ممبر صوبائی اسمبلی طارق باجوہ، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف نے ضلع میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ مہر کاشف پڈھیار نے اس موقع پر ہدایت کی کہ تمام منصوبوں میں معیاری میٹریل استعمال کیا جائے اور معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام شہروں میں نیا سیوریج سسٹم بچھانے اور بازاروں میں ٹف ٹائلز لگانے کے کام کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ ممبر اسمبلی نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے کہا کہ خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے بابا گورونانک یونیورسٹی، ڈسٹرکٹ جیل، پولیس لائن، ٹراما سنٹرز اور اسٹیڈیم کے تعمیراتی کاموں کی جلد تکمیل کی بھی ہدایت کی۔ مزید کہا کہ سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی فوری پوری کی جائے اور سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

    ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر راؤ نے اجلاس میں کہا کہ ترقیاتی فنڈز کے اجراء اور دیگر رکاوٹوں سے متعلق معاملات براہِ راست ان کے پاس لائے جائیں تاکہ بروقت حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے ناقص یا ادھورا کام کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سیکیورٹی رقوم بحقِ سرکار ضبط کی جائیں گی۔

    ڈی پی او فراز احمد نے اجلاس میں بتایا کہ ضلع ننکانہ صاحب میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور پولیس عوام کو بہترین سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہے۔ ممبر اسمبلی مہر کاشف پڈھیار نے کہا کہ "اب پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا، ہم ننکانہ صاحب کو پنجاب کا ماڈل ضلع بنائیں گے۔”

  • میرپور ماتھیلو: الفلاح بینک منیجر پون کمار پر قاتلانہ حملہ

    میرپور ماتھیلو: الفلاح بینک منیجر پون کمار پر قاتلانہ حملہ

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)دیوالی کے موقع پر میرپور ماتھیلو شہر میں افسوسناک دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا، جہاں الفلاح بینک کے منیجر پون کمار پر چار افراد نے قاتلانہ حملہ کیا۔ ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے پون کمار کی گاڑی روک کر انہیں پستول کے بٹوں سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ حملہ آوروں میں سے ایک کی شناخت کلہوڑ برادری کے شخص کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ دیگر تین ملزمان تاحال نامعلوم ہیں جن کے ممکنہ تعلقات پر بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    اس افسوسناک واقعے کے بعد مقامی ہندو برادری میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ برادری کے نمائندوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلسل ظلم و زیادتیوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت اور انتظامیہ انہیں تحفظ فراہم نہیں کر سکتیں تو واضح طور پر بتایا جائے تاکہ وہ 1947 کی طرح ہجرت پر مجبور نہ ہوں۔ برادری نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حملہ آوروں کو فوری گرفتار کیا جائے اور اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

  • گوجرانوالہ:چوہدری محمد انور مہر کا پریس کلب عالم چوک آمد پر پرتپاک استقبال

    گوجرانوالہ:چوہدری محمد انور مہر کا پریس کلب عالم چوک آمد پر پرتپاک استقبال

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)مہر ویلفیئر سوسائٹی انجمن الراعی کے سرپرست اعلیٰ چوہدری محمد انور مہر کی پریس کلب عالم چوک رجسٹرڈ آمد پر دوستوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں پھولوں کی مالا پہنائی گئی اور گلدستہ پیش کیا گیا۔

    تقریب میں چوہدری محمد انور مہر نے صدر پریس کلب عالم چوک رجسٹرڈ، چوہدری عظمت اللہ مہر کو چیمبر آف کامرس کی میڈیا اسٹینڈنگ کمیٹی کا ممبر چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

    تقریب میں پریس کلب کی تمام ریجیم اور معزز شخصیات نے شرکت کی جن میں چیئرمین طارق عزیز چوہان، سرپرست اعلیٰ طارق اشرف خان، سینیئر صحافی حاجی ظہیر عباس، ڈاکٹر محمد اصف سیٹھی، سابق وائس چیئرمین رانا محمد اعظم خان، چیئرمین الیکٹریکل لدے والا وڑائچ، علی اشرف خان ایڈوکیٹ ہائی کورٹ، نائب صدر ہارون جٹ، جوائنٹ سیکرٹری ناصر علی شاہ، سیکرٹری فنانس رانا شفاق احمد، ایگزیکٹو ممبران محمد شاہد ملک، ملک مظہر اعوان، چوہدری معاز مہر، محمد افضل وڑائچ، اور امانت علی ڈوگر شامل تھے۔

    آخر میں چوہدری عظمت اللہ مہر نے تمام دوستوں کا شکریہ ادا کیا اور اس محبت و عزت افزائی کو سراہا۔

  • ٹھٹھہ: محکمہ جنگلات و پولیس کی ملی بھگت، بے گناہ اُونٹ چرانے والے دیہاتی گرفتار، رشوت کے تقاضے کا انکشاف

    ٹھٹھہ: محکمہ جنگلات و پولیس کی ملی بھگت، بے گناہ اُونٹ چرانے والے دیہاتی گرفتار، رشوت کے تقاضے کا انکشاف

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی، بلاول سموں) محکمہ جنگلات اور پولیس کی مبینہ ملی بھگت نے ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے کے باسیوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق رات گئے گوٹھ حاجی محمد صدیق جت فقیرانی میں پولیس کی پانچ گاڑیوں نے اچانک چھاپہ مار کارروائی کی، جس کی قیادت ساکرو، گاہو اور بگھاڻ تھانوں کے تین ایس ایچ اوز کر رہے تھے۔

    عینی شاہدین کے مطابق پولیس اہلکاروں نے چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے پانچ اونٹ چرانے والے دیہاتیوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ گاؤں کے معزز شہری محمد جان فقیرانی جت کو بھی زبردستی اغوا کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم گاؤں کے مکینوں کی مزاحمت پر پولیس کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔

    مقامی ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں نے گرفتار دیہاتیوں کی رہائی کے بدلے پانچ لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ کیا۔ دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ ان کا “جرم” صرف یہ ہے کہ ان کے اونٹ تمر (تمر کے درختوں) کے پتے کھاتے ہیں۔ ان کے مطابق صدیوں سے ڈیلٹا کے علاقے میں اونٹ لوگوں کے نقل و حمل کا بنیادی ذریعہ ہیں اور تمر ان کی قدرتی خوراک ہے۔

    باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ جنگلات نے تمر کے جنگلات اور نرسریاں لگانے کے منصوبوں کے لیے ورلڈ بینک سمیت مختلف بین الاقوامی اداروں سے کروڑوں روپے کی گرانٹس حاصل کیں، مگر ان منصوبوں پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ محکمہ جنگلات کے افسران نے فنڈز خرد برد کر لیے اور جب یہ بے ضابطگیاں سامنے آنے لگیں تو بدعنوانی چھپانے کے لیے پولیس کے ساتھ مل کر ایک جعلی کارروائی کا ڈرامہ رچایا گیا۔

    مزید یہ کہ محکمہ جنگلات کے اہلکار مقامی لوگوں پر الزام لگا رہے ہیں کہ ان کے اونٹ لگائے گئے تمر کے درخت کھا گئے ہیں، تاہم دیہاتیوں کا مؤقف ہے کہ یہ الزامات من گھڑت ہیں کیونکہ ایسے درخت عملاً لگائے ہی نہیں گئے۔

    گاؤں کے رہائشیوں نے انکشاف کیا کہ محکمے اور پولیس نے جھوٹے مقدمات درج کر کے انہیں ہراساں کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ اصل مالی بے ضابطگیوں سے توجہ ہٹائی جا سکے۔ مقامی آبادی نے وزیراعلیٰ سندھ، وزیر جنگلات، آئی جی سندھ اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ جنگلات اور پولیس کی ملی بھگت کا فوری نوٹس لے کر بے گناہ دیہاتیوں کو رہا کیا جائے اور کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف شفاف انکوائری کر کے سخت کارروائی کی جائے۔

  • بہاولنگر: وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے تحت ایئر ایمبولینس سروس کا کامیاب آغاز

    بہاولنگر: وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے تحت ایئر ایمبولینس سروس کا کامیاب آغاز

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) جنوبی پنجاب کے پسماندہ ضلع بہاولنگر میں ایئر ایمبولینس سروس کا کامیاب آغاز صرف ایک سہولت نہیں بلکہ انسانی خدمت کے نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے اس وژن کی عملی تعبیر ہے، جس کے تحت صوبے کے دور دراز علاقوں کو بھی صحت اور ایمرجنسی کی جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔

    ریسکیو 1122 بہاولنگر کی یہ پیش رفت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ جب سیاسی قیادت کا وژن دیانت دار انتظامیہ اور تربیت یافتہ عملے کی مخلصانہ کاوشوں سے ہم آہنگ ہوتا ہے تو عوامی فلاح و بہبود کے حقیقی نتائج سامنے آتے ہیں۔

    بہاولنگر کے عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈپٹی کمشنر بہاولنگر، اور ریسکیو 1122 کی انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح بناتے ہوئے یہ مثالی سہولت فراہم کی۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ثابت کرتا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے ادارے ہی ایک مہذب اور فلاحی قوم کی اصل

  • بہاولنگر: وزیراعلیٰ مریم نواز کا عوام کیلئے تحفہ، الیکٹریکل بس سروس کا آغاز

    بہاولنگر: وزیراعلیٰ مریم نواز کا عوام کیلئے تحفہ، الیکٹریکل بس سروس کا آغاز

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کے لیے ایک اور سہولت فراہم کرتے ہوئے بہاولنگر میں الیکٹریکل بس سروس کا آغاز کر دیا۔ یہ جدید، ماحول دوست اور آرام دہ بسیں شہریوں کو کم خرچ اور بہتر سفری سہولت فراہم کریں گی۔

    عوام نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکٹریکل بس سروس کے آغاز سے نہ صرف شہریوں کے سفر میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ضلع بہاولنگر کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا۔

  • سیالکوٹ: نمبر پلیٹس ٹیمپر کرنے والے 5 دکاندار گرفتار، مقدمات درج

    سیالکوٹ: نمبر پلیٹس ٹیمپر کرنے والے 5 دکاندار گرفتار، مقدمات درج

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی ہدایت پر سیالکوٹ پولیس نے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی نمبر پلیٹس میں ٹیمپرنگ اور شناخت چھپانے میں ملوث دکانداروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ دکاندار شہریوں کی گاڑیوں کی شناخت چھپانے اور سیف سٹی کیمروں کے چالان سے بچانے کے لیے نمبر پلیٹس پر بلیک پیپر، ٹیپ یا دیگر غیر قانونی مواد لگاتے تھے۔

    ایسی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث پائی گئیں بلکہ انہیں مختلف جرائم میں بھی استعمال کیا جا رہا تھا۔ ٹریفک پولیس نے بغیر نمبر پلیٹ یا غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف بھی خصوصی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ اس آپریشن کا مقصد جرائم کی روک تھام، ٹریفک قوانین کے مؤثر نفاذ اور حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کا بلا امتیاز نفاذ یقینی بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل استعمال میں لائے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر نمونہ کے مطابق نمبر پلیٹس لگائیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع پولیس کو دیں تاکہ معاشرے میں قانون کی بالادستی برقرار رکھی جا سکے۔

  • گوجرانوالہ: دھی رانی پروگرام کے تحت 165 جوڑوں کی اجتماعی شادی، ہر جوڑے کو 2 لاکھ روپے سلامی

    گوجرانوالہ: دھی رانی پروگرام کے تحت 165 جوڑوں کی اجتماعی شادی، ہر جوڑے کو 2 لاکھ روپے سلامی

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام کے تحت منعقدہ اجتماعی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیر سوشل ویلفیئر نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت رواں سال پنجاب بھر میں 5 ہزار سے زائد مستحق جوڑوں کی شادیاں کرائی جائیں گی۔ تیسرے مرحلے میں ضلع گوجرانوالہ کے 165 نوبیاہتا جوڑوں کی شادی کروائی گئی، جنہیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے دو لاکھ روپے سلامی اور عروسی جوڑے تحفے میں دیے گئے۔

    تقریب میں گوجرانوالہ سٹی کے 15، صدر کے 21، کامونکی کے 29، نوشہرہ ورکاں کے 46، وزیرآباد کے 54 اور 17 مسیحی جوڑے شامل تھے۔ اس موقع پر ممبران اسمبلی بلال فاروق تارڑ، وقار چیمہ، عدنان چٹھہ، قیصر اقبال سندھو، عمران خالد بٹ، عمر فاروق ڈار، محمد نواز چوہان، عمانوئل اطہر، مس سونیا عاشق، سیکرٹری سوشل ویلفیئر پنجاب جاوید اختر محمود، کمشنر سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا پنجاب دھی رانی پروگرام ایک تاریخ ساز فلاحی اقدام ہے جس نے معاشرتی ناہمواریوں کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے نوبیاہتا جوڑوں کو تحائف اور اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے سلامی کی رقم بھی فراہم کی گئی۔ والدین اور نئے جوڑوں نے تقریب کے شاندار انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کا شکریہ ادا کیا۔

  • بہاولنگر: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، 350 کلو مضر صحت گوشت تلف

    بہاولنگر: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، 350 کلو مضر صحت گوشت تلف

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بہاولنگر میں غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے 350 کلو بدبودار اور مضر صحت گوشت تلف کر دیا۔ کارروائی کے دوران فریزر سمیت بھاری مقدار میں سامان بھی ضبط کر لیا گیا۔

    یہ چھاپہ ہارون آباد روڈ پر واقع ایک نجی سلاٹر ہاؤس پر مارا گیا جہاں بیمار جانوروں کا گوشت فریزر میں ذخیرہ کیا گیا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ ناقص گوشت مختلف ہوٹلوں کو سپلائی کیا جانا تھا، جو شہریوں کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا تھا۔

    فوڈ اتھارٹی نے سلاٹر ہاؤس کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جا رہی ہیں اور ان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایسے غیر قانونی کاروبار کی فوری نشاندہی کریں اور 1223 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔

    پنجاب فوڈ اتھارٹی کی یہ کارروائی عوام کو مضر صحت گوشت سے بچانے کی ایک اہم کوشش ہے، جس سے شہریوں کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔